Tag: اے آر وائی

  • فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، بڑا جانی نقصان

    فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، بڑا جانی نقصان

    منیلا: جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں بڑا جانی ومالی نقصان ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثہ جنوبی فلپائن میں اس وقت پیش آیا جب فوجی طیارہ صوبے سولو کے جولو نامی جزیرے پر لینڈ کررہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث گرا، طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

    فلپائن آرمڈ فورسز کے سربراہ نے دلخراش حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 85 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سیریلو سوبیجانا نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ طیارے کے جلتے ہوئے ملبے سے پندرہ افراد کو بچالیا گیا ہے، علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ مزید افراد کو زندہ بچایا جاسکے۔

  • ہتک عزت مقدمہ: زلفی بخاری نے ریحام خان کے خلاف پہلا مرحلہ جیت لیا

    ہتک عزت مقدمہ: زلفی بخاری نے ریحام خان کے خلاف پہلا مرحلہ جیت لیا

    لندن: وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے ریحام خان کے خلاف عدالتی جنگ کا پہلا مرحلہ جیت لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں زلفی بخاری نے ریحام خان کےخلاف ہتک عزت مقدمےکا پہلا مرحلہ جیت لیا ہے، زلفی بخاری اور ریحام خان کے کیس کی سماعت جسٹس کیرن اسٹین نےکی۔

    زلفی بخاری روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق الزام پر ریحام خان کو عدالت لےگئےتھے، عدالت نے ابتدائی سماعت میں بد عنوان، بےایمان قرار دینے کے چار الزامات، اور چار ٹوئٹ توہین آمیز قرار دئیے، زلفی بخاری کے وکیل نے کیس کو انتہائی توہین آمیز قرار دینےکی استدعا کی تھی۔

    ابتدائی سماعت میں ریحام خان نے موقف اپنایا کہ عوامی مفاد میں قومی اثاثوں کی فروخت کا معاملہ اٹھایا،کسی سی ذاتی دشمنی نہیں،کیس میں زلفی بخاری کی حیثیت کو نقصان نہیں پہنچا جو کہا عوامی مفاد میں تھا، جج نے ریحام خان کی وضاحت مسترد کی جبکہ زلفی بخاری کا مؤقف تسلیم کیا۔

    جسٹس کیرن اسٹین نے ابتدائی سماعت میں فیصلہ دیا کہ ریحام خان کےآٹھ اشاعتوں میں توہین آمیز مواد موجود ہے۔

  • لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں بڑی کامیابی، اہم کارندہ ہلاک

    لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں بڑی کامیابی، اہم کارندہ ہلاک

    ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ کے خلاف فورسز کا آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق بستی تگیانی کے قریب پولیس اور لادی گینگ کے کارندوں کے درمیان مقابلہ ہوا، مقابلے کے دوران لادی گینگ کا کارندہ ہلاک ہوگیا ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس پر دوران گشت دھند فائرنگ کی گئی تھی، لادی گینگ کا کارندہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔

    واضح رہے کہ ایک ماہ سے جاری لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں قبائلی فورس، بارڈر ملٹری پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق لادی گینگ کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران قبائلی علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادیوں پر مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تاہم مطلوب ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی، یہ ملزمان قتل،اقدام قتل،دہشت گردی اور اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں۔

    اس آپریشن کا آغاز اس وقت کیا گیا جب کمانڈرخدا بخش نےایک دلخراش ویڈیو وائرل کی تھی جس میں شہری محمد رمضان کے دونوں ہاتھ، کان اور ناک بےدردی سے کاٹےگئے تھے، جس پر وزیراعظم نےلادی گینگ کےخلاف آئی جی اور رینجرر کوسخت کارروائی کاحکم دیاتھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ لادی گینگ کے رکن جلیل ممدانی نے گرفتاری دے دی تھی، جلیل ممدانی نے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا۔

  • نیپرا نے مہنگے پاور پلانٹس سے بجلی پیداوار پر سوال اٹھا دئیے

    نیپرا نے مہنگے پاور پلانٹس سے بجلی پیداوار پر سوال اٹھا دئیے

    اسلام آباد: نیپرا کی جانب سے مئی میں فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر نیپرا نے مہنگے پاور پلانٹس سے بجلی پیداوار پر سوال اٹھا دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا ہیڈ کوارٹر میں گذشتہ ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ سےمتعلق درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے مہنگے پاور پلانٹس سے بجلی پیداوار پر سوال اٹھا دئیے۔

    چیئرمین نیپرا نے این پی سی سی حکام سے استفسار کیا کہ مئی میں فرنس آئل اور ڈیزل سے بجلی کیوں پیدا کی؟، حکام نے بتایا کہ ایل این جی کی دستیابی میں کمی کے باعث ایسا کرنا پڑا، مئی میں یومیہ140 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کاسامنارہا۔

