Tag: بادشاہ چارلس

  • بادشاہ چارلس نے میئر لندن کو بڑے اعزاز سے نواز دیا

    بادشاہ چارلس نے میئر لندن کو بڑے اعزاز سے نواز دیا

    برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے مئیر لندن صادق خان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نائٹ کے اعزاز سے نواز دیا۔

    غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میئر لندن صادق خان کو نائٹ کا انتہائی معتبر اعزاز لندن کے عوام کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق میئر لندن رواں برس مسلسل تیسری مرتبہ لندن کے مئیر منتخب ہوئے تھے۔

    میئر لندن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جنوبی لندن میں بچپن گزارتے وقت سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن شہر کا میئر بن جاؤں گا۔

    اُنہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا پہلے سے ہی یہ ایک اعزاز تھا کہ جس شہر سے پیار کرتا ہوں اس کی خدمت کررہا ہوں، نائٹ کا اعزاز ملنے پر فخر محسوس کررہا ہوں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی جانب سے نائٹ کا اعزاز ملنے سے اب میئر لندن کے نام سے پہلے سر بھی لکھا جائے گا۔

    اس سے قبل برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر نے فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اُن کا کہنا تھا کہ حکومت رفح پر حملے ختم کرانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، رفح پر بڑے پیمانے پر حملہ المیہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع میں برطانوی حکومت کے نقطہ نظر میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

    ایلون مسک پر جرمنی کا بڑا الزام

    میئر لندن کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کو شہریوں کی ہلاکتوں کا حصہ نہیں بننا چاہیے، انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی حکومت اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرے۔

  • بادشاہ چارلس کی تصویر والے کرنسی نوٹ جاری کر دیے گئے

    بادشاہ چارلس کی تصویر والے کرنسی نوٹ جاری کر دیے گئے

    لندن: برطانیہ میں بادشاہ چارلس کی تصویر والے نئے بینک نوٹ گردش کرنے لگے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق ملکہ الزبتھ کی جگہ بادشاہ بننے کے تقریباً 2 سال بعد کنگ چارلس کی تصویر والے نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے گئے، یہ نوٹ برطانیہ میں گردش کرنے لگے ہیں۔

    بینک آف انگلینڈ کے جاری کردہ 5، 10، 20 اور 50 پاؤنڈ والے نئے نوٹوں پر کنگ چارلس کی تصویر نظر آئے گی، جب کہ الزبتھ کی تصویر والے موجودہ نوٹ بھی گردش کرتے رہیں گے۔

    الزبتھ پہلی ملکہ تھیں جن کی تصویر برطانوی بینک نوٹوں پر چھاپی گئی تھی، اس کے برعکس انگلینڈ میں سکوں پر بادشاہوں اور رانیوں کی تصاویر 1,000 سال سے زیادہ عرصے سے منقش ہیں۔

    بل گیٹس کا اہم اعلان

    برطانوی قومی نشریاتی ادارے کے مطابق نئے نوٹوں کا اجرا خراب شدہ نوٹوں کی جگہ کیا جا رہا ہے، جب مانگ پیدا ہوگی تو آہستہ آہستہ بڑی تعداد میں یہ نوٹ جاری کیے جائیں گے۔

    نئے بینک نوٹوں کا ڈیزائن پہلی بار دسمبر 2022 میں سامنے لایا گیا تھا، جس کے فوراً بعد چارلس کی تصویر والے سکے جاری کیے گئے، نئے بادشاہ کی تصویر کے علاوہ ان بینک نوٹوں کے ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، اور ان نوٹوں کے لیے شاہ چارلس کی تصویر 2013 میں لی گئی تھی۔

  • کینسر کی تشخیص کے بعد برطانیہ کے بادشاہ چارلس کا پیغام سامنے آ گیا

    کینسر کی تشخیص کے بعد برطانیہ کے بادشاہ چارلس کا پیغام سامنے آ گیا

    لندن: کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد برطانیہ کے بادشاہ چارلس کا پیغام سامنے آ گیا، جس میں انھوں نے اپنے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد پہلی بار کنگ چارلس نے پیغام جاری کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ ان کے دل کو یہ جان کر تقویت ملی ہے کہ ان کے تجربے کی وجہ سے لوگ چیک اپ کروا رہے ہیں۔

