واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف ایرانی وزیر خارجہ سے اسی ہفتے ملاقات کریں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران جنگ بندی پر بات چیت کی جائے گی، امریکا ایران بات چیت میں جوہری معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس انتظامیہ کو ایرانی حکام سے جلد از جلد ملاقات کے اہتمام کی ہدایت کی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایرانی حکام سے جلد از جلد ملاقات کا اہتمام کریں۔
امریکی ٹی وی نے یہ دعویٰ بعض ذرائع کی بنیاد پر کیا ہے، اس سے پہلے ایک اور امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور وہ کینیڈا کا دورہ مختصر کرکے اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو تہران فوری طور پر خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔
روئٹرز کے مطابق مسلسل پانچویں دن اسرائیل اور ایران کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں، ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانیوں پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تہران کو خالی کر دیں، ان کا کہنا تھا ایران نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو روکنے کے معاہدے کو مسترد کیا ہے۔
ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ”ایران کو اس معاہدے پر دستخط کرنا چاہیے تھے جس پر میں نے انھیں دستخط کرنے کے لیے کہا تھا۔ کتنی شرم کی بات ہے، اور انسانی زندگی کا ضیاع۔ سادہ لفظوں میں کہا گیا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتے۔ میں نے بار بار کہا! ہر کسی کو فوری طور پر تہران کو خالی کر دینا چاہیے۔