Tag: اے ٹی ایم

  • پاکستان بھر میں اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ کی بندش سے متعلق بڑی خبر آگئی

    پاکستان بھر میں اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ کی بندش سے متعلق بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد: پاکستان بھر میں اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ کا استعمال کرنے والے صارفین کیلئے اہم خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اے ٹی ایم کی بندش اور آن لائن بینکنگ سے متعلق افواہوں کے بارے میں ایڈوائزری جاری کی اور اس افواہ کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

    نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے جاری ایڈوائزری میں کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن معلومات شیئر کی جارہی ہیں، بینکنگ انفرا اسٹرکچر میں بندش کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، اور نہ ہی اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ کو سائبر تھریٹ ملی ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت 

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لیکن احتیاط کے طور پر صارفین بینک ایپ کے استعمال کے بعد ایپ کو لاگ آؤٹ لازمی کریں، ساتھ ہی صارفین باقاعدگی سے بینک اسٹیٹمنٹس چیک کریں۔

    نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے جاری ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ اےٹی ایم کارڈ پن، اوٹی پی اور یوزر آئی ڈی، پاسورڈ کسی سے شیئر نہ کریں۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پر سائبر حملوں کے باعث اے ٹی ایمز کی 2 سے 3 روز تک بندش کی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔

  • تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین تباہ کر دی

    تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین تباہ کر دی

    شمالی کیرولائنا: امریکا کے ایک شہر گرینزبورو میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین میں گھس گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح شمالی کیرولائنا کے شہر گرینزبورو میں نارتھ ہولڈن روڈ پر کار کے حادثے میں ایک اے ٹی ایم کو شدید نقصان پہنچا ہے، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی گیٹ سٹی بلیوارڈ سے شمال کی طرف جا رہی تھی جب اس نے اے ٹی ایم بوتھ کو ٹکر مار دی۔

    پولیس افسران کے مطابق گاڑی نے بے قابو ہو کر قلابازیاں کھانی شروع کر دی تھیں، پہلے اس کی زد پر اے ٹی ایم آئی، اور پھر وہ قریب ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں جا کر رک گئی۔

    حادثے کے فوراً بعد کار میں آگ بھی بھڑک اٹھی، تاہم ایک راہگیر نے بروقت ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکال لیا تھا، جسے بعد ازاں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کار بے قابو ہو کر سڑک سے کیوں اتر گئی تھی، تاہم حادثے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہے۔

  • اے ٹی ایم میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے جل کر راکھ ہوگئے

    اے ٹی ایم میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے جل کر راکھ ہوگئے

    بھارت میں شارٹ سرکٹ کے باعث اے ٹی ایم مشین میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں مشین میں موجود 8.12 لاکھ روپے جل کر راکھ بن گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد تلنگانہ کے سوریا پیٹ ضلع میں یہ حادثہ رونما ہوا، کوداڈا منڈل کے گوڑی بنڈا گاؤں کے اے ٹی ایم مشین میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اُٹھی۔

    رپورٹ کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ سے مشین میں موجود تمام رقم جل گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ملزمان نے اے ٹی ایم میں چوری کرنے کی کوشش کی۔ رقم نکالنے کے لیے اے ٹی ایم میں جزوی توڑ پھوڑ کی گئی تاہم ان کی کوششیں ناکام ہو گئیں اور وہ وہاں سے فرار گئے۔

    ملزمان کے فرار ہونے کے تھوڑی دیر بعد اے ٹی ایم مشین میں شاٹ سرکٹ ہوا اور مشین میں موجود نقد رقم مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔

    بھارتی وزیر خارجہ امیت شاہ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، ویڈیو وائرل

    گاؤں والوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

  • بینک سسٹم میں خرابی، صارفین خالی اکاؤنٹس سے بھی پیسے نکالنے لگے

    بینک سسٹم میں خرابی، صارفین خالی اکاؤنٹس سے بھی پیسے نکالنے لگے

    ڈبلن: آئرلینڈ میں بینک سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث صارفین کے وارے نیارے ہو گئے، صارفین نے خالی اکاؤنٹس سے بھی پیسے نکال لیے۔

    کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ کے بینک اکاؤنٹ میں رقم نہ ہو لیکن پھر بھی آپ اے ٹی ایم سے جا کر اپنی مطلوبہ رقم نکال سکیں، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک آف آئرلینڈ کے نظام میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے صارفین نے اپنے اکاؤنٹس میں رقم نہ ہونے کے باجود اے ٹی ایم سے پیسے نکال لیے۔

    تکنیکی خرابی کا پتا چلتے ہی اے ٹی ایم مشینیوں کے باہر لمبی قطاریں لگی گئیں، صارفین نے اپنے اکاؤنٹس میں رقم نہ ہونے کے باجود اے ٹی ایم سے پیسے نکال لیے، تاہم بینک آف آئرلینڈ نے ان تمام صارفین کو متنبہ کیا کہ جس کسی نے بھی اس تکنیکی خرابی کا فائدہ اٹھایا ہے اب اس رقم کی ان کے اکاؤنٹس سے کٹوتی کی جائے گی۔

    بعد ازاں، بینک آف آئرلینڈ نے آئی ٹی کی خرابی کے لیے صارفین سے معذرت کی، اور کہا کہ تکنیکی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے، اور بینک سہولیات اب آن لائن بینکنگ اور موبائل ایپ سروسز پر بحال ہو گئی ہیں۔

    رات بھر سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی گئیں جن میں منگل کی شام آئرلینڈ میں کیش پوائنٹس کے باہر قطاریں لگی دکھائی دیں۔

  • فیس جمع کرانے کیلئے اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والا طالبعلم لٹ گیا

    فیس جمع کرانے کیلئے اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والا طالبعلم لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد میں اے ٹی ایم میں لوٹ مار کی وارداتیں بڑھنے لگی ہیں جرائم پیشہ عناصر سے طلبہ بھی اب غیر محفوظ ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی تھانہ گلزار ہجری کی حدود میں اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والا طالبعلم کو 2 ڈکیت نے لٹ لیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جاسکتے ہیں، 2 ملزمان کی جانب سے اے ٹی ایم میں لوٹ مار کی گئی۔

    متاثرہ طالبعلم کا کہنا تھا کہ سیکنڈ ایئر کی فیس جمع کرانے کے لیے پیسے نکالنے گیا تھا، فیس کے پیسے آن لائن کام کر کے مشکل سے جمع کئے تھے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے۔

  • اے ٹی ایم سے 8 ہزار نکالنے پر شہری کو صرف چھ سو روپے ملے!

    اے ٹی ایم سے 8 ہزار نکالنے پر شہری کو صرف چھ سو روپے ملے!

    حیدر آباد میں اس وقت ایک شخص کو حیرانگی اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اس نے اے ٹیم مشین سے مجموعی طور پر آٹھ ہزار روپے نکالے مگر اسے صرف چھ سوروپے ملے!

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک مقامی بینک کے اے ٹی ایم سے پہلے تو مذکورہ شخص نے ایک ہزار کی رقم نکالی اور اسے محض دو سو روپے کی رقم ہی ملی۔

    ایچ ڈی ایف سی نامی بینک کی اے ٹی ایم مشین میں اس شخص نے بار بار کارڈ ڈالا کہ شاید درست رقم باہر آجائے، تاہم 8 ہزار روپے نکالنے پر اس کے ہاتھ صرف 600 روپے ہی لگے۔

    اسی طرح اور بھی کئی افراد نے مذکورہ اے ٹی ایم سے کم پیسے نکلنے کی شکایت کی ہے، اس دوران عوام کا مجمع وہاں جمع ہو گیا، بینک کے حکام کو اس حوالے سے مطلع کردیا گیا ہے۔

  • اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ 4 ہندسوں کا کیوں؟

    اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ 4 ہندسوں کا کیوں؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ 4 ہندسوں ہی پر کیوں مشتمل ہوتا ہے؟

    ہم آپ کو اس کی وجہ بتاتے ہیں کہ آٹومیٹڈ ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) کارڈ کے پن کوڈ کو 4 ہندسوں تک کیوں محدود رکھا گیا۔

