Tag: اے آر وائی

  • سمندری طوفان ’تیج‘: سعودی محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    سمندری طوفان ’تیج‘: سعودی محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے سمندری طوفان ’تیج‘ سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’بحیرہ عرب میں ’تیج‘ سمندری طوفان کی شدت بڑھے گی‘۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی مرکز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اتوار کو تیج طوفان تیسرے درجے کا رہا۔ ہوا کی رفتار 178 سے 251 کلو میٹر فی گھنٹہ شام پانچ بجے تک رہی۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو سمندری طوفان تیج کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا، ہوا کی رفتار 119 سے 153 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔

    بحیرہ احمر میں آنے والے سمندری طوفان تیج کا سعودی عرب پر براہ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم بارش کی شکل میں اثرات سامنے آسکتے ہیں۔

    پیر سے بدھ تک سلطنت عمان اور جمہوریہ یمن تیج سمندری طوفان کی زد میں ہوں گے۔ دونوں ممالک میں سمندری طوفان کی رفتار 178 سے 208 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔ یہ صورتحال صبح ساڑھے پانچ بجے تک رہے گی اس کے بعد طوفان کی شدت درجہ دوم ہوجائے گی‘۔

    بدھ کو صبح ساڑھے پانچ بجے سمندری طوفان تیج مدار والے طوفان کی شکل اختیار کرے گا اور ہوا کی رفتار 62 تا 118 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔ اس کے بعد ہوا کی رفتار پچاس تا 61 کلو میٹر فی گھنٹہ تک آجائے گی۔

    منگل سے جمعرات 26 اکتوبر تک گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ نجران ریجن کی الخرخیر اور شرورہ کمشنریوں میں بھی گرد آلود تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، صحرا ربع الخالی میں گرد آلود ہوائیں شدید ہوں گی۔

  • غزہ: فلسطینی شہداء کی تعداد 3900 تک پہنچ گئی، اسپتالوں میں سہولتیں ختم

    غزہ: فلسطینی شہداء کی تعداد 3900 تک پہنچ گئی، اسپتالوں میں سہولتیں ختم

    غزہ میں اسرائیلی بربریت کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد 3900 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 14000 کے لگ بھگ زخمی ہیں، اسپتالوں میں مریضوں کے لئے سہولتیں ختم ہوچکی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے اسپتالوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اسرائیلی فوج کو زمینی کارروائی کیلئے گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی جانب سے عرب اور مسلم دنیا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب مارچ کرے تاکہ مظلوم فلسطینیوں کو صیہونی جارحیت سے محفوظ بنایا جاسکے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے رفاح میں گھروں پر بھی بمباری کی گئی ہے، جس کے باعث 33فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے ہیں، اسرائیلی طیاروں نے الزیتون کے علاقے میں آرتھو ڈوکس چرچ کو بھی نہ بخشا جہاں بے شمار افراد نے پناہ لی ہوئی تھی۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں انفرااسٹرکچر کو تاریخی نقصان پہنچا ہے، ایک لاکھ کے قریب یونٹس تباہ ہوچکے ہیں۔

    غزہ پر کی جانے والی وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے بعد اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں 25 فیصد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں صحت کے سہولت مراکز پر 59 حملوں کے ثبوت موجود ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے 17 اسپتالوں اور 23 ایمبولینسز کو نشانہ بنایا۔ صحت کے مراکز پر حملوں میں مجموعی طور پر 491 افراد مارے گئے۔

  • بیٹی کی شادی کے دن باپ کی پر اسرار موت!

    بیٹی کی شادی کے دن باپ کی پر اسرار موت!

    ہر باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی کے موقع پر اسے محبتوں اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کرے، مگر سعودیہ کے ابہا شہر میں بیٹی کی شادی کی رات دلہن کے والد کی موت نے سعودی شہریوں کو غمگین کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقتول حسن بن محمد المری کے بیٹے محمد نے اس حوالے سے بتایا کہ میری بہن کی شادی تھی اور شادی کی رات ہی والد فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے، جبکہ انہیں صحت کے مسائل کا بھی سامنا نہیں تھا۔

    حسن بن محمد المری کے بیٹے محمد نے کہا کہ وہ پر جوش انداز میں شادی میں شریک ہوئے جبکہ شادی میں آنے والے مہمانوں کو وصول بھی کررہے تھے، پھر جب ہم شام کی نماز کی تیاری کرنے لگے تو اچانک ان کا جسم بغیر کسی پیشگی انتباہ کے پر سکون طور پر گر گیا۔

    والد کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ رات گئے دار فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

