Tag: اے ٹی سی

  • اے ٹی سی نے علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا

    اے ٹی سی نے علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا

    اسلام آباد: اے ٹی سی نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج کے کیس میں اے ٹی سی نے علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دیا ہے۔

    اشتہاری ملزمان کے خلاف کیس کی کارروائی دیگر ملزمان سے الگ کر دی گئی، عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

    عامر کیانی کے خلاف بھی اشتہاری قرار دیے جانے کا پراسس شروع کر دیا گیا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید اور واثق قیوم انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے، فیصل جاوید کی طرف سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی، جس پر عدالت نے دلائل طلب کر لیے، اور سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

    اس کیس میں ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں 2022 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    علی امین گنڈاپور کو بڑا ریلیف مل گیا

    دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت کی، اور الیکشن کمیشن کی جانب سے 20 نومبر کو علی امین گنڈاپور کو جاری کیے گئے نوٹس کو معطل کر دیا۔

    عدالت نے الیکشن کمیشن کو وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

  • ڈی چوک احتجاج، گرفتار 146 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

    ڈی چوک احتجاج، گرفتار 146 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

    اسلام آباد: اے ٹی سی نے ڈی چوک احتجاج پر گرفتار 146 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کرنے والے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، پولیس نے عدالت سے ملزمان کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    تاہم ملزمان کے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ آخر ملزمان سے کیا برآمد کرنا ہے؟ وہ سب کے سب مزدور ہیں، جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ اس کیس میں کتنا ریمانڈ لے چکے ہیں، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کا 10،10 دن کا جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے۔

    بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے خیبرپختونخوا جیل منتقل کرنے کی درخواست خارج

    جج نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر رہا ہوں، وکیل کو ملزمان کی ضمانتیں دائر کرنی ہیں تو کر دیں۔ بعد ازاں جج نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

  • حملے کا خدشہ : پاکستانی فضائی حدود کی کڑی نگرانی کا حکم

    حملے کا خدشہ : پاکستانی فضائی حدود کی کڑی نگرانی کا حکم

    کراچی : ایران پر ممکنہ اسرائیلی حملے کے خدشے کے پیش نظر پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی)کو پاکستانی فضائی حدود سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی کو خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی کڑی نگرانی کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق اسرائیلی ممکنہ حملے کے پیش نظر اے ٹی سی کو کہا گیا ہے کہ ایران اور مغربی سمت سے پاکستان آنے والی پروازوں سمیت ہر چیز پر گہری نظر رکھی جائے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی ایرانی کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد خطے میں وسیع جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اسرائیلی فوج نے دھمکی دی ہے کہ وہ ایرانی حملوں کا جواب دینے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    اسرائیلی فوجی ترجمان کہہ چکے ہیں کہ تہران کے میزائل حملے کا جواب مناسب وقت پر ہوگا۔ امریکی میڈیا رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے جوابی حملے میں ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

  • سابق ایس ایس پی عمران قریشی، ڈی ایس پی عمیر طارق سمیت 8 اہلکاروں کے وارنٹ جاری

    سابق ایس ایس پی عمران قریشی، ڈی ایس پی عمیر طارق سمیت 8 اہلکاروں کے وارنٹ جاری

    کراچی: اے ٹی سی نے سابق ایس ایس پی عمران قریشی، ڈی ایس پی عمیر طارق سمیت 8 اہلکاروں کے وارنٹ جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ایس ایس پی، ڈی ایس پی سمیت دیگر اہل کاروں پر ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کے الزام میں شہری منصور شیخ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ پولیس افسران نے شہری منصور شیخ کو اغوا کر کے نجی جگہ پر رکھا تھا، پولیس افسران و اہلکار اغوا کے ساتھ گھر سے قیمتی سامان بھی لوٹ کر لے گئے، وکیل کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس افسران نے محمد منصور شیخ کے گھر والوں سے تاوان بھی مانگا تھا۔

    عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ملزمان کے 2 لاکھ روپے فی کس کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

  • اے ٹی سی نے علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا

    اے ٹی سی نے علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا

    کراچی: اے ٹی سی نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی کے قتل کیس میں نامزد 4 مجرمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

    مجرموں میں عبدالحسیب، غزالی، محمد فاروق اور ابو بکر شامل ہیں، انسداد دہشت گردی عدالت نے ان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

    علی رضا عابدی کے قتل کا فیصلہ سینٹرل جیل میں سنایا گیا، مجرم عبدالحسیب کی ضمانت منسوخ ہوتے ہی اسے کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔

    علی رضا عابدی کو 25 دسمبر 2018 کو ان کے گھر کی دہلیز پر قتل کیا گیا تھا۔ وہ پاکستان کے عام انتخابات 2013 میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے طور پر پاکستان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 سے بطور رکن منتخب ہوئے تھے اور مئی 2018 تک قومی اسمبلی پاکستان کے رکن رہے۔ 25 دسمبر 2018 کو کراچی میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خیابانِ غازی کے قریب ان کے گھر کے باہر ان کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں انھیں کئی گولیاں لگیں اور انھیں شدید زخمی حالت میں اسپتال پی این ایس شفا لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

  • فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار

    فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا، اور حکم جاری کیا ہے کہ فواد چوہدری پر تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا، اور فواد چوہدری کی تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالنے کا حکم دے دیا۔