    عام طور سے یہ سوال لوگوں کے ذہن میں ابھرتا کہ چار ہی ہندسے کیوں؟ حالاں کہ زیادہ نمبروں سے اسے زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پن کوڈ کو چار ہندسوں تک محدود رکھنے کی وجہ ایک خاتون ہیں، اور خاتون بھی کوئی عام نہیں بلکہ اے ٹی ایم مشین ایجاد کرنے والے شخص کی بیوی۔

    اس کا قصہ یوں ہے کہ کوئی 5 دہائیوں سے زائد عرصہ قبل جان شیپرڈ بیرن نامی برطانوی مؤجد کو ایک ایسی مشین کا خیال آیا جس سے چاکلیٹس کی بجائے پیسوں کا حصول ممکن ہو سکے، یوں انھیں آٹومیٹڈ ٹیلر مشین کا خیال آیا۔

    انھوں نے مشین تیار کر لی اور 1967 میں لندن میں پہلی اے ٹی ایم مشین نصب کی گئی، مشین کی تیاری کے ساتھ ساتھ جان شیپرڈ نے صارف کے تحفظ کے مسئلے کا حل پن کوڈ کی شکل میں نکالا۔

    جان شیپرڈ نے تو کارڈ کا پن کوڈ اپنے پرانے فوجی نمبر کو ذہن میں رکھتے ہوئے 6 ہندسوں کا تیار کیا، لیکن کچن میں کام کرتے ہوئے ان کی اہلیہ کیرولین نے کہا ’میں صرف 4 ہندسوں کو یاد کر سکتی ہوں‘۔

    یوں کیرولین کی وجہ سے ہی 4 ڈیجٹ پن کوڈ ایک عالمی معیار بن گیا، یعنی کیرولین کی کمزور یادداشت دنیا بھر کے کروڑوں افراد کی زندگیوں کو آسان بنانے کا باعث بنی۔

  • بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت

    بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے حکومت کی پریشانی کا یہ عالم ہے کہ بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی دباؤ پر سرکاری اور پرائیویٹ بینک ملازمین کو انتباہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بینک ملازمین سوشل میڈیا پر سیاسی طرف داری کی تشہیر نہ کریں۔

    انتباہ کے مطابق کوئی بھی بینک ملازم دھرنے یا لانگ مارچ میں شرکت نہ کرے، آئندہ 2،3 دن کسی بینک ملازم کو کوئی چھٹی نہیں ملے گی، بینک ملازم کو چھٹی چاہیے تو دستاویز کی صورت میں ثبوت جمع کرائے۔

    بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند، خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی مارچ ہونے والا ہے، جس میں عمران خان سہ پہر تین بجے خیبر پختون خوا سے پہنچیں گے۔

    تاہم حکومت کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختون خوا سے اسلام آباد کی طرف جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، ہر جگہ کنٹینرز کی بھرمار ہے، جگہ جگہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

    صوابی سے آنے والے راستے پر سڑک پر تارکول ڈال کر اس پر کانچ کے ٹکڑے پھینکے گئے ہیں، تاکہ قافلے اسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔

  • ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ (ویڈیوز)

    ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ (ویڈیوز)

    کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال، بلاک 3 میں ڈسکو بیکری کے قریب ملزمان کے ایک گروپ نے ایک اے ٹی ایم مشین اکھاڑ کر لے جانے کی واردات کی تھی، اگرچہ ایک شہری کی بروقت کال نے انھیں کام یاب نہیں ہونے دیا، تاہم لوگ ان کی اس ‘فلمی واردات’ پر حیران رہ گئے ہیں۔

    ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ اسے سی سی ٹی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے، ایک ملزم جب اے ٹی ایم میں گھسا تو اس نے سب سے پہلے سرویلنس کیمرے کو ناکارہ بنایا، تاہم باہر موجود کیمروں میں ان کی واردات ریکارڈ ہو گئی۔

