کراچی: اقوام متحدہ کے خصوصی ادارے بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم (ICAO) کے تحت اے ایس ایف اہل کاروں کی جدید تربیت مکمل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سیکورٹی ایجنسی کے بعد انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئیکاؤ) کے تحت ائیر پورٹ سیکورٹی فورس کے افسران اور اہل کاروں کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
اس تربیت کا مقصد مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت فراہم کرنا ہے، اے ایس ایف ذرایع کے مطابق ایئر پورٹ کی حفاظت اور مسافروں کو محفوظ فضائی سفر فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم کی جانب سے دی گئی تربیت کے بعد فضائی سفر مزید محفوظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو گیا ہے۔
دریں اثنا، عا لمی ادارہ برائے انسداد منشیات کے تعاون سے اے ایس ایف اکیڈمی میں آفیسرز اور اہل کاروں کی تربیت کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئیکاؤ ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کے تحت ائیر پورٹ پر مسافروں، سامان اور طیارے کی تلاشی کی تربیت دی گئی، سیکورٹی پروگرام کے تحت اے ایس ایف کو کیمرہ، سی سی ٹی وی کی مانیٹرنگ اور نگرانی کی تربیت کا عمل مکمل کیا گیا۔
قائم مقام ڈی جی اے ایس ایف بریگیڈیئر محمد زبیر نے اس موقع پر کہا کہ اے ایس ایف ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت، سامان اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم فرائض انجام دے رہی ہے، اے ایس ایف پاکستان کی پہلی لائن آف ڈیفنس ہے۔