Tag: اے آر وائی

  • اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش رنگ لے آئیں، قانون سازی پر کمیٹی تشکیل

    اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش رنگ لے آئیں، قانون سازی پر کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اہم ترین سیشن میں ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کرنے والے اراکین قومی اسمبلی بالاآخر قانون سازی کے لئے ایک پیچ پر آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر قومی اسد قیصر کی کاوشیں رنگ لے آئیں ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    کمیٹی کو قانون سازی سے متعلق جلد ٹی او آرز طے کرنی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد کمیٹی ٹی او آرز تیار کرکے جلد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ارسال کرے گی۔

    کمیٹی قومی اسمبلی میں قانون سازی سے متعلق اپنی سفارشات اسپیکرقومی اسمبلی کوپیش کرے گی، کمیٹی میں حکومت کی جانب سے پرویز خٹک، اسدعمر، طارق بشیرچیمہ، فہمیدہ مرزا، بابراعوان، خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی شامل کئے گئے ہیں جبکہ اپوزیشن کی نمائندگی شاہدخاقان عباسی، ایازصادق، راناثنااللہ، شاہدہ اختر علی،نوید قمر، شازیہ مری اور آغاحسن بلوچ کریں گے۔

  • سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز

    سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز

    کارڈف: میزبان انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آئی لینڈرز نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔

    سری لنکا کی جانب سے کامیاب  بلے باز دسون شانکا رہے جنہوں نے 44 گیندوں پر نصف سینچری اسکور کی، ان کی اننگز میں تین چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، کسل پریرا 30 اور ڈینوشکا گناتیلکا نے 19 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن اور عادل راشد نے دو دو وکٹ حاصل کی۔

    یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی

    جواب میں انگلینڈ نے ہدف کو 17 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، انگلینڈ کی جانب سے جاز بٹلر نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے، جیسن رائے نے 36 رنز کی اننگز کھیلی، سری لنکا کی جانب سے دوشمنتھا چمیرہ اور ایسرو اڈانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،

    جاز بٹلر کو شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، اسی فتح کے ساتھ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا۔

  • مقبوضہ وادی ایک بار پھر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

    مقبوضہ وادی ایک بار پھر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

    سری نگر: نام نہاد کل جماعتی کانفرنس سے قبل بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج مقبوضہ کشمیر کی قیادت سے ملاقات کریں گے، بھارت نواز کشمیری سیاسی جماعتوں کی قیادت کو دہلی اے پی سی کی دعوت دی گئی ہے۔

    نام نہاد کانفرنس کے زریعے دنیا کو گمراہ کرنے والی مودی سرکار نے دہلی کانفرنس سے قبل مقبوضہ وادی میں ہائی الرٹ کردیا ہے، قابض انتظامیہ نےمقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔

    دوسری جانب کشمیری سیاسی جماعتوں کے الائنس نے مطالبہ مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت فی الفور مقبوضہ وادی کی پانچ اگست سے پہلےکی خصوصی حیثیت بحال کرے۔

    بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی نمائندہ کل جماعتی حریت کانفرنس کو نظر انداز کیا جبکہ نام نہاد اے پی سی میں شرکت کرنے والوں کو ایجنڈہ تک نہیں دیا گیا۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کئے جانے کے اقدام کے دو سال بعد مودی کی بھارت نواز کشمیری رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات ہے، ملاقات کرنے والوں میں محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ اور غلام نبی آزاد شامل ہیں۔

    دوسری جانب حریت رہنما عبدالحمید لون کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نےآج اپنےکٹھ پتلیوں کی کانفرنس بلارکھی ہے ، مودی کی طرف سے کانفرنس دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس، ‘اب کشمیری عوام مودی کے کسی بھی جھانسے میں نہیں آئیں گے

    عبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی ساری حریت قیادت جیلوں میں بندہے، مودی حریت قیادت کوجیلوں میں بند کرکے کا نفرنس کاڈرامہ کررہاہے،اب کشمیری عوام بھارت کےکسی بھی جھانسےمیں نہیں آئیں گے۔

    حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی سرکار نے ہمیشہ کشمیریوں سےدھوکہ کیا، کشمیری عوام کوحق خودارادیت کےسوا کوئی آپشن منظور نہیں، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔

    عبدالحمید لون نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیرکافوجی محاصرہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرے، بھارت کی تاریخ ہےوہ ہمیشہ اپنےوعدوں سے مکر جاتا ہے۔

  • امریکی ریاست میں خوفناک ٹریفک حادثہ

    امریکی ریاست میں خوفناک ٹریفک حادثہ

    واشنگٹن: امریکی ریاست الاباما میں شدید بارشوں اور طوفان کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں بارش اور طوفان کے باعث اٹھارہ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں نو بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دلخراش حادثہ ریاست الباما کے علاقے طللا پوسا کاؤنٹی میں ہوا ،جہاں اسکول طالب علموں کی گاڑی طوفان کے باعث الٹ گئی، جس کے باعث دیگر گاڑیاں بھی اس سے جا ٹکرائی۔

