Tag: بائیو میٹرک تصدیق

  • بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے  نادرا کا اہم بیان آگیا

    بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے نادرا کا اہم بیان آگیا

    کراچی : بائیومیٹرک تصدیق میں پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے نادرا کا اہم بیان سامنے آگیا، جس میں کہا کہ مسائل ہماری وجہ سے نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں مسائل پر نادرا کا وضاحتی بیان سامنے آگیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ بائیومیٹرک تصدیق میں پیش آنے والے مسائل نادرا کی وجہ سے نہیں ہیں، ویریسس سے شناخت کی تصدیق کی سہولت تمام مالیاتی اداروں کے پاس ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بینک اور مالیاتی ادارے ضرورت پڑنے پر نادرا کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور پی ٹی اے سے ملکر چہرے کی شناخت سے تصدیق کا نظام متعارف کرا رہے ہیں۔

    نادرا کا مزید کہنا تھا کہ کارروائی مکمل ہونے پر سہولت تمام بینکوں اور ٹیلی کام اداروں کو فراہم کر دیں گے۔.

    یاد رہے گذشتہ سال نادرا نے انگلیوں کے مدہم نشانات والے شہریوں کی شناختی تصدیق کیلئے نئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

    چیئرمین نادرا نے بتایا تھا کہ چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یا نادرا مراکز پر کرائی جا سکے گی، مختلف خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی اور غیرضروری تاخیر کا خاتمہ ہو گا۔

  • پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر بڑی پابندی عائد

    پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر بڑی پابندی عائد

    اسلام آباد: پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر بائیو میٹرک کے حوالے سے بڑی پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بارڈر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    وزارت داخلہ نے بین الاقوامی مسافروں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی، اس سلسلے میں وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی اے کو فوری اقدامات کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کےباعث اشتہاری،مطلوب ملزمان کا سفر کرنا ناممکن ہوگا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرک مشینیں ایئر پورٹس انٹرنیشنل ایمیگریشن کاؤنٹرز پر لگائی جائیں ، بائیو میٹرک سے مسافروں کی مؤثر جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے گا۔

    اقدام کا مقصد سیکیورٹی کو مزید بہتر اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت
  • چھوٹی بڑی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے ہو جائیں ہوشیار

    چھوٹی بڑی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے ہو جائیں ہوشیار

    کراچی: چھوٹی بڑی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 31 اکتوبر سے گاڑیوں کی خریداری کے بعد ملکیت کی تبدیلی صرف بائیو میٹرک تصدیق سے ہی ممکن ہوگی، سینئر وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن سندھ کی منظوری سے گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے وقت خریدار اور بیچنے والے کی بائیو میٹرک تصدیق کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق گاڑی کی خرید و فروخت میں خریدار کی بائیو میٹرک تصدیق، 31 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے جبکہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے لیے خریدار اور بیچنے والے کی بائیو میٹرک تصدیق، یکم جنوری 2025سے شروع ہو رہی ہے۔

    31 اکتوبر کے بعد کوئی بھی گاڑی کا خریداری بائیو میٹرک تصدیق سے کر سکے گا اس کے علاوہ یکم جنوری 2025 سے گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی خریدار اور بیچنے والے دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔

    سینئر وزیر ایکسائز نے اس حوالے سے کہا کہ گاڑیوں کی بائیو میٹرک تصدیق شفافیت اور جعلسازی کو روکنے میں اہم سنگ میل ہے اس کے علاوہ بائیو میٹرک تصدیق سے گاڑیوں کی غیرقانونی منتقلی اور دھوکا دہی سے بچانے میں مدد ملے گی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت 

    واضح رہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا-ای سہولت مراکز یا ڈسٹرکٹ ایکسائز آفس ہو گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ تمام نئی اور پرانی گاڑیوں کو رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کرانا ہو گی، نئی پالیسی کے تحت تبدیلی 3 مرحلوں میں نافذ کی جائے گی۔

  • گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق، بینکوں نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی

    گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق، بینکوں نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی

    کراچی : بینک اکاوٴنٹس کی گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے لیے بیشتر بینکوں نے خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی ہیں، بائیومیٹرک کی تصدیق کی آخری تاریخ تیس جون ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بینک صارفین کے لیے خوشخبری آگئی۔ بینک اکاونٹس کی بائیو میٹرک تصدیق کرانا کرانا بہت آسان ہوگیا۔ اب بینک اکاوٴنٹس کی بائیومیٹرک تصدیق کرانے کے لیے بینک کے چکر لگانے نہیں پڑیں گے بلکہ اکاؤنٹ ہولڈر گھر بیٹھے ہی اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کرواسکے گا۔

    اس سلسلے میں بیشتر بینکوں نے خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی ہیں۔ مذکورہ ایپلی کشن میں اکاؤنٹ ہولڈر کی تفصیلات نادرہ کے ڈیٹا بیس سے میچ ہوتی ہیں اور وہ گھر بیٹھے ہی صارف کے اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق ہوجاتی ہے۔