    بادشاہ نے اپنا تحریری پیغام نارفولک میں سینڈرنگھم سے جاری کیا ہے، رپورٹس کے مطابق کنگ چارلس کا علاج جاری ہے، شاہی محل کے مطابق بادشاہ کے علاج کے دوران ملکہ کمیلا، ولئ عہد شہزادہ ولیم ان کی جگہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ گن کنٹرول کی مخالفت میں کھل کر سامنے آ گئے

    75 برس کے بادشاہ چارلس کو لاحق کینسر کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے، پیر کے روز بکنگھم پیلس نے اعلان کیا تھا کہ بادشاہ کو اُس وقت کینسر کی ایک قسم کی تشخیص ہوئی جب ان کے بڑھے ہوئے پروسٹیٹ کا معائنہ کیا جا رہا تھا۔

  • بادشاہ چارلس جان لیوا بیماری میں مبتلا، بکنگھم پیلس کی تصدیق

    بادشاہ چارلس جان لیوا بیماری میں مبتلا، بکنگھم پیلس کی تصدیق

    لندن : بکنگھم پیلس نے آج جاری کیے گئے ایک بیان میں تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

    بیان کے مطابق اس جان لیوا بیماری کینسر کی تشخیص بادشاہ چارلس سوئم کے حالیہ علاج کے دوران ہوئی۔

    بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کینسر کی قسم نہیں بتائی گئی لیکن آج بروز پیر سے باقاعدہ علاج شروع ہوچکا ہے۔

    King Charles

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 75 سالہ بادشاہ چارلس نے گذشتہ ماہ بڑھے ہوئی غدود کے علاج کے دوران تین راتیں اسپتال میں گزاری تھیں۔

    بادشاہ چارلس اپنےعلاج کیلئے پرعزم اور جلد ہی عوامی ڈیوٹی پر واپس آنے کے منتظر ہیں۔ تاہم اس دوران بادشاہ اپنی دیگر مصروفیات ملتوی کردیں گے۔

    Charles

    بکنگھم پیلس کے مطابق شاہی خاندان کے دیگر افراد علاج کے دوران ذمہ داریاں ادا کریں گے، 75سالہ بادشاہ سربراہ ریاست کے طور پراپنا کردار جاری رکھیں گے۔

    اس کے علاوہ علاج کے دوران کاغذی کارروائیاں اور ملاقاتیں بھی ہوں گی، بادشاہ چارلس نے اتوار کے روز چرچ سروس میں بھی شرکت کی تھی۔

  • بکنگھم پیلس سج گیا، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا

    بکنگھم پیلس سج گیا، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا

    لندن: برطانیہ میں بکنگھم پیلس سج گیا ہے، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی عظیم الشان تقریب کا آج آغاز ہوگا، یہ تقریب مذہبی رسومات اور شاہی شان و شوکت کا مظہر ہے، جس میں بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ ملکہ کمیلا کی تاج پوشی ہوگی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شاہ چارلس چالیسویں شاہی حکمران ہیں، جن کی تاج پوشی ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو رہی ہے، آج کے دن ایک ہزار سال پرانے رسم و رواج پر عمل ہوگا۔

    بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبے تک ایک جلوس کے ساتھ تقریب کا باضابطہ آغاز ہوگا، بکنگھم پیلس کے خاص مہمانوں میں سابق فوجی اہلکار، نیشنل ہیلتھ سروس اور سوشل کیئر کا عملہ بھی شامل ہے، بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبے جانے والے جلوس میں شامل مسلح افواج کے تقریباً 200 اہلکار ‘ایسکورٹ آف ہاؤس ہولڈ کیولری’ کے ہیں، راستے پر ایک ہزار دیگر اہلکار تعینات ہیں۔

    یہ جلوس 1953 میں ملکہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کے موقع پر نکلنے والے جلوس سے چھوٹا ہے، 10:20 پر بکنگھم پیلس سے جلوس روانہ ہوگا، جلوس دی مال اور ٹریفیلگر اسکوائر کے بعد، وائٹ ہال اور پارلیمنٹ اسٹریٹ سے گزرتا ہوا پارلیمنٹ اسکوائر اور براڈ سینکچوری کی جانب مڑ کر ویسٹ منسٹر ایبے کے مغربی دروازے ’گریٹ ویسٹ ڈور‘ پہنچے گا۔

    بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر ڈائمنڈ جوبلی اسٹیٹ کوچ میں سوار ہوں گے، جسے 6 ونڈسر گرے گھوڑے کھینچیں گے، اسٹیٹ کوچ کے گرد بادشاہ کے محافظ موجود ہوں گے۔ 11:00 پر بادشاہ چارلس کا قافلہ بکھنگم پیلس سے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے صبح 11 بجے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے گا۔

