Tag: بابر یعقوب

  • سوا کروڑ خواتین رجسٹرڈ ہی نہیں ہوں گی تو شفاف الیکشن کیسے ہوگا، بابر یعقوب

    سوا کروڑ خواتین رجسٹرڈ ہی نہیں ہوں گی تو شفاف الیکشن کیسے ہوگا، بابر یعقوب

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب کا کہنا ہے کہ سوا کروڑ خواتین رجسٹرڈ ہی نہیں ہوں گی تو شفاف الیکشن کیسے ہوگا، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے انتخابی اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن فافن کی آبزرویشن، تنقید پراسے اپنا پارٹنرسمجھتا ہے، فافن کی سفارشات پر باقاعدہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب کے حوالے سے نمائندگی پرغور کرنا چاہیے، کینیڈا، آسٹریلیا میں مقبول جماعتیں حکومت میں نہیں آ سکیں، سیاسی جماعتوں سے درخواست کروں گا ہم سے تعاون کریں۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ سوا کروڑ خواتین رجسٹرڈ ہی نہیں ہوں گی تو شفاف الیکشن کیسے ہوگا، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔

    بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن 2018 سے پہلے 43 لاکھ خواتین ووٹرز کو رجسٹر کیا گیا، خدشہ ہےغیر رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد بڑھ نہ جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کے لیے نادرا سے مل کر کام کر رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے خواتین ووٹرز پرتعاون کا فقدان ہے۔

  • ملک بھر سے دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی، سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب

    ملک بھر سے دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی، سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں نتائج میں تاخیر ہوتی ہے، الیکشن کمیشن کو اب تک تحریری طور پر کوئی شکایت نہیں ملی، ملک بھر سے دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ ملک بھر میں پرامن انتخابات ہوئے، عملے کی سست روی، میڈیا کو داخلے کی اجازت نہ دینے کی شکایات ملیں، نتائج میں تاخیر پر معذرت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پولنگ ایجنٹوں کو فارم 45 کی کاپیاں دی گئی ہیں، الیکشن کمیشن کو الیکشن کے دن 675 شکایات موصول ہوئیں، 2008 کے الیکشن کے نتائج کے اعلان میں 50 گھنٹے لگے تھے، اس الیکشن کے نتائج 24 گھنٹے میں ایشو کردیں گے۔

    بابر یعقوب نے کہا کہ دھاندلی کی ایک دو فوٹیجز میں نے دیکھی ہیں جو پرانے الیکشن کی ہیں، فوٹیج میں نظر آنے والے بیلٹ پیپر کا رنگ مختلف ہے، اس مرتبہ بیلٹ پیپر کا رنگ گرین تھا، گزشتہ انتخابات میں کالی مہر استعمال کی گئی اس مرتبہ ٹرانسپرنٹ تھی۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ جہاں بھی 45 فارم کی ضرورت ہوگی وہاں فراہم کی اجائے گا، کل صبح ووٹرز ٹرن آؤٹ شیئر کریں گے، خواتین ووٹرز سے متعلق بھی مطمئن رہے، فوج کے جوانوں کا پولنگ اسٹیشنز میں رویہ مثالی رہا شکر گزار ہیں، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات تھے، مشکور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 82 فیصد نتائج آچکے ہیں، ریٹرننگ افسران کی جانب سے 90 فیصد نتائج کا اعلان کیا جاچکا ہے، پنجاب کے قومی اسمبلی کے 120 حلقوں کا نتیجہ مل چکا ہے، پنجاب اسمبلی کے 265 حلقوں کا نتیجہ مل چکا ہے، کے پی میں 35 نیشنل اور 86 صوبائی نشستوں کے رزلٹ بھی مل چکے ہیں۔

    بابر یعقوب کے مطابق بلوچستان میں 7 قومی اور 35 صوبائی نشستوں کا نتیجہ مل چکا ہے، سندھ میں قومی 42 اور 105 صوبائی نشستوں کا نتیجہ بھی مل چکا ہے، الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر نتائج جاری کردئیے ہیں، ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 55 فیصد رہا ہے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن میں بغیر ٹیسٹ کیے ٹیکنالوجی استعمال کرنا درست نہیں ہے، آر ایم ایس پر گزشتہ الیکشن میں بہت دشواری ہوئی تھی، اس مرتبہ آر ایم ایس سے کوئی دشواری نہیں ہوئی ہے البتہ آر ٹی ایس سے جس طرح امید کررہے تھے ویسا کام نہیں ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جہاں الیکشن کمیشن کی رہنمائی یا فیصلہ ضروری ہوگا، کمیشن دے گا، بابر یعقوب

    جہاں الیکشن کمیشن کی رہنمائی یا فیصلہ ضروری ہوگا، کمیشن دے گا، بابر یعقوب

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ ذمہ دار ہے، الیکشن سے متعلق جو شکایات ہوگی کمیشن اسے حل کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب نے انتخابات کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے قائم کمپلینٹ سیل کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ ذمہ دار ہے.

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فخر ہے کہ الیکشن کمیشن کا حصہ ہوں، الیکشن سے متعلق جو شکایات ہو کمپلینٹ سیل اس کو حل کرے گا، جہاں کمیشن کی رہنمائی یا فیصلہ چاہیے ہوگا، کمیشن دے گا.

