Tag: باربی ڈول

  • ذیابیطس سے آگاہی کیلیے پہلی باربی ڈول متعارف

    ذیابیطس سے آگاہی کیلیے پہلی باربی ڈول متعارف

    کیلیفورنیا : کھلونے تیار کرنے کی معروف کمپنی میٹل نے پہلی باربی گڑیا متعارف کرائی ہے جو ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

    یہ نئی گڑیا 2025 کی باربی فیشنسٹاز لائن کا حصہ ہے جس کا مقصد بچوں میں شمولیت اور ان بچوں کی نمائندگی کو فروغ دینا ہے جو کسی دائمی بیماری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ محض ایک گڑیا نہیں بلکہ ان لاکھوں بچوں کے لیے امید، ہمت اور پہچان کی علامت ہے جو روزانہ اس بیماری سے مقابلہ کرتے ہیں۔

    میٹل کمنی کی یہ گڑیا ’بریک تھرو ٹی ون ڈی چلڈرنز کانگریس‘نامی عالمی تنظیم کی شراکت سے دو سال کے عرصے میں تیار کی گئی ہے جو ٹائپ ون ذیابیطس پر تحقیق اور اس کی آگاہی پر کام کرتی ہے۔

    اس نئی فیشنسٹا باربی کا نا صرف انداز دلکش ہے بلکہ وہ ذیابیطس سے متعلق طبی آلات ایک انسولین پمپ، کنٹینیوئس گلوکوز مانیٹر، موبائل ایپ اور ذیابیطس سے متعلق دیگر ضروری سامان سے لیس ہے۔

    گڑیا نے نیلے رنگ کا کپڑوں کا خوبصورت جوڑا پہنا ہے جس پر پولکا ڈاٹس ہیں، نیلا رنگ اور گول نشان عالمی سطح پر ذیابیطس کی آگاہی کی علامت ہیں۔

    اس کے ساتھ ایک ہلکے نیلیے رنگ کا چھوٹا سا پرس بھی ہے جس میں گڑیا کے طبی سامان اور شوگر کم کرنے یا بڑھانے والے اسنیکس رکھے جاسکتے ہیں تاکہ بچے کھیل ہی کھیل میں اس بیماری کے عملی پہلو کو بھی سمجھ سکیں۔

    میٹل کمپنی کے مطابق یہ گڑیا ان بچوں کو خوشی دے گی جو خود ذیابیطس کا شکار ہیں اور باقی بچوں کو بھی یہ سلھائے گی کہ اپنی بیماری کے ساتھ جینا شرمندگی کی بات نہیں بلکہ ایک طاقت ہے۔

  • ’باربی ڈول‘ ہانیہ عامر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    ’باربی ڈول‘ ہانیہ عامر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی ڈمپل گرل ہانیہ عامر کی مقبولیت نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی خوب ہے۔

    فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم کی اداکارہ ہانیہ عامر اپنی چند نئی تصاویر شیئر کی ہے جس میں انہیں باربی ڈول اسٹائل میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    ہانیہ عامر کی اس پوسٹ کو لاکھوں صارفین کی جانب پسند کیا جارہا ہے اور انڈسٹری کی دیگر خوبصورت اداکارائیں بھی اداکارہ کے حُسن کی تعریف کرنے پر مجبور نظر آ رہی ہیں۔

    ہانیہ عامر کی خوبصورتی کی تعریف کرنے والی اداکاراؤں میں معروف اداکارہ ماہرہ خان، حرا خان، مایا علی، منال خان، انوشے اشرف اور نادیہ حسین بھی شامل ہیں۔

    ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر اکثر پوسٹ شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں، انہوں نے اس سے قبل بھی پوسٹ شیئر کی تھی جو وائرل ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ ہانیہ عامر کا شمار اُن پاکستانی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے ڈرامے سرحد پار بھارت میں بھی بڑے ہی شوق سے دیکھے جاتے ہیں، اداکارہ کے نئے ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تُم‘ کو بڑی مقبولیت حاصل ہے۔