    محمد نے بتایا کہ والد اپنے خیراتی کاموں کے لیے جانے جاتے تھے، اور معاشرے پر ان کا واضح مثبت تاثر تھا، خاص طور پر خامس مشیت کورٹ میں اصلاحی شعبہ کے سربراہ کے طور پر اپنی سابقہ خدمات کے دوران، ان کا اپنے قبیلہ رجال الماء میں اپنا مقام تھا۔

    انہوں نے ہمیشہ ہمیں نیکی کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی، والد نے ہمارے لیے لوگوں کو عطا کرنے اور محبت کرنے کا ایک عظیم ورثہ چھوڑا ہے۔ بہن کی شادی کے دن ان کی اچانک موت نے ہم سب کو غم سے نڈھال کردیا ہے۔

  • ورلڈ آرتھرائٹس ڈے، ہڈیوں کے امراض کا عالمی دن

    ورلڈ آرتھرائٹس ڈے، ہڈیوں کے امراض کا عالمی دن

    دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پا کستان میں بھی ہڈیوں کے امراض کا عالمی دن (ورلڈ آ رتھر ا ئٹس ڈے) منایا جارہا ہے۔

    ورلڈ آرتھرائٹس ڈے ہر سال 12 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، یہ دن منانے کا بنیادی مقصد ہڈیوں کے امراض، جوڑوں کے درد کی علامات، وجوہات، احتیاطی تدابیر،پرہیز و دیگر امور پر بیداری فراہم کرنا ہے۔

    آج کے دن دنیا بھر کے طبی ماہرین اس حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہیں، ورلڈ آرتھرائٹس ڈے 2023 کا تھیم سب کے لئے مشترکہ صحت رکھا گیا ہے، اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو جوڑوں سے متعلق بیماریوں کی روک سے متعلق آگاہ کیا جاسکے۔

    ہمارے معاشرے میں لاکھوں افراد جوڑوں کے درد کے مسائل سے دوچار ہیں، جوڑوں کے درد کے بارے میں عالمی مہم 1996 میں آرتھرائٹس اینڈ ریو میٹزل انٹرنیشنل (اے آر آئی) تنظیم کی جانب سے شروع کی گئی تھی، اس کے بعد سے ہر سال ورلڈ آرتھرائٹس ڈے منایا جاتا ہے۔

    غیر متوازن خوراک اور دیگر عوامل کے باعث آج کل جوڑوں کا درد عام ہوتا جارہا ہے جس سے نجات پانے کا انتہائی آسان قدرتی ذریعہ ہم آپ کو بتا رہے ہیں۔

    جوڑوں کا درد انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔ پہلے کبھی جوڑوں کا درد صرف بوڑھوں کی بیماری تصور کیا جاتا ہے تاہم بدلتے وقت کے ساتھ تیز رفتار زندگی میں صحت کے اہم اصولوں کو نظر انداز کرنے، سونے جاگنے کے معمولات میں تبدیلی اور غیر متوازن خوراک کے باعث اب نوجوان اور کم عمر افراد بھی جوڑوں کے درد میں مبتلا ہو رہے ہیں تاہم قدرت کی ایسی بیش بہا نعمتیں ہیں جن کے ذریعے ہم کئی بیماریوں سے نجات پا سکتے ہیں۔

    جوڑوں کے درد کے مریضوں کے لیے گوند کا استعمال انتہائی پر تاثیر دوا ہے اور استعمال انتہائی آسان ہے۔

    مکس گوند لیں اور اس کو دیسی گھی میں اچھی طرح پکا لیں کہ وہ پھول جائے پھر اس کو پیس کر روزانہ ایک چوتھائی چمچ دودھ کے ایک گلاس میں شامل کرکے استعمال کریں جو دودھ نہیں پیتے وہ پانی سے دن میں دو بار استعمال کر سکتے ہیں۔

    بزرگوں کے لیے قابل ہضم بنانے کے لیے اس میں پانچ دانے بڑی الائچی کے بھی شامل کرلیں۔

    اس میں کوئی شہد یا دیگر میٹھی چیز کا استعمال ہرگز نہ کریں بہتر ہے کہ شام چار بجے سے قبل اس کو استعمال کرلیں اور ایک بات کا خاص دھیان رکھیں کہ اس کو کھانے کے بعد ایک گھنٹے تک لیٹنا یا سونا نہیں ہے۔ کھانے کے بعد چہل قدمی کریں یا بیٹھ کر کوئی سرگرمی کرلیں تاکہ یہ اچھی طرح ہضم ہوسکے۔

    جن افراد کے جوڑوں بالخصوص گھٹنوں کے جوڑوں کے چٹخنے کی آوازیں آتی ہیں وہ ساگو دانا پیس کر رکھ لیں اور روزانہ نہار منہ ایک چمچ ساگو دانا سفوف ایک گلاس تیز گرم دودھ میں شامل کرکے پی لیں۔