    چیئرمین نیپرا نے کہا کہ گیس پلانٹس کواستعدادسےکم چلانےسےپیداواری لاگت میں اضافہ ہوا، سسٹم میں نقائص دور کرنا این ٹی ڈی سی کی ذمہ داری ہے۔

    اس موقع پر این ٹی ڈی سی حکام نے بتایا کہ کرونا کے باعث سسٹم میں نقائص دور کرنے میں تاخیر ہوئی چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ کرونا کو تو ایک سال سے زیادہ ہوگیا ہے، ہم آپ کے جواب سے مطمئن نہیں ہے۔

    ترجمان نیپرا کے مطابق ایف سی اے کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی ہے،اتھارٹی اعداد و شمار کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔

  • میامی بلڈنگ حادثہ: ملبے تلے افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں دم توڑنے لگی

    میامی بلڈنگ حادثہ: ملبے تلے افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں دم توڑنے لگی

    واشنگٹن: امریکی ریاست میامی میں بارہ منزلہ عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد گیارہ تک جاپہنچی ہے، حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عمارت گرنے کا واقعہ چار روز قبل پیش آیا تھا، امدادی ٹیمیں ابھی تک گیارہ افراد کی لاشیں ملبے سے نکال چکی ہیں، حکام نے ملبے تلے مزید افراد کے دبے رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے تاہم ان کے زندہ بچنے کی امیدیں نہایت کم ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق عمارت کے ملبےمیں ایک سو اکاون افراد اب تک لاپتہ ہیں لاپتہ افراد کا تعلق دنیا کے نو مختلف ممالک سےہے۔

    ریسکیو ٹیموں کے مطابق ملبے تلے زندگی کے کوئی آثار نہیں ہے، میامی کے میئر کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن جاری ہے ، سینکڑوں ریسکیو ٹیمیں اسٹینڈ بائے پر بھی ہیں جبکہ اسرائیل اور میکسیکو سے بھی ماہرین ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عمارت انیس سو اسی میں تعمیر کی گئی تھی، ابتدائی تحقیقات میں عمارت کےڈھانچےمیں نقائص کا انکشاف ہوا ہے، علاقہ مکینوں نے ہلاک ہونیوالوں کی یاد میں جائے حادثہ پر شمعیں روشن کیں۔

  • دورہ انگلینڈ پر موجود سری لنکن ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ

    دورہ انگلینڈ پر موجود سری لنکن ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ

    لندن: انگلینڈ کی ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں خفت آمیز شکست کے بعد سری لنکا کے لئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کےدو کھلاڑیوں کوبائیوسیکورببل کی خلاف ورزی پر تحقیقات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سری لنکن کھلاڑی کوشال مینڈس اورنیروشن ڈکویلا کی جانب سے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کوشال مینڈس اور نیروشن ڈکویلا کی عوام مقامات پر گھومنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے،جس کے باعث انہیں تحقیقات کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی میں ایک اور سری لنکن کرکٹر بھی ہے، جس کا نام تاحال سامنے نہیں آسکا ہے

    بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر سری لنکن کھلاڑیوں پر حکومت برطانیہ کی جانب سے جرمانہ بھی عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران میچ ریفری فل وٹ کیس پہلے ہی کرونا کا شکار ہو چکے ہیں جنکی وجہ سے سات دیگر آفیشلز بھی قرنطینہ کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

    انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ کل سے کارڈف میں کھیلا جارہا ہے۔

  • دورہ انگلینڈ: قومی اسکواڈ کو بڑا ریلیف مل گیا

    دورہ انگلینڈ: قومی اسکواڈ کو بڑا ریلیف مل گیا

    ڈربی: انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی کووڈ ٹیسٹ رپورٹس منفی آگئی ، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آج ڈربی میں ٹریننگ کا آغاز کریگی۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی کووڈ ٹیسٹ رپورٹس منفی آگئی، قومی اسکواڈ کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ اتوار کو ہوئی تھی، کھلاڑیوں کو آج سےانڈور گیمز اور ورزش کرنےکی اجازت مل گئی۔

     قومی اسکواڈ جمعہ کی شب ڈربی پہنچا ہے اور اس وقت سے تمام ارکان تین روز کی آئسولیشن میں ہیں۔

    تین روزہ روم آئسولیشن ختم ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ اسکواڈکےارکان دو انٹراسکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے، پہلا انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ یکم جولائی اور دوسرا 3تین جولائی کو کھیلا جائے گا، قومی اسکواڈ ‏چھ جولائی کو کارڈف روانہ ہوگا، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز آٹھ جولائی ‏سے ہوگا۔

  • آلوبخارے کے  شربت کے جادوئی فوائد

    آلوبخارے کے شربت کے جادوئی فوائد

    آلو بخارا دیکھنے میں تو بہت چھوٹا سا پھل ہے لیکن اس کے حیران کن فوائد آپ کو دنگ کردیں گے، یہ ناصرف ذائقے اور لذت سے مالا مال ہے بلکہ اس میں بڑی مقدار میں آئرن ، فائبر ، پوٹاشیم اور بیٹاکیروٹین پایا جاتا ہے۔