  • خواتین کے عالمی دن کے لیے باربی کا منفرد تحفہ

    خواتین کے عالمی دن کے لیے باربی کا منفرد تحفہ

    خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خواتین کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان سے ملتی جلتی باربی گڑیائیں متعارف کروا دی گئیں۔

    مشہور ٹوائے کمپنی میٹل نے حال ہی میں باربی کے پیش کیے جانے والے نئے کلیکشن میں خواتین کھلاڑیوں کے ماڈل پیش کیے ہیں۔

    ان میں سے ایک گڑیا برطانوی اسپرنٹر ڈینا ایشر اسمتھ کی بھی ہے۔ ڈینا نے گزشتہ برس دوحہ میں 200 میٹرز ریس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

    ان کے علاوہ کلیکشن میں فرانس کی خواتین کی فٹبال ٹیم کی کپتان اور یوکرین کی ورلڈ چیمپئن پلیئر بھی شامل ہیں۔

    باربی کی یہ نئی گڑیائیں ڈریم گیپ پروجیکٹ کے تحت پیش کی گئی ہیں جس کا مقصد ان عوامل کی نشاندہی کرنا ہے جو بچیوں اور لڑکیوں کی راہ میں ان کے ارادوں کی تکمیل میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

    اس موقع برطانوی اسپرنٹر ڈینا نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باربی کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور وہ خوش ہیں کہ اس گڑیا کے ذریعے وہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرسکیں گی۔

    وہ کہتی ہیں خواتین کا کھیل کے شعبے میں ہونا ایک چیلنج ہے کیونکہ انہیں وہ توجہ اور مراعات نہیں ملتے جو مرد کھلاڑیوں کو ملتے ہیں۔

    باربی کی گلوبل ہیڈ لیزا مک نائٹ کا کہنا ہے کہ اس کلیکشن کو پیش کرنے کا مقصد طاقتور اور متنوع رول ماڈلز کو پیش کرنا اور اس کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کی خود اعتمادی میں اضافہ کرنا اور انہیں تعصب کے خلاف لڑنے میں مدد دینا ہے۔

  • باربی ڈول بننے کیلیے خاتون نے چہرے کے ہر انچ پر انجیکشن لگوالیے

    باربی ڈول بننے کیلیے خاتون نے چہرے کے ہر انچ پر انجیکشن لگوالیے

    لندن: مشہور زمانہ فیشن ڈول’ باربی‘ سے دیوانگی کی حد تک محبت کرنے والی برطانوی خاتون نے خود کو پلاسٹک جیسی باربی ڈول بنانے کے لیے چہرے کے ہر انچ پر انجیکشن لگوا لیے۔

    49 سالہ راچل ایوانس نے پلاسٹک باربی ڈول جیسی خود کو بنانے کے لیے 100 سے زائد طریقہ کار پر 35 ہزار پاؤنڈ سے زائد خرچ کر ڈالے۔

    خاتون نے وضع قطع میں تبدیلی کے لیے پہلی ٹرانسفورمنگ 30 سال کی عمر میں کروائی اور حقیقت کے رنگ بھرنے کے لیے اب تک وہ اس عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ میں سو فیصد سرجری کی عادی ہوچکی ہوں، میں خود کو باربی ڈول جیسا بنانے کے لیے کبھی نہیں رکنے والی چاہے 80 سال ہی کیوں نہ لگ جائیں اور ان مراحل کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔

    راچل ایوانس کے مطابق وہ خود کو جلدی سے بڑھا ہوتے دیکھنا چاہتی ہیں کیونکہ بڑھاپے میں خود کو جوان کرنے کے لیے زیادہ محنت اور نئے نئے طریقہ اختیار کرنے پڑتے ہیں اور یہ جذبہ میرے حوصلوں کو ہمیشہ جواں رکھے گا۔

  • مشہورزمانہ ’باربی ڈول‘ 60 سال کی ہوگئی

    مشہورزمانہ ’باربی ڈول‘ 60 سال کی ہوگئی

    مشہورزمانہ فیشن ڈول ’باربی‘ آج اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہی ہے ، اس موقع پر کمپنی کی جانب سے حقیقی زندگی پر مبنی کرداروں پر مشتمل کلیکشن متعارف کرایا ہے، نئے کلیکشن میں ان شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں خواتین ابھی بھی پیچھے ہیں۔

