Tag: بابر اعظم

  • بابراعظم کا سمر سمیٹ کاؤنٹی سے دوبارہ معاہدہ

    بابراعظم کا سمر سمیٹ کاؤنٹی سے دوبارہ معاہدہ

    قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا سمر سیمٹ کاؤنٹی سے دوبارہ معاہدہ طے پا گیا۔

    ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹسمین بابر اعظم کی متاثرکن کارکردگی کی بدولت انہیں سمرسیٹ کاؤنٹی نے اس سال کے سیزن میں بھی شامل کر لیا ہے، بابراعظم 28مئی سے2جولائی تک کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلیں گے۔

    بابر اعظم نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کی 13 اننگز میں مجموعی طور پر 578 رنز بنائے تھے جس میں 102 رنز کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔

    قومی کرکٹ اس سال کے سیزن میں 12 ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میچز کے ساتھ ساتھ چار روزہ 2 میچز بھی کھیلیں گے۔

    بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ سمر سیٹ کا حصہ بننے پر خوش ہیں، سمر سیٹ کے پاس اچھا اسکواڈ ہے اور مجھے ان کے ساتھ کھیل کر اچھا لگتا ہے۔

  • بابراعظم: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی کا بچپن، محلہ اور والدین کی ڈانٹ

    بابراعظم: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی کا بچپن، محلہ اور والدین کی ڈانٹ

    کرکٹ کے میدان میں بابراعظم کی شان دار کارکردگی کے تو سبھی معترف ہیں۔ 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کے اس کھلاڑی پر نظر ڈالیں تو ہر شاٹ لاجواب اور ہر اننگز شان دار رہی۔ وہ تینوں فارمیٹ میں ٹاپ سکس کے واحد بیٹسمین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

    6 ٹیسٹ میچوں میں 616 اور ایک روزہ کھیل میں 1092 رنز کے ساتھ ہر بار میدان سے فرحاں و شاداں لوٹنے والے بابر اعظم کی زندگی کے اوراق تو الٹیے۔ یقیناً بابر اعظم پاکستان کا فخر ہیں، مگر کیا آپ یہ جاننے میں دل چسپی نہیں رکھتے کہ گھر میں انھیں‌ کس بات پر زیادہ ڈانٹ پڑتی تھی؟

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اس چمکتے دمکتے ستارے کی زندگی لاہور کے علاقے ماڈل کالونی میں گزری ہے۔ فردوس مارکیٹ کے عقب میں واقع اس محلے کی گلیوں سے بابر اعظم کے بچپن اور نوجوانی کی حسین یادیں وابستہ ہیں۔

    بابر اعظم نے ایک روایتی گھرانے میں تربیت پائی۔ والدین کی جانب سے پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کی جاتی جب کہ کرکٹ کھیلنے کے لیے اجازت بڑی مشکل سے ملتی تھی۔ اکثر ڈانٹ سنتے اور گھر لوٹتے ہی پڑھنے کے لیے بٹھا دیا جاتا۔

    کرکٹ کھیلنے کے لیے اگر قریبی میدان کا رخ نہ کرتے تو گلی ہی میں "ہنگامہ خیز” اننگز کھیلی جاتی۔

    پاکستان کا یہ بلے باز شہرت کے آغاز پر ہی اپنا محلہ چھوڑ گیا جس کی وجہ یقیناً سیکیورٹی خدشات ہیں۔ تاہم وہ یہاں رہنے والے اپنے رشتے داروں اور قریبی لوگوں سے ملاقات کے لیے آتے رہتے ہیں۔ بابر اعظم کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ شروع ہی سے خاموش طبع اور سنجیدہ تھے۔

    بابر اعظم ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں نمبر ون اور ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔ پچھلے سال تینوں فارمیٹ میں ان کے مجموعی طور پر رنز 2082 ہیں۔ انگلش کاؤنٹی سیزن کی بات کی جائے تو گزشتہ برس بابر اعظم نے اپنی کارکردگی سے سبھی کو متأثر کیا تھا۔

  • ’آخری سیشن میں منصوبہ بدلا‘

    ’آخری سیشن میں منصوبہ بدلا‘

    راولپنڈی: پاک سر زمین پر کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے بابر اعظم نے کہا ہے کہ چائے کے وقفے کے بعد پلان تبدیل کرتے ہوئے سنچری بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

    سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے اختتام پر اپنے انٹرویو میں بابر اعظم نے کہا کہ کوشش یہی تھی کہ لمبا کھیلوں، چائے کے وقفے کے بعد منصوبہ بدلااورتیزکھیلا جس کی وجہ سے سنچری بنانے میں کامیاب ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ عابد علی نروس نائنٹیز کا شکار تھے مگر انہیں حوصلہ دیا اور وہ دباؤ سے باہر آئے، اوپنر نے زبردست باری کھیلی۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگا، شائقین نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، امید ہے اگلے میچ میں بھی شائقین اسی اسپرٹ کو برقرار رکھیں گے۔

