Tag: اے ٹی آر طیارے

  • پی آئی اے انجینئرز کا شاندار کارنامہ، 2 سال ناکارہ کھڑے اے ٹی آر طیارے کو اڑان کے قابل بنادیا

    پی آئی اے انجینئرز کا شاندار کارنامہ، 2 سال ناکارہ کھڑے اے ٹی آر طیارے کو اڑان کے قابل بنادیا

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے انجینئرز نے شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے دو سال ناکارہ کھڑے اے ٹی آر طیارے کو دوبارہ اڑان کے قابل بنا دیا، جس کے بعد فضائی بیڑے میں شامل اے ٹی آر طیاروں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کے شبعہ انجینئرنگ کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا، انجینرنگ ڈیپارٹمنٹ نے دو سال ناکارہ کھڑے اے ٹی آر طیارے کو دوبارہ سے اڑان کے قابل بنالیا

    اے ٹی آر طیارہ مارچ 2018 سے گراؤنڈ کیا گیا تھا، انجینئرنگ ٹیم اور پی آئی اے کے محنتی کارکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت طیارے کو قابل پرواز بنایا اور ساتھ ہی پی آئی اے نے اپنے وسائل استعمال کر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی۔

    اے ٹی آر طیارے کو آزمائشی پرواز کے بعد آج کراچی سے سکھر کی دوطرفہ معمول کی پروازوں پی کے 536 اور پی کے 537 کے لئے آپریٹ کیا گیا، پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں اے ٹی آر 72طیاروں کی تعداد 03 ہو گئی ہے۔

    مزید پڑھیں :پی آئی اے میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع

    یاد رہے چند روز قبل قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے شعبہ ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ نے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے ناکارہ گاڑیوں اور طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے کروڑوں روپے مالیت کے آلات کو قابل استعمال بنا دیا تھا

    ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ کے عملے نے ناکارہ قرار دیے گئے کروڑوں روپے مالیت کے ٹگ ماسٹر، کنوئیر بیلٹ گاڑی، کوسٹرز اور فورک لفٹر کو دوبارہ سے اپنی مدد آپ کے تحت قابل استعمال بنا کر ادارے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچایا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کے کئی ناکارہ اور خراب ہوجانے والے طیاروں کی بھی مقامی طور پر مرمت کردی گئی تھی اور اس کے لیے بیرون ملک سے کسی ماہر کی خدمات نہیں لی گئیں۔

  • حویلیاں حادثہ : اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ جاری

    حویلیاں حادثہ : اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ جاری

    کراچی : حویلیاں میں حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کا انجن خراب تھا، طیارہ چار ہزار فٹ کی بلندی پر اسپیڈ ڈراپ کرگیا، بلیک باکس کی تحقیقاتی رپورٹ میں تصدیق کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سات دسمبر 2016کو ہونے والے سانحہ حویلیاں میں پی آئی اے کے تباہ شدہ اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پرآگئی، پی آئی اے نے اے ٹی آر حادثہ کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دوران پروازاے ٹی آر طیارے کا ایک انجن اچانک بند ہوگیا تھا۔ انجن بند ہونے کی اطلاع کپتان نے فوری طور پرکنٹرول ٹاور کو دی تھی، کپتان مے ڈے، مے ڈے کی کال کرتا رہا لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارہ زمیں بوس ہوگیا۔

    فلائٹ ڈیٹاریکارڈ کے مطابق چار ہزارفٹ کی بلندی پر طیارے نے توازن کھو دیا تھا، پروازپی کے 661  طیارے کے پروپلر کا حب فری ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے جہاز کنٹرول سے باہرہوا، پنکھے فری ہونے کی وجہ سے طیارے کنٹرول نہ ہوسکا، جس کی وجہ سے کپتان کو مہلت ہی نہ ملی کہ وہ طیارے کو کسی جگہ پراتارسکے۔

    ذرائع کے مطابق طیارے کے پرزہ جات مذکورہ کمپنیوں کو فرانس اورکینیڈا بھیجے گئے ہیں، رپورٹ آنے میں تین سے چار ماہ لگیں گے، جس کے بعد طیارے حادثے کی مکمل رپورٹ بھی منظر عام پر لائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ حویلیاں حادثے کے بعد سابق چئیرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے دعویٰ کیا تھا کہ اے ٹی آر طیارے میں خرابی ہو ہی نہیں سکتی۔

    مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ: جنید جمشید سمیت سینتالیس افراد شہید

    یاد رہے کہ سات دسمبر 2016 کو پی آئی کی پرواز چترال سے اسلام آباد جارہی تھی جسے حویلیاں کے قریب حادثہ پیش آیا، پرواز میں معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید سمیت اڑتالیس مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