Tag: بائیو میٹرک

  • کویت کی حکومت نے غیرملکیوں کو سخت وارننگ جاری کردی

    کویت کی حکومت نے غیرملکیوں کو سخت وارننگ جاری کردی

    کویت سٹی : کویت کی حکومت نے ان تمام ملکی اور غیر ملکی افراد کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے 31 دسمبر تک اپنی بائیو میٹرک فنگر پرنٹس رجسٹر نہیں کرائیں تو ان کی تمام بنیادی سہولیات معطل کردی جائیں گی۔

    وزارت داخلہ کی حالیہ فیس بک پوسٹ کے مطابق جو لوگ اس ہدایت پر عمل نہیں کریں گے، ان کی بینکنگ اور دیگر حکومتی خدمات روک دی جائیں گی۔

    ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ خدمات کی معطلی سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ مقررہ وقت سے پہلے ‘میٹا’ پلیٹ فارم یا ‘سہل’ ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک فنگر پرنٹنگ کے لیے وقت لیا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ وارننگ گزشتہ ماہ ستمبر سے جاری کیے گئے متعدد انتباہات کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں بائیو میٹرک رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    کویت کی حکومت نے مارچ 2024 میں بایومیٹرک فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا، جس کا مقصد قومی ڈیٹا بیس بنانا تھا تاکہ قومی سلامتی کو بہتر اور عوامی خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جاسکے۔

    اس کام کیلیے ابتدائی ڈیڈلائن 30 ستمبر مقرر کی گئی تھی اور جو افراد اپنی رجسٹریشن مکمل نہ کر سکے انہیں بینکنگ اور دیگر عوامی خدمات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    وزارت داخلہ کی تازہ ترین وارننگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مزید خدمات ان افراد کے لیے ناقابل رسائی ہوجائیں گی جو اس حکم پر عمل درآمد نہیں کریں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ستمبر تک تقریباً 25 لاکھ شہریوں نے اپنی بائیو میٹرک رجسٹریشن مکمل کرلی تھی جبکہ اکتوبر تک 4 لاکھ 70 ہزار 900 غیرملکیوں کی رجسٹریشن کی جاچکی تھی۔

    حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اب بھی 20 ہزار سے زائد شہری اپنی بائیو میٹرکس جمع کرانے سے قاصر ہیں۔

    نومبر 2024 میں کویتی حکام نے ان افراد کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی تھیں جنہوں نے قومیت حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات بنائی تھیں اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔

    ایک مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ کے مطابق کویت کی نیشنلٹی انویسٹیگیشنز ڈیپارٹمنٹ نے ہائی کمیٹی فار کویتی نیشنلٹی کو ایک رپورٹ پیش کی تھی جس میں دوہری شہریت رکھنے والے افراد کے حوالے سے تفصیلات شامل تھیں۔

    رپورٹ کے بعد کویتی حکومت نے طلاق یافتہ خواتین اور ان بیواؤں کی قومیتیں منسوخ کردیں جو آرٹیکل 8 کے تحت شہریت حاصل کرچکی تھیں۔

    مزید پڑھیں : کویت میں 1785 افراد کی شہریت واپس لے لی گئی

    مزید برآں سینکڑوں افراد کی شہریت اس وجہ سے منسوخ کی گئی کہ انہوں نے شہریت حاصل کرنے کے لیے غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کی تھیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق، حکام نے ایک ہی دن میں 1,647 افراد کی شہریت منسوخ کی۔ یہ دوسرا بڑا واقعہ تھا جس میں ایک ہی دن میں اتنی زیادہ تعداد کی شہریت منسوخ کی گئی، جبکہ 14نومبر کو 1,535 افراد کی شہریت منسوخ کی گئی تھی۔

  • چھوٹی بڑی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے ہو جائیں ہوشیار

    چھوٹی بڑی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے ہو جائیں ہوشیار

    کراچی: چھوٹی بڑی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 31 اکتوبر سے گاڑیوں کی خریداری کے بعد ملکیت کی تبدیلی صرف بائیو میٹرک تصدیق سے ہی ممکن ہوگی، سینئر وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن سندھ کی منظوری سے گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے وقت خریدار اور بیچنے والے کی بائیو میٹرک تصدیق کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق گاڑی کی خرید و فروخت میں خریدار کی بائیو میٹرک تصدیق، 31 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے جبکہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے لیے خریدار اور بیچنے والے کی بائیو میٹرک تصدیق، یکم جنوری 2025سے شروع ہو رہی ہے۔

    31 اکتوبر کے بعد کوئی بھی گاڑی کا خریداری بائیو میٹرک تصدیق سے کر سکے گا اس کے علاوہ یکم جنوری 2025 سے گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی خریدار اور بیچنے والے دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔

    سینئر وزیر ایکسائز نے اس حوالے سے کہا کہ گاڑیوں کی بائیو میٹرک تصدیق شفافیت اور جعلسازی کو روکنے میں اہم سنگ میل ہے اس کے علاوہ بائیو میٹرک تصدیق سے گاڑیوں کی غیرقانونی منتقلی اور دھوکا دہی سے بچانے میں مدد ملے گی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت 

    واضح رہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا-ای سہولت مراکز یا ڈسٹرکٹ ایکسائز آفس ہو گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ تمام نئی اور پرانی گاڑیوں کو رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کرانا ہو گی، نئی پالیسی کے تحت تبدیلی 3 مرحلوں میں نافذ کی جائے گی۔

  • عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز کا اہم اقدام

    عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز کا اہم اقدام

    عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب  نے گاڑی کی منتقلی کے لیے بائیو میٹرک مزید آسان کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ نے موٹر وہیکلز رولز میں ترامیم کی منظوری دے دی اس حوالے سے ترجمان محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ گاڑی کی منتقلی کیلئے بائیو میٹرک مزید آسان کر دی گئی۔

    ترجمان کے مطابق پہلے گاڑی بیچنے اور خریدنے والے کیلئے اکٹھے بائیو میٹرک کی شرط تھی تاہم اب صرف گاڑی بیچنے والا بائیو میٹرک کراکے منتقلی کی درخواست دے سکے گا۔

    ترجمان محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ خریدار مقررہ فیس اداکر کے 30 دن میں بائیو میٹرک کراسکے گا 30 دن میں بائیو میٹرک نہ کرانے پر ہر ماہ خریدار کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

    ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق  120 دن تک بائیو میٹرک نہ کرانے پر جرمانے کیساتھ نئی بائیو میٹرک کرانا ہو گی۔

    ترجمان محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ دوسری ترمیم کے تحت وراثتی سرٹیفکیٹ کے علاوہ اب نادرا کا فیملی سرٹیفکیٹ بھی قابل قبول ہوگا۔

  • پاکستانیوں کے لئے آنکھوں کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام  متعارف

    پاکستانیوں کے لئے آنکھوں کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام متعارف

    کراچی : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آنکھوں کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کا نیا نظام متعارف کرا دیا، آنکھوں سے شناخت میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آنکھوں کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کا نیا نظام ‘آئرس’ متعارف کرا دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آئرس شناختی نظام انگلیوں کے نشان اور چہرے کی شناخت نظام کے ساتھ استعمال ہوگا، آنکھوں سے شناخت میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ یہ نظام قابل اعتبار، درست ہے، کم عمری میں کیا جانے والااسکین عمر بھر مستقل شناخت کے طور پر استعمال ہوسکتا ہے۔

    نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے کہا کہ ڈیٹا بیس اتھارٹی کی جانب سے آنکھوں کے ذریعے شناختی تصدیق شہریوں کی شناخت کو محفوظ بنانے میں ایک اہم پیشرفت کی نشاندہی کرتی ہے۔

  • بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، بزرگ افراد کے لیے شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کے لیے بائیو میٹرک شرط ختم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ شہری کی شکایت پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا اور ان کی ہدایت پر نشانات مٹ جانے والوں کے لیے بائیو میٹرک کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بزرگ افراد کے لیے شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کے لیے بائیو میٹرک شرط لاگو نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم آفس نے نادرا کو 30 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے مابین ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے نادرا کو متاثرہ شہریوں کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا ٹاسک دیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد بڑی تعداد میں ہیں جن کے انگوٹھے کے نشانات مٹ چکے ہیں، ایسے افراد کی داد رسی کی جارہی ہے۔

  • عمرہ آپریٹرز نے کام بند کرنے کی دھمکی دے دی

    عمرہ آپریٹرز نے کام بند کرنے کی دھمکی دے دی

    کراچی: عمرہ زائرین کے لیے فنگر پرنٹ لازم قرار دینے کے بعد عمرہ آپریٹرز اور ٹریولر اوونرز نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ 72 گھنٹے میں بایو میٹرک کی پابندی کو ختم نہیں کیا گیا تو عمرے کا کام بند کردیں گے۔


    یہ پڑھیں: حج و عمرہ زائرین کے لیے فنگر پرنٹس لازمی قرار


    اس بات کا اعلان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن اور عمرہ آپریٹرز نے کراچی پریس کلب پر منعقدہ مظاہرے میں کیا جس میں انہوں نے اعتماد کمپنی کے ذریعے عمرہ زائرین کے لیے بایو میٹرک کی پابندی کو مسترد کردیا۔

    ٹریول اونرز کا کہنا تھا کہ بایو میٹرک کی پابندی سے عمرہ زائرین کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور انھیں لمبی لمبی قطاریں لگانی پڑ رہی ہیں جب اس معاملے پر حکومت اور وزارت مذہبی امور پراسرار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

    مظاہرین نے بتایا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق سالانہ پاکستان سے 20 لاکھ عمرہ زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرتے ہیں اور اعتماد کمپنی کو بایو میٹرک فیس کی مد میں 70 کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی ہو گی تاہم اس بایو میٹرک کی پابندی سے لاکھوں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔

    مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب کی حکومت سے بایو میٹرک کی پابندی کو فوری طور پر ختم کر انے کی بات کی جائے تاکہ عمرہ زائرین کو آسانی ہو اور انہیں طویل قطاروں اور بدترین ہجوم سے نجات مل سکے۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 30 اکتوبر کے بعد سے بایومیٹرک تصدیق یعنی فنگر پرنٹس دیے بغیر کوئی بھی پاسپورٹ وصول نہیں کیا جائےگا۔

    حکومت پاکستان نے بایو میٹرک تصدیق کا ٹھیکہ اعتماد نامی کمپنی کو دیا ہے جو ہر عمرہ زائر سے فنگر پرنٹ کے عوض 650 روپے وصول کررہی ہے، اس کمپنی کے ملک بھر میں صرف 3 سینٹر ہیں جہاں بدترین رش دیکھنے میں آرہا ہے، لوگ ایک دوسرے کو دھکے دے رہے ہیں، طویل قطاروں میں جھگڑے کے بیشتر واقعات پیش آئے۔

    ملتان روڈ پر اعتماد سینٹر میں عمرہ زائرین کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، فنگرپرنٹ کی تصدیق کےلیے لائن میں لگے عمرہ زائرین آپس میں ہی الجھ پڑے ، زائرین کی تصدیق کروانے کےلیے ایک دوسرے کو دھکے دیئے۔