    بادشاہ چارلس پہلے بادشاہوں کی طرح روایتی لباس کی بجائے فوجی وردی پہنیں گے، صبح گیارہ بجے ویسٹ منسٹر ایبے میں تقریب تاج پوشی کا آغاز ہوگا، بادشاہ چارلس کو دن 12 بجے تاج پہنایا جائے گا۔ برطانوی بادشاہ چالس کی تاجپوشی کے بعد چرچ آف انگلینڈ کے پادریوں اور کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی کی قیادت میں چرچ سروس ہوگی جو ایک بجے تک جاری رہے گی۔

    تاجپوشی کے لیے شاہی خاندان کے ارکان، عالمی سربراہان، سول سوسائٹی کے اراکین سمیت 2 ہزار 300 افراد مدعو ہیں، تقریب کے بعد بادشاہ چارلس ملکہ کمیلا پارکر کے ہمراہ گولڈ اسٹیٹ کوچ میں سوار ہوکر بکھنگم پیلس لوٹ جائیں گے، بادشاہ چارلس اور ملکہ بکھنگم پیلس کے باہر ہجوم کا استقبال کرنے اور رائل ایئر فورس کا فلائی پاسٹ دیکھنے کے لیے تقریباً 2:15 پر بجے بالکونی میں نمودار ہوں گے۔

    تقریب تاجپ وشی کے بعد اتوار کو تقریبات جاری رہیں گی، برطانیہ بھر میں ’بگ کورونیشن لنچ‘ اور’اسٹریٹ پارٹیز‘ ہوں گی۔

    برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کے ساتھ لندن سمیت برطانیہ بھر میں تین روزہ جشن کا آغاز بھی ہو گیا ہے، کل رات آٹھ بجے ونڈسر کیسل میں ’کورونیشن کانسرٹ‘ منعقد ہوگا، جس میں ایک ہزار افراد شریک ہوں گے، جب کہ پیر 8 مئی کو برطانیہ بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

    یاد رہے کہ 74 سالہ بادشاہ 8 ستمبر 2022 کو ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد تخت پر بیٹھے تھے۔

  • 6 مئی کو برطانوی بادشاہ چارلس کو بادشاہت اور کامیلا کو ملکہ کا تاج پہنایا جائے گا

    6 مئی کو برطانوی بادشاہ چارلس کو بادشاہت اور کامیلا کو ملکہ کا تاج پہنایا جائے گا

    لندن : ویسٹ منسٹر ایبے میں 6 مئی کو بادشاہ چارلس کو بادشاہت اور کامیلا کو ملکہ کا تاج پہنایا جائے گا، عالمی شخصیات کی بڑی تعداد تقریب میں شرکت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو ہوگی ، ویسٹ منسٹر ایبے میں چارلس کو بادشاہت اور کامیلا کو ملکہ کا تاج پہنایا جائے گا۔

    بیکنگھم پیلس سے صبح دس بجے شاہی جلوس برآمد ہو گا ، بادشاہ چارلس اور ملکہ کامیلا بگھی میں جلوس کی قیادت کریں گے اور برطانوی عوام جلوس کے راستہ پر استقبال کرے گی۔

    دن گیارہ بجے جلوس مختلف راستوں سے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے گا، ویسٹ منسٹر تقریب میں شاہی خاندان کے افراد اور سابق وزرائے اعظم شریک ہوں گے جبکہ عالمی شخصیات کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شرکت کرے گی۔

    آرچ بیشپ آف کینٹبری بادشاہ چارلس سوئم سے حلف لیں گے، حلف برداری کے بعد بادشاہ اور ملکہ کی تاجپوشی کی جائے گی اور آخر میں مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔

  • برطانیہ کے نئے بادشاہ کو کن مشکلات کا سامنا ہوگا؟

    برطانیہ کے نئے بادشاہ کو کن مشکلات کا سامنا ہوگا؟

    برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوئم، اپنی والدہ ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات کے بعد، 73 سال کی عمر میں تخت سنبھال چکے ہیں، لیکن ان کے سامنے بے شمار چیلنجز موجود ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق 9 ستمبر کو پہلی بار بطور برطانوی بادشاہ چارلس سوئم نے وزیر اعظم لز ٹرس سے ملاقات کے دوران تخت برطانیہ میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ اس موقع پر ان کا انداز خطابت ماضی کے مقابلے میں زیادہ جذباتی تھا اور انہوں نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس سے میں ہمیشہ سے خوفزدہ تھا۔