    نجی بینک حکام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اے ٹی ایم میں گزشتہ روز 55 لاکھ روپے کیش ڈالا گیا تھا، صبح تک اے ٹی ایم سے 15 لاکھ کے قریب نکالے جا چکے تھے، تاہم واردات کے وقت بھی اس میں 40 لاکھ روپے موجود تھے، مشین کو لوہے کی وائر اور گاڑی کے ذریعے اکھاڑا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایکشن فلموں سے متاثر تھے، واردات میں جو منی ٹرک استعمال کیا گیا تھا، وہ مبینہ طور پر آج صبح چوری ہوا تھا، اور ملزمان اس شہ زور گاڑی پر مکمل انتظامات کے ساتھ آئے تھے، مشین اکھاڑنے کے لیے لوہے کی مضبوط تار کو اے ٹی ایم مشین میں پھنسایا گیا، اور پھر ٹرک چلا کر اے ٹی ایم مشین کو جڑ سے اکھاڑا گیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ایک شہری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مددگار 15 پر اطلاع دی تو 2 منٹ کے اندر عملے نے رسپانس کیا اور موقع واردات پر پہنچ گئے، ملزمان بیک اپ پر موٹر سائیکل بھی لائے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی وہ موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، اس وقت ملزمان اے ٹی ایم مشین کو شہ زور ٹرک پر لوڈ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال شہزو رٹرک چوری کا تھا، جس کی چوری کا مقدمہ تھانہ سرسید میں اس کے مالک یاسر کی مدعیت میں درج ہے، شہری یاسر نے 8 فروری کی رات ٹرک دکان کے قریب کھڑا کیا تھا، صبح 6 بجے دیکھا تو ٹرک غائب تھا، جس پر انھوں نے 15 پر اطلاع بھی دی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ممکنہ طور پر اے ٹی ایم چوری کی پہلے سے منصوبہ بندی کی تھی، اور چوری کے لیے شہزور ٹرک کی بھی ریکی کی ہوگی، ملزمان نے واردات کے وقت ٹرک اس طرح کھڑا کیا کہ راستہ بلاک ہو گیا، لیکن ایک گاڑی ٹرک کے پاس آ کر رُکی تو ملزمان کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کا چہرا کچھ واضح ہے، فوٹیج نادرا کو بھیج کر ملزم کی شناخت کرائی جائے گی۔

  • کویت: شہری رات کے وقت اے ٹی ایم پر گیا تو منظر دیکھ کر حیران رہ گیا (ویڈیو)

    کویت: شہری رات کے وقت اے ٹی ایم پر گیا تو منظر دیکھ کر حیران رہ گیا (ویڈیو)

    کویت سٹی: خلیجی ملک کا ایک شہری رات کے وقت اے ٹی ایم پر گیا تو وہاں کا منظر دیکھ کر ششدر رہ گیا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں ایک چھوٹا سا بچہ رات کے وقت ایک اے ٹی ایم مشین سے بڑے مزے کے ساتھ رقم نکالتا دکھائی دے رہا ہے۔

    خلیجی ملک کا ایک شہری جب رات کے وقت اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوانے پہنچا، تو وہاں ایک 6 سالہ بچے کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔

    بچے کو اپنی بائیسیکل پر دیکھا جا سکتا ہے، بچے نے انتہائی اطمینان سے اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالی اور اپنی چھوٹی سی سائیکل پر چلتا بنا۔

    یہ ایک دل چسپ منظر تھا، جب لوگ اپنی گاڑیوں میں آکر پیسے نکالنا چاہ رہے تھے، وہاں ایک ننھی سائیکل پر ننھا بچہ بیٹھا اس انداز سے پیسے نکال رہا تھا جیسے یہ اس کا روز کا معمول ہو۔

    لیکن ایک تو بچہ، اور پھر رات کے وقت کہیں بھی کوئی یہ منظر دیکھے گا تو بلاشبہ اس کا حیران ہونا جائز ہے، سوال یہ ہے کہ بچہ کس کا اکاؤنٹ ‘ڈیل’ کر رہا تھا، لیکن اس سلسلے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

    یہ حیران کن منظر کسی نے اپنے موبائل فون کے کیمرے میں قید کر لیا، جو اب سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