Tag: بابر اعظم

  • ٹی 20 رینکنگ: پاکستانی کھلاڑی چھا گئے

    ٹی 20 رینکنگ: پاکستانی کھلاڑی چھا گئے

    ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں‌ پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم پہلی پوزیشن کے قریب پہنچ گئے ہیں جب کہ محمد رضوان چوتھے نمبر پر آ گئے۔

    آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر ہیں، اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف 11 پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔

    بابر اعظم نے 820 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن مستحکم کر لی ہے، تاہم انگلش بلے باز ڈیوڈ میلان بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

    دوسری طرف اپنی حالیہ شان دار کارکردگی کے باعث وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں، انھوں نے 3 درجہ ترقی کے بعد یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔

    جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم نے 8 درجہ ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

    بولرز رینکنگ

    بولرز کی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی بھی ترقی ہوگئی ہے، شاہین آفریدی 11 درجے ترقی کے بعد 12 ویں نمبر پر پہنچے ہیں، بھارت کے خلاف شان دار اسپیل کی بدولت ان کے ریٹنگ پوائنٹس 596 ہوگئے۔

    قومی فاسٹ بولر حارث رؤف پہلی بار ٹاپ ٹوئنٹی بولرز میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف مین آف دی میچ پرفارمنس کے باعث حارث رؤف نے 17 ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

    رضوان کا نیا اعزاز، ویرات کوہلی ریکارڈ کا پاش پاش

    بولرز میں پہلی پوزیشن جنوبی افریقا کے تبریز شمسی، اور دوسری پوزیشن سری لنکا کے وانندو ڈی سلوا کے پاس ہے، جب کہ افغانستان کے راشد خان تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

    آل راؤنڈرز میں پہلی پوزیشن بنگلا دیش کے ثاقب الحسن کے پاس ہے، دوسری پوزیشن افغانستان کے محمد نبی، اور تیسری پوزیشن نمیبیا کے جے اسمتھ کے پاس ہے۔

  • بال بوائے سے لیکر قومی ٹیم کے کپتان بننے تک کا سفر، بابر اعظم کی یادگار تصاویر

    بال بوائے سے لیکر قومی ٹیم کے کپتان بننے تک کا سفر، بابر اعظم کی یادگار تصاویر

    کراچی: ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر شائقین کرکٹ کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی بابر اعظم کا ٹرینڈ ٹویٹر پر تیسرے نمبر پر ہے اور مداحوں کی جانب سے بابر اعظم کی بیٹنگ کی خوب تعریف کی جارہی ہے۔

    نیہا خان نامی بابر اعظم کی مداح نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’پاکستان کے صرف دو ہی ہیرو ہیں، قائد اعظم اور بابر اعظم۔‘

    بابراعظم کی انڈر 19 کے وقت کی تصویر: فوٹو سوشل میڈیا

    نیہا خان قومی ٹیم کی جیت پر خوشی سے نہال ہیں ان کا کہنا ہے کہ اتنی خوشی مجھے کبھی بھی نہیں ہوئی جتنی آج ہوئی ہے، خاتون صارف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت والے موقع موقع کہہ رہے تھے آج انہیں جواب بھی مل گیا۔

    بابراعظم اپنے والد کے ساتھ خوشگوار موڈ میں گاڑی چلاتے ہوئے/ فوٹو سوشل میڈیا

    پی ٹی آئی کے سینیٹر اون عباس نے بابر اعظم کی وہ تصاویر شیئر کیں جن میں کپتان اپنے والد کے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر کرکٹ کلب جارہے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ ’دل کو چھو لینے والی تصویرہے ،کامیابی کے لیے قربانی ضروری ہے۔ کبھی ہمت نہ ہارو.۔‘

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں گرین شرٹس نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے انہیں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم اپنا دوسرے میچ کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

  • بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیسی رہی؟ کپتان نے بتا دیا

    بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیسی رہی؟ کپتان نے بتا دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی سی بی کے نئے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ان کی ملاقات مثبت رہی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ رمیز راجہ سے ملاقات خاصی مثبت رہی، انھوں نے اپنی سوچ اور حکمت عملی سے ہمیں آگاہ کیا۔

    نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پاکستان آتی تو بہت اچھی تیاری ہوتی، اب جو بھی ٹیم یہاں آ رہی ہے اس کے ساتھ بھرپور کرکٹ کھیلیں گے، امید ہے آئندہ برس نیوزی لینڈ کی مکمل ٹیم پاکستان آئے گی۔

