Tag: اے آر وائی

  • آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    آئندہ چند روز میں ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا، تاہم شمالی بلوچستان اور بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، چترال کے بالائی علاقے لواری ٹاپ میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

    سردی ان دنوں اپنے جوبن پر ہے، گلگت بلتستان اور چترال میں برفباری سے راستے بند ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق دو سے تین روز کے دوران بالائی پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں صبح کے وقت کہر پڑنے کا امکان ہے۔

    آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم بالائی پنجاب میں کہیں کہیں صبح کے وقت دھند رہی اور مالاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔

    کالام میں ایک انچ برفباری جبکہ مالم جبہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
       

  • فیشن شو میں سرینا ولیمز اور وکٹوریہ ازارینکا کی شاندار کیٹ واک

    فیشن شو میں سرینا ولیمز اور وکٹوریہ ازارینکا کی شاندار کیٹ واک

    ٹینس کے کھلاڑی فیشن کے میدان میں اتر آئے، ٹینس کی بہترین کھلاڑی سرینا ولیمز اور وکٹوریا نے ریمپ پر کیٹ واک کر کے شائقئین کے دل جیت لئے۔

    تھائی لینڈ میں رنگارنگ فیشن شو کا انعقاد ہوا، جسمیں ماڈلز کے ساتھ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اور عالمی نمبر دو وکٹوریا ازارینکا نے ریمپ پر جلوے بکھرے، ڈیزائنر کے تیار کردہ آنے والے سال کیلئے ملبوسات کی نمائش کی گئی۔

    سرینا ولیمز اور وکٹوریہ ازارنیکا سب کی توجہ کا مرکز بنی رہیں، جن کے زیب تن کئے ہوئے دیدہ زیب ملبوسات کو شائقین نے بے حد پسند کیا، نئے سال کے نئے کلیکشن کی نمائش اور عالمی ٹینس اسٹارز کی موجودگی نے تو فیشن شو میں چار چاند لگا دیئے۔

  • سخت سردی اور گیس پریشر میں کمی،عوام پریشان

    سخت سردی اور گیس پریشر میں کمی،عوام پریشان

    سخت سردی میں گیس پریشر میں کمی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، کراچی تا خیبر گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑگئے۔ 

    ایک جانب سردی نے اپنا رنگ دکھایا تو دوسری جانب گیس کے پریشر نے بھی عوام کو تنگ کرنا شروع کر دیا، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی نے گھروں کے چولھے ٹھنڈے کر دیئے ہیں۔

    اس صورتحال میں گھریلو خواتین کے لئے کھانا پکانا جان جوکھوں میں ڈالنے کا کام بن گیا، گھروں میں لکڑیوں کی مدد سے کھانا پکایا جارہا ہے لیکن ستم ظریفی یہ کہ اس صورتحال میں آگ جلانے کی لکڑیاں بھی مہنگی کر دی گئی ہیں۔

    پنجاب کے کئی شہروں میں گیس کی فراہمی میں زبردست کمی آگئی ہے، جس کے باعث گھریلو معمولات متاثر ہو رہے ہیں، سوئی سدرن گیس کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں کمی سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے ہے، بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ میں گیس کی لائینیں خالی ہوگئی ہیں، جہاں گیس کا دباؤ ہوتا تھا وہاں گیس کا کھنچاؤ چل رہا ہے۔

  • راولپنڈی:گھر میں آتشزدگی،3بچوں سمیت 5افراد جاں بحق

    راولپنڈی:گھر میں آتشزدگی،3بچوں سمیت 5افراد جاں بحق

    راولپنڈی کے علاقے نیو پھگواڑی گھر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دوشدید جھلس گئے۔

    راولپنڈی کے علاقے نیو پھگواڑی کامرس کالج کے قریب ایک گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد شدید جھلس گئے۔

    ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق آگ علی اصبح پانچ بجے کے قریب لگی اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔

    ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تیس سالہ راشد اور اس کی تین سالہ بیٹی زویہ جبکہ پانچ سالہ بچی زینب اور چھبیس سالہ عائشہ اور اسکا دو سالہ بیٹا عبداللہ شامل ہیں۔

    گھر کی خاتون سمیت دو افراد بھی جھلس گئے، جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، اہل محلہ کے مطابق شدید سردی کے باعث ہیٹر جلا گیا تھا، جس کے باعث آتشزدگی ہوئی۔

    پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ہیٹر بجلی کا تھا یا گیس کا یا آگ لگنے کی کوئی اور وجہ ہے، آتشزدگی میں جاں بحق افراد سمیت زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • گیس سے محروم عوام، بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھگتنے پر مجبور

    گیس سے محروم عوام، بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھگتنے پر مجبور

