Tag: باربی

  • ’باربی‘ نے باکس آفس پر ہیری پورٹر، ڈارک نائٹ جیسی بڑی فلموں کو پچھاڑ دیا

    ’باربی‘ نے باکس آفس پر ہیری پورٹر، ڈارک نائٹ جیسی بڑی فلموں کو پچھاڑ دیا

    مارگوٹ روبی کی فلم ’باربی‘ نے ’ہیری پورٹر‘ اور ’ڈارک نائٹ‘ جیسی بڑی فلموں کو باکس آفس پر پچھاڑتے ہوئے کمائی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق باکس آفس پر باربی کے جلوؤں نے پوری طرح سے شائقین کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے، فلم نے اب تک عالمی باکس آفس پر 298.3 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔

    آسٹریلوی اداکارہ کی فلم باربی تمام ریکارڈز توڑتے ہوئے وارنر برادرز کی اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے، فلم نے بڑی فرنچائز سے تعلق رکھنے والی ہیری پورٹر اور دی ڈارک نائٹ جیسی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور باکس آفس پر ان سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

    لڑکیوں کے کھلونوں سے باہر نکل کر سینما تک کا باربی کا سفر شائقین کو بہت پسند آرہا ہے، گریٹا گیروگ نے نے اس فلم کو ڈائریکٹ کرتے ہوئے باربی کو بالکل نیا اور تازہ لک دیا ہے جس نے اندازوں سے بڑھ کر کامیابی حاصل کی ہے۔

    فلم بینوں کے ساتھ ساتھ ناقدین بھی باربی کے دام میں گرفتار نظر آتے ہیں، فلم میں رنگوں کا امتزاج استعمال کرتے ہوئے موسیقی کا تڑکا لگایا گیا ہے اور سب سے بڑھ کر خود اعتمادی کا جو پیغام پیش کیا گیا ہے اس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی ہے۔

    فلم میں باربی کے کرردار کو موجودہ دور کے شائقین کے حساب سے بڑے پردے کی زینت بنایا گیا ہے، اس فلم میں باربی خود پرلگے لیبلز سے نہیں گھبراتی بلکہ موجودہ تصورات کو خاطر میں لائے بغیر اپنے حساب سے فیصلے کرتی ہے۔

  • ’باربی‘ کے ’مشن ایمپاسبل‘ سے آگے نکلنے پر ٹام کروز کا ردعمل

    ’باربی‘ کے ’مشن ایمپاسبل‘ سے آگے نکلنے پر ٹام کروز کا ردعمل

    ٹام کروز کی ریلیز ہونے والی نئی فلم مشن ایمپاسبل-ڈیڈ ریکنگ پارٹ ون نے باکس آفس پر شاندار شروعات کی تھی تاہم جلد ہی اسے باربی کے مقابلے میں دھچکے کا سامنا کرنا پڑا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹام کروز کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی باکس آفس پر باربی کے ایک ارب ڈالرز سے زائد کی کمائی کرنے کے بعد ٹام کروز کے منہ کا ذائقہ تھوڑا کڑوا ہو گیا ہے۔

    ٹاپ گن میں جلوہ گر ہونے والے ہالی وڈ سپر اسٹار کی مشہور زمانہ فلم مشن ایمپاسبل فرنچائز کی ساتویں فلم ریلیز ہونے کے محض ایک ہفتے بعد ہی مارگوٹ روبی کی فلم باربی نے شائقین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

    اس کے باوجود کہ مشن ایمپاسبل تاریخ کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک ہے یہ گریٹا گیروِگ کی ’باربی‘ اور کرسٹوفر نولان کی ’اوپن ہائیمر‘ کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ’’ٹام کروز کی مشن ایمپاسبل سیون کو بنانے میں کافی محنت کی گئی ہے جب کہ اسے سینما تک لانے کے لیے بہت سی رکاوٹوں کو عبور کیا گیا ہے۔‘‘

    اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ’’کہہ سکتے ہیں کہ یہ ہالی ووڈ پر واقعی مشکل وقت ہے لہٰذا کوئی بھی باربی کی عمدہ پرفارمنس پر اس طرح اظہار نہیں کررہا، تاہم کچھ لوگوں کے منہ کا ذائقہ اس کی وجہ سے تھوڑا کڑوا ہو گیا ہے۔‘‘