    باربی ڈول پہلی بار 9 مارچ، 1959 میں نیویارک میں منعقد ہونے والے ٹوائے فیئر میں متعارف کرائی گئی تھی ، تب سے آج تک یہ دنیا بھرکی لڑکیوں کی اولین پسند ہے۔

    اس تاریخ ساز لمحے کو منانے کے لیے باربی ڈول بنانے والی کمپنی میٹل انکارپوریٹ نے اپنی اس شہرہ آفاق پراڈکٹ کے بیس نئے ورژن جاری کیے ہیں جس میں جاپانی ٹینس اسٹار ناؤمی اوسا کا اور برطانوی ماڈل ایڈوا بھی شامل ہیں۔

    باربی ڈول سائنس داں بن گئی

    اس موقع پر کمپنی نے چھ ایسے کیرئرز کی جانب ترغیب دینے والی باربی ڈول بھی مارکیٹ میں پیش کی ہیں جن میں ابھی تک خواتین کو مناسب یا یکساں نمائندگی حاصل نہیں ہے، ان میں خلا نورد ، پائلٹ، ایتھلیٹ، صحافی، سیاست داں اور فائر فائٹر باربی ڈول شامل ہیں۔

    باربی اپنے قیام سے اب تک 200 سے زائد کردار وں میں مارکیٹ میں پیش کی جاچکی ہے جن میں سرجن سے لے کر ویڈیو گیم ڈیویلپر شامل ہیں۔ باربی کو ماضی میں اس کی جسمانی ساخت اور کپڑوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا کہ یہ ایک مخصوص ہیت کی خواتین کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کے بعد باربی نے مختلف طرح کی ڈولز متعارف کرائیں ، جن میں افریقی ، ایشیائی، حجاب پہننے والی باربی ڈولز سے لے کر سائنسداں ڈولز شامل ہیں۔

    باربی صرف ایک گڑیا نہیں ہے بلکہ اس کا پورا تخیلاتی خاندانی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایک شہر بھی جہاں وہ رہتی ہے ، اس گڑیا پر ناول بھی لکھے گئے ہیں اور گانے بھی بنائے گئے ہیں۔

    باربی ڈول اور میٹل انکارپوریٹ ایک امریکی کاروباری خاتون رتھ ہینڈلر کے قوت تخیل کا نتیجہ ہے اور اب تک دنیا میں ایک ارب سے زائد باربی ڈول فروخت کی جاچکی ہیں۔ باربی سے قبل عموماً گڑیا ، ایک کمسن بچی کی شکل کی ہوا کرتی تھی۔ رتھ کا کہنا ہے کہ ایک جوان لڑکی کو گڑیا بنانے کا خیال انہیں اپنی بیٹی ’باربرا ‘کو کاغذ کی گڑیا بناتے دیکھ کر آیا، جو اپنی گڑیاؤں کو بڑی لڑکیوں کے کردار دیا کرتی تھی ‘۔

    اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر باربی کا جو سب سے خصوصی ایڈیشن جاری کیا گیا ہے اس میں باربی ڈول ایک بھڑکیلا قسم کا سلور بال گاؤن زیب تن کیے نظر آرہی ہے۔ کیا آپ باربی ڈول کی مداح ہیں، اگر ہاں تو آج ہی اپنا کلیکشن آرڈر کریں۔

  • وہیل چیئر پر بیٹھی اور مصنوعی پاؤں والی باربی ڈول

    وہیل چیئر پر بیٹھی اور مصنوعی پاؤں والی باربی ڈول

    جسمانی معذوری کہیں تو ناامیدی کا پیغام بن جاتی ہے تو کہیں ہمت و حوصلہ عطا کر کے ایسے کام کروادیتی ہے جو عام حالات میں شاید کسی کے لیے ممکن نہ ہوں۔

    ہم دیکھتے آئے ہیں کہ صلاحیت، ہنر اور جذبہ کسی سہارے کا محتاج نہیں اور پہاڑوں جیسا عزم ہو تو بڑی سے بڑی معذوری کو شکست دے کر بھی بڑے سے بڑے کارنامہ انجام دیا جاسکتا ہے۔

