مظفرآباد(10 اگست 2025):گاؤں اپر میرادبن کے مقام پر باراتیوں کی جیپ کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 5 افرد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں گزشتہ رات باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں 8 افراد زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق ضلع باغ کے علاقہ سے جانے والی باراتیوں کی ایک گاڑی پونیو گلی کے مقام پر کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں ایک خاتون سمیت دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 3 شدید زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔
حادثہ میں ڈرائیور سمیت 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقہ روانہ کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب ایک جیپ گہری کھائی میں جاگری تھی جس کے نتہجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
مقامی پولیس کے مطابق جیپ دریائے نیلم کے کنارے کے علاقے میں 2 ہزار فٹ گہرائی میں گری، جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد،خواتین اور ایک بچہ شامل تھے، خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں خطرناک راستوں کے باعث ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