پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم آج ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں دو عظیم بلے بازوں کے ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
موجودہ دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم کا ستارہ اگرچہ گردش میں ہے اور وہ طویل عرصہ سے آؤٹ آف فارم ہیں۔ تاہم کہتے ہیں کہ فارم عارضی اور کلاس مستقل ہوتی ہے تو کلاسک شاٹس اور ریکارڈ کے حامل بابر اعظم اگر آج فارم میں آ جاتے ہیں تو دو عظیم بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
بابر اعظم نے اب تک ایک روزہ میچوں میں 19 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ ان سے آگے پاکستان کے سابق اوپنر سعید انور ہیں جو 20 سنچریاں بنا کر ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ 22 سال سے اپنے پاس رکھتے ہیں۔
تاہم آج ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں بابر اعظم کی فارم واپس لوٹ آتی ہے اور وہ سنچری بنانے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے ریکارڈ میں سعید انور کے ہم پلہ ہو جائیں گے۔ تاہم کم اننگز میں یہ سنگ میل عبور کر کے وہ لیجنڈ اوپنر کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔
سعید انور نے 247 میچز میں 244 اننگز کھیل کر 20 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔ جب کہ بابر اعظم اب تک 131 میچز کھیل کر 128 اننگز میں 19 سنچریاں بنائے ہوئے ہیں۔
بابر اعظم صرف سعید انور کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہی نہیں بلکہ وہ آج سنچری بنا کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 20 سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ دوسرے نمبر پر موجود ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں جنہوں نے 133 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں کم سے کم اننگز میں 20 سنچریاں بنانے کا اعزاز سابق پروٹیز بلے باز ہاشم آملہ کے پاس ہے۔ انہوں نے صرف 108 اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا۔
https://urdu.arynews.tv/rashid-latif-wants-babar-azam-includ-t20-squad/