Tag: اے نیئر

  • معروف گلوکار اے نیّر احمد رشدی کو استاد کا درجہ دیتے تھے

    معروف گلوکار اے نیّر احمد رشدی کو استاد کا درجہ دیتے تھے

    نام وَر پاکستانی گلوکار اے نیّر 11 نومبر 2016ء کو جہانِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ آج ان کا یومِ‌ وفات ہے۔

    اے نیّر 17 ستمبر 1950ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام آرتھر نیّر تھا اور وہ ایک عیسائی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ انھیں‌ بچپن ہی گلوکاری کا شوق تھا اور وہ پسِ پردہ گائیکوں کی طرح خود بھی پلے بیک سنگر بننا چاہتے تھے، لیکن اس زمانے میں گھر والوں کی مخالفت اور ڈر کی وجہ سے انھیں اپنا یہ خواب پورا ہوتا نظر نہیں آتا تھا۔ وہ گھر والوں سے چھپ کر ریڈیو پر مختلف گلوکاروں کو سنا کرتے اور ان کی طرح گانے کی کوشش کرتے تھے۔ ان کا یہی شوق اور لگن انھیں پاکستان کی فلم انڈسٹری تک لے گئی اور پھر مخالفت کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ اس کے بعد اے نیّر نے کئی گیتوں کو اپنی آواز دے کر لازوال بنایا اور خوب شہرت حاصل کی۔

    1974ء میں انھوں نے پلے بیک سنگر کے طور پر ایک فلم بہشت سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ان کے اوّلین فلمی گانے کے بول تھے، ‘ یونہی دن کٹ جائے، یونہی شام ڈھل جائے…، جب کہ ان کی آواز میں پہلا سپر ہٹ گانا فلم خریدار کا تھا جس کے بول تھے، پیار تو ایک دن ہونا تھا، ہونا تھا ہوگیا۔

    اے نّیر نے اپنے متعدد انٹرویوز میں‌ بتایا کہ ان کے کیریئر میں مشہور گلوکار احمد رشدی کا کردار بہت اہم رہا اور انھوں نے احمد رشدی ہی سے یہ فن سیکھا۔ اے نیّر انھیں اپنے استاد کا درجہ دیتے تھے۔

    1980ء کی دہائی میں اے نیّر کی شہرت عروج پر تھی جس کے دوران انھوں نے 5 بار بہترین گلوکار کا نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ ان کی آواز میں جو گیت مشہور ہوئے ان میں ‘جنگل میں منگل تیرے ہی دَم سے، ‘بینا تیرا نام، ‘ یاد رکھنے کو کچھ نہ رہا، ‘ایک بات کہوں دلدارا اور درد و سوز سے بھرپور شاعری ‘ میں تو جلا ایسا جیون بھر، کیا کوئی دیپ جلا ہو گا’ شامل ہیں۔

    اے نیّر نے لاہور میں ایک میوزک اکیڈمی بھی کھولی تھی۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور 66 سال کی عمر میں دنیا سے ہمیشہ کے لیے منہ موڑ لیا۔

  • گلوکار اے نیئر انتقال کرگئے، وزیراعظم کا اظہار افسوس

    گلوکار اے نیئر انتقال کرگئے، وزیراعظم کا اظہار افسوس

    لاہور: پلے بیک سنگر اے نیئر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لالی ووڈ کے معروف پلے بیک سنگر اے نیر انتقال کرگئے، ان کی عمر 66 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے، مرحوم کے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

    nayar-post-1

    اے نیر نے 1974ء میں گلوکاری کا آغاز کیا، بہترین گلوکاری پر انہوں نے پانچ بار نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا، چار ہزار دو سو گیت گائے

     

    ان کے مشہور گانوں میں ’’میں تو جلا ایسا جیون بھر کیا کوئی دیپ جلا ہوگا‘‘، ’’ملے دو ساتھی کھلی دو کلیاں‘‘،’’ ہم اور تم تم اور ہم‘‘ ، ’’اک بات کہوں دل دارہ‘‘، ’’جنگل میں منگل‘‘،’’کرتا رہوں گا یاد تجھے میں ہونہی صبح و شام اور دیگر شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نعیم حنیف کے مطابق اے نیئر نے انہیں خود بتایا تھا کہ گلوکار نے پرائیڈ آف پرفارمنس کے لیے کئی باراپلائی کیا تاہم انہیں ایوارڈ نہیں دیا گیا۔

    اے نیئر مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے، وزیراعظم کا اظہار افسوس

    وزیراعظم نواز شریف نے اے نیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فن موسیقی کے فروغ میں مرحوم کی خدمات قابل تحسین ہیں،وہ مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