    بابر یعقوب کا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے عملے نے مثالی کام کیا ہے، الیکشن کمیشن ذمے دار اور خود مختار ادارہ ہے۔

    الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن سنہ 2018 کے پریذائیڈنگ افسر کو مجسٹریٹ درجہ کے اختیارات حاصل ہیں، پولنگ میں رکاوٹ پر الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ پریذائیڈنگ افسر سیکشن 174 کے تحت سزا سنائے گا، خلاف ورزی پر3 سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔


    25جولائی کو گھروں سےنکلیں اورووٹ کاصحیح استعمال کرکے قومی ذمہ داری نبھائیں، چیف الیکشن کمشنر


    یاد رہے کہ گذشتہ روز  چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا پولنگ کے دن کے حوالے سے ووٹرز کے لئے خصوصی پیغام جاری کیا تھا، سردار محمد رضا نے اپنے پیغام میں عوام سے گزارش کی تھی کہ 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور  ووٹ کا صحیح استعمال کرکے قومی ذمہ داری نبھائیں۔


    عام انتخابات 2018 کے لیے پولنگ کا عمل شروع


    واضح  رہے کہ پاکستان کے گیارہویں عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے جو شام 6 بجے تک جاری رہے گا، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • امن و امان کی چیلنجز ہیں، پر امن الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں، بابر یعقوب

    امن و امان کی چیلنجز ہیں، پر امن الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں، بابر یعقوب

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ طرح طرح کے تھریٹس موصول ہورہی ہیں، امن و امان کے چیلنجز ہیں، پر امن الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ ووٹ قیمتی ہے، عوام حق رائے دہی ضرور استعمال کریں، پولنگ بوتھ میں موبائل اور خواتین کے بیگ لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    بابر یعقوب نے کہا کہ 17 ہزار حساس پولنگ اسٹیشن پر کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں،95 سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، 11 ہزار 678 امیدوار مجموعی طور پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، ملک بھر میں 16 لاکھ کے قریب انتخابی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے، ساڑھے 3 لاکھ فوج، ساڑھے 4 لاکھ پولیس کے جوان تعینات ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن نہ ہونے کے تمام مفروضے دم توڑ چکے ہیں، قوم کل جمہوریت کا جشن منائے گی، امید ہے کل ٹرن آؤٹ ماضی کی نسبت بہترین ہوگا، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے 9 حلقوں پر انتخابات نہیں ہوں گے، الیکشن میں 1623 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں، پولنگ عملے کو رزلٹ مینجمنٹ سسٹم سے ہی نتائج دئیے ہیں، این اے 60 پر الیکشن ملتوی کردئیے گئے ہیں، این اے 103 فیصل آباد پی کے 78 میں الیکشن نہیں ہوں گے۔

    بابر یعقوب کے مطابق پی کے 99، پی پی 87 میانوالی میں بھی الیکشن ملتوی کیے گئے، ملک بھر میں 80 فیصد پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے، پولنگ کا وقت شام چھ بجے تک ہے، 7 بجے تک نتائج نہیں دئیے جاسکتے ہیں۔

    لاہور کے نالے سے برآمد ہونے والے شناختی کارڈ کے حوالے سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ لاہور میں ملنے والے تمام شناختی کارڈز زائد المیعاد تھے، چیئرمین نادرا نے یقین دہانی کرائی ہے کارڈز ملنے کی تحقیقات ہوں گی، ایک ہی جگہ سے شناختی کارڈز ملنے کی تحقیقات ہوں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آبزرور اور میڈیا کو پولنگ بوتھ میں جانے کا اختیار ہوگا: الیکشن کمیشن

    آبزرور اور میڈیا کو پولنگ بوتھ میں جانے کا اختیار ہوگا: الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ آبزرور اور میڈیا کو بھی پولنگ بوتھ میں جانے کا اختیار ہوگا۔ الیکشن میں فوج کا اختیار صرف سیکیورٹی ہے۔ اس مرتبہ الیکشن میں عام سیاہی استعمال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدر آمد کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاثر غلط ہے سیکیورٹی فورسز انتخابی نتائج جمع کریں گے۔ فوج کی تعیناتی کا مطالبہ بھی سیاسی جماعتیں ہی کرتی ہیں۔ پولنگ بوتھ پر امن و امان کی ذمہ داری فورسز کی بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پرامن ماحول کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کر رہا ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں کے لیے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کے دن نتائج کی ترسیل صرف متعلقہ افسران ہی کریں گے، پاک فوج اور سیکیورٹی اہلکار نتائج کی ترسیل نہیں کریں گے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ شہری بھی پریزائیڈنگ افسر کو دھاندلی کا بتا سکتا ہے اور سیکیورٹی اہلکار بھی دھاندلی کا پریزائیڈنگ افسران کو بتائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، پولنگ کا سامان تمام علاقوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔ سامان کی ترسیل کا کام پلان کے مطابق جاری ہے۔ فوج کی نگرانی میں پولنگ بوتھ تک سامان پہنچا دیا جائے گا۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ 849 حلقوں پر انتخابات کروائے جا رہے ہیں۔ 849 میں سے 100 سے زائد حلقوں پر کیسز چل رہے ہیں۔ 108 حلقوں کے میرٹ پیپر ابھی ہولڈ پر ہیں۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں کسی حلقے پر کیس عدالت میں نہیں، بیلٹ پیپر کی ترسیل بھی جلد شروع ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہر دور میں الیکشن کمیشن پر تنقید ہوتی رہی ہے، تمام عملہ سویلین ہے اور بھرپور تربیت کی گئی ہے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کروائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ آبزرور کو بھی پولنگ بوتھ میں جانے کا اختیار ہوگا۔ الیکشن میں فوج کا اختیار صرف سیکیورٹی ہے۔ مقناطیسی سیاہی اس مرتبہ الیکشن میں استعمال نہیں کی جارہی، اس مرتبہ الیکشن میں عام سیاہی استعمال ہوگی۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ میڈیا کو پولنگ بوتھ میں جانے کی اجازت ہوگی تاہم موبائل ممنوع ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