  • خواتین کے عالمی دن کے لیے باربی کا منفرد تحفہ

    خواتین کے عالمی دن کے لیے باربی کا منفرد تحفہ

    خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خواتین کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان سے ملتی جلتی باربی گڑیائیں متعارف کروا دی گئیں۔

    مشہور ٹوائے کمپنی میٹل نے حال ہی میں باربی کے پیش کیے جانے والے نئے کلیکشن میں خواتین کھلاڑیوں کے ماڈل پیش کیے ہیں۔

    ان میں سے ایک گڑیا برطانوی اسپرنٹر ڈینا ایشر اسمتھ کی بھی ہے۔ ڈینا نے گزشتہ برس دوحہ میں 200 میٹرز ریس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

    ان کے علاوہ کلیکشن میں فرانس کی خواتین کی فٹبال ٹیم کی کپتان اور یوکرین کی ورلڈ چیمپئن پلیئر بھی شامل ہیں۔

    باربی کی یہ نئی گڑیائیں ڈریم گیپ پروجیکٹ کے تحت پیش کی گئی ہیں جس کا مقصد ان عوامل کی نشاندہی کرنا ہے جو بچیوں اور لڑکیوں کی راہ میں ان کے ارادوں کی تکمیل میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

    اس موقع برطانوی اسپرنٹر ڈینا نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باربی کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور وہ خوش ہیں کہ اس گڑیا کے ذریعے وہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرسکیں گی۔

    وہ کہتی ہیں خواتین کا کھیل کے شعبے میں ہونا ایک چیلنج ہے کیونکہ انہیں وہ توجہ اور مراعات نہیں ملتے جو مرد کھلاڑیوں کو ملتے ہیں۔

    باربی کی گلوبل ہیڈ لیزا مک نائٹ کا کہنا ہے کہ اس کلیکشن کو پیش کرنے کا مقصد طاقتور اور متنوع رول ماڈلز کو پیش کرنا اور اس کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کی خود اعتمادی میں اضافہ کرنا اور انہیں تعصب کے خلاف لڑنے میں مدد دینا ہے۔

  • باربی ڈول سائنس دان بن گئی

    باربی ڈول سائنس دان بن گئی

    دنیا بھر میں مقبول گڑیا باربی ڈول اب نئے انداز سے سامنے آگئی۔ پہلی بار سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ باربی ڈول کو پیش کیا جارہا ہے۔

    60 سال بعد پہلی بار سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک باربی ڈول کو پیش کیا گیا ہے۔

    ماضی میں باربی کمپنی پر تنقید کی جاتی تھی کہ وہ اپنی گڑیاں بہت زیادہ دبلی پتلی اور حد سے زیادہ پرکشش بناتے ہیں۔

    ان سے کھیلنے والی چھوٹی بچیاں لاشعوری طور پر اس گڑیا سے متاثر ہو کر اس جیسا بننا چاہتی ہیں، تاہم گزشتہ چند سالوں میں باربی کو مختلف انداز میں پیش کیا گیا جن میں مختلف کیریئر اپنانے والی باربی اور حجاب کرنے والی باربی بھی شامل تھی۔

    لوگوں کا خیال تھا کہ وقت بدل رہا ہے، چونکہ چھوٹی بچیاں اپنی گڑیاؤں سے بے حد متاثر ہوتی ہیں لہٰذا بدلتے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے باربی کو خوبصورت پیش کرنے کے بجائے اسے باہمت اور کام کرنے والی باربی کے طور پر پیش کیا جانا چاہیئے۔

    باربی گڑیا بنانے والی کمپنی ماٹل کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال میں چند ایسی خواتین کے عکس پر گڑیائیں بنائیں گے جو کہ انتہائی متاثر کن اور انسپریشنل ہیں۔

    اس کی ایک مثال امریکی اولمپیئن ابتہاج محمد کے جیسی بنائی گئی گڑیا ہے۔

    اسی منصوبے کے تحت اب سائنسدان باربی پیش کی جارہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت سائنس کے شعبے میں خواتین کی تعداد صرف 24 فیصد ہے۔

    سائنس دان باربی چھوٹی بچیوں کو بھی سائنس کے شعبے کی طرف بڑھنے کی ترغیب دے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