    قومی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے اعلان پر انھوں نے کہا کہ ابھی ون ڈے ٹیم کا اعلان ہوا ہے، ٹی 20 کے لیے بیٹھیں گے تو معاملات کا جائزہ لیں گے، مڈل آرڈر میں مسائل ہیں اور ان کے حل کے لیے سوچ بچار رہے ہیں، جو لڑکے ٹیم میں واپس آئے ہیں ان کے پاس خود کو منوانے کا موقع ہے۔

    نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    بابر اعظم نے کہا اچھی کارکردگی کے باوجود تنقید کو انجوائے کرتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ تنقید کو سنیں ہی نہیں، بلکہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔

    سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے سے متعلق ایک سوال پر کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ اس سلسلے میں چیف سلیکٹر محمد وسیم وضاحت دے چکے ہیں۔

    ورلڈ ٹی 20 سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُر عزم ہیں، بھارتی ٹیم کافی عرصے سے ٹی 20 کرکٹ سے دور ہے، کوشش ہوگی کہ ورلڈ ٹی 20 میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کریں۔

  • اسٹیو اسمتھ نے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کا نام بتادیا

    اسٹیو اسمتھ نے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کا نام بتادیا

    سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سوال جواب کے سیشن میں کہا کہ بابر اعظم کو بیٹنگ کرتا ہوا دیکھنا پسند کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں بھی اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اچھے کھلاڑی ہیں ان کے پاس بیٹنگ کرتے وقت بہت وقت ہوتا ہے۔

    اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں، گزشتہ چند روز میں نیٹ پریکٹس کے دوران خامیوں پر قابو پایا ہے۔

    آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ قرنطینہ کا وقت میرے جیسے بیٹسمینوں کے لیے فائدہ مند ہے، ہم سیریز سے قبل نیٹ میں زیادہ وقت گزارتے ہوئے کووید پروٹوکول کی وجہ سے چھوٹے گروپس میں ٹریننگ کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں موجود ہیں، بابر ٹی ٹوینٹی میں دوسری، ون ڈے میں تیسری اور ٹیسٹ میں پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

  • کپتانی کیسے کرنی ہے؟ شعیب اختر کا بابر اعظم کو مشورہ

    کپتانی کیسے کرنی ہے؟ شعیب اختر کا بابر اعظم کو مشورہ

    راولپنڈی: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو اپنے فیصلے خود لینے پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پی سی بی بابر اعظم کو کم از کم دو سال تک کپتان برقرار رکھے، بابر اعظم کو ٹیسٹ میں مضبوط مائنڈ سیٹ کے ساتھ کپتانی کرنی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اگر پرانے مائنڈ سیٹ پر چلتے رہے تو کپتان تبدیل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سرفراز احمد اور محمد حفیظ کو جب کپتانی کی سمجھ آئی تو دونوں کو باہر کردیا گیا۔

    شعیب اختر نے سابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی کو مشورہ دیا کہ اظہر علی کو چاہئے کہ وہ طویل فارمیٹ میں زیادہ سے زیادہ رنز کریں۔

    سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ میں چاہتا ہوں مصباح الحق پی سی بی کے ساتھ اپنی مدت پوری کریں، بابر اعظم کو بھی اپنے فیصلے خود لینے ہوں گے۔

    شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر اب آپ نے بابر اعظم کو کپتان بنایا ہے تو پھر انہیں کم از کم دو سال تک کپتان برقرار رہنے دیں، ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ آپ چھ ماہ میں بابر اعظم کو ناپسند کرنے لگیں اور پھر اچانک ان کی شکل، انداز سب کچھ آپ کو برا لگنے لگے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کو ون ڈے اور ٹی 20 کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا۔

  • پی سی بی کا بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ

    پی سی بی کا بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کی کپتانی کے بعد بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھا لنے پر رضا مند ہو گئے ہیں، قیادت ملنے کے بعد بابر اعظم ورلڈ کپ تک تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران نے بابر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے، نئی سلیکشن کمیٹی میں بابر اعظم کی بطور کپتان مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔

    بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کا اعلان کیا جائے گا، پی سی بی گورننگ بورڈ کے کل کے اجلاس میں کپتانی کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔

    ذرایع نے بتایا کہ بابر اعظم کو کپتانی سونپنے کی صورت میں محمد رضوان نائب کپتان ہوں گے۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے رواں سال ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کر کے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، وہ مسلسل 2 سال 1 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

  • میچ ختم نہ کرنے کا دکھ ہے: بابر اعظم

    میچ ختم نہ کرنے کا دکھ ہے: بابر اعظم

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زمبابوے سے تیسرا ون ڈے میچ ہارنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ ہے کہ میچ ختم کر کے نہیں آیا، 10 پوائنٹس قیمتی ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم سیریز جیت گئے لیکن بدقسمتی سے آخری میچ ہار گئے۔