    آلو بخارے کا جوس جسم میں آئرن کی کمی کو دورکرنے میں مدد دیتا ہے. آئرن کی کمی کے سبب خون کے سرخ خلیات میں کمی واقع ہوتی ہے جو اینیمیا یعنی خون کی کمی کا سبب بنتی ہے۔

    آلو بخارے کے جوس کا آدھا کپ جسم کو تین ملی گرام آئرن فراہم کرتا ہے، اس طرح خون کی کمی کے مسئلے سے با آسانی نمٹا جا سکتا ہے۔

    آلو بخارے کا شربت خشک آلو بخارے، عرق گلاب اور چینی سے تیار ہوتا ہے۔ یہ قبض، گرمی، خارش کے لیے مفید ہوتا ہے، اس کے علاوہ یرقان، پیاس اور دردِ سر میں بھی فائدہ دیتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: دل، جگر اور جِلد کے لیے آلوبخارے کے جادوئی فوائد

    آلو بخارے کا رس ایک تولہ گرم کرکے استعمال کرنا گلے کے ورم اور قے کے لیے مفید ہوتا ہے، اگر گردوں میں تکلیف ہو اور پیشاب رک رک کر آتا ہو تو آلو بخارے کا استعمال اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

    ذیابیطس (شوگر) کے مریض بھی ترش آلو بخارا استعمال کر کے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، آلوبخارا بینائی کو طاقت دیتا ہے اور گردہ و مثانہ کی پتھری کو توڑتا ہے۔

  • کرسٹیانو رونالڈو  کے اعزازات کے البم میں ایک اور اضافہ

    کرسٹیانو رونالڈو کے اعزازات کے البم میں ایک اور اضافہ

    پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اعزازات کے البم میں ایک اور اضافہ کرلیا ہے۔

    اسٹار فٹ بالر نے فرانس کے خلاف گول کرتے ہوئے انٹرنیشنل فٹ بال میں اپنے گولز کی تعداد 109 کرلی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایرانی فٹبالر علی داعی کے 109 گول کا ریکارڈ برابر کیا۔

    پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے یورو کپ میں یہ دوسرا ریکارڈ بنایا ہے، اس سے قبل یورو کپ میں سب سے زیادہ گول داغنے کا ریکارڈ بھی رونالڈو نے اپنے نام کیا تھا، یہ کارنامہ جاری یورو کپ میں ہنگری کے خلاف سرانجام دیا تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ فرانس کے پلاٹینی کے پاس تھا جنہوں نے یورو کپ میں نو گولز اسکور کئے تھے۔

    شہرہ آفاق فٹ بالر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ یورو کپ کے پانچ ٹورنا منٹ میں شرکت کرنے والے دنیائے فٹ بال کے پہلے کھلاڑی بھی ہیں۔

    رونالڈو نے دوہزار چار کے یورو کپ میں پرتگال کی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا گول بھی کیا تھا۔

    اس کے علاوہ ایک اور اعزاز ان کا منتظر ہے کہ اگر پرتگال ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو رونالڈو ایک اور ریکارڈ حاصل کرلیں گے وہ مسلسل دو بار یہ اعزاز جیتنے والے دوسرے کپتان ہوں گے۔

    یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے صدی کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کررکھا ہے۔

    دوسری جانب یورو کپ فٹبال کا گروپ اسٹیج مکمل ہو گیا ہے, سولہ ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں ہیں، گروپ ایف سے فرانس ، جرمنی اور پرتگال نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

  • خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق عدالتی فیصلہ جاری

    خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق عدالتی فیصلہ جاری

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے اسیر رہنما خور شیدشاہ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق دائر درخواست نمٹادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 69 اسپیکر کو رکن قومی اسمبلی کے احکامات جاری کرنے پر پابندی عائد کرتا ہے، عدالت عظمیٰ امید کرتی ہے کہ اسپیکر معاملے کوخود دیکھیں گے۔

    مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اسپیکر قومی اسمبلی پر مکمل اعتماد کرتی ہے، ساتھ ہی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کو این اے 206 کیلئے بجٹ سیشن میں مؤقف کا حق دیا جائے۔

    فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ خورشید شاہ کا کوئی بھی نمائندہ اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست دینےکا مجاز ہے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری ہے اور اراکین بجٹ کے نکات پر اپنا اظہار خیال کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اٹھارہ ستمبر دو ہزار انیس کو نیب سکھر اور راولپنڈی کی ٹیم نے اسلام آباد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

    نیب رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کیخلاف دادو اور سکھر میں جائیداد کی تحقیقات کررہا ہے، ان پر زمینوں کے معاملات میں کرپشن کا بھی الزام ہے۔