Tag: اے پی ایس

  • اے پی ایس کے زخمی طالب علم کے لیے برطانوی یونیورسٹی کا بڑا اعزاز

    اے پی ایس کے زخمی طالب علم کے لیے برطانوی یونیورسٹی کا بڑا اعزاز

    آکسفورڈ: پشاور میں واقع آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والے ایک طالب علم کو برطانوی یونیورسٹی نے بڑا اعزاز دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے پی ایس کے زخمی طالب علم احمد نواز کو ‘کوونٹری یونیورسٹی’ نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے دی ہے، یہ اعزاز انھیں انسانیت اور امن کے لیے خدمات پر خراج تحسین کے طور پر دیا گیا ہے۔

    احمد نواز نے اعزاز ملنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انتہا پسندی کے خلاف ایک اور فتح ہے، میں نوجوانوں کے لیے آگاہی مہم پُر جوش انداز سے جاری رکھوں گا۔

    احمد نواز کے والد نے بھی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کا نام روشن رکھنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

  • سانحہ اے پی ایس: طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا

    سانحہ اے پی ایس: طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا

    لندن: سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں اور موت کو شکست دینے والے طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا۔

    احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں دنیا کی نامور یونیورسٹی آکسفورڈ میں داخلہ مل گیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں احمد نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پانچ برس قبل دہشت گردوں نے مجھے نشانہ بنایا اور میرے اسکول پر اس وجہ سے حملہ کیا کہ ہم تعلیم حاصل کرنے سے باز آجائیں‘۔

    انہوں نے لکھا کہ ’آج مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ مجھے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے جہاں اب میں مزید تعلیم کا سلسلہ جاری رکھوں‌ گا‘۔

    انہوں مزید لکھا کہ ’جو آپ کی سوچ اور منزل ہوتی ہے اُسی حساب سے آپ کو راستہ بھی مل جاتا ہے‘۔

    یاد رہے کہ دو برس قبل نومبر میں احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا تھا کہ انھیں کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے نوازا جائے گا‘۔

    ایوارڈ دینے کی تقریب کا انعقاد 30 نومبر کو کولمبو میں ہوا جس میں احمد نواز کو امن کے فروغ اور نوجوانوں کوبا اختیار بنانے پر اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

    اس سے قبل طالب علم احمد نواز نے برطانوی امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی دکھاتے ہوئے پوزیشن حاصل کی تھی ، احمد نے جی سی ایس ای امتحان میں 6 مضامین میں اے سٹارحاصل کئے اور 2مضامین میں اے گریڈ حاصل کیا تھا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احمد نواز نے بتایا تھا ’میری کامیابی کا سہرا والدین اور خیرخواہوں کے سر جاتا ہے، میرا خواب ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کروں، سانحے کے بعد حوصلہ بڑھانے والوں نے بھی ہمت دی، ہمت بڑھانے والوں خاص طور پر ڈی جی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔

    احمد نواز کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس ہم سب کے لیے ایسا واقعہ ہے جسے کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا، لیکن ہمیں آگے بڑھناہے اور یہ ثابت کرنا ہے کہ مشکلات کے باوجود ہم ہمت ہارنے والے نہیں ہیں۔

    واضح رہے 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی اور دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔

    سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

  • سانحہ اے پی ایس کے اہم سہولت کار کو آج پھانسی دے دی گئی

    سانحہ اے پی ایس کے اہم سہولت کار کو آج پھانسی دے دی گئی

    پشاور: سانحہ آرمی پبلک اسکول کے اہم سہولت کار تاج محمد کو آج صبح پھانسی دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی ایس پشاور کے اہم سہولت کار کو آج صبح، سانحے کی پانچویں برسی کے موقع پر پھانسی دے کر انجام تک پہنچا دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کے سرگرم رکن تاج محمد ولد الف خان مسلح افواج پر حملوں اور خود کش بم باروں کا سہولت کار تھا، اے پی ایس حملے کے لیے بھی سہولت کاری کی جس میں 125 بچوں سمیت 151 افراد شہید ہوئے تھے، سہولت کار تاج محمد نے دوران سماعت مجسٹریٹ کے سامنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔

    تازہ ترین:  پاکستان کی تاریخ کا بڑا سانحہ، اے پی ایس حملے کو 5 برس بیت گئے

    خیال رہے کہ سانحہ اے پی ایس میں 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سزائے موت سنائی جا چکی ہے، ان میں دہشت گرد مجیب الرحمان، سبیل عرف یحییٰ، حضرت علی، مولوی عبد السلام ولد شمسی اور تاج محمد شامل ہیں، تاج محمد کو آج پھانسی دی گئی۔

    تازہ ترین:  ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا: آرمی چیف

    دہشت گرد مجیب الرحمان عرف علی عرف نجیب اللہ ولد گلاب جان کو پہلے ہی پھانسی دی گئی تھی، دہشت گرد سبیل عرف یحییٰ ولد عطا اللہ کا تعلق خیبر ایجنسی سے تھا، دہشت گرد حضرت علی ولد اول باز کا تعلق درّہ آدم خیل سے تھا۔

    تاج محمدولد الف خان کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا۔

  • ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا: آرمی چیف

    ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم سانحہ اے پی ایس کو کبھی بھول نہیں سکتے، ہم نے بطور قوم دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے طویل سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہ طور قوم دہشت گردی کو شکست دے دی ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا ہے اور دہشت گردی کو بہ طور قوم نا کام کیا ہے، ملک میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ہم متحد ہیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

    تازہ ترین:  پاکستان کی تاریخ کا بڑا سانحہ، اے پی ایس حملے کو 5 برس بیت گئے

    خیال رہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کے بڑے سانحے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کو پانچ برس بیت گئے، بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کی، 125 بچوں سمیت 151 افراد کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔

    ابھی سورج طلوع ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں قیامت برپا کی گئی، اسکول کے عقبی حصے سے بموں اور آتشیں ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد اندر داخل ہوئے اور قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا۔ معصوم طلبہ، پرنسپل اور اساتذہ کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔ تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان اسکول پہنچ گئے اور ساتوں دہشت گردوں کو مار گرایا، اس کرب ناک دن کے اختتام پر پشاور کی ہر گلی سے جنازہ اٹھا، ڈیڑھ سو کے قریب شہادتوں نے پھولوں کے شہر کو آہوں اور سسکیوں میں ڈبو دیا۔

  • آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ ہمارا عزم ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے سانحے نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جو بھلایا نہیں جائے گا، اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ آنسو اور دعائیں رہ گئی ہیں، اس عزم کے ساتھ کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    خیال رہے کہ آج سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی ہے۔ 5 برس قبل بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کردی اور 132 ننھے طلبہ اور 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کردیا۔

    اس سانحے پر قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا کے لواحقین آج بھی غم سے نڈھال ہیں، مگر حوصلے جوان ہیں۔ سانحے کی پورے ملک میں پانچویں برسی منائی جا رہی ہے، شہدا کی یاد میں جگہ جگہ فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کراچی اور لاہور میں شمعیں روشن کی گئیں۔

  • پاکستان کی تاریخ کا بڑا سانحہ، اے پی ایس حملے کو 5 برس بیت گئے

    پاکستان کی تاریخ کا بڑا سانحہ، اے پی ایس حملے کو 5 برس بیت گئے

    کراچی: پاکستان کی تاریخ کے بڑے سانحے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کو پانچ برس بیت گئے، بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کی، 132 ننھے طلبہ، 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔

    اس سانحے پر قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا کے لواحقین آج بھی غم سے نڈھال ہیں، مگر حوصلے جوان ہیں، آج اس سانحے کی پورے ملک میں پانچویں برسی منائی جا رہی ہے، شہدا کی یاد میں جگہ جگہ فاتحہ خوانی کی گئی، کراچی اور لاہور میں شمعیں روشن کی گئیں۔

    معصوم شہیدوں کی قربانیوں کو پاکستانی قوم نہیں بھول سکی، پانچویں برسی کے موقع پر کراچی کی سول سوسائٹی نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، جوہڑ موڑ پر شہریوں کی بڑی تعداد نے پھول نچھاور کیے اور شمعیں روشن کیں۔ قومی سانحے کی یاد میں ہر شخص آج بھی دل گرفتہ ہے، شمعیں روشن کرتے شرکا نے شہدا کی یاد میں شاعری بھی سنائی۔

    سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی کے موقع پر لاہور کے جیلانی پارک میں بھی سول سوسائٹی کی جانب سے شمعیں روشن کی گئیں اور فضا میں قندیلیں چھوڑی گئیں۔ تقریب میں بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدائے اے پی ایس کے لیے دعا کی گئی۔ یہاں سول سوسائٹی کی جانب سے شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سال شمعیں روشن کی جاتی ہیں اور فضا میں قندیلیں بلند کی جاتی ہیں۔

    آج سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو سلام پیش کیا جا رہا ہے، پانچ سال پہلے آج ہی کے دن پھولوں کے شہر پشاور کو خون میں نہلا دیا گیا تھا، اسکول میں گھس کر دہشت گردوں نے گولہ بارود کی بارش کی، ابھی سورج طلوع ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں قیامت برپا کی گئی، اسکول کے عقبی حصے سے بموں اور آتشیں ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد اندر داخل ہوئے اور قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا۔ معصوم طلبہ، پرنسپل اور اساتذہ کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔ تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان اسکول پہنچ گئے اور ساتوں دہشت گردوں کو مار گرایا، اس کرب ناک دن کے اختتام پر پشاور کی ہر گلی سے جنازہ اٹھا، ڈیڑھ سو کے قریب شہادتوں نے پھولوں کے شہر کو آہوں اور سسکیوں میں ڈبو دیا۔

    شہدا کے لواحقین اور پوری قوم اپنے پیاروں کو کھو دینے پر آج بھی سوگوار ہے۔

  • چینلز نے کامیڈی پروگرام سانحے کے احترام میں منسوخ نہیں کیے: فواد چوہدری

    چینلز نے کامیڈی پروگرام سانحے کے احترام میں منسوخ نہیں کیے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے احترام میں چینلز نے اپنے کامیڈی پروگرام منسوخ نہیں کیے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی ایس پر وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے توجہ دلاؤ ٹویٹ کیا، کہا اس سانحے کے احترام میں کسی ایک چینل نے بھی کامیڈی پروگرام منسوخ نہیں کیے۔

    [bs-quote quote=”خدارا ٹی وی چینلز اپنی ذمہ داری محسوس کریں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ توجہ دلاتے ہیں تو کہا جاتا ہے وزیرِ اطلاعات میڈیا کے خلاف ہے۔

    وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے لکھا کہ خدارا ٹی وی چینلز اپنی ذمہ داری محسوس کریں، کچھ غم مشترکہ ہیں، قوم کے ہیں سیاسی جماعتوں کے نہیں۔

    قبل ازیں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، کہا قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

    وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ سفاک دہشت گردوں نے معصوم طلبہ کو بربریت کا نشانہ بنایا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔


    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے : قوم دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر ہمیں ایک سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

  • ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں: وزیر اعظم

    ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے لیے پر عزم ہے۔ ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج شہدا، سوگواران اور متاثرین کو یاد کر رہے ہیں۔ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے لیے پر عزم ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 16 دسمبر ہمیں ایک سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے انسانیت اور مذہب کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھا اور بچوں کو نشانہ بنایا، قوم کی حمایت سے افواج پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سر انجام دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، آج کے دن شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قیمت ادا کی اس کا تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔ بچوں کی شہادت کے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو کرب و غم میں مبتلا کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں بچھڑنے والوں کی یاد ہمیشہ ساتھ رہے گی، شہدا کے غمزدہ والدین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ بحیثیت قوم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

  • آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی

    آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی

    پشاور: آرمی پبلک اسکول پشاور میں 4 سال قبل ہونے والے اندوہناک سانحے کی چوتھی برسی پر تقریب منعقد کی گئی، شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب کا آغاز شہدا کے لیے خصوصی دعاؤں اور قومی ترانے سے ہوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے تقریب میں شرکت کی۔

    پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    شہدا کے اہل خانہ اور اسکول کے بچوں کی جانب سے قرآن خوانی کی گئی۔

    گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سانحے نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کردیا۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

  • شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے: عثمان بزدار

    شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے، شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ قوم کے ہیرو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم شہدائے آرمی پبلک اسکول کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے۔ شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ قوم کے ہیرو ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