Tag: بائیک

  • ایم کیو ایم خواتین کمیٹی کی ممبر پرس چھیننے کے واقعے کے دوران بائیک سے گر کر جاں بحق

    ایم کیو ایم خواتین کمیٹی کی ممبر پرس چھیننے کے واقعے کے دوران بائیک سے گر کر جاں بحق

    کراچی: غریب آباد انڈر پاس میں ایم کیو ایم خواتین کمیٹی کی ممبر پرس چھیننے کے واقعے کے دوران بائیک سے گر کر جاں بحق ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے غریب آباد انڈر پاس میں ڈکیتی مزاحمت کا واقعہ گزشتہ شام پیش آیا تھا، خاتون شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر گزر رہی تھی اس دوران چلتی موٹر سائیکل سے ملزمان نے پرس چھیننے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چھینا جھپٹی کے دوران خاتون موٹر سائیکل سے گر گئیں، ان کے سر پر چوٹیں آئیں تھی، جس کے بعد زخمی حالت میں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت خاتون رخشندہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ  ایم کیو ایم خواتین کمیٹی کی ممبر  ہیں۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما سلمان مجاہد بلوچ نے بھی بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جاں بحق خاتون ایم کیو ایم خواتین کمیٹی کی مرکزی ممبر تھی، ان کی نماز جنازہ آج  بعد نماز ظہر ناظم آباد، تدفین بلدیہ قبرستان میں  کی جائےگی۔

  • بے تحاشہ مہنگائی نے بائیک بھی غریب کی پہنچ سے دور کردی

    بے تحاشہ مہنگائی نے بائیک بھی غریب کی پہنچ سے دور کردی

    موٹر سائیکل کو غریب کی سواری سمجھا جاتا ہے لیکن ڈالر کی قیمتوں اور معاشی تنزلی نے اس سواری کو بھی غریب سے دور کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عقیل شیخ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور بائیک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں بتایا۔

    محمد عقیل شیخ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 سے 7 ماہ میں موٹر سائیکل کی قیمت 50 ہزار سے چھلانگ لگا کر 1 لاکھ سے بھی اوپر پہنچ چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ہے۔

    عقیل شیخ نے بتایا کہ بائیکس کی زیادہ تر مینو فیکچرنگ مقامی سطح پر ہو رہی ہے لیکن اس کا خام مال بیرون ملک سے امپورٹ کیا جاتا ہے اور اس پر لگنے والے ٹیکس اور ڈیوٹیز کی وجہ سے بھی بائیکوں کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے اچھے خاصے مالدار لوگ بھی گاڑیاں فروخت کر کے موٹر سائیکل پر آگئے ہیں لیکن غریب موٹر سائیکل خریدنے سے بھی قاصر ہوتا جارہا ہے۔

  • گولی کی طرح جاتی بائیک تیز رفتار ٹرک کے سامنے آگئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کہتے ہیں کہ جس انسان کی زندگی باقی ہو، موت کا فرشتہ اسے چھو کر گزر جاتا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ایک خطرناک ویڈیو اسی بات کا ثبوت ہے۔

    انڈین پولیس سروس کے ایک اہلکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سی سی ٹی وی کیمرے کی ایک فوٹیج شیئر کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک انٹر سیکشن سے ایک تیز رفتار بائیک گولی کی طرح نکلتی ہے اور اسی لمحے اسی رفتار سے ایک ٹرک سامنے سے آجاتا ہے۔

    پلک جھپکتے میں ٹرک ڈرائیور ٹرک کو موڑتا ہے جس سے ٹرک فٹ پاتھ پر درخت سے جا ٹکراتا ہے۔

    خوش قسمتی سے بائیک سوار بچ جاتا ہے کیونکہ اگلے ہی لمحے وہ ٹرک کے سامنے سے نکل کر واپس جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

    تاحال ٹرک ڈرائیور یا موٹر سائیکل سوار کے بارے میں علم نہ ہوسکا کہ وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے یا نہیں۔