    انہوں نے کہا کہ بطور کپتان جو غلطیاں کی اس سے سیکھنے کی کوشش کروں گا، غلطیوں سے سیکھنا ہے اور فیلڈنگ اور بیٹنگ میں مزید بہتری لانی ہے۔ زمابوے نے اچھی کرکٹ کھیلی، ہماری ٹاپ آرڈر میں پارٹنر شپ نہیں تھی جو ہمیں چاہیئے تھی۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس سے کافی مطمئن ہوں، آئندہ ایک روزہ سیریز میں بہترین کھیل کھیلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سپر اوور کے لیے جو بیٹسمین بھیجے وہ پاور ہٹنگ کرتے ہیں، کرکٹ کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ کبھی بھی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔

    بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم فیلڈنگ میں کیچ کر لیتے تو زمبابوے اتنا ٹوٹل نہ بنا پاتا، ہماری کوشش ہے کہ ٹی 20 میں بہترین ٹیم کھلائیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور زمابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کرلی، آخری میچ کا نتیجہ سپر اوور سے نکلا جو زمبابوے نے گزشتہ روز جیتا۔

  • ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    سمرسٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ٹی 20 بلاسٹ میں سمرسٹ اور گلیمورگن کے درمیان میچ میں بابر اعظم نے 5 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔

    بابراعظم ٹی 20 میں 5 ہزار رنز بنانے والے چھٹے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ ان سے قبل شعیب ملک، محمد حفیظ، کامران اکمل، احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی 5 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔

    سنہ 2016 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم 29 ٹیسٹ، 74 ون ڈے، اور 41 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔

    وہ اب تک ٹیسٹ میں 2 ہزار 45 اور ون ڈے میچز میں 3 ہزار 359 رنز بنا چکے ہیں۔

    بابر اعظم نے گزشتہ سال ٹی 20 بلاسٹ کی 13 اننگز میں مجموعی طور پر 578 رنز بنائے تھے جس میں 102 رنز کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔

  • بابر اور اظہر کا متبادل کون؟ راشد لطیف نے نام بتا دیا

    بابر اور اظہر کا متبادل کون؟ راشد لطیف نے نام بتا دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کپتانی کے لیے بابر اعظم اور اظہر علی کا متبادل نام بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا کہ پی سی بی کو سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد محمد حفیظ کو تینوں فارمیٹس کا کپتان بنانا چاہیے تھا۔

    سابق کپتان کی جانب سے یہ بیان قومی کرکٹ ٹیم کی دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست کے بعد سامنے آیا۔

    راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز کے بعد محمد حفیظ کو کپتان مقرر کرنا چاہیے تھا،مختلف فارمیٹس کے لیے دو کپتان آئے، اگرچہ اظہر علی اور بابر اعظم با صلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن انہوں نے اب تک خود کو بطور کپتان ثابت نہیں کیا، یہ بابر اور یہاں تک اظہر کے لیے بھی مشکل ہے۔

    محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے 30 اگست کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کا کپتان بنایا جاسکتا ہے، رضوان میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔

    راشد لطیف کا کہنا تھا کہ رضوان نے پاکستان اے ٹیم کی بھی قیادت کی ہے، اگر ٹیم مینجمنٹ اسے ہر فارمیٹ میں کھلا رہی ہے تو شاید وہ انہیں مستقبل میں ضرورت پڑنے پر قیادت سونپنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے۔

  • بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    کراچی: قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی 20 کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی بلاسٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے، بابر اعظم وائٹیلٹی بلاسٹ 2020 میں سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے۔

    بابر اعظم ایونٹ کے گزشتہ سیزن میں 578 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے، جس میں 102 رنز کی شان دار سنچری بھی شامل تھی۔ وہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوینٹی سیریز کے بعد 2 ستمبر سے اپنے معاہدے کے تحت انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ جوائن کریں گے۔

    بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    قومی کرکٹر اس سال کے سیزن میں 12 ٹی ٹوینٹی بلاسٹ میچز کے ساتھ ساتھ چار روزہ 2 میچز بھی کھیلیں گے۔

    سمرسٹ کا حصہ بننے سے متعلق انھوں نے کہا تھا کہ وہ اس پر بہت خوش ہیں، سمر سیٹ کے پاس اچھا اسکواڈ ہے اور مجھے ان کے ساتھ کھیل کر اچھا لگتا ہے۔

    مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں، یہ کارنامہ انھوں نے 25 اگست کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹام بیس کو چوکا لگا کر انجام دیا۔

    بابر نے 28 ویں میچ میں 2 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، وہ دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 میں شامل ہیں، ٹی ٹوینٹی میں ان کا پہلا، ون ڈے میں دوسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچواں نمبر ہے۔