    فواد چوہدری نے تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالنے کی درخواست کی تھی، جس پر اے ٹی سی نے حکم دیا ہے کہ تمام مقدمات میں فواد چوہدری کی ایک ساتھ گرفتاری ڈالی جائے۔

    اے ٹی سی نے 9 مئی کی جے آئی ٹی کے سربراہ کو تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا، فواد چوہدری کی دوخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولیس نے ان پر نو مئی کے بعد مختلف مقدمات درج کیے ہیں، ایک مقدمے سے ضمانت پر دوسرے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

    فواد چوہدری کا گروپ سمیت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    فواد چوہدری نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت نو اور دس مئی کے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے، اور فواد چوہدری پر تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالنے کا حکم دیا جائے۔

  • شہریار آفریدی اے ٹی سی سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

    شہریار آفریدی اے ٹی سی سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے رہائی ملنے کے بعد پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت  نے شہریار آفریدی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

    انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے شہریار آفریدی کو رہائی کا حکام دیتے ہوئے  ایس ایس پی آپریشن کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔

    شہریار آفریدی کے وکیل چوہدری اشتیاق نے بتایا کہ شہریارآفریدی عدالت سے وکلاء کے ہمراہ باہر آئے تو پولیس نے پھر گرفتارکیا، گرفتاری کے دوران پولیس نے وکلااور شہریار آفریدی کے کپڑے پھاڑ  دیئے۔

    وکیل چوہدری اشتیاق نے بتایا کہ شہریار آفریدی، وکلا نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پناہ لی ہوئی تھی۔

    انسداد دہشتگردی عدالت سے رہائی کے بعد شہریار آفریدی کو 16 ایم پی او کے تحت  دوبارہ گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

  • ذوالفقار مرزا سمیت 24 افراد 8 سال بعد بری

    ذوالفقار مرزا سمیت 24 افراد 8 سال بعد بری

    کراچی: سابق صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا سمیت 24 افراد 8 سال کے بعد بری ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے درخشاں تھانے پر حملہ اور ہنگامہ آرائی کیس میں آٹھ سال بعد ذوالفقار مرزا اور چوبیس دیگر افراد انسداد دہشت گردی عدالت میں بری ہو گئے۔

    آج ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 12 میں ذوالفقار مرزا سمیت دیگر پیش ہوئے، عدالت نے کہا کہ 8 سال کے دوران پراسیکیویشن ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بار بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود سرکاری وکیل ایک بھی گواہ پیش نہ کر سکا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سمیت 24 افراد پر 2015 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • سی ٹی ڈی افسر شعیب قریشی کمرہ عدالت سے گرفتار

    سی ٹی ڈی افسر شعیب قریشی کمرہ عدالت سے گرفتار

    کراچی: سی ٹی ڈی افسر شعیب قریشی ضمانت مسترد ہونے پر کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کے کیس میں سی ٹی ڈی کا افسر شعیب قریشی ضمانت مسترد ہونے پر کمرہ عدالت سے گرفتار ہو گیا۔

    سب انسپکٹر شعیب قریشی پر نیو کراچی، بلال کالونی سے 2 شہریوں کو اغوا کرنے کا الزام ہے۔

    ملزم شعیب قریشی نے عدالت سے فرار ہونے کی بھی کوشش کی، تاہم ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور انھیں حراست میں لے لیا گیا، شعیب قریشی کو تحقیقاتی رپورٹ میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 7 جون 2022 کو اے آر وائی نیوز نے اس حوالے سے ایک خبر چلائی تھی، جو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ تھی، جس میں سادہ لباس اہل کاروں کو دو شہریوں کو پکڑتے دیکھا گیا۔

    سی ٹی ڈی ٹیم نے 2 شہریوں کو مبینہ اغوا کیا، اے آر وائی نیوز نے فوٹیج حاصل کرلی

    اس حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ سی ٹی ڈی ٹیم نے بلال کالونی سے 2 شہریوں کو مبینہ اغوا کیا ہے اور سی ٹی ڈی انسپکٹر شعیب قریشی اور ٹیم نے زیر حراست افراد سے رشوت لی ہے۔

    ذرائع کے مطابق زیرحراست ایک شہری فیضان کو 2 لاکھ 70 ہزار رشوت لے کر چھوڑا گیا جب کہ سعد نامی دوسرے شہری کو چھوڑنے کے لیے 25 لاکھ رشوت طلب کی گئی۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔

  • کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی پولیس آفس میں حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں جمع کروا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کار موجود ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس میں 17 فروری کو دہشت گردوں نے حملہ کیا، شام 7 بج کر 15 منٹ پر وائر لیس کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، 2 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے، مقدمہ 18 فروری کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر درج کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے 5 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے۔

    ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، 3 دہشت گرد گاڑی میں سوار ہو کر پولیس صدر لائن پہنچے تھے، صدر پولیس لائن کے قریب کھڑی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    کار سوار دہشت گردوں کے ساتھ مزید 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر بھی آئے تھے، موٹر سائیکل پر 2 دہشت گرد ان تینوں سے گلے مل کر فرار ہوگئے تھے، موٹر سائیکل پر آئے دہشت گردوں نے آفس کی نشاندہی کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم اور 2 خودکش جیکٹس ملی جنہیں ناکارہ بنایا گیا۔

    حملے کا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمے میں دھماکہ خیز مواد 3 اور 4 کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس آفس میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