Tag: اے این ایف

  • اسلام آباد اورپشاورایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی، کروڑوں روپے کی ہیروئن برآمد

    اسلام آباد اورپشاورایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی، کروڑوں روپے کی ہیروئن برآمد

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد اور پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمسقط جانے والی نجی ایئرلائن کے مسافر سے ہیروئن برآمد کرلی، ملزم نے 7 کلو سے زائد ہیروئن بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسافر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

    دوسری جانب اے این ایف نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کارروائی کرتے ہوئے مسقط جانے والی نجی ایئر لائن کے مسافر سے ہیروئن برآمد کرلی ،ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    یاد رہے کہ 11 جولائی کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتارکیا تھا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ 2 افراد گرفتار

    واضح رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر کے قبضے سے1 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اے این ایف حکام کے مطابق ملزم چائے کے پیکٹ میں آئس ہیروئن چھپا کراسمگل کرنا چاہتا تھا، ملزم ثاقب کے ہمراہ خاتون جمیل اختربھی سفرکرنا چاہتی تھی۔

  • رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اے این ایف کو ارسال

    رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اے این ایف کو ارسال

    فیصل آباد: پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے اے این ایف کو بھیجی گئی رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی، یہ رپورٹ رانا ثنا کے دس ساتھیوں کے کرمنل ریکارڈ پر مشتمل ہے۔

    اے این ایف حکام نے پولیس افسر غلام محمود سے ریکارڈ طلب کیا تھا اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی تفصیل بھی مانگی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ایم پی اے خلیل طاہر سندھو کو کلین چٹ دی گئی ہے، خلیل طاہر کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ کے خلاف عدالت میں چالان جمع

    تاہم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 افراد رانا اظہر، شمو عرف صابی اور عمران دولت منشیات فروشی میں ملوث ہیں، رانا اظہر 3 تھانوں میں 5 منشیات فروشی، بجلی چوری کے مقدمےمیں چالان یافتہ ہے، جب کہ شمو صابی شراب فروشی اور عمران دولت منشیات فروشی میں ملوث ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 سابق یو سی چیئرمین ساجد الیاس اور رانا مظفر کے خلاف بھی کوئی مقدمہ نہیں ہے۔ پرویز جٹ، رانا ارشد، رانا شریف، شیخ عمران کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود نہیں۔

    خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

    منشیات کی روک تھام کے حوالے سے بنائی جانے والی فورس نے عدالت میں 200 صفحات پر مشتمل چالان جمع کرایا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو قصور وار قرار دیا گیا جب کہ مسلم لیگ ن کے دیگر 6 رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا۔

  • اے این ایف کا آرپی او کو مراسلہ، رانا ثنا کے ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ طلب

    اے این ایف کا آرپی او کو مراسلہ، رانا ثنا کے ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ طلب

    فیصل آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے آر پی او کو مراسلہ لکھ دیا جس میں رانا ثنا اللہ کے ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے گرفتار رکن قومی اسمبلی رانا ثنا کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، اے این ایف نے آرپی او کو مراسلہ لکھ کر رانا ثنا کے ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ طلب کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق ان افراد کے منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے، اے این ایف کی جانب سے سابق وزیر سمیت 10 افراد کا ریکارڈ مانگا گیا ہے۔

    مراسلہ کے مطابق سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کا کرمنل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، اے این ایف کی فہرست میں 2 یوسی چیئرمین کا بھی ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    اے این ایف کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ سے تفتیش کے دوران ان افراد کے نام سامنے آئے تھے، ان افراد میں سابق یوسی چیئرمین ساجد جٹ، رانا مظفر، پرویز جٹ، رانا ارشد بھی شامل ہیں۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے شمعون مسیح عرف صابی، رانا اظہر، عمران کے مجرمانہ کوائف طلب کیے گئے ہیں، رانا شریف اور شیخ عمران مانو کا کرمنل ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے جیل بھجوادیا تھا۔

    یاد رہے یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سے لاہورجاتے ہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی ، جس کے بعد ترجمان اے این ایف نے گرفتاری کی تصدیق کردی تھی۔

  • وفاقی وزیر شہریار آفریدی کا اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    وفاقی وزیر شہریار آفریدی کا اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منشیات کی روک تھام کے لیے کی گئی ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک نے اعلیٰ افسران کے ہمراہ وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔

    ڈی جی اے این ایف نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ اے این ایف منشیات کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں آگاہی مہمات چلانے میں مصروف عمل ہے۔

    ترجمان کے مطابق ڈی جی اے این ایف نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ رواں سال محکمے نے 7 سو 22 مقدمات درج کر کے 8 سو 29 ملزمان کو گرفتار کیا۔ بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو اے این ایف کی آپریشنل کامیابیوں کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے اے این ایف کی پیشہ وارانہ کامیابیوں اور قومی و علاقائی سطح پر منشیات کی روک تھام کے لیے کی گئی کاوشوں کی تعریف کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے محکمے کے ملازمین کی تنخواہیں اور شہدا پیکج کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے برابر لانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

  • لاہور، رانا ثنا اللہ کیس میں پولیس افسران کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں

    لاہور، رانا ثنا اللہ کیس میں پولیس افسران کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کیس میں پولیس افسران کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں، اے این ایف نے افسران کی حوالگی کے لیے پنجاب پولیس کو درخواست بھیج دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کیس میں فیصل آباد میں تعینات رہنے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، ملک خالد ڈی ایس پی ایس پی یو کو گرفتار کرلیا گیا، ملک خالد کا کچھ عرصہ پہلے فیصل آباد سے ایس پی یو تبادلہ کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایس ایس پی فیصل آباد رائے ضمیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز شاہد انوار کے مطابق رانا ثنا اللہ کے دوران تفتیش اہم انکشافات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، رانا ثنا اللہ کی سفارش پر فیصل آباد میں تعینات افسران کی فہرست طلب کرلی گئی ہے۔

    فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کی جانب سے قبضوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں، منشیات کیس میں رانا ثنا کے اثاثوں، گاڑیوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: راناثنا اللہ نے تنہائی دور کرنے کیلئے جیل میں کتابیں پڑھنا شروع کردیں

    رانا ثنا اللہ کے گھروں، زمین اور مختلف کمپنیوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، انسداد منشیات فورس نے تمام اداروں کو اس سلسلے میں خطوط ارسال کردئیے۔

    اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفتیش کرنا چاہتے ہیں کہ اثاثے منشیات کی رقوم سے تو نہیں بنے۔

    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کو 15 کلو ہیروئن اسمگلنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں رانا ثنا کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے رانا ثنا کو منشیات کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

  • اے این ایف کے پاس رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، شہباز گل

    اے این ایف کے پاس رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، شہباز گل

    لاہور: ترجمان وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ نئے سیل میں اپنے 6 ساتھیوں کے ساتھ بڑی بیرک میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اے این ایف کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جو وہ عدالت میں پیش کرے گی۔

    شہباز گل نے کہا کہ اےاین ایف اس نیٹ ورک کے لوگ پہلے سے ہی پکڑ چکی تھی، رانا ثنا الله کی گرفتاری کے بعد یہ مکمل ہوا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے کہا کہ کہتے ہیں رانا ثنا اللہ کو جیل میں بنیادی سہولیات نہیں دی جا رہیں، رانا ثنا اللہ نئے سیل میں اپنے 6 ساتھیوں کے ساتھ بڑی بیرک میں ہیں۔

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لیا تھا۔

    رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

    بعدازاں اگلے روزعدالت نے مسلم لیگ ن کے گرفتار رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا تھا ، رانا ثنااللہ پرگاڑی سے 15 کلو ہیروئن سمیت 21 کلو منشیات برآمد ہونے کا الزام ہے۔

  • اے این ایف کی کراچی میں کارروائی، 18 کلو منشیات برآمد

    اے این ایف کی کراچی میں کارروائی، 18 کلو منشیات برآمد

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اسلام آباد نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے 18 کلو منشیات برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ منشیات فورس نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران اٹھارہ کلو گرام منشیات پکڑ لی، یہ منشیات فیصل آباد سے کراچی اسمگل کی گئی تھی۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم پر 18 کلو منشیات برآمد ہوئی جو بیڈ شیٹ کے کنٹینر میں چھپائی گئی تھی، یہ کنٹینر نارتھ امریکا کے لیے بک کرایا گیا تھا۔

    ادارہ انسدادِ منشیات کے مطابق بین الاقوامی سطح پر برآمد کی گئی منشیات کی قیمت 18 کروڑ روپے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    خیال رہے کہ آج اے این ایف نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ سمیت 6 ملزمان کو لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا، منشیات اسمگلنگ کیس میں عدالت نے ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ اور شریک ملزمان سے 15 کلو ہیروئن برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، منشیات ضبط کر لی گئی ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، جس پر عدالت نے رانا ثنا سمیت شریک ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق رانا ثنا اللہ کوموٹر وے سے ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے حراست میں لیا مسلم لیگ ن کے رہنما کے ساتھ گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔

  • رانا ثنا کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں: صمصام بخاری

    رانا ثنا کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں: صمصام بخاری

    گوجرانوالہ: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں، انھیں ماڈل ٹاؤن شہدا کو قتل کرانے پر پہلے گرفتار ہونا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری اے این ایف نے کی، ان پر منشیات کے کاروبار سے پیسے کمانے کا الزام ہے۔

    صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں قبضے اور لوگوں پر ظلم کیے۔

    انھوں نے پلی بارگین کے حوالے سے کہا کہ یہ نیب کا قانون ہے، پلی بارگین ڈیل یا این آر او نہیں ہے، نواز شریف کو مرسی سے ملانا بڑی زیادتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا: شہباز شریف

    وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز شریف نے گھر کا کھانا بند کرنے کا واویلا مچا رکھا ہے، وہ بڑے آدمی ہیں انھیں دال روٹی کیسے کھلائی جا سکتی ہے، جو ڈاکٹر کہیں یا میاں صاحب کی خواہش ہوگی، وہ جیل کا کک بنا کر دے گا۔

    واضح رہے کہ آج اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ پر سراسر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے، جہاں منشیات بکتی اور استعمال ہوتی تھیں، وہاں کارروائی کی جائے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا۔

  • اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف اے این ایف نے مقدمہ درج کرلیا، رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق رانا ثنا اللہ کوموٹروے سے ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے حراست میں لیا مسلم لیگ ن کے رہنما کے ساتھ گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات فروشوں سے تعلق کی تحقیقات جاری تھیں۔

    اے این ایف ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران گاڑی سے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کی گئی تھی، گاڑی سے برآمد منشیات میں ہیروئن شامل تھی۔

    اے این ایف ذرائع نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں 2 افراد کوگرفتارکیا گیا تھا، دوران تفتیش انکشاف ہوا ملزمان کا تعلق رانا ثنااللہ سے ہے، ہیروئن اسمگلنگ کے کاروبارمیں خواتین کو بھی استعمال کیا جاتا رہا۔

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لیا تھا۔

  • رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    لاہور: ایم این اے رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر پولیس کا سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا، پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے 400 سے زائد اہل کار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون رانا ثنا کو ضلع کچہری میں پیش کیا جائے گا، جس کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، ایس پی سیکورٹی کا کہنا ہے کہ اس موقع پر چار سو سے زائد سیکورٹی اہل کار نگرانی کریں گے۔

    ایس پی سیکورٹی فیصل شہزاد نے بتایا کہ اینٹی رائٹ فورس کی 6 ریزورز مکمل تیاری کے ساتھ تعینات ہوں گی، اینٹی رائٹ فورس کے ساتھ مقامی پولیس بھی تعینات ہوگی، پولیس کی واٹر کینن بھی کچہری کے باہر موجود ہوگی۔

    ایس پی سیکورٹی کے مطابق سادہ لباس میں پولیس انٹیلی جنس کے اہل کار بھی ڈیوٹی دیں گے، قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، سیکورٹی پلان میں رد و بدل اے این ایف کی مشاورت سے کیا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    انھوں نے کہا کہ رانا ثنا کی پیشی کے وقت کچہری جانے والے راستے عارضی طور پر بند کیے جائیں گے، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک وارڈن تعینات ہوں گے۔

    خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