    پولیس اہلکار نے اپنے ٹویٹ میں طنزیہ طور پر لکھا کہ ایسے ہی رفتار سے گاڑی چلاتے رہیں، ایکسیڈنٹ بھی نہیں ہوں گے، خود آپ اور دوسرے لوگ بھی محفوظ رہیں گے۔

  • لاہور سے لندن تک بائیک پر سفر کرنے والا شخص

    لاہور سے لندن تک بائیک پر سفر کرنے والا شخص

    لاہور: سیاحت کا جنون رکھنے والے پاکستانی شہری ذوالفقار علی نے 27 روز میں بائیک پر لاہور سے لندن تک کا سفر طے کر ڈالا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے رہائشی ذوالفقار علی نے جو برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں، عام سی بائیک پر لاہور سے لندن تک کا سفر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہوتے ہوئے بھی وہ بائیک پر شمالی علاقہ جات کا سفر کرچکے ہیں، اب کی بار انہوں نے لندن کا سفر کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ بلوچستان سے نکل کر ایران اور پھر آذر بائیجان گئے وہاں کئی روز گزارے، اس کے بعد ترکی، بلغاریہ اور رومانیہ سے ہوتے ہوئے لندن پہنچے۔

    ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ جاتے ہوئے انہیں 27 دن کا وقت لگا جبکہ واپس لاہور آنے میں صرف 14 دن لگے۔

    انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں لہٰذا ان کے برطانوی پاسپورٹ پر ہر جگہ کا ویزا انہیں نہایت آسانی سے مل گیا۔

  • بائیک سوار کے سر پر الیکٹرک پول گر گیا، رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو

    بائیک سوار کے سر پر الیکٹرک پول گر گیا، رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو

    موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنا نہ صرف حفاظتی اصولوں میں سے ایک ہے بلکہ اسے ٹریفک قانون کی حیثیت بھی حاصل ہے، ایک اور ویڈیو نے اس سچائی کو ثابت کردیا۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو پوسٹ کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنا ہوا ایک موٹر سائیکل سوار تیزی سے آتا ہے اور سامنے کھڑی گاڑی سے بری طرح ٹکراتا ہے جو اسی وقت آگے بڑھ رہی تھی۔

    ٹکرانے کے بعد موٹر سائیکل سوار زمین پر گرتا ہے اور کئی قلابازیاں کھاتا ہے، اس دوران اس کا سر کئی بار زمین سے ٹکراتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

    ابھی وہ اٹھ ہی رہا ہوتا ہے کہ اس کے قریب موجود پول، جس سے اس کی بائیک ذرا دیر پہلے ٹکرائی تھی، دھڑام سے اس کے اوپر گرتا ہے اور موٹر سائیکل سوار ایک بار پھر زمین پر گر جاتا ہے۔

    لیکن اس بار بھی خدا کی قدرت سے وہ محفوظ رہتا ہے اور دوبارہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

    دہلی پولیس نے اسے ہیلمٹ کی کرامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدا بھی ان کی مدد کرتا ہے جو ہیلمٹ پہنتے ہیں۔

    ویڈیو کے کیپشن میں لکھا دکھائی دیتا ہے کہ ہیلمٹ پہننا آپ کو ایک دو بار نہیں متعدد بار بچا سکتا ہے۔

    اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، ایک شخص نے کہا کہ ہیلمٹ سے اس کا سر تو بچ ہی گیا شکر ہے کہ گردن نہیں ٹوٹی۔

    بعض صارفین نے مقامی انتظامیہ کو برا بھلا کہتے ہوئے پول کی خستہ حالی پر تنقید کی اور کہا کہ ایک ذرا سی ٹکر لگنے سے پول ہی نیچے گر گیا۔

    زیادہ تر افراد نے مذکورہ شخص کی جان بچنے پر اسے خوش قسمت قرار دیا اور ہیلمٹ پہننے پر زور دیا۔

