Tag: بارشوں

  • چین میں شدید بارشوں سے اربوں ڈالرز کا نقصان

    چین میں شدید بارشوں سے اربوں ڈالرز کا نقصان

    چین میں بھی شدید بارشوں سے سڑکوں کو 2.2 ارب ڈالرز کا نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ بارش اور سیلاب کے آغاