Tag: اے این پی

  • ن لیگ اور پی پی نے اے این پی کا اعلامیہ کیوں‌ مسترد کیا؟

    ن لیگ اور پی پی نے اے این پی کا اعلامیہ کیوں‌ مسترد کیا؟

    اسلام آباد (18 اگست 2025): وفاقی دارالحکومت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے کو ملک کی دو مرکزی سیاسی جماعتوں نے مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں جاری اعلامیہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بغیر جاری کیا گیا، نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے اعلامیے پر دستخط نہیں کیے۔

    عرفان صدیقی نے کہا یہ ہمارے نہیں آپ کے مطالبات ہیں، نیر بخاری، طارق فضل چوہدری اور عرفان صدیقی اعلامیہ پڑھنے کے دوران اٹھ کر چلے گئے۔

    اعلامیے میں کیا تھا؟


    اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جاری تمام آپریشن فوری بند کیے جائیں، دہشتگردی اور آپریشن سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی کی جائے، سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر فوری امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے، اور ضم اضلاع میں تمام اختیارات سول انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ جانی و مالی نقصانات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے عدلیہ کی نگرانی میں ٹروتھ کمیشن بنایا جائے، نام نہاد ڈیتھ اسکواڈ، غیر قانونی مسلح جتھوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ معدنیات اور وسائل پر صوبوں کے آئینی حقوق تسلیم کیے جائیں، نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ پر آئین کے تحت عمل کیا جائے اور میڈیا پر پابندیاں ختم کی جائیں۔

    قبل ازیں، کانفرنس سے خطاب میں عرفان صدیقی نے اصل صورت حال کو نظر انداز کرتے ہوئے اعتراض ’بے اثر‘ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں اس حکومت میں شہری حقوق نہیں ہیں، مارشل لا لگا ہوا ہے، مارشل لا ہوتا تو کیا ہم یہاں بیٹھے ہوتے۔

    کانفرنس کے دوران میزبان ایمل ولی خان نے پی ٹی آئی کے جمہوری کردار پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے پہلے تو بیرسٹر گوہر کی اے پی سی میں عدم شرکت کا شکوہ کیا، اور پھر کہا موجودہ ہو یا سابقہ کسی حکومت نے آئین پر عمل نہیں کیا۔

  • اے این پی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کردیا

    اے این پی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کردیا

    اسلام آباد : عوامی نیشنل پارٹی ( اےاین پی) نے بلوچستان سے منتخب سینیٹرعمر فاروق کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کردیا۔

    ‌تفصیلات کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آج ہورہا ہے ، عوامی نیشنل پارٹی ( اےاین پی) نےڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےلیے اپنا امیدوارنامزدکردیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اے این پی نےبلوچستان سےمنتخب سیینٹرعمرفاروق کو ڈپٹی چیئرمین کا امیدوار نامزدکیا ہے۔

    حکومت اور اتحادیوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ن لیگ کو دینے کا فیصلہ کیا تھا، چیئرمین کیلئے یوسف رضاگیلانی حکومتی اتحادکے امیدوار ہیں۔

    پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے باعث گیلانی کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا امکان ہے تاہم اے این پی کا امیدوار آنے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئےووٹنگ ہوگی ۔

    خیال رہے ایوان بالاکےنومنتخب اراکین کی حلف برداری کے بعد چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کا چناؤ آج ہوگا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا چناؤ خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔

    چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے 85 سینیٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، حلف برداری کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے۔

    چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار سیکرٹری سینیٹ سے کاغذات موصول اور جمع کراسکتے ہیں ، جس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری کرے گا۔

    امیدواروں کے اعلان کے بعد چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے سیکرٹ ووٹنگ ہوگی اور ایوان میں سادہ اکثریت سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا چناؤ کیا جائے گا۔

    ایوان بالامیں کل ممبران 96 جبکہ موجودہ اراکین کی تعداد 85 ہے تاہم الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب ملتوی کر چکا ہے۔

  • اے این پی کا عام انتخابات کے نتائج مسترد کرنے کا اعلان ، بڑا مطالبہ کردیا

    اے این پی کا عام انتخابات کے نتائج مسترد کرنے کا اعلان ، بڑا مطالبہ کردیا

    پشاور : عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان نے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے تمام انتخابی حلقے کھولنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) نے خیبرپختونخوا کے تمام انتخابی حلقے کھولنے کا مطالبہ کردیا۔

    اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے ان تمام حلقوں کوکھولا جائے جہاں اےاین پی امیدوار دوسرے نمبر پر رہے، عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہیں۔

    ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ الیکشن بدترین تھے، نتائج روز اول سے واضح تھے، پہلے سے اعلان کیا جا رہا تھا کہ وزیراعلیٰ کون ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ لانے کیلئے تمام پارٹی رہنماؤں کو پارلیمان سے باہر رکھا گیا، گونگے بہروں کو اسمبلی پہنچا دیا تاکہ کے پی کیلئے کوئی بات نہ کر سکے۔

  • این اے 25 چارسدہ : اے این پی کے ایمل ولی آگے

    این اے 25 چارسدہ : اے این پی کے ایمل ولی آگے

    کراچی : ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی جانب سے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کی تازہ ترین اپڈیٹ کی فراہمی کا تسلسل بھی برقرار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 25 چارسدہ ٹو میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 315 ووٹ لے کر آگے ہیں۔

    دوسری جانب ان کے مدمقابل جمیعت علماء اسلام کے گوہر شاہ نے 165 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ سال 2018میں ہونے والے الیکشن میں اس حلقے سے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نشست ہار گئے تھے۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستند اور تازہ ترین نتائج ناظرین تک پہنچانے کی روایت کو برقرار رکھا ہے، ملک بھر سے اے آر وائی نیوز کو ابتدائی نتائج موصول ہو رہے ہیں۔

     

  • ایم کیو ایم پاکستان کا پی ایس 88 میں شاہی سید کی حمایت کا اعلان

    ایم کیو ایم پاکستان کا پی ایس 88 میں شاہی سید کی حمایت کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے پی ایس 88 میں عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو ایم کیو ایم کا ایک وفد مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں مردان ہاؤس پہنچا، جہاں اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید اور یونس بونیری نے ان کا استقبال کیا۔

    شاہی سید اور مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو بھی کی، شاہی سید نے کہا میں تہہ دل سے مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، باران رحمت اور سیاسی گہما گہمی میں یہ ہمارے پاس آئے، ہم لوگوں نے ہی مل کر اس شہر میں کام کرنا ہے۔

    شاہی سید نے کہا میں اپنے کارکنوں کو کہوں گا کہ وہ بھی ایم کیو ایم کی مدد کریں، الیکشن میں جہاں جہاں ایم کیو ایم کو ضرورت ہے ساتھ کھڑے ہوں گے، حکومت کسی کی بھی بنے ہم مل کر کام کریں گے، یہ نا ممکن کام ممکن ہو گیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا میں شاہی سید و رفقا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ہماری میزبانی کی، سیاسی گہما گہمی میں شاید ابھی میری بات سمجھ نہ آئے کہ یہ تاریخی لمحہ ہے، ہم پی ایس 88 سے شاہی سید کی غیر مشروط حمایت کریں گے، ہمارے کارکنان الیکشن والے دن ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    انھوں نے کہا ہم کوئی ڈیمانڈ لے کر نہیں آئے، ہمیں شہر میں امن چاہیے، مہاجر اور پختون بھائی ایک ساتھ کھڑے نظر آئیں، ہمارے پاس اگر اور بھی کوئی سیاسی آفر ہوتی تو ہم وہ بھی کرتے۔

  • اے این پی کا نواز شریف سے معافی مانگے کا مطالبہ

    اے این پی کا نواز شریف سے معافی مانگے کا مطالبہ

    خیبرپختونخوا کے عوام سے متعلق بیان پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے نواز شریف سے معافی مانگے کا مطالبہ کردیا۔

    عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے ٹوئٹر پر نواز شریف کے بیان کی مذمت کی اور لکھا نوازشریف صاحب اپنے الفاظ واپس لے کر پوری قوم سے معافی مانگیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے قائد اور تین بار وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والے شخص کو یہ زیب نہیں دیتا کہ ایک صوبے کے عوام کو بیوقوف کہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کس منہ سے یہاں آکر ووٹ مانگیں گے، ماضی میں اسی جماعت نے ہمارے حقوق دینے سے انکار کیا تھا، جس پر عبدالولی خان نے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔

    ثمربلور نے مزید کہا کہ نوازشریف صاحب شاید آج ایک بار پھر تاریخ دہرا رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والا ہر شخص اس ملک میں معزز سمجھا جاتا ہے لیکن پختونخوا کے عوام کے نمائندے ابھی زندہ ہیں۔

    خیال رہے کہ لاہور میں منشور جاری کرنے کی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نےکہا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ آسانی سے بیوقوف بن جاتے ہیں، یہ بیماری خیبرپختونخوا سے ہی آئی ہے، 2013 میں ان کی حکومت بننے ہی نہیں دینی تھی، نہ ہوتا بانس نہ بجتی بانسری۔

  • عدالتی احاطے میں اے این پی کارکنان کا ایمل ولی کے خلاف درخواست گزار پر تشدد

    عدالتی احاطے میں اے این پی کارکنان کا ایمل ولی کے خلاف درخواست گزار پر تشدد

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے کارکنان نے ایمل ولی خان کے خلاف درخواست دینے پر فضل محمد خان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این پی کے کارکنان نے پشاور ہائیکورٹ کے احاطے میں ایمل ولی کے خلاف درخواست دائر کرنے والے پی ٹی آئی رہنما پر حملہ کر دیا۔

    اے این پی کے کارکنوں اور وکلا نے فضل محمد خان پر تھپڑوں کی بارش کر دی، لاتیں بھی ماریں، جس سے پی ٹی آئی رہنما زخمی ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں سامنے آنے والی ویڈیو میں اے این پی کارکنان کو درخواست گزار فضل محمد کے پیچھے بھاگتے اور مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری طرف ایمل ولی خان نے سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے معافی مانگی ہے نہ مانگوں گا، میں اپنے مؤقف پر آج بھی قائم ہوں۔ ادھر عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ویڈیو میں اے این پی کے کیسز نہ سننے کا گلہ کرنے پر اے این پی کے تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

  • اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

    اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے پشاور سے عوامی نیشنل پارٹی کی اہم وکٹ اڑا دی، اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی عابد اللہ یوسفزئی نے اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر پی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی خیبر پختون خوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے وفد کے ہمراہ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر صوبائی رہنما اور باچا خان مرکز کے سابق سربراہ عابد اللہ یوسفزئی سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے اے این پی رہنما کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کرتے ہوئے پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

    ملاقات کے دوران عابد اللہ یوسفزئی نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ عابد اللہ یوسفزئی عوامی نیشنل پارٹی پشاور میٹروپولیٹن کے صدر اور باچا خان مرکز کے سابق انچارج تھے، عابد اللہ یوسفزئی کا شمار عوامی نیشنل پارٹی کے سنیئر رہنماؤں اور اسفند یار ولی خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

  • عام انتخابات کی تیاریاں، اے این پی نے انتخابی منشور تیار کر لیا

    عام انتخابات کی تیاریاں، اے این پی نے انتخابی منشور تیار کر لیا

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے عام انتخابات کی تیاریاں کرتے ہوئے انتخابی منشور تیار کر لیا، جس کا اعلان پیر کے روز کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اے این پی نے عام انتخابات کے لیے منشور تیار کر لیا ہے، جس کا عنوان روشنی رکھا گیا ہے، منشور میں یونیورسٹی کی سطح تک مفت تعلیم کا وعدہ شامل کیا گیا ہے، اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طالبات کو 5000 روپے ماہانہ وظیفہ بھی منشور کا حصہ ہوگا۔

    ذرائع اے این پی کے مطابق صوبائی سطح پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا قیام، ضلعی حکومتوں کو مکمل خود مختاری دینے کے لیے قانون سازی، نوجوانوں کے لیے اے این پی یوتھ پروگرام کا اجرا، خواتین کے لیے مخصوص فنڈ کو منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    غگ، سورہ اور چھوٹی عمر میں شادی پر پابندی کے لیے قانون سازی، ضم اضلاع میں خصوصی اکنامک زون کا قیام، ہر حلقے میں اسپورٹس کمپلیکس کا قیام بھی اے این پی کے منشور کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے، اے این پی کے امیدواروں نے انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

  • باچا خان کے پیروکار سینئر سیاست دان زاہد خان کا اے این پی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

    باچا خان کے پیروکار سینئر سیاست دان زاہد خان کا اے این پی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خیبر پختون خوا سے اے این پی کی بڑی وکٹ گرانے کی تیاریاں جاری ہیں، باچا خان کے پیروکار سینئر سیاست دان زاہد خان نے اے این پی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان سے رابطے شروع کر دیے ہیں، پی پی کی جانب سے زاہد خان کی پارٹی میں شمولیت کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ زاہد خان سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے معاملات حتمی مراحل میں ہیں، اور ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت جلد متوقع ہے، پی پی کی جانب سے زاہد خان کو شمولیت کی باضابطہ دعوت بھی دے دی گئی ہے۔

    پی پی قیادت نے زاہد خان سے رابطوں کی ذمہ داری محمد علی باچا کو دی، محمد علی باچا وزیر مملکت آبی وسائل، صدر پی پی خیبر پختونخوا ہیں، قیادت سے گرین سگنل ملنے کے بعد انھوں نے زاہد خان کو پی پی میں شمولیت کی دعوت دی۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ زاہد خان سے پارٹی شمولیت کے لیے معاملات طے کیے جا رہے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ زاہد خان کو پارٹی عہدہ، قومی یا صوبائی اسمبلی ٹکٹ کی پیشکش کی گئی ہے، زاہد خان سے پیپلز پارٹی کے وفود کی دو ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں، وفد جلد زاہد خان سے دوبارہ ملاقات کرے گا۔

    پی پی ذرائع کے مطابق زاہد خان اے این پی قیادت کے رویے سے شدید دلبرداشتہ ہیں، طویل عرصے سے ان کے اے این پی قیادت سے رابطہ بھی منقطع ہے، اسفندیار ولی خان کے غیر فعال ہونے پر زاہد خان کو پارٹی میں کارنر کر دیا گیا تھا، انھیں طویل عرصے سے پارٹی اجلاسوں میں بھی نہیں بلایا جا رہا۔

    واضح رہے کہ زاہد خان عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں، وہ 1990 سے اے این پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ہیں، زاہد خان کا تعلق خیبر پختون خوا کے ضلع لوئر دیر سے ہے، مسلم لیگ ن بھی زاہد خان کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے چکی ہے۔