Tag: باربر شاپ

  • ویڈیو: بال بنوانے کے لیے بیٹھے افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی

    کہا جاتا ہے کہ حادثہ کبھی بھی کہیں‌ بھی رونما ہو سکتا ہے، ایسی ہی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

    یہ ویڈیو ایک ہیئر کٹنگ سیلون کی ہے، جب دکان میں بال بنوانے کے لیے بیٹھے افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی، واقعہ دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گیا۔

    ہم سب ہی جانتے ہیں کہ سڑکوں اور گلیوں میں گاڑی حادثے رونما ہوتے رہتے ہیں، اور ہم وہاں سے گزرتے ہوئے احتیاط بھی برتتے ہیں لیکن کون سوچ سکتا ہے کہ باربر شاپ میں بیٹھے افراد بھی کسی کار حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں، یقیناً ایسی جگہ ایسے حادثے کے لیے نہایت غیر متوقع جگہ ہو سکتی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سیلون کے اندر پانچ افراد موجود ہیں، دو کرسیوں پر بیٹھے بال بنوا رہے ہیں، جب کہ ایک شخص بینچ پر بیٹھا اپنی باری کے انتظار میں ہے۔

    اچانک کچھ غیر معمولی ہلچل ہوئی تو دکان کے اندر بیٹھے افراد چونک اٹھے، لیکن صورت حال اتنی تیز رفتاری سے تبدیل ہوئی کہ وہ خود کو ٹھیک سے نہیں بچا سکے۔

    بینچ پر بیٹھا شخص تیزی سے اٹھا، کیوں کہ انھوں نے ایک بے قابو کار کو دکان کی طرف آتے دیکھ لیا تھا، اسی لمحے ایک سفید رنک کی کار گھس آئی اور اس شخص کو بری طرح زخمی کر گئی۔

    اس حادثے میں دوسرے لوگ بھی زخمی ہوئے، جب کہ حادثے کے وقت وہ سبھی شدید صدمے میں آ گئے تھے۔

  • ریاض: رہائش گاہ کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے افراد گرفتار

    ریاض: رہائش گاہ کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں اپنی رہائش گاہ کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے 7 غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں قصیم پولیس نے اپنی رہائش کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے 7 غیر ملکی حجاموں کو گرفتار کیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان بدر السحیبانی نے بتایا کہ پولیس نے گرفتاری کی کارروائی خفیہ رپورٹ کی بنیاد پر کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو پتہ چلا تھا کہ 7 غیر ملکی افراد کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیلون (باربر شاپ) کے بجائے گھروں میں باربر شاپ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت کرونا وائرس سے لوگوں کو بچانے کے لیے حفاظتی تدابیر کے طور پر باربر شاپس پر پابندی لگائے ہوئے ہے۔

    پولیس ترجمان کرنل السحیبانی نے کہا کہ ساتوں غیر ملکیوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

  • سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    ریاض: سعودی حکام نے گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے کی اطلاع پر مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر ذمہ داران کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے علاقہ بنی مالک میں گھر کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

    جدہ میں الشرفیہ کی بلدیہ کے انسپکٹرز نے بنی مالک محلے میں تفتیشی کارروائی کے دوران ایک باربر شاپ پر چھاپہ مارا، یہ شاپ غیر قانونی طریقے سے ایک عمارت میں قائم کی گئی تھی۔

    انسپکٹرز نے غیر قانونی باربر شاپ سیل کردی جبکہ وہاں موجود مخصوص کرسیاں اورحجامت میں استعمال ہونے والے تمام آلات اور اشیا ضبط کرلیں۔ حجام کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا۔

    دوسری جانب نجران میونسپلٹی کے اہلکاروں کو بھی اطلاع ملی کہ غیر ملکی کارکن اپنی رہائش پر ہم وطنوں کو حجامت کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں اور مقرر کردہ پابندی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    اہلکاروں نے رہائش پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی سرگرمی پر تارکین کو گرفتار کرلیا۔

    نجران میونسپلٹی کے نگراں ادارے کے ڈائریکٹر فائز بن رجا نے بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے اطلاع ملنے پر غیر ملکیوں کی رہائش پر چھاپہ مارا تھا۔

    تلاشی پر رہائش سے باربر شاپ میں استعمال ہونے والی مشینیں، آلات اور سامان نظر آنے پر ضبط کرلیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

  • حجامت کے لیے ہوم سروس کے اشتہارات پر اماراتی حکام کا ایکشن

    حجامت کے لیے ہوم سروس کے اشتہارات پر اماراتی حکام کا ایکشن

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی وجہ سے باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند ہیں تاہم صارفین کو ان کے ہوم سروس یعنی گھر پر خدمات کے اشتہارات وصول ہورہے ہیں جس کے بعد حکام حرکت میں آگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کو بند کیا گیا ہے، تاہم صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں مختلف باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہورہے ہیں۔

    صارفین کے مطابق انہیں ایس ایم ایس کے ذریعہ ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہوئے ہیں۔

    دبئی اور الفجیرہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہار کرونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے باربر شاپس یا بیوٹی پارلرز کے خلاف کارروائی ہوگی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہوم سروس کے اشتہارات چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے، ایسا کرنا جرم ہے۔ یہ دوسروں کو قانون توڑنے پر اکسانے کے زمرے میں آتا ہے جس پر 5 لاکھ درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔۔

    میونسپلٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی قوانین میں واضح ہے کہ جس نے بھی خود اپنی یا دوسری کی جان خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو اسے قید اور جرمانہ ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلر بند کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں کرونا وائرس پھیلنے کے زیادہ امکانات ہیں، جو کام دکانوں میں کرنے کی اجازت نہیں اسے گھروں میں کرنے کی اجازت کیسے ہوسکتی ہے۔

    حکام کے مطابق حجام اور گاہک کے درمیان کام کے دوران فاصلہ بہت کم رہتا ہے جس کے باعث دونوں کو خطرہ لاحق ہے۔

  • سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجام گرفتار کر لیے گئے

    سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجام گرفتار کر لیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجاموں کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ عمل کی نشاندہی سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے ذریعے ہوئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس نے مردانہ سیلون میں خواتین کے بال کاٹنے والے مرد حجاموں کو گرفتار کر لیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ مرادنہ باربر شاپ میں خواتین مرد حجاموں سے بال کٹوا رہی ہیں۔

    ویڈیو کے ذریعے نشاندہی ہونے کے بعد مردانہ سیلون پر کام کرنے والے تمام حجاموں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے اس کے خلاف آواز بلند کی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے رحجان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے رجحانات کی یہاں قطعی گنجائش نہیں ہے، ایسے اقدامات ہماری حیا و شرم کو مجروح کرنے کا باعث بنیں گے جبکہ یہ عام قانون کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے یہ تاثر بھی دینا شروع کر دیا تھا کہ مرادنہ سیلونز پر اب خواتین باربر بھی رکھی جائیں گی تاہم بلدیہ کی جانب سے فوری وضاحت کی گئی کہ مرادنہ سلیونز میں خواتین باربرز کی تعیناتی کا کوئی ارادہ نہیں۔