    گیس کی قلت کے ساتھ ملک بھر میں عوام بجلی کی لوڈ شیڈنگ کےعذاب سے بھی دوچار ہے۔

    پنجاب میں گیس کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، کئی شہروں اور دیہات میں سولہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، پشاورکے نواحی اور شہری علاقوں میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹوں تک جا پہنچا ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث کراچی میں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا۔

    جس کے باعث عوام دوھرے عذاب میں مبتلا ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
           

  • چمن:ایف سی کا چھاپہ،بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد

    چمن:ایف سی کا چھاپہ،بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد

    چمن میں ایف سی نے بم بنانے کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔

    چمن بڑی تباہی سے بچ گیا، ایف سی نے بم بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، اسپیشل آپریشن ونگ انچارج لیفٹننٹ جنرل چوہدری ظفر اقبال نے میڈیا بریفنگ میں بتایا بم ساز فیکٹری سے پانچ خود کش جیکٹ سترہ دیسی ساختہ بم اور سولہ سو پچاس بارودی سرنگیں بر آمد ہوئی ہیں۔

    چوہدری ظفر اقبال نے بتایا کہ فیکٹری سے سترہ ہزار پانچ سو بارودی اسٹکس کے سمیت بھاری مقدار میں بم بنانے کا سامان بھی برآمد کرلیا گیا، برآمد کیا گیا اسلحہ میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر لیفٹننٹ کرنل ناصر جنجوعہ نے بتایا کہ کامیاب آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنا دیئے گئے۔
           

  • بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

    بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے سے دو بچوں سمیت تئیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے, ٹرین بنگلور سے پتا پرجارہی تھی۔

    بھارتی حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کی صبح ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں پیش آیا، ٹرین میں بہترافراد سوار تھے، آگ انجن سے چار بوگی پیچھے موجود ایئركنڈيشڈ کوچ میں لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئی۔

    ڈبے کے کوچ اٹنڈينٹ نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے، زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جائے حادثہ پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

    ٹرین میں آگ لگنے کے بعد متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • پشاور:انتخابات کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا تجربابی ٹیسٹ کرلیا گیا

    پشاور:انتخابات کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا تجربابی ٹیسٹ کرلیا گیا

    پشاور میں انتخابات کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کا تجرباتی ٹیسٹ کرلیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سسٹم دس سے تیرہ سیکنڈ میں ووٹ کی تصدیق کرے گا۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سے چھٹکارا پانے کے لئےعملی اقدامات مکمل کرلئے، پشاور بائیو میٹک سسٹم کے تحت تجرباتی طور پر پولنگ آج ہوئی۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن میں چارہزار دوسو پچیس ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کرینگے، ڈپٹی کمشنرالیکشن کمیشن ظہیراسلام نے بتایا کے سسٹم کے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہے، مشینوں کے لئے دوارب کی رقم صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔

    ظہیراسلام نے بتایا کہ صوبے میں حلقہ بندیوں کو کام آخری مراحل میں ہے، جس کے بعد بلدیاتی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق بائیو میٹک سسٹم کو ایک ووٹ کے تصدیق کے لئے دس سے تیرہ سیکنڈ درکارہوں گے۔

    انتخابات کے دوران ہرپولنگ بوتھ میں ایک بائیو میٹک آلہ موجود رہے گا، جبکہ تجرباتی طورپر پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

  • معروف بھارتی اداکار فاروق شیخ انتقال کرگئے

    معروف بھارتی اداکار فاروق شیخ انتقال کرگئے

    معروف بھارتی اداکار فاروق شیخ دل کا دورہ پڑنے پر پینسٹھ برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کرگئے۔

    فاروق شیخ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان دنوں دبئی میں چھٹیاں گذارنے آئے ہوئے تھے، پچیس مارچ انیس سو اڑتالیس کو پیدا ہونے والے بھارتی اداکار فاروق شیخ نے متعدد فلموں میں کام کیا، جن میں بازار، شطرنج کے کھلاڑی، لوری، نواب سلطان ،چشم بد دور، لاکھوں کی بات اور انجمن قابل ذکر ہیں۔

    وہ بھارتی ٹی وی کے ایک مشہور زمانہ شو جینا اسی کا نام ہے میں بھی میزبانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ ان کے مشہور ڈرامہ سیریلز میں چمتکار اور جی منتری جی شامل تھے۔

  • فوجی فریٹلائزرکمپنی کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند

    فوجی فریٹلائزرکمپنی کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند


           فوجی فریٹلائزرکمپنی کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق کمپنی کو گیس کی فراہمی لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت بند کی گئی ہے، گھریلو صارفین کو گیس فراہمی اور پریشر میں کمی کی شکایات کے سبب یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    جس کے بعد اب کمپنی کو فراہم کی جانے والی گیس گھریلو صارفین کو مہیا کی جائے گی ۔ یاد رہے کہ کمپنی کو40ایم ایف سی ڈی گیس فراہم کی جارہی تھی۔