لاہور: دو شہروں میں الگ الگ بیویاں رکھنے والے شوہر نے ایک بیوی کو گولی مار دی، جس سے بیوی شدید زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گھریلو ناچاقی کے سبب رونما ہونے والے واقعے میں دو بیویوں کے شوہر نے ایک کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں گھریلو ناچاقی پر شوہر ٹیپو سلطان نے فائرنگ کر کے دوسری بیوی کو زخمی کر دیا، زخمی بیوی کی شناخت ثمینہ کے نام سے ہوئی ہے جنھیں طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزم ٹیپو سلطان نے 2 شادیاں کر رکھی ہیں، پہلی بیوی پشاور جب کہ دوسری لاہور میں رہایش پذیر ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے رات گئے دوسری بیوی ثمینہ کو فائرنگ کر کے زخمی کیا، اور اس کے بعد خود ہی 15 پر کال کر کے اطلاع دی اور فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان رات کو جھگڑا ہو گیا، بات بڑھ گئی تو شوہر ٹیپو سلطان نے پستول نکال کر اس پر فائر کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے، پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