اسلام آباد: پمزاسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے بائیو میٹرک حاضری کی بحالی مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے بائیو میٹرک حاضری کی بحالی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کرونا وائرس پھیلے گا۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بائیومیٹرک حاضری سے ہیلتھ ورکرز کرونا کا شکار بن سکتے ہیں۔ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ پمز اسپتال انتظامیہ ڈاکٹرز کے اوقات کار طے کرے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال انتظامیہ بائیو میٹرک حاضری کی بحالی کا فیصلہ واپس لے،کرونا کے مکمل خاتمے تک بائیو میٹرک حاضری کو معطل رکھا جائے۔
ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ پمز انتظامیہ ہیلتھ ورکرز کے رسک الاؤنس میں بےقاعدگیوں کا نوٹس لے،اسپتال انتظامیہ سالوں سےگھر بیٹھے تنخواہیں لینے والے ملازمین کا نوٹس لے۔
وائی ڈی اے پمز کے مطابق ڈاکٹرز اپنی مقررہ ڈیوٹی ٹائمنگ سے زیادہ وقت ڈیوٹی کر رہے ہیں۔
کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 6 ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو کرونا وائرس کے سلسلے میں مشتبہ قرار دے دیا گیا، دوسری طرف پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سی اے اے نے تصدیق کر دی ہے کہ چھ ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کے قریبی عزیز کرونا وائرس سے متاثر تھے، ملازم کے ماموں کی ٹریول ہسٹری بھی ایران سے بتائی جاتی ہے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی والدہ اپنے بھائی کے ہمراہ ایران گئی تھیں، اے ٹی سی اہل کار اپنی والدہ سے ملنے کے بعد ڈیوٹی پر گیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر رابطے میں آنے والے شفٹ میں موجود تمام اے ٹی سیز کو قرنطینہ میں بھیج دیا۔
جناح ایئرپورٹ کراچی پر مشتبہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے کی تیاری
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس او پی کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طو ر پر پوری شفٹ کو ڈیوٹی پر 14 دن تک ڈیوٹی سے مستشنیٰ رکھا جائے گا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے ریڈار کنٹرول اے سی سی ایریا کو خالی کرا لیا ہے، اور ریڈار کنٹرول سمیت دیگر دفاتر میں خصوصی اسپرے کیا جا رہا ہے۔ ایئر پورٹ کے مختلف ایریاز، کارگو، ایپرن اور رن وے ایریا میں بھی اسپرے شروع کر دیا گیا ہے، تمام دفاتروں میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی کیا جانے لگا ہے۔
ادھر کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے نے اس سلسلے میں انتظامیہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، ایئرلائن ملازمیں خطرے میں ہیں، کرونا وائرس متعدی بیماری ہے، بائیو میٹرک سے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ ملازمین کو کم از کم ایک ماہ بائیو میٹرک حاضری سے استثنیٰ دے، ملازمین میں بائیو میٹرک حاضری سے خوف بڑھ رہا ہے، مشین کی وجہ سے وائرس ایک سے دوسرے شخص کو منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