Tag: بائیک سوار

  • خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ، راہ گیروں نے بائیک سوار کی جان کیسے بچائی؟

    خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ، راہ گیروں نے بائیک سوار کی جان کیسے بچائی؟

    امریکا میں ایک ٹریفک ایکسیڈنٹ کے دوران بائیک سوار گاڑی کے نیچے پھنس گیا، آس پاس موجود راہ گیروں نے مل کر گاڑی کو وہاں سے ہٹایا جس کے بعد مذکورہ شخص کی جان بچ گئی۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک گاڑی بائیک سے ٹکراتی ہے جس پر ایک مرد اور خاتون سوار ہیں۔

    خاتون بچ جاتی ہیں لیکن مرد بائیک سمیت گاڑی کے نیچے پھنس جاتا ہے، آگے جانے والا ایک اور بائیک سوار یہ منظر دیکھ کر فوراً گاڑی کی طرف دوڑتا ہے اور نیچے پھنسے شخص کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔

    اس دوران آس پاس لوگ جمع ہوجاتے ہیں، تمام افراد گاڑی کے گرد جمع ہوجاتے ہیں اور نیچے موجود شخص کو نکالنے کے لیے سب مل کر گاڑی کو اوپر اٹھا لیتے ہیں۔

    نیچے موجود شخص بحفاظت نکل آتا ہے جس کے بعد دونوں بائیک سواروں کو اسپتال پہنچا دیا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اس پر تعریفی کمنٹس کیے اور راہ گیروں کو سراہا۔

  • گرتا ہوا لوہے کا دروازہ اور بال بال بچنے والا بائیکر، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    گرتا ہوا لوہے کا دروازہ اور بال بال بچنے والا بائیکر، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک حیرت انگیز ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ایک موٹر سائیکل سوار لوہے کے بھاری بھرکم گیٹ کے گرتے ہوئے اس کے نیچے سے بحفاظت نکل گیا۔

    یہ واقعہ ویتنام میں پیش آیا جہاں دو سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پتلی سی گلی میں ایک شخص گاڑی سے اترا اور گھر کے سامنے کھڑی کر کے گھر کے اندر جانے لگا۔

    جب وہ گھر کا لوہے کا دروازہ بند کرنے لگا تو اسی وقت دروازہ ٹوٹ کر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا، ابھی جب وہ شخص اسے سنبھالنے کی کوشش کر ہی رہا تھا تو اچانک ایک بائیک سوار تیزی سے وہاں آن پہنچا اور گرتے گیٹ کے نیچے سے گزرتے ہوئے اضطراری طور پر ایک طرف جھکا۔

    گھر کے مالک نے گیٹ کو مضبوطی سے تھام رکھا تھا جس کی وجہ سے بائیک سوار خطرناک حادثے سے بال بال بچا، بائیک سوار نے فوری خود کو سنبھالا اور بائیک سے اتر کر اس شخص کی مدد بھی کی۔

    دونوں نے لوہے کے دروازے کو پکڑ کر ایک طرف حفاظت سے رکھا۔

    واقعے کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردعمل دیا، کچھ نے بائیکر کی خوش قسمتی پر اظہار مسرت کیا، کچھ نے گھر کے مالک کی تعریف کی جس نے دروازہ مضبوطی سے تھام کر ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔

    بعض لوگ اس بات پر ناخوش بھی تھے کہ مذکورہ شخص اپنے گھر کی دیکھ بھال سے غافل ہے ورنہ اسے ضرور پتہ ہوتا کہ دروازے کو مرمت کی ضرورت ہے۔