    پانچ سے سات دن میں جوڑوں کا درد اور آوازیں آنی بند ہو جائیں گی، یہ بے ضرر دوا ہے اور اگر مریض علاج کے لیے کوئی اور دوا استعمال کرتے ہیں تو وہ بھی یہ لے سکتے ہیں۔

  • سعودی اسپتال میں روبوٹ کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں

    سعودی اسپتال میں روبوٹ کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں

    سعودی حکام کی جانب سے سعودی اسپتال میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے پہلا روبوٹ متعارف کرادیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے عملے اور وزیٹرز کی مدد کے لیے پہلے روبوٹ ’نور آر ون‘ کو متعارف کرایا ہے۔جس کے باعث اسپتال میں موجود عملے اور وزیٹرز کو بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی صحت کے ادارے ٹیکنالوجی کے معیاری استعمال کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ تاکہ صحت کی خدمات کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے، صحت کی خدمات کے لیے روبوٹ کا تقرر بھی اسی لئے کیا گیا ہے۔

    سعودی صحت کے ادارے کی جانب سے اس روبوٹ کو اسپتال کے ہیلتھ کیئر انفارمیشن ٹیکنالوجی افیئرز ونگ میں تعینات کیا گیا ہے، جو انگریزی اور عربی دونوں زبانوں میں تیکنیکی معاونت کے سوالات کے جواب فراہم کرتا ہے۔

    اس روبوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عملے کی شناخت ان کے چہروں کے ذریعے کرنے، اسپتال اور سینٹر آنے والوں کے ساتھ بات چیت کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    یہ جدید ترین روبوٹ تکنیکی معاونت سے متعلق سوالات کے جواب درست اور موثر انداز میں دیتا ہے جبکہ اسے مصنوعی ذہانت کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر اسامہ السویلم کے مطابق نئے ملازم روبوٹ کی کار کردگی سے عملے کو اپنی بنیادی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد حاصل ہوگی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صحت کی خدمات میں اضافہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر خصوصی صحت نگہداشت کے شعبے میں دنیا کے بہترین اسپتالوں میں شمار ہوتا ہے۔

    کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کو حال ہی میں برانڈ فنانس نے مشرق وسطیٰ و افریقہ میں پہلے نمبر پر اور 2023 کے دوران دنیا کے 20 بہترین اسپتالوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

  • کینیڈا میں طیارہ گر کر تباہ

    کینیڈا میں طیارہ گر کر تباہ

    اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں طیارہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، طیارہ حادثے کے باعث بھارت کے 2 زیر تربیت پائلٹس ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کینیڈین حکام کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ دو انجن پر مشتمل چھوٹے طیارے میں سوار ایک اور پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔

    سیکورٹی اداروں نے طیارہ گرنے کے مقام کو سیل کردیا ہے، جبکہ طیارے کے ملبے کو ہٹانے کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، طیارہ تباہ ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    اس سے قبل آسٹریلیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے، طیارہ تباہ ہونے سے قبل پائلٹ سے ہونے والی گفتگو کی ایک سنسنی خیز آڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    آسٹریلوی شہر کینبرا سے اڑان بھرتے ہی ایک چھوٹا طیارہ ساؤتھ ویلز جاتے ہوئے ایک جھیل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دادا اپنے تین پوتے پوتیوں سمیت لقمہ اجل بن گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کینبرا سے اڑان بھرتے ہی طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے سبب حادثہ رونما ہوا، یہ واقعہ جمعہ کی سہ پہر 3 بجے کے قریب پیش آیا، جب دیہی فائر سروس کے افسران نے جائے وقوع پہنچ کر آگ پر قابو پایا تو چار سیٹوں والا طیارہ سیرس پوری طرح تباہ ہو چکا تھا۔

  • سعودی ڈاکٹرز کا کامیاب آپریشن، جڑواں بچوں کو علیحدہ کردیا

    سعودی ڈاکٹرز کا کامیاب آپریشن، جڑواں بچوں کو علیحدہ کردیا

    سعودیہ کے دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ اسپتال میں سعودی ڈاکٹرز نے 16 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد تنزانیہ کے سیامی جڑواں بچے جو آپس میں جڑے ہوئے تھے، انہیں علیحدہ کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جس کے بعد کامیاب آپریشنز کی تعداد 59 تک پہنچ گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سرجیکل آپریشن کو 9 مرحلوں میں مکمل کیا جاتا ہے۔ جبکہ اس میں 16 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔

    نرسنگ اور ٹیکنیکل کے علاوہ پیڈیاٹرک سرجری، پلاسٹک سرجری،اینستھیزیا، پیڈیاٹرک سرجری اور آرتھوپیڈکس کے شعبوں کے 35 کنسلٹنٹ اور ماہرین اس آپریشن میں حصہ لیتے ہیں۔

    انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سیامی جڑواں بچوں کو الگ کرنے کے سعودی پروگرام نے 33 سال کے دوران 24 ممالک سے 133 کیسز کی نگرانی کی اور 58 کیسز کو الگ کیا اور یہ 59 واں کیس ہے، جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب نے صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ہے، مملکت کے تمام صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے کہا ہے کہ مملکت کے صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا جس پر مال گاڑیوں کے ساتھ مسافر ٹرینیں مستقل بنیادوں پر چلائی جائیں گی۔

    عرب اخبار نے ٹی جی اے کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی اور صنعتی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنے سے قبل سروے کیے جائیں گے۔

    ان سرویز ساے حاصل شدہ معلومات کے مطابق صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنے کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی ہوگی جو صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی بڑی پیش رفت ہوگی۔

  • میکسیکو: چرچ کی چھت گر گئی، متعدد ہلاک

    میکسیکو: چرچ کی چھت گر گئی، متعدد ہلاک

    میکسیکو میں چرچ کی چھت اچانک گرنے کے سبب 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چرچ کی چھت گرنے کا یہ المناک حادثہ میکسیکو کے ساحلی شہر سیوڈیڈ میڈارو میں رونما ہوا، جب سانٹا کروز چرچ کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے جس وقت یہ چھت گری اس وقت چرچ میں عبادت ہورہی تھی، سانحے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے واقعے میں اب تک 10افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جن میں 2 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چرچ میں حادثے کے وقت 100 افراد موجود تھے جبکہ حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں ملبے سے نکالنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے مقامی افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جب کہ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاربھی بر وقت جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

  • بابر، رضوان اور شاہین کا بھارت پہنچنے پر پہلا بیان؟

    بابر، رضوان اور شاہین کا بھارت پہنچنے پر پہلا بیان؟

    قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ چکی ہے، ایئرپورٹ پر قومی ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا، تاہم اب قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کے بیانات سامنے آئے ہیں۔

    کپتان بابراعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے فوٹو اَپ لوڈنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں بھارتی شائقین کرکٹ نے زبردست استقبال کیا، سفر محبت اور حمایت سے ملغوب رہا۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا انسٹا اسٹوری میں کہنا تھا کہ وہ بھارتی شہر حیدرآباد پہنچ گئے ہیں، یہاں شاندار استقبال ہوا ہے ابھی تک۔

    پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں نے شاندار استقبال کیا، سب کچھ انتہائی ہموار تھا تاہم اگلے ڈیڑھ ماہ بھی اسی کے منتظر رہیں گے۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

    ٹریننگ سیشن میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف، افتخار احمد، سلمان علی آغا، فخر زمان، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث اور زمان خان شریک ہوئے۔

  • جنک فوڈ بچوں کو کیسے متاثر کرتا ہے؟

    جنک فوڈ بچوں کو کیسے متاثر کرتا ہے؟

    لندن: بچوں کے لئے ‘جنک فوڈ’ کا استعمال انتہائی خطرناک ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ بچوں کو ہرطرح کے جنک فوڈ سے پرہیز کرایا جائے، کیونکہ کم عمری میں ‘جنک فوڈ’ کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

    غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ جنگ فوڈ استعمال کرنے والے بچوں کے استحالے (میٹابولزم) میں منفی تبدیلیاں رونما ہوجاتی ہیں، موٹاپے کے ساتھ ساتھ ان کے خون کا بہاؤ بھی متاثر ہوجاتا ہے۔ کیونکہ جنک فوڈ میں مصنوعی مٹھاس، مضر چکنائیاں اور دیگر اجزاء کو شامل کیا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق جنک فوڈ میں غذائیت کم اور کیلوریز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔دوسرا یہ کہ کم عمری میں بچوں کے لئے متوازن غذا کی ضرورت ہوتی ہے، جنک فوڈ کا استعمال کرنے والے اور پرہیز کرنے والے بچوں کا موازنہ کیا گیا تو جن بچوں نے جنک فوڈ کا استعمال کیا تھا ان میں موٹاپے کا رجحان بہت زیادہ تھا۔

    تشویشناک بات یہ ہے کہ جنک فوڈ سے دماغی و ذہنی مسائل میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے، مثال کے طور پر شکر کی ذیادتی ڈپریشن اور یاسیت بڑھا سکتی ہے۔ بچوں کو پڑھنے اور توجہ میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، آگے چل کر یہ بلڈ پریشر، ذیابیطس، فالج اور امراضِ قلب کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    دوسری جانب کم عمری میں ناکافی غذا کے منفی اثرات بچوں کی نشوونما پر اثرانداز ہوکر پوری زندگی کے لئے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں، کیونکہ ان غذاؤں میں بنیادی وٹامن، ریشے، معدن، اور ضروری اجزا نہیں ہوتے۔