    یہی سوچ کر مشہور امریکی ٹوائے کمپنی میٹل معذوری کا شکار باربی ڈولز لانچ کرنے جارہی ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ معذوری صرف ایک نظر کا دھوکہ ہے۔

    یہ باربی ڈولز 13 سالہ امریکی بچی جورڈن سے متاثر ہو کر تیار کی جارہی ہیں۔

    جورڈن اپنے بائیں بازو سے محروم ہے تاہم 3 ڈی پرنٹنگ کے ذریعے اپنے بازو کے لیے نت نئی اشیا بناتی رہتی ہے۔

    حال ہی میں اس نے یونی کورن (ایک تصوراتی جانور) کا ایسا سینگ تیار کیا جو گلیٹر پھینکتا تھا، یعنی اسے اپنے ہاتھ پر لگا کر وہ لوگوں کو چمکتی افشاں سے نہلا دیتی تھی۔

    جورڈن کا حوصلہ دیکھتے ہوئے میٹل اب ایسی گڑیائیں پیش کرنے جارہی ہے جو وہیل چیئر پر بیٹھی ہوں جبکہ کچھ مصنوعی اعضا سے آراستہ ہوں گی۔

    میٹل کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ خوبصورتی کا مطلب کاملیت نہیں۔ خوبصورت اور فیشن کی کئی جہتیں ہوسکتی ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا عزم ہے کہ وہ دنیا کی سب متنوع گڑیائیں پیش کریں تاکہ ہر انسان انہیں خود سے قریب محسوس کرسکے۔

    ان میں دنیا کے وہ 15 فیصد افراد بھی شامل ہیں جو کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہیں۔

    13 سالہ جورڈن بھی اپنے جیسی گڑیا پاکر بے حد خوش ہے۔

    آپ کو یہ گڑیا کیسی لگی؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

  • باربی ڈول سائنس دان بن گئی

    باربی ڈول سائنس دان بن گئی

    دنیا بھر میں مقبول گڑیا باربی ڈول اب نئے انداز سے سامنے آگئی۔ پہلی بار سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ باربی ڈول کو پیش کیا جارہا ہے۔

    60 سال بعد پہلی بار سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک باربی ڈول کو پیش کیا گیا ہے۔

    ماضی میں باربی کمپنی پر تنقید کی جاتی تھی کہ وہ اپنی گڑیاں بہت زیادہ دبلی پتلی اور حد سے زیادہ پرکشش بناتے ہیں۔

    ان سے کھیلنے والی چھوٹی بچیاں لاشعوری طور پر اس گڑیا سے متاثر ہو کر اس جیسا بننا چاہتی ہیں، تاہم گزشتہ چند سالوں میں باربی کو مختلف انداز میں پیش کیا گیا جن میں مختلف کیریئر اپنانے والی باربی اور حجاب کرنے والی باربی بھی شامل تھی۔

    لوگوں کا خیال تھا کہ وقت بدل رہا ہے، چونکہ چھوٹی بچیاں اپنی گڑیاؤں سے بے حد متاثر ہوتی ہیں لہٰذا بدلتے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے باربی کو خوبصورت پیش کرنے کے بجائے اسے باہمت اور کام کرنے والی باربی کے طور پر پیش کیا جانا چاہیئے۔

    باربی گڑیا بنانے والی کمپنی ماٹل کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال میں چند ایسی خواتین کے عکس پر گڑیائیں بنائیں گے جو کہ انتہائی متاثر کن اور انسپریشنل ہیں۔

    اس کی ایک مثال امریکی اولمپیئن ابتہاج محمد کے جیسی بنائی گئی گڑیا ہے۔

    اسی منصوبے کے تحت اب سائنسدان باربی پیش کی جارہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت سائنس کے شعبے میں خواتین کی تعداد صرف 24 فیصد ہے۔

    سائنس دان باربی چھوٹی بچیوں کو بھی سائنس کے شعبے کی طرف بڑھنے کی ترغیب دے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