    شہریوں نے بینکوں کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ مذکورہ اپیلکیشن سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی مدد گار ثابت ہوگی، یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کےاحکامات کے تحت اکاؤنٹس ہولڈروں کے لیے بائیو میٹرک کی تصدیق کی آخری تاریخ تیس جون ہے۔

  • موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری ڈیڈلائن بھی ختم

    موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری ڈیڈلائن بھی ختم

    اسلام آباد: موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے وزارتِ داخلہ کی جانب سے دی گئی آخری ڈیڈلائن بھی ختم ہوگئی ہے۔

    نیشل ایکشن پلان کے تحت نوے روز کی ڈیڈلائن ختم ہوگئی، آخری مرحلے میں ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونیوالی ایک سم اور کارپوریٹ سیکٹر ملازمین کے زیرِ استعمال سموں کی تصدیق ہونا باقی تھی۔

    وزارتِ داخلہ نے موبائل کمپنیوں اور پی ٹی اے کی درخواست پر ان سموں کی تصدیق کیلئے پندہ مئی رات بارہ بجے کی حتمی ڈیڈلائن دی تھی۔

    ٹیلی کام ذرائع کے مطابق اختتامی مرحلے میں ایک کروڑ بیس لاکھ سموں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا اور تصدیق نہ ہونے والی سموں کو بند کر دیا گیا ہے۔

    پی ٹی اے کے اعدادو شمار کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق شدہ سموں کی تعداد بارہ اپریل تک دس کروڑ اسی لاکھ تھی جبکہ دو کروڑ بیس لاکھ سمیں تصدیق نہ ہونے پر بلاک کر دی گئی تھیں۔

  • بند ہونے والی سموں کا آڈٹ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے

    بند ہونے والی سموں کا آڈٹ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق نہ ہوپانے والی سموں کو بارہ اپریل سے بند کر دیا گیا ہے،بند ہونے والی سموں کا آڈٹ جاری ہے، اعدادو شمار سے جلد قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

    نوکیا کے زیر اہتمام منعقدہ روڈ شو میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کاکہناتھا کہ آڈٹ کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ کہیں غیر تصدیق شدہ سمیں بند ہونے سے رہ تو نہیں گئیں ۔

    انھوں نے بتایاکہ پی ٹی اے کے پاس 850 میگاہرٹز اور 1800 میگاہرٹز میں دو سپیکٹرم موجود جن کو آکش کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے بھی میڈیا سے بات چیت کی ان کاکہناتھاکہ سائبر کرائم بل کو نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں تیا ر کیا گیا ہے اور اس میں کوئی بھی ایسی چیز نہیں جو آئین کے منافی ہو ۔

    انھوں نے بتایاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی جمعرات کو سائبر کرائم بل پر اپنی سفارشات دے گی ،انھوں نے مزید کہاکہ ٹیلی کام پالیسی بھی آٹھ سال بعد موجودہ حکومت نے تیار کر لی ہے جسے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔

  • موبائل کمپنیوں کو سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے 90 دن کی ڈیڈلائن

    موبائل کمپنیوں کو سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے 90 دن کی ڈیڈلائن

    اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے موبائل کمپنیوں کو سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے 90 دن کی حتمی ڈیڈلائن دے دی ہے ۔

    سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے وزارتِ داخلہ حکام اور موبائل آپریٹرز کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق موبائل کمپنیاں نوے دن میں 103 ملین سموں کی تصدیق کریں گی جبکہ دو مراحل میں سموں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

    پہلے مرحلے میں 12 جنوری سے 26 فروری تک تین یا اس سے زائد سمیں رکھنے والے اپنی سمز کی تصدیق کروائیں گے، دوسرے مرحلے میں27 فروری سے 13 اپریل تک دو یا اس سے کم سمز رکھنے والوں کی سمز کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا، 14 اپریل کے بعد تصدیق نہ ہو پانے والی تمام سمز بند کر دی جائیں گی۔

    موبائل کمپنیاں سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے میڈیا پر تشہیری مہم بھی شروع کریں گی جبکہ کالز اور ایس ایم ایس کے زریعے بھی صارفین کو بائیو میٹرک تصدیق کا کہا جائے گا۔

    موبائل فون سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کیلئے ملک بھر میں استعمال ہونے والی 10کروڑ 30 لاکھ سموں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک حصہ میں وہ صارفین شامل ہیں، جو ایک شناختی کارڈ پر ایک یا دو سمیں استعمال کر رہے ہیں۔

    دوسرا حصے میں حساس شہروں بلوچستان اور فاٹا میں زیرِ استعمال سمیں شامل ہیں اور وہ صارفین جنکو ایک شناختی کارڈ پر 2 یا اس سے زائد سمیں جاری کی گئی ہیں۔