  • شاہینوں نے کینگروز کو زیر کرنے کا پلان بنا لیا

    شاہینوں نے کینگروز کو زیر کرنے کا پلان بنا لیا

    سڈنی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کینگروز کو زیر کرنے کے لیے پلان بنا لیا ہے، ہمارے تجربہ کار بولرز آسٹریلوی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں ہم پر کوئی پریشر نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ 2012 میں انڈر 19 ٹیم کا کپتان بن کر آیا اور اب قومی ٹیم کا کپتان بن کر آنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان نمبر ون ٹیم ہے اور آسٹریلیا بھی اچھی ٹیم ہے شائقین کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، ہماری ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، سینئرز اور نئے کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے۔

    کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کو زیر کرنے کے لیے پوری پلاننگ کررکھی ہے، ہم کنڈیشنز سے پوری طرح ہم آہنگ ہوچکے ہیں جب کہ وارم اپ میچ کھیل کر دیگر کھلاڑیوں کو یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے، آسٹریلوی ٹیم بھی اچھی ہے مگر ہمارے تجربہ کار بولرز کینگروز کو جلد آؤٹ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیم 3 نومبر کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی

    انہوں نے کہا کہ جب پرفارمنس دیں گے تو پریشر نہیں آئے گا، میں بیٹنگ پر ہوں گا تو صرف بلے بازی کا سوچوں گا لیکن فیلڈنگ کے دوران کپتان بن کر ٹیم کو چلاؤں گا یہ نہیں کہ دونوں طرف پریشر لے کر کھیلوں۔

    سرفراز احمد کی عدم موجودگی کے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ بے شک سرفراز احمد کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، انہوں نے ٹیم کو نمبر ون بنایا ، ان کی ٹیم کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور میری کوشش یہی ہوگی کہ ٹیم کو نمبر ون رکھوں۔

    آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 3 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 5 نومبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو پرتھ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

    اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

  • سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

    سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

    لاہور: پی سی بی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہرعلی کو ٹیسٹ جبکہ بابراعظم کو ٹی ٹوینٹی کا کپتان مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہر علی کو قیادت سونپ دی ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی کی کپتانی نوجوان بلے باز بابر اعظم کے سپرد کردی گئی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے کے مطابق اظہرعلی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچزمیں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسی دورے میں کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹوینٹی میچز میں بابراعظم ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    پی سی بی کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ آئندہ سال 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں بابراعظم قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اظہرعلی آج قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کریں گے جبکہ سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کر دیا جائے گا۔

    کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، اظہر علی اور بابراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس سفر میں ساتھ دینے پر کوچز، ساتھ کھلاڑیوں، سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد نے 2016 سے 2019 تک قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی کی۔ انہوں نے 2017 سے 2019 تک قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ سرفراز احمد کو چیمپئنزٹرافی کی کامیابی پر ٹیسٹ کی قیادت سونپی گئی تھی۔

  • بابر اعظم کی 25ویں‌ سالگرہ

    بابر اعظم کی 25ویں‌ سالگرہ

    لاہور: ٹی ٹوینٹی کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست پاکستان بلے باز بابر اعظم اپنی 25ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اہم بلے باز کو اُن کی سالگرہ کے موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، پی سی بی، لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی جبکہ ساتھیوں اور مداحوں نے بھی پیغامات بھیجے۔

    آئی سی سی کی رینکنگ میں بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سرفہرست جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں وہ تیسرے نمبر پر ہیں۔

    لاہور میں پیدا ہونے والے نوجوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز 2015 میں کیا اور انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت بہت ہی کم عرصے میں بہت بڑا نام کمایا، ابھی انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کا وائس کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    بابر اعظم کا شمار پاکستان کے اُن عظیم بلے بازوں میں بھی ہوتا ہے جنہوں نے لگاتار تین سنچریاں اسکور کیں۔ قبل ازیں یہ اعزاز ظہیر عباس اور سعید انور کے پاس تھا۔

    نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز سندھ کے خلاف ہونے والے میچ میں بھی 59 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی مگر بدقسمتی سے اُن کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • ون ڈے رینکنگ، محمد عامر ٹاپ ٹین بولرز میں شامل، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن

    ون ڈے رینکنگ، محمد عامر ٹاپ ٹین بولرز میں شامل، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن

    دبئی: آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق محمد عامر نے کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے اور بابر اعظم نے تیسری پوزیشن مزید مستحکم بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے اختتام پر ون ڈے رینکنگ جاری کی ہے، محمد عامر کیریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں، بابر اعظم تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    فاسٹ بولر محمد عامر نے 6 درجہ لمبی چھلانگ لگائی اور ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے، فاسٹ بولر عثمان شنواری کی رینکنگ بھی بہتر ہوئی وہ 28 درجہ ترقی کے ساتھ 43ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اب بھی دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں اور ان کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، بھارت کے روہت شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    بولرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، بیٹسمینوں میں پاکستان کے بابر اعظم کی تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ فخر زمان 16ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، جنوبی افریقا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

    ٹاپ فائیو آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، انگلینڈ کے بین اسٹوکس دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، پاکستان کے عماد وسیم چوتھے اور افغانستان کے راشد خان پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

  • بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

    بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف کیریئر کی 11ویں سنچری 71 ویں اننگز میں بنا کر ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا، کیلنڈر ایئر میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم نے کیریئر کی 11ویں سنچری 71ویں اننگز میں بنا کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا، کوہلی نے 82ویں اننگز میں 11 سنچریاں بنائی تھیں۔

    جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 64 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 65 اننگز میں 11 سنچریاں مکمل کی تھیں۔

    بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف 105 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

    بابر اعظم نے 2019 میں ون ڈے میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، وہ کلینڈر ایئر میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

    بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، سعید انور 20 سنچریوں کے ساتھ پہلے جبکہ محمد یوسف 15 سنچریوں کے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    عمر اکمل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بابر اعظم کو شاندار سنچری اور تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

  • پی سی بی کا سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان و نائب کپتان کا اعلان

    پی سی بی کا سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان و نائب کپتان کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے کپتان اور نائب کپتان کے ناموں کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی نے کی، چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے سفارش کی تھی۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے، سری لنکن بورڈ کی جانب سے کوئی منفی پیغام نہیں ملا، سری لنکن بورڈ صرف حکومت سے منظوری چاہتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سری لنکا کا دورہ پاکستان، رینجرز کے اعلیٰ افسران کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ

    احسان مانی نے کہا کہ امید ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے یہ بڑی بات ہے، دوسرے وینیو کا اب وقت نہیں ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابر اعظم سیریز میں نائب کپتان ہوں گے، پہلی مرتبہ انہیں موقع دیا جارہا ہے، فیصلہ سازی میں بابر اعظم کی مشاورت بھی شامل ہوگی، دیکھا جائے گا کہ بابراعظم نائب کپتانی کو کیسے ہینڈل کرتے ہیں، کرکٹ کی بہتری کے لیے جو بھی ہوسکا وہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے 4 ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 29 ٹی ٹوینٹی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، بابر اعظم آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے، ٹیسٹ میں 13ویں بہترین کھلاڑی ہیں۔

  • آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، اسٹیو اسمتھ نے دوسری پوزیشن سنبھال لی

    آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، اسٹیو اسمتھ نے دوسری پوزیشن سنبھال لی

    دبئی: آئی سی سی کی جانب سے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ نے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کم بیک کیا ہے، ایجبسٹن ٹیسٹ میچ دو سنچریاں اور لارڈز ٹیسٹ میں 92 رنز کی اننگز نے انہیں آئی سی سی ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

    اسٹیو اسمتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے صرف نو پوائنٹس پیچھے ہیں، پاکستانی بلے باز بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

    کینگروز بلے بازوں میں ٹریوس ہیڈ 20ویں سے 18ویں اور مارنس لیشین 98 ویں سے 82 ویں نمبر پر براجمان ہیں، انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 32ویں سے 26ویں، جونی بیرسٹو 37ویں سے 30ویں اور روری برنز 81ویں سے 64ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کی تنزلی کے بعد پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین 17ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

    بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے پہلی پوزیشن مستحکم کرلی ہے جبکہ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹیں لینے والے جوفرا آرچر نے 83 ویں پوزیشن کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں جگہ بنالی ہے۔

    آسٹریلوی بولرز مچل اسٹارک اور نیتھن لیون کی تنزلی کے سبب پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ 17ویں نمبر پر آگئے ہیں، محمد عباس بدستور آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ لارڈز میں ہونے والے دوسرے ایشز ٹیسٹ میں جوفرا آرچر کا باؤنسر لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے انہیں پہلی اننگز کے دوران باؤنسر لگا تھا، آئی سی سی کے نئے قانون کے مطابق مارنس لبوشین نے اسٹیو اسمتھ کے متبادل کے طور پر بیٹنگ کی تھی۔