    واقعے میں نوماہ کی بچی سمیت دس افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں آٹھ اسکول طالبات بھی تھیں۔

    الباما کی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خطرناک طوفان ریاست میں تباہی مچانے کے بعد اب بحر اوقیانوس کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں اس کے دوبارہ مضبوط ہونے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔

  • پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان کاکڑ انتقال کرگئے

    پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان کاکڑ انتقال کرگئے

    کراچی: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کےسابق سینیٹر عثمان کاکڑ انتقال کرگئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق پشتونخواہ میپ کےسابق سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی میں انتقال کرگئے، عثمان کاکڑ تین روز قبل سرپرچوٹ لگنےسےشدیدزخمی ہوئےتھے جہاں آج زخموں کی تاب نہ لاتےہوئےچل بسے۔

    ترجمان پی کے میپ نے بھی عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ان کے دماغ کی شریان پھٹ گئی تھی اور وہ کراچی کےنجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

    سابق سینیٹرعثمان کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تھا، عثمان خان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اور صوبائی صدر تھے۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل عثمان کاکڑ کو بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ایئر ایمبولینس کے زریعے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر عثمان کاکڑ بلوچستان کے عوام کے وکیل تھے،عثمان کاکڑ نے پارلیمان میں بلوچستان کے عوام کی نمائندگی کی ۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق سینیٹرعثمان کاکڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئےغمزدہ اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    پشتونخوامیپ نے عثمان کاکڑ کے انتقال پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، پارٹی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس دوران تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہے گی۔

    دوسری جانب مرحوم عثمان کاکڑ کی تدفین بدھ کو ان کے آبائی علاقے مسلم باغ میں ادا کی جائے گی۔

  • فلوریڈا: پریڈ کے دوران ٹرک عوام میں جا گھسا

    فلوریڈا: پریڈ کے دوران ٹرک عوام میں جا گھسا

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں جنونی شخص نے پریڈ کے دوران پک اپ ٹرک لوگوں پر چڑھادیا، واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ہفتہ کے روز جنوبی فلوریڈا میں پیش آیا، جہاں ایک پریڈ کے دوران پک اپ ٹرک اچانک عوام پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔

    دلخراش واقعے کے بعد پریڈ میں افراتفری مچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لئے ادھر اُدھر بھاگنے لگے، مقامی میڈیا کے مطابق پک اپ ٹرک اس پریڈ کا حصہ تھا، جیسے ہی ٹرک گراؤنڈ میں آیا، اس نے تیز رفتاری کے ساتھ ٹرک کو حاضرین پر دوڑایا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ہلاک شخص کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے تاہم فوری طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ حا دثہ تھا یا ڈرائیور نے جان بوجھ کر ٹرک لوگوں پر چڑھایا۔

  • کرونا وائرس: شدید بیمار افراد کے لیے’دوا’ تیار

    کرونا وائرس: شدید بیمار افراد کے لیے’دوا’ تیار

    کرونا وائرس کے آغاز کے ساتھ ہی ماہرین اس کا علاج دریافت کرنے میں مصروف عمل ہوگئےتھے، جس کے نتیجے میں وہ کرونا سے ممکنہ بچاؤ کی مختلف ویکسین بنانے میں کامیاب ہوئے۔

    ایک بار پھر ماہرین نےکرونا وائرس سے متاثرہ افراد کا نیا علاج دریافت کیا ہے جس سے شدید بیمار مریضوں کی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ری جینرون  کے  ماہرین نے یہ علاج دریافت کیا ہے جو کہ مہنگا ضرور ہے تاہم اس سے کرونا سے شدید بیمار افراد کی جان بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

    مونوکلونل اینٹی باڈی علاج صرف ان افراد پر آزمایا جاسکتا ہے جن کے جسم میں پہلے سے کرونا کے خلاف اینٹی باڈیز موجود نہ ہوں اور اس پر دو لاکھ روپے سے چار لاکھ روپے تک کا خرچہ آسکتاہے۔

    اس طریقہ علاج میں کرونا سے شدید متاثرہ افراد کے جسم میں وائرس کے نتیجے میں ہونے والی سوز ش کو روکنے کے بجائے وائرس کو ختم کرنےکے لیے طاقتور اینٹی باڈیز شامل کی جاتی ہیں ، اینٹی باڈیز کرونا وائرس کو قابو کرکے خلیوں کو متاثر کرنے اور ان کی نقل تیار کرنے سے روکتی ہیں۔ٹرائلز کے دوران ثابت ہوا کہ اسپتال میں کرونا سے شدید متاثرہ تین میں سے ایک مریض کی جان نئے طریقہ علاج سے بچ سکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں دس ہزار سے زائد مریضوں پر ٹرائل کے دوران اس سے نہ صرف اموات میں کمی میں مدد ملی بلکہ مریضوں کو وینٹی لیٹر پر جانے سے بھی بچایا جاسکا۔

