Tag: باجوڑ

  • باجوڑ میں بادل پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ، 3 افراد تاحال لاپتہ

    باجوڑ میں بادل پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ، 3 افراد تاحال لاپتہ

    باجوڑ: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی، شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔

    خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں کلاؤڈ برسٹ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    چار مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے، مانسہرہ کے بالاکوٹ بسیاں میں گاڑی نالے میں بہہ جانے سے دو افراد جان سے گئے، جبکہ شاہی کوٹ میں ندی نالوں کی طغیانی میں پھنسے 25 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

    اپر اور لوئر چترال میں ندی نالوں اور دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب آنے سے کئی ایکڑ زرعی زمین ڈوب گئی، دیوسیرا اور دونیچ نالہ میں تین مکانات منہدم ہوگئے۔

    سوات کے مٹہ کے بالائی علاقوں میں بارشوں سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں تمام وسائل بروئے کار لانے اور پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھی کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، صرف ایک گھنٹے میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش سے ندی نالے بپھر گئے۔ منہ زور ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 200 سے زائد لاپتہ ہیں۔

    ایک سو بیس افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، درجنوں مکانات مکمل طور پر تباہ اور متعدد زخمی اسپتال منتقل کر دیے گئے۔

  • باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    باجوڑ(15 اگست 2025): خبر پختونخوا میں باجوڑ کے علاقے سلارزئی کے جبری گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

     تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلار زئی کے گاؤں جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، آسمانی بجلی گرنے سے 7 گھر گر گئے جبکہ 18 افراد ملبے تلے دب گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور سیلابی ریلے سے متعدد مکانات بہہ گئے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے، سیلابی ریلے نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا اور کئی خاندان بےگھر ہوگئے ہیں  مقامی افراد نے حکومت، عوام اور فلاحی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں نہ ہوئیں تو نقصانات مزید بڑھ سکتے ہیں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کے مطابق آپریشن کے لیے ٹیموں کو روانہ کردیا گیا تاہم متاثرہ علاقوں تک رسائی کے راستے شدید متاثر ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیمیں خوڑ کے قریب موجود ہیں، صورتحال بہتر ہوتے ہی کارروائی کی جائےگی۔

    اس سے قبل، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اگلے ہفتے شدید اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر خیبر پختونخوا  کے لیے گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے اپر چترال، لوئر چترال، لوئر دیر، سوات اور اپر کوہستان کے رہائشیوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندیوں اور دریاؤں میں سیلاب آسکتا ہے۔

  • باجوڑ کے علاقوں میں 24 گھنٹے کرفیو کا اعلان

    باجوڑ کے علاقوں میں 24 گھنٹے کرفیو کا اعلان

    پشاور : باجوڑ کے بعض علاقوں میں 24 گھنٹے کیلیے کرفیو کا اعلان کردیا گیا۔ یہ اقدام وزارت داخلہ خیبر پختونخوا کی منظوری کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ باجوڑ میں 12 اگست رات 1 بجے سے 24 گھنٹے کیلئے کے لیے کرفیو نافذ رہے گا۔ وزارت داخلہ خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد باجوڑ کے بعض علاقوں میں کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق باجوڑ میں چند سڑکوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جن میں خارمنڈا، خارناواگی، خارصادق آباد عنایت کلی روڈ شامل ہیں۔دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران مزید علاقوں میں مکمل طور پر دفعہ 144 ہوگی۔

    14اگست صبح 11 بجے تک گھروں سے نکلنا اور روڈ پر جانا ممنوع ہوگا، لغرئ، گواٹی، غنم شاہ، باد سیاہ، کمر، امانتا، زگئ، گٹ میں نقل و حرکت ممنوع بھی قرار دی گئی ہے۔

    باجوڑ کے علاقوں غنڈے، گڑیگال، نیاگ کلی، رئگئ، ڈاگ، ڈما ڈولا، سلطان بیگ، چوترا، شین کوٹ، گنگ، جیوار، انعام خورو، چینگئی، انگا، سفری، برگٹکی بھی شامل ہیں۔

    خرکی، شکرو، بکرو کے مکینوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپنی سرگرمیاں ختم کرکے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ144کی خلاف ورزی کی ذمہ داری شہریوں پر عائد ہوگی، لہٰذا عوام الناس تعاون کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچیں۔

  • باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ

    باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ

    باجوڑ (11 اگست 2025): باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلع انتظامیہ کے مطابق شہری صبح 10:30 بجے تک تمام سرگرمیاں ختم کر کے گھروں میں محدود رہیں، کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت پر شہری خود ذمہ دار ہوں گے۔

    دریں اثنا، جشن آزادی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تفریحی مقام مری میں 12 سے 14 اگست تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    مری میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ، کس کو استثنیٰ حاصل ہوگا؟


    ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاہم 14 اگست کو اس پابندی سے فیملیوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا اور انھیں مال روڈ پر داخلے کی اجازت ہوگی۔

  • باجوڑ: پھاٹک میلہ کے قریب دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید

    باجوڑ: پھاٹک میلہ کے قریب دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید

    باجوڑ: پھاٹک میلہ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں تحصیل خارمیں صدیق آبادپھاٹک کے قریب بم دھماکا ہوا ، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے۔

    ڈی پی او وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے دیگر افراد میں تحصیلدار اور 2 سپاہی شامل ہیں۔

    پولیس ذرائع نے بتایا اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائی میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ بم دھماکے میں جاں بحق

    یاد رہے گذشتہ سال باجوڑ میں گاڑی پر بم حملے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ جاں بحق ہو گئے تھے۔

    پولیس کے مطابق ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا گیا تھا اور دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    ہدایت اللہ کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا.

  • باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر ’فیک نیوز‘ دینا مہنگا پڑ گیا

    باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر ’فیک نیوز‘ دینا مہنگا پڑ گیا

    پشاور: باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر اپنے دوست کے ساتھ مذاق پر مبنی پوسٹ لگانا پڑ گیا، پولیس نے محمد گلاب نامی شہری کو گرفتار کر کے اس کے خلاف فیک نیوز پھیلانے کا مقدمہ درج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ سے تعلق رکھنے والے شہری محمد گلاب کو اپنے ایک دوست کے پیچھے بیرون ملک سے گوری کے آنے کی خبر دینے کا مذاق مہنگا پڑ گیا، پولیس نے افواہ اڑانے کے الزام میں اسے جیل بھیج دیا ہے، جب کہ باجوڑ کے نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر گلاب جامن کی رہائی کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔

    قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے سالار زئی میں محمد گلاب ولد گل حبیب جان نے اپنے فیس بک آئی ڈی ’گلاب جامن پی ٹی آئی‘ سے اپنے دوست محمد اسحاق کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے پوسٹ کی، جس میں ان کی تصویر کے ساتھ کسی گوری کی تصویر لگا کر لکھا کہ باجوڑ سالار زئی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان محمد اسحاق کی محبت میں گرفتار برطانوی لڑکی ایلا باجوڑ پہنچ گئی۔

    گلاب جامن کی یہ پوسٹ جب پولیس تھانہ سالارزئی کے ایڈیشنل ایس ایچ او ظاہر شاہ خان نے دیکھی تو فوری طور پر اپنے ساتھ نفری لے کر محمد اسحاق کے گھر پہنچ گئے، تاکہ باجوڑ آنے والی برطانوی دوشیزہ کو سیکیورٹی فراہم کی جا سکے، تاہم محمد اسحاق اور ان کے گھر والوں نے کسی برطانوی دوشیزہ کی آمد کی تردید کر دی۔

    جب پولیس کی جانب سے محمد اسحاق کو گلاب جامن کی مذکورہ فیس بک پوسٹ کا بتایا گیا تو انھوں نے گلاب جامن کی پوسٹ کو مذاق قرار دیا، اور پولیس کو واپس بھجوانے کی کوشش کی، تاہم ایڈیشنل اس ایچ او ظاہر شاہ نے ان سے گلاب جامن پی ٹی آئی کے پیچھے چھپے محمد گلاب کے گھر کا پتا لیا، اور انھیں گھر سے اٹھا کر پولیس اسٹیشن لے گئے، اور ایڈیشنل ایس ایچ او ظاہر شاہ خان نے اپنی مدعیت میں گلاب جامن پر افواہ سازی کے الزام میں مقدمہ درج کر دیا۔

    انھوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقہ سالارزئی میں برطانوی لڑکی کی آمد کا پتا چلنے کے بعد وہ سیکیورٹی دینے کی غرض سے محمد اسحاق کے گھر گئے جہاں پتا چلا کہ یہ تو گلاب جامن نے مذاق کیا تھا اس لیے افواہ اڑانے کے الزام میں گلاب جامن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں پیکا آرڈیننس کی دفعہ 13 بھی شامل کی گئی ہے۔ ظاہر شاہ خان کے مطابق ملزم گلاب جامن کو ایک رات تھانے میں مہمان بنانے کے بعد اتوار کے روز ڈسٹرکٹ جیل باجوڑ بھیج دیا گیا۔

