Tag: بابا حیدر زمان

  • تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کر گئے

    تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کر گئے

    اسلام آباد: قائد تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ بابا حیدر زمان نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

    بابا حیدر زمان کچھ دنوں سے علیل تھے اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ بابا حیدر کی عمر 84 سال تھی۔

    بابا حیدر زمان 1934 میں ایبٹ آباد کے نواحی علاقے دیوال منال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز 60 کی دہائی میں کیا۔

    بابا حیدر زمان نے پہلا الیکشن 1962 میں جبکہ آخری الیکشن 2013 میں لڑا۔

    بابا حیدر زمان 1977 میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک ایم آر ڈی میں شامل ہوئے اور گرفتار بھی ہوئے۔ حیدر زمان صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت، ضلع ناظم ایبٹ آباد اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ایبٹ آباد رہے۔

    بابا نے سنہ 1990 اور 1993 میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے مقابلے پر قومی اسمبلی کی نشست کی لیے الیکشن میں حصہ لیا۔

    سنہ 2010 میں جب صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرکے خیبر پختونخواہ رکھا گیا تو بابا حیدر زمان نے ہزارہ کو صوبہ بنانے کے لیے سیاستدانوں کو ایک چھتری تلے اکٹھا کیا۔

    انہوں نے بھرپور انداز میں تحریک کا آغاز کیا جس کے باعث انہیں ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں بھی پذیرائی ملی۔

  • تحریک صو بہ ہزارہ نے بھی انقلاب مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا

    تحریک صو بہ ہزارہ نے بھی انقلاب مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا

    ایبٹ آباد: تحریک صو بہ ہزارہ نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلاب مارچ میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا، تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان کہتے ہیں ان کی جماعت انقلاب مارچ میں شرکت کیلئے بڑی تعداد میں اسلام آباد جائے گی۔

    ایبٹ آباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں بابا حیدر زمان کا کہنا تھا کہ ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی اب انقلاب سے ہی ممکن ہے،حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، تحریک صو بہ ہزارہ آزادی مارچ کی نہیں بلکہ انقلاب مارچ کی کال پر باہر نکل رہی ہے، اور انقلاب کو روکنے کیلئے حکومت کوئی رکاوٹ نہ ڈالے، ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ہزارے وال قوم کو کال دے دی ہے کہ وہ انقلاب کیلئے میدان میں نکل آئیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے گھر کا محاصرہ فوری ختم کیاجائے ۔