Tag: اے این ایف

  • اے این ایف کی کراچی میں بڑی کارروائی، 7 ارب روپے کی منشیات برآمد

    اے این ایف کی کراچی میں بڑی کارروائی، 7 ارب روپے کی منشیات برآمد

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 ارب روپے کی منشیات برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی میں کارروائی کے دوران 7 ارب روپے کی منشیات برآمد کر لی۔ اے این ایف نے بتایا کہ بیلجئیم جانے والے کنٹینر سے 700 کلو ہیروئین اور 80کلو افیون برآمد کی گئی۔

    انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ضبط منشیات کی مالیت 7 ارب روپے ہے، کنٹینر ساہیوال سے ایک شخص کے نام پر بک کیا گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے سمندر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ارب 25 کروڑ روپے کی منشیات برآمد کی تھی۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اور اے این ایف نے بلوچستان کے علاقے پشوکان سے ملحقہ سمندر میں مشترکہ کارروائی کی۔

    یاد رہے کہ رواں سال 10 فروری کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی 98 کروڑ روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لی تھی۔اے این ایف کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے ہالینڈ بھجوائی جا رہی تھی۔منشیات کنٹینر کے نچلے حصے میں منشیات انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

  • اے این ایف کی چاغی میں بڑی کارروائی، 1020 کلو ہیروئن برآمد

    اے این ایف کی چاغی میں بڑی کارروائی، 1020 کلو ہیروئن برآمد

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے چاغی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1020 کلو ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں اے این ایف نے خفیہ معلومات کی بنا پر کارروائی کرتے ہوئے 1020 کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

    ذرائع اے این ایف نے بتایا کہ ہیروئن افغانستان سے بلوچستان کے علاقےگردی جنگل میں لائی گئی تھی، منشیات پاکستان کے راستے بیرون ملک جانا تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اے این ایف نے خفیہ اطلاع ملنے پر چاغی میں کارروائی کرتے ہوئے 12 ارب روپے سے زائد کی منشیات برآمد کی تھی اے این ایف نے کارروائی پاکستان اور ایران کے بارڈر کے قریب ضلع چاغی کی تحصیل تفتان میں کی تھی۔

    ترجمان اے این ایف کا کہنا تھا کہ دوران کارروائی 848 کلو گرام افیون،84 کلو گرام چرس،71 کلو گرام آئس، 53 کلو گرام مارفین اور 32 کلو گردہ چرس برآمد کی گئی۔

  • رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

    رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

    اسلام آباد: اے این ایف نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہورہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کے خلاف رانا ثنا اللہ کو ضمانت دی۔

    اے این ایف کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ٹرائل پر اثر انداز ہوگا، لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ اعلی عدلیہ کے طے شدہ اصولوں سے متصادم ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے کہا صرف 20 گرام ہیروئن کا نمونہ لیبارٹری بھجوایا گیا، ہائی کورٹ کے مطابق 20 گرام کا مطلب مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، ہائی کورٹ نے نظرانداز کیا کہ 15 کلو ہیروئن ایک ہی بیگ سے ملی تھی۔

    این اے این نے درخواست میں کہا کہ ہائی کورٹ نے نظرانداز کیا کہ رانا ثنااللہ بااثر شخص ہیں، رانا ثنا اللہ جیل میں رہ کر بھی اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے رہے، رانا ثنا اللہ ضمانت ملنے کے بعد ٹرائل پر اثر انداز ہوں گے۔

    اے این ایف نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی اجازت دینے کی بھی استدعا کر دی۔

    منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ ضمانت پر رہا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 26 دسمبر کو منشیات برآمدگی کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے لیگی رہنما کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا جس کے بعد ان کو رہا کر دیا گیا تھا۔

  • رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی: فردوس عاشق اعوان

    رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج جلال پور کینال منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں، منصوبے سے پنجاب کے لوگ مستفید ہوں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت توسیع کیس میں نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے، فیصلے کے اندر بہت سے قانونی نقائص ہیں۔ حکومت پاکستان نے نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپیل عوامی مفاد کے لیے دائر کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیس میں تفصیلی فیصلے میں کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں۔ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) رانا ثنا اللہ کی رہائی کے تفصیلی فیصلے پر اپیل دائر کرے گی۔ اے این ایف قومی ادارہ ہے اس کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ادارے کے حوالے سے مسلسل تضحیک آمیز انداز اپنایا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اے این ایف کو رانا ثنا سے ذاتی دشمنی یا عناد نہیں تھا۔ تاثر دیا گیا کہ رانا ثنا اللہ سے اے این ایف کے ذریعے سیاسی انتقام لیا گیا۔ کیس کے تفصیلی فیصلے میں میڈیا کہہ رہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بے گناہ ہیں، میڈیا پر لگنے والی عدالتیں زیادہ طاقتور ہیں تو یہ بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ اس سے لیا جاتا ہے جس سے ریکوری کرنا ہوتی ہے۔ اے این ایف کے اکثریت کیسز میں جائے وقوع پر ہی ابتدائی کارروائی ہوتی ہے۔ تصدیق کے لیے سیمپل چند گرام کا ہی بھیجا جاتا ہے۔