    اس سے قبل ماہرین کرونا کے علاج کے لیے اسٹیرائیڈز اور جوڑوں کے امراض میں استعمال ہونے والی دوا تجویز کرچکے ہیں۔

     

  • نئے اسرائیلی وزیراعظم کےاقتدار سنبھالتے ہی غزہ پر بمباری

    نئے اسرائیلی وزیراعظم کےاقتدار سنبھالتے ہی غزہ پر بمباری

    تل ابیب: نیا چہرہ وار پرانے، نئے اسرائیلی وزیراعظم نے اقتدار سنبھالتے ہی غزہ پر بمباری کرڈالی۔

    غزہ ایک بارپھر لرز اٹھا،منصب سنبھالتے ہی قدامت پسند اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر بمباری شروع کرادی، سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی طیاروں نے رات گئے غزہ اور خان یونس پربم برسائے، اسرائیلی بم باری سے متعدد عمارتیں ملبےکا ڈھیر بن گئیں۔

    حماس کے ترجمان نے اسرائیلی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی یروشلم میں مقدس مقامات کے دفاع کے لیے مزاحمت جاری رکھیں گے۔

    دوسری جانب نئی اسرائیلی حکومت کی اجازت ملنے پر یہودیوں نے غیر قانونی آباد کاری کے حق میں بیت المقدس کی جانب مارچ کیا اورنفرت انگیز نعرےلگائے، ریلی کیخلاف احتجاج پر اسرائیلی فورسز فلسطینیوں پرٹوٹ پڑی اور سترہ سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گزشتہ ماہ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والی گیار روزہ لڑائی کے بعد جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد سے غزہ پر فضائی بمباری کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

    مئی کے مہینے میں ہونے والی محدود پیمانے کی جنگ میں درجنوں کم سن بچوں اور خواتین سمیت تقریباً ڈھائی سو فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

  • افغان فورسز اور طالبان میں گھمسان کی جنگ، کئی ہلاکتیں

    افغان فورسز اور طالبان میں گھمسان کی جنگ، کئی ہلاکتیں

    کابل: افغان فورسز نے طالبان کے خلاف کئی صوبوں میں آپریشن کیا ہے،آپریشن کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد طالبان کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران افغان فورسز نے قندوز، ہلمند، غزنی، ہرات سمیت نو صوبوں میں کئے، آپریشن کے دوران ایک سو ساٹھ طالبان ہلاک ہوئے جبکہ ایک سو آٹھ زخمی ہوئے۔

    افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان فورسز کے آپریشن کے دوران صوبے قندھار میں اٹھارہ، غزنی میں سترہ، ہلمند میں چودہ اور قندوز میں بارہ طالبان مارے گئے۔

  • معاملات حل: حسن علی نے وطن واپسی کا فیصلہ موخر کردیا

    معاملات حل: حسن علی نے وطن واپسی کا فیصلہ موخر کردیا

    دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی نے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    دو روز قبل فاسٹ بولر حسن علی نے پی ایس ایل کا بائیو سیکیور ببل چھوڑ کر وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا،اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ اہم وجوہات کی بنا پر میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز سے دستبردار ہورہا ہوں، فیملی مسائل کے باعث وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہیں کرسکوں گا کیونکہ کچھ چیزیں کرکٹ سے بڑھ کر اور فیملی سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آج ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنائی گئی کہ حسن علی ٹیم کی جانب سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلیں گے۔
    پریس ریلیز کے مطابق حسن علی نے بتایا کہ ان کا خاندان ایک نجی مسئلے سے دوچار تھا، جسے میری بیوی نے اپنی ذہانت کے بل بوتے پر حل کرلیا ہے، میری بیوی نے مجھے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گی، وہ چاہتی ہیں کہ میں اپنی کرکٹ اور کیریئر پر توجہ دوں ۔

    حسن علی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں میرا بھرپور ساتھ دینے پر اپنی بیوی کو سیلیوٹ کرتا ہوں، اس کی مشاورت کے بعد میں نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ہمارے لئے خوش قسمتی ہے کہ باقی ٹورنامنٹ میں حسن ہمارے لئے دستیاب ہوں گے،لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہیں کہ جو بھی معاملات تھے وہ حل ہوگئے ہیں، ہم حسن علی کی زندگی کے ہر پہلو کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ حسن علی نے گزشتہ میچ میں گلیڈی ایٹرز کے خلاف عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    یاد رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کے ہاں گزشتہ دنوں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی اس دوران وہ ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقہ میں موجود تھے۔