Tag: اے آر وائی

  • بیونس آئرس:سابق صدر ارجنٹائن ڈی لا رُوا رشوت کے الزامات سے بری

    بیونس آئرس:سابق صدر ارجنٹائن ڈی لا رُوا رشوت کے الزامات سے بری

    سابق صدر ارجنٹائن ڈی لا رُوا رشوت خوری کے الزامات ثابت نہ ہونے پر بری کردیئے گئے۔

    سابق صدر پر دوہزار گیارہ میں رشوت خوری کے الزامات عائد کئے گئے تھے، جس کے بعد انہیں عہدے سے برخاست کر دیا گیا تھا، تاہم دو سال سے جاری مقدمے کے دوران گواہوں کے بیانات میں تضاد اور مضبوط پراسکیوشن کے باعث عدالت نے انہیں الزامات سے بری کر دیا۔

    سابق صدر نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان پر مقدمات سیاسی مخاصمت کی وجہ سے قائم کئےگئے، جن کا کوئی وجود نہیں تھا۔
        

       

  • پاک ترک بزنس فورم سے نواز شریف اور رجب طیب اردگان کا خطاب

    پاک ترک بزنس فورم سے نواز شریف اور رجب طیب اردگان کا خطاب

    لاہور میں پاک ترک بزنس فورم سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان اور ترک وزیراعظم نے دو طرفہ تجارت میں توسیع کے مواقع پر کھل کر بات کی۔

    لاہور میں پاک ترک بزنس فورم سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترک اقتصادی تعلقات بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    نواز شریف نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ترکی کے تاجر پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے، ترک تاجروں کے دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا نیا باب کھلے گا، اور مستقبل میں پاک ترک تعلقات کومزید فروغ حاصل ہوگا۔

      ترک وزیراعظم نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے ساتھ تجارت کے حجم کو مزید بڑھانا چاہتا ہے اور وہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا چاہتے ہیں۔
       

  • نیب کا یوسف رضا گیلانی اور بابراعوان کیخلاف تحقیقات جلد مکمل کرنے کا فیصلہ

    نیب کا یوسف رضا گیلانی اور بابراعوان کیخلاف تحقیقات جلد مکمل کرنے کا فیصلہ

    نیب نے این آئی سی ایل کیس میں یوسف رضا گیلانی اور نندی پاور پروجیکٹ کیس میں بابر اعوان کے خلاف تحقیقات جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جب کہ چیئرمین نیب کو الزامات ثابت نہ ہونے پرکلین چٹ دے دی گئی۔

    قائم مقام چیئرمین نیب سعید احمد سرگانہ کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیرمین نیب قمر الزمان چوہدری، سابق ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری الذمہ قرار دیا گیا۔

    نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، اجلاس میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر سابق چیرمین پاکستان اسٹیل معین آفتاب شیخ اور ایم ڈی غلام رسول کے خلاف تحقیقات جلد مکمل کرنیکا حکم دیا گیا۔

    اس کیس میں تریسٹھ کمپنیوں کو فائدہ دیتے ہوئے قومی خزانے کو ایک ارب تیئس کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا، نندی پور اور چیچو کی ملیاں پاور پراجیکٹ میں تاخیری حربوں کے باعث قومی خزانے کو ایک کھرب تیرہ ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    اس پر وزارت خزانہ ،وزارت پانی و بجلی اور وزارت قانون کے افسروں کے خلاف جلد تحقیقات مکمل کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
        
       

  • لاہور: داتا گنج بخشؒ کے 970ویں عرس کی تقریبات جاری

    لاہور: داتا گنج بخشؒ کے 970ویں عرس کی تقریبات جاری

    حضرت داتا گنج بخشؒ کے نو سو سترویں عرس کی تقریبات لاہور میں جاری ہیں، آج عرس کے دوسرے روز مزار شریف پر خصوصی دعا کی گئی۔

    عرس کے پہلے روز حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر چادر پوشی وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار اور صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا نے کی۔

    اس موقع پر مزارپر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی اور نامور نعت خواں حضرات نے نعت خوانی بھی کی، اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور امت کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئی۔

    عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے، سترہ سو پولیس اہلکار مزار کے اردگرد تعینات کیے گئے تھے۔
       

  • سال 2013میں گلوکارجسٹن بیبر کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا

    سال 2013میں گلوکارجسٹن بیبر کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا

    سال کا اختتام ہورہا ہے، دنیا بھر کی اہم شخصیات میں سال دوہزار تیرہ میں کس شخصیت کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا۔

    سال دوہزارتیرہ میں گلوکار جسٹن بیبر کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا، بیبر کی شہرت کا عالم یہ ہے کہ ٹوئیٹر پرسال کے شروع میں نمبر ون رہے، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت کا اعزاز پوپ سنگر ریحنا کو ملا، جن کو متنازعہ خبروں کی وجہ سے بھی شہرت ملی۔