  • اسلام آباد، ملتان ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد، ملتان ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: اے ایس ایف نے اسلام آباد اور ملتان ایئرپورٹ پر بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 خواتین سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران مسافرکے سامان سے 840 گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے مطابق خیبرکا رہائشی زیرہ جان جی ایف 771 سے بحرین جا رہا تھا، مسافرکو گرفتار کر کے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

    دوسری جانب ملتان ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔ اے ایس ایف کے مطابق مسافروں کے سامان سے 4 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بتایا کہ 2خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    یاد رہے کہ رواں ماہ 6 نومبر کو نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے عمان جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کلو 378 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی تھی۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) حکام کے حوالے کردیا گیا۔

  • حکومت کا منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    حکومت کا منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    پشاور: وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ہماری نسل اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے منشیات کی روک تھام پر توجہ نہیں دی، ماضی میں اے این ایف کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا رہا ہے، ملک بھر میں اے این ایف اہلکاروں کی تعداد 2900 ہے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ منشیات کی نئی شکل آئس اور کرسٹل نوجوان نسل کو برباد کر رہی ہے، بدقسمتی سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے مگر مچھ چاہیں جتنے بھی بڑےعہدے پر ہوں،عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

    وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے سینٹرز کے قیام پر بھی کام کر رہے ہیں، بچے والدین کی توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے مگرمچھ ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں، کوئی چاہے کتنا بھی بڑا ہو، معاف نہیں کیا جائے گا، ہماری نسل اورپاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ 25 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں منیشات فروخت کرنے والے گروہ کے رکن کو 6 کلو ہیروئن سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

  • رانا ثنا اللہ کے پاس خریداری کے لیے اربوں روپے کہاں سے آئے، شہریار خان آفریدی

    رانا ثنا اللہ کے پاس خریداری کے لیے اربوں روپے کہاں سے آئے، شہریار خان آفریدی

    اسلام آباد: وزیرمملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے پاس خریداری کے لیے اربوں روپے کہاں سے آئے، رانا ثنا اللہ اثاثے خریدتے رہے بیچے نہیں تو پیسے کہاں سے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت شہریار خان آفریدی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے منشیات سمیت گرفتار کیا، ثبوتوں میں برآمد ہیروئن، اسلحہ، رپورٹ اور2 درجن قریب گواہان ہیں۔

    شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ملک کا پہلا ٹرائل ہوگا جس میں ایک بھی گواہ طلب نہیں کیا گیا، ہم نے قانون کے تحت ملزمان کو کاپیاں فراہم کیں۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے پاس خریداری کے لیے اربوں روپے کہاں سے آئے، رانا ثنا اللہ اثاثے خریدتے رہے بیچے نہیں تو پیسے کہاں سے آئے۔

    وزیرمملکت نے کہا کہ ہمارے گواہان کی زندگی کو خطرہ ہے، وکیل پرحملہ ہوا، گواہان کو بھی خطرہ ہے، آئی جی پنجاب فوری طور پر گواہان کو تحفظ فراہم کریں۔

    شہریار خان آفریدی نے کہا کہ آئین کے تحت وردی والے اہلکار پر آئین میں بھی تنقید نہیں کی جاسکتی، رانا ثنا اللہ کھلےعام اے این ایف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    وزیرمملکت نے کہا کہ اےاین ایف کی ٹیم پرلاہور میں حملہ ہوا، اے این ایف اہلکاروں کو دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے۔ رانا ثنااللہ کا مقدمہ اے این ایف کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کون سی ایسی طاقتیں ہیں جو کھلےعام منشیات فراہم کر رہی ہیں؟، دنیا کی نظریں پاکستان اور پاکستان کے اداروں پر ہیں، اےاین ایف کی کارکردگی پر دنیا فخر کرتی ہے۔

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا

    یاد رہے کہ رانا ثنا اللہ کو یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

  • رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

    رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

    لاہور: عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں سابق صوبائی وزیرقانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔

    مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ رانا ثنااللہ کا موبائل فون قبضے میں لیا گیا۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ رانا ثنااللہ نےعلاقہ مجسٹریٹ کے روبرو بیان دیا تھا، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گن پوائنٹ پر روای ٹول پلازہ سے تھانے لایا گیا۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کیا کیس کی تحقیقات قانون کے مطابق کی گئیں، اب ماڈرن ڈیوائسز کے ذریعے تحقیقات کی جاتی ہیں، رانا ثنا اللہ کا موبائل ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    وکیل صفائی نے سماعت کے دوران عدالت سے استدعا کی کہ تفتیشی افسر کو موبائل ریکارڈ کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔ اے این ایف کے وکیل نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھی عدالتی کارروائی ریکارڈ کر رہے ہیں، اس کی ڈبنگ کرکے بلیک میل کیا جاتا ہے۔

    وکیل اے این ایف نے کہا کہ پہلے ملزم کا سی ڈی آر اور فون ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، کل کوگھر والوں کا ریکارڈ طلب کیا جائے گا، ہمارا مقدمہ سیدھا ہے یہ عدالت ٹرائل نہیں کر رہی، جو چیزیں مانگ رہے ہیں وہ ٹرائل کے لیے ضروری ہیں۔

    اے این ایف کے وکیل نے کہا کہ درخواست کے مطابق فرد جرم عائد کر کے روزانہ ٹرائل شروع کیا جائے۔ پراسیکیوٹر اے این ایف نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز30 دن تک سیف سٹی اتھارٹی محفوظ رکھتی ہے۔

    وکیل اے این ایف نے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے 39 دن تک گاڑی کی فوٹیجز محفوظ رہیں، عدالت میں 16 کیمروں کا بتایا گیا ، صرف 3 کیمروں کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔

    پراسیکیوٹر اے این ایف نے کہا کہ ملزم باہر جا کر بے بنیاد پراپیگنڈا کرتے، کیچڑ اچھالتے ہیں، فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ باہر والا کام باہر کریں، عدالت والا کام عدالت میں کریں۔

    عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کو 2 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے رانا ثنا اللہ کے نمبرکا سی ڈی آر طلب کرلیا۔

    رانا ثنا اللہ کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جوڈیشل کمپلیکس کے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔

    انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران سیف سٹی اتھارٹی ک جانب سے گاڑیوں کی فوٹیج اور رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی تھی، رانا ثنا اللہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمے کا مدعی اور تفتیشی اے این ایف سے ہیں، قانون کے مطابق تفتیش آزادانہ ہونی چاہیئے۔

    وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ فوٹیج محفوظ ہے ضائع ہونے کا اب خدشہ نہیں، رانا ثنا اللہ کا مؤقف سی سی ٹی وی فوٹیجز کے بعد سچ ثابت ہوا۔

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا

    یاد رہے کہ رانا ثنا اللہ کو یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

  • کراچی ایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی، منشیات برآمد

    کراچی ایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی، منشیات برآمد

    کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو گرفتار کرکے ڈھائی کلو منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے شارجہ جانے والے مسافر کے سامان سے ڈھائی کلو منشیات برآمد کرلی۔

    اے ایس ایف کے مطابق مسافر پی کے257 کے ذریعے شارجہ جا رہا تھا، مسافر پی کے257 کے ذریعے شارجہ جا رہا تھا۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔

    رواں سال اگست میں نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے ابوظہبی جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کلو 600 گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اے ایس ایف کے مطابق مسافر اللہ یارنجی ایئرلائن سے ابوظہبی جانا چاہتا تھا، ہیروئن کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ 2 افراد گرفتار

    یاد رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر کے قبضے سے1 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اے این ایف حکام کے مطابق ملزم چائے کے پیکٹ میں آئس ہیروئن چھپا کراسمگل کرنا چاہتا تھا، ملزم ثاقب کے ہمراہ خاتون جمیل اختربھی سفرکرنا چاہتی تھی۔

  • منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی، اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 گرفتار

    منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی، اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 گرفتار

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    اے این ایف کے ذرایع کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ ایم ون کے قریب منشیات کے اسمگلروں کے خلاف ایک اہم کارروائی کی گئی ہے، جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک رہنما کے دو بیٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ملزمان کو 3 گاڑیوں میں منشیا ت کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے، یہ کارروائی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

    ذرایع نے بتایا کہ کارروائی میں ضلع خیبر کے اے این پی رہنما عمران آفریدی کے 2 بیٹے کامران اور عرفان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں اے این پی رہنما کا بھتیجا فیضان اور جوہر آفریدی بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک توسیع

    اے این ایف کے مطابق جن 3 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے ان میں 2 بی ایم ڈبلیو اور سرف شامل ہیں، 128 کلو چرس اور افیون پشاور سے اسلام آباد اسمگل کی جا رہی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے پنجاب کے رہنما رانا ثنا اللہ کو بھی منشیات کیس میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    چار دن قبل منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا کو انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا لیکن جج کی عدم موجودگی کے باعث ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک توسیع کی گئی۔