  • پارکنگ میں ننھی سائیکل کھڑی کرنے والے بچے کا اطمینان، گاڑی کا ڈرائیور پریشان

    پارکنگ میں ننھی سائیکل کھڑی کرنے والے بچے کا اطمینان، گاڑی کا ڈرائیور پریشان

    سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک بچے کی کار پارکنگ میں اپنی سائیکل پارک کرنے کی معصومانہ حرکت نے صارفین کا دل موہ لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پارکنگ میں گاڑیوں کے درمیان ایک بچہ اپنی ننھی سی سائیکل پارک کر رہا ہے، بچے کی عمر 5 سے 6 سال ہے۔

    مزے کی بات یہ ہے کہ اس وقت سامنے ہی ایک گاڑی کا ڈرائیور اپنی گاڑی کو وہاں پارک کرنے کے لیے موجود ہے لیکن بچہ مکمل طور پر اسے نظر انداز کر کے اپنی سائیکل وہاں کھڑی کردیتا ہے۔

    اس کے بعد بچہ نہایت اطمینان سے اتر کر وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    ٹویٹر صارفین اس بچے کی معصومیت اور اعتماد سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ جس طرح وہ بچہ اعتماد سے وہاں سے گیا ہے وہ دیکھنے کے قابل ہے۔

  • شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

    شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

    اسکاٹ لینڈ میں ایک سائیکل چور اس وقت عجیب وغریب صورتحال کا شکار ہوگیا جب اس کی چرائی ہوئی سائیکل عین سائیکل کے مالک کے گھر کے سامنے خراب ہوگئی اور سائیکل کا مالک ہی اس کی مدد کرنے پہنچ گیا۔

    جان ڈیولن نامی شہری نائٹ شفٹ مکمل کر کے اپنے گھر آرہا تھا کہ گھر کے قریب اس نے ایک شخص کو سائیکل کے ساتھ زور آزمائی کرتے ہوئے پایا، وہ اس شخص کی مدد کے لیے پہنچ گیا۔

    اس دوران اسے سائیکل پر ایک اسٹیکر دکھائی دیا جو اسے جانا پہچانا لگا، سائیکل کے ساتھ لگا ہیلمٹ بھی اسے شناسا لگا، تب اچانک اسے احساس ہوا کہ یہ اسی کی سائیکل ہے جو چند روز قبل گھر کے باہر سے چوری ہوگئی تھی۔

    جان نے اس شخص کو بتایا کہ یہ اس کی سائیکل ہے تو چور نے دوبارہ سائیکل اٹھائی اور بھاگنے لگا، اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال کر جان کو دھمکیاں بھی دیں۔

    جان نے چور کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس کو فون کردیا جو فوراً ہی موقع پر پہنچ کر چور کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعد ازاں چور نے جان کے گھر کے بیرونی حصے میں نقب لگانے اور سائیکل چرانے کا اعتراف کرلیا۔

    مقامی عدالت نے چور کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

  • بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    برازیل میں ایک سرپھرے اور بے صبرے بائیکر نے اپنی بائیک سڑک پر راستہ روکے کھڑے دو ہیوی ٹرکوں کے درمیان سے گزارنی چاہی لیکن جیسے ہی وہ دونوں ٹرکوں کے بیچ میں پہنچا ٹرک حرکت کرنے لگے۔

    برازیل میں پیش آنے والا یہ واقعہ بائیکر کے ہیلمٹ کیمرے میں ریکارڈ ہوا، وہ اس کیمرے کو اپنی ولاگنگ کے لیے استعمال کر رہا تھا کیونکہ اس دوران وہ کمنٹری کرتا بھی سنائی دے رہا ہے۔

    سڑک پر کافی سارے ٹرک موجود ہیں جو آہستہ روی سے حرکت کر رہے ہیں اور بائیکر ان کے درمیان سے جگہ بناتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے۔

    ایک موقع پر دو ٹرک ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں اور ان کے درمیان معمولی سا فاصلہ ہے، بائیکر کچھ دیر رکنے کے بعد ان کے درمیان سے بائیک گزارنے کا فیصلہ کرتا ہے اور تیزی سے بائیک کو ٹرکوں کے درمیان لے جاتا ہے۔

    جیسے ہی وہ بالکل بیچ میں پہنچتا ہے ایک ٹرک ذرا سی حرکت کرتا ہے جس سے بائیک کا ایک پہیہ ٹرک کے بھاری بھرکم پہیے کے نیچے آجاتا ہے۔

    ٹرک ڈرائیور ریئر مر رمیں بائیک سوار کو دیکھ لیتا ہے اور وہ فوراً ٹرک روک لیتا ہے، اس کے بعد وہ ٹرک کو ریورس کرتا ہے تاکہ بائیک کا پہیہ آزاد ہوسکے جس سے موٹر سائیکل کو مزید نقصان پہنچتا ہے۔

    اس دوران بائیکر نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے افسوس کرتا سنائی دیتا ہے۔

    یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین نے بائیکر کے بے صبرے پن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی قسمت اچھی تھی کہ اس کی جان بچ گئی ورنہ وہ اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو سکتا تھا۔

  • بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے پولیس کے جرمانوں سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی موٹر سائیکل کو ہی آگ لگا دی، نوجوان کو ہزاروں روپے کے چالان ادا کرنے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست گجرات میں پیش آیا، اتوار کی شام موضع گوتاپور کے قریب پولیس گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی جہاں اس نے سنگپا نامی نوجوان کو روکا۔

    پولیس نے نوجوان کی موٹر سائیکل روک کر دستاویزات دیکھے اور زیر التوا چالانات کی بھی جانچ کی۔ پولیس کے مطابق نوجوان پر پہلے سے 5 ہزار روپے کے چالان بقایا تھے۔

    پولیس نے زیر التوا چالانات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوجوان کو وہاں سے روانہ کردیا۔

    تاہم مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے تصاویر لینے اور جرمانے عائد کرنے سے دلبرداشتہ اور جرمانوں کی رقم ادا کرنے سے قاصر سنگپا گھر پہنچا تو سخت غصے میں تھا، گھر پہنچتے ہی اس نے موٹر سائیکل پر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور چالان کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔

  • بائیک ریسنگ کے جنونی معذور کھلاڑی کی دردناک موت

    بائیک ریسنگ کے جنونی معذور کھلاڑی کی دردناک موت

    ارجنٹینا میں بائیک ریسنگ کا شوقین ایک معذور نوجوان ہولناک حادثے کا شکار ہو کر بالآخر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ریسنگ کے دوران پیچھے سے آنے والی 2 بائیکس فراٹے سے اس کے اوپر سے گزر گئیں۔

    23 سالہ البرٹو زیپٹا ساڑھے 4 ماہ قبل ایک خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں وہ ایک ہاتھ سے محروم ہوگیا تھا، بائیک ریسنگ کے جنونی زیپٹا کو مصنوعی ہاتھ تو لگا دیا گیا تھا تاہم ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اب وہ کبھی اپنا شوق پورا نہیں کرسکے گا۔

    لیکن زیپٹا نے سب کے اندازوں کو غلط ثابت کردیا اور صرف 3 ماہ بعد مصنوعی ہاتھ سے دوبارہ بائیک ریسنگ شروع کردی۔

    تاہم چند دن قبل ہونے والی بائیک ریس اس کی زندگی کی آخری ریس ثابت ہوئی، ریس کے دوران ایک جمپ لگاتے ہوئے وہ بائیک کا توازن کھو بیٹھا اور زمین پر گر گیا۔ پیچھے سے گزرتی 2 بائیکس لمحے بھر میں اس کے اوپر سے گزرتی چلی گئیں اور زیپٹا جان کی بازی ہار گیا۔

    یہ وہی ریسنگ ٹریک تھا جہاں زیپٹا نے صحت یابی کے بعد پہلی ریس میں حصہ لیا تھا۔

    جوش و جذبے سے بھرپور اس بہادر نوجوان کی موت نے ہر آنکھ اشکبار کردی۔ شہر کے گورنر سمیت بڑی تعداد میں عام افراد نے اسے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اسے زندگی سے لڑنے والا جنگجو سپاہی قرار دیا۔