    اسی شام برطانوی باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے بادشاہ چارلس سوئم نے اپنی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے اور اداسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جذبات اور عوام سے بطور بادشاہ رسمی وعدے کے درمیان توازن رکھنے کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ہردلعزیز سابقہ شہزادی لیڈی ڈیانا کی موت کے بعد کی دہائی میں اس وقت کے پرنس چارلس کے لیے حالات بہت مختلف تھے۔ اس وقت پرنس چارلس کی ساکھ کافی کمزور تھی اور کمیلا عوام میں انتہائی ناپسندیدہ شخصیت تھیں۔

    پچھلی دہائی کے وسط میں، صرف ایک چوتھائی برطانوی باشندے پرنس چارلس کو تخت کے وارث کے طور پر تسلیم کرنا چاہتے تھے، بہت سے لوگوں نے تو انہیں ڈیانا کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا اور انہیں اور ان کی نئی اہلیہ کو اس اپنی منفی ساکھ کو بہتر بنانے میں کئی سال لگے۔

    میجر چارلس میک فارلین نے ٹائی اور گہرے رنگ کے سوٹ میں ملبوس بکھنگم پیلس کے دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر ملکہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ ملکہ الزبتھ ثانی کے رسمی گارڈ کا حصہ تھے اور ابھی دو ہفتے قبل ہی اپنی خدمات کی انجام دہی سے سبکدوش ہوئے تھے۔

    انہیں پورا یقین ہے کہ چارلس سوئم ایک اچھے بادشاہ ثابت ہوں گے۔

    چارلس سوئم کو جدیدیت اور شاہی محل کے قدیم تصورات کے مابین توازن کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا ہوگا، اپنی والدہ ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال کے بعد سے وہ جذبات کا اظہار اور اپنے نئے کردار کو واضح طور پر سمجھنے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں، روایتی زراعت، فن تعمیر اور دیگر خود منتخب کردہ کاموں کو بادشاہ چارلس سوئم اب ماضی کی طرح جاری نہیں رکھ پائیں گے کیونکہ برطانیہ میں آئینی بادشاہت کے قوانین میں اس کی ممانعت ہے۔

    جہاں تک سیاسی بیانات کا تعلق ہے تو نئے بادشاہ کو شاید ملکہ کا انداز اختیار کرنا ہوگا۔ ملکہ ڈھکے چھپے انداز میں شاذ و نادر ہی اپنی رائے کا اظہار کرتی تھیں۔

    سینٹ جیمز پیلس میں ہفتے کے روز منعقد ہونے والی صدیوں پرانی جانشینی کی رسمی تقریب کے موقع پر نئے بادشاہ چارلس سوئم نے واضح کر دیا کہ وہ شاہی خاندان کی رہنمائی روایتی انداز میں کرنے کے ساتھ ساتھ اکیسویں صدی میں جدیدیت کی طرف بھی گامزن ہوں گے۔

    اس کی واضح نشاندہی اس امر سے ہوئی کہ انہوں نے برطانوی تاریخ میں پہلی بار سینٹ جیمز پیلس سے اس نجی تقریب کی ٹیلی وژن پر براہ راست نشریات کی اجازت دی۔ اس اقدام کو برطانوی شاہی خاندان کے آداب و رسومات پر سے پردہ ہٹانے کے مترادف سمجھا جا رہا ہے۔

    یہی نہیں بلکہ پہلی بار اسکاٹ لینڈ کے وزیر اعظم نکولا اسٹرجیون نے بھی جانشینی سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے۔ یہ ایک واضح اشارہ ہے کہ بادشاہ چارلس سوئم اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے خطرے سے بچنے کے لیے اور برطانیہ کو متحد رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

    بادشاہ چارلس کو جو ایک مزید چیلنج کا سامنا ہوگا اس کا تعلق دولت مشترکہ اور سلطنت کو زیادہ سے زیادہ ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رکھنے سے ہے۔ نیز اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کرتے ہوئے بادشاہت کو جدید بنانے کا عظیم کام بھی انہیں کرنا ہوگا۔

    ساتھ ساتھ، چارلس سوئم کو اپنے بیٹوں ولیم اور ہیری کے ساتھ صلح کرنے کی بھی کوشش کرنا ہوگی اور اسی امر کو نئے بادشاہ کا ابھی تک کا سب سے بڑا امتحان بھی سمجھا جا رہا ہے، یہ بات مشہور ہے کہ اس کام میں تو ملکہ الزبتھ بھی کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