    دوسری طرف باجوڑ کے عوام نے گلاب جامن کی گرفتاری کا پتا چلتے ہی سوشل میڈیا پر اس کی رہائی کے لیے مہم شروع کر دی ہے، بشیر نگار نامی نوجوان نے گلاب جامن کو رہا کرو کے عنوان سے پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرینڈ چل رہا تھا کہ فلاں ملک سے ایک لڑکی کے پاکستانی لڑکے سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی اور اب وہ لڑکی پاکستان آ گئی ہے، اس کو سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے ایک مزاحیہ ٹرینڈ بنا دیا تھا۔ حیرت کی بات ہے کہ سینکڑوں کے تعداد میں پوسٹیں ہوئیں لیکن کسی نے کوئی نوٹس تک نہیں لیا، تاہم جب ’گلاب جامن‘ نے ایک مزاحیہ پوسٹ کی تو پولیس نے اس پر ایف آئی آر کاٹ دی۔

    ایک اور ٹویٹر صارف عمر ثانی نے پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے بدامنی کے خلاف کے خلاف ٹرینڈ چلایا تو قانون کے رکھوالے خاموش رہے، پھر منشیات کے خلاف ٹرینڈ چلایا اور قانون کے رکھوالے خاموش رہے لیکن اس غریب نوجوان نے ایک مزاحیہ پوسٹ لگائی تو قانون حرکت میں آ گیا۔

    جعفر خان لالا نامی صارف نے لکھا کہ ڈی پی او صاحب سے نظر ثانی کی اپیل کرتا ہوں، ایسی پوسٹیں بہت سے لوگوں نے کی تھیں جو ایک دوسرے کا مذاق اڑانے پر مبنی تھیں، باجوڑ میں ویسے بھی لوگ ناخوش گوار واقعات کی وجہ سے ڈپریشن کے شکار ہیں، ایسے میں اگر کوئی مذاق میں کوئی بات یا پوسٹ کرے تو اس پر اتنا بڑا ایکشن نہیں لینا چاہیے۔

    ادھر خیبر پختون خوا پولیس نے اپنے آفیشل فیس بک پیچ پر یہ پوسٹ کچھ اس انداز سے کی ہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر غیر ملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی فیک خبر چلانے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نذیر خان (PSP) نے ایکشن لیتے ہوئے صارف محمد گلاب خان ولد گل حبیب جان سکنہ تلے سالارزئی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانوناً جرم ہے، جس کی سزا قانون میں واضح ہے، لہٰذا تمام سوشل میڈیا صارفین اس قسم کی حرکات سے گریز کریں اور ایک اچھے شہری بننے کا ثبوت دیں ورنہ قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • باجوڑ میں تین روزہ ’وہیل چیئر‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

    باجوڑ میں تین روزہ ’وہیل چیئر‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

    باجوڑ میں تین روزہ بین الاضلاعی سپیشل پرسنزامن وہیل چیئر کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں خصوصی کرکٹرز کی ٹیموں نے شرکت کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تین روزہ بین الاضلاعی اسپیشل پرسنز امن وہیل چیئر کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اور اختتامی تقریب باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔

    اختتامی تقریب میں ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے اعلی حکام، خصوصی افراد، آفیشلز اور اسپورٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں علاقہ کے نوجوانوں نے شرکت کی۔

    تین روزہ ٹورنامنٹ میں دیر، باجوڑ، مردان، بنوں، سوات اور تخت بھائی کی خصوصی پرسنز کی ٹیموں نے حصہ لیا، ٹیموں کے مابین وہیل چیئر ریس اور ہینڈ ریسلنگ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔

    مہمان خصوصی نے اعلی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور رنراپ اور فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے، خصوصی افراد کیلئے میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، میوزیکل نائٹ میں علاقائی فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔

    خصوصی افراد نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر فرنٹیئر کور نارتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں تاکہ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

  • باجوڑ: دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 4 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 4 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، فوری جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، مارے گئے دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار اشتیاق، سپاہی کامران شہید ہوئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 بے گناہ شہری بھی شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے، اور بہادر سپاہیوں، معصوم شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • باجوڑ  میں  ریموٹ کنٹرول دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

    باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

    باجوڑ: تحصیل خار میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار کے علاقے راغگان ڈیم میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے ، ڈی پی اوعبدال کا کہنا ہے کہ واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،ایسے بزدلانہ واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

  • باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک جوان زخمی

    باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک جوان زخمی

    راولپنڈی : باجوڑمیں سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہوگیا ، آئی ایس پی آر نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کی کئی بار مذمت کی ہے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑمیں دہشت گردوں کی سرحدپارسےچیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی ، دہشت گردوں کی فائرنگ سےایک جوان زخمی ہوا تاہم پاک فوج نے بھی فوری جوابی کارروائی کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان متعددبارافغان حکام کومؤثربارڈرمینجمنٹ کیلئے کہتا چلا آرہا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنےکی کئی بار مذمت کی گئی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل پاک افغان بارڈر پر باڑلگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکارشہید اور 6 زخمی ہوگئے، ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، شہیدہونیوالوں حولدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس ، سپاہی احسان اللہ اورنائیک سلطان شامل تھے۔

    خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