    ہالی ووڈ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی سیلیبرٹی کم کرڈیشین نے میدان مار  کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اس سال کیٹی پیری نے بھی کمال کیا اور مداحوں کی توجہ حاصل کئے رکھی، شہرت اور مقبولیت میں کیٹی کا چوتھا نمبر ہے۔

    ان سب کے بعد شکیرا، بیونسے اور لیڈی گاگا ایڈیلی اور میڈونا ٹاپ ٹین موسٹ سرچڈ سیلیبرٹیز میں شامل ہوئیں جبکہ انٹرنیٹ پر پانچویں نمبر پر ہالی ووڈ ایکشن گرل انجلینا جولی مقبول رہیں۔
       

  • حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

    حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

    حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں شبیہ علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کم وبیش تمام شہروں میں مرکزی جلوسوں کے مقررہ راستے سیل کردیئے گئے، پولیس، رینجرز اور ایف کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

    نواسہ رسول حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں اور ان کے درمیان آنے والی دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، جہاں آٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، شارپ شوٹرز بھی فرائض انجام دیں گے۔

    مرکزی جلوس شاہ خراسان سے نکلے گا، جو کھارادر امایہ حسینیہ میں اختتام پذیرہوگا، جلوس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کمرے نصب ہیں جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، لاہور میں بھی چہلم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات دیکھنے میں آرہے ہیں جہاں چھ ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے جبکہ فوج اور رینجرز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

    لاہور میں مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے نکلے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا رات کو کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں کو خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، فیصل آباد میں اکیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مرکزی جلوس کی مانیترنگ کی جائے گی اور تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ملتان میں چہلم امام حسین کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جہاں تین مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے بلوچستان کانسٹیبلری، ایف سی اور پولیس کے تین ہزار اہلکار تعینات گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں کو سیل کردیا گیا۔

    پشاورمیں بھی سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں، جہاں مرکزی جلوس کے راستے سیل ہیں جبکہ پاک افغان سرحد بھی چوبیس گھنٹے کیلئے بند کردی گئی ہے، قبائلی علاقوں سے آنے والے راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔
       

  • یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

    یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

    حکومت نے مہنگائی کی ماری عوام کیلئے نیو ایئر گفٹ کی تیاری کرلی ہے، حکومت نے یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تیار کرلی ہے۔

    نئے سال کی آمد اور سرد موسم کے ساتھ حکومت نے بھی غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کرلی ہے، حکومت سال نو کا تحفہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں دے گی۔

    وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے زرائع کے مطابق یکم جنوری سے پٹرول تین روپے تیس پیسے ،ہائی آکٹین پانچ روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل چارروپے ستر پیسے، لائیٹ ڈیزل تین روپے پچھتر پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

    جب کہ غریبوں کے ایندھن مٹی کا تیل بھی دو روپے اٹھانوئے پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرعائد ٹیکسوں اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

  • تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں،وزیراعظم

    تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں،وزیراعظم

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو روکنا ہوگا، تمام پاکستانیوں کو بلاامتیازعلم امن اور سلامتی دینا چاہتے ہیں۔

    گورنر ہاؤس پنجاب میں میسحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں، تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بعض عناصرمذہب کو ذاتی مفاد کےلئے استعمال کررہے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ مذہبی بنیاد پرشہریوں میں امتیاز رکھنا پاکستانی آئین کےخلاف ہے۔

    جب جہالت دہشت گردی اور غربت کا کوئی مذہب نہیں تو علم امن اور خوشحالی کے لئے مذہب کو کیوں دیکھا جائے، مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم نوازشریف نے کرسمس کا کیک کاٹا اور میسحی برادری کو پیشگی مبارکباد بھی دی، تقریب میں مسیحی برادری کے رہنما اور صوبائی وزراء بھی شریک تھے۔
           

  • پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے ٹرائل کو چیلنج کردیا

    پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے ٹرائل کو چیلنج کردیا

    سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے خلاف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

    انہوں نے خالد رانجھا ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ کی سماعت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

    واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو24 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے، درخواست میں موقف اختیا ر کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے 3نومبر 2007 کو ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ تنہا نہیں کیا تھا بلکہ اس کیلئے ضروری مشاورت کی گئی تھی۔

    اس لئے صرف ان کے خلاف مقدمہ چلانا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری دفاع اور خصوصی عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔

  • اسلام آباد: حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار

    اسلام آباد: حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار

    اسلام آباد پولیس نے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، تین ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، رینجر بھی ساتھ رہے گی۔

    پولیس حکام کے مطابق جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی پولیس اور راولپنڈی پولیس اس موقع پر مشترکہ گشت بھی کرے گی۔

    تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور تمام امام بارگاہوں پر کمانڈوز بھی تعینات کردئیے ہیں، اسلام آباد میں دو امام بارگاہوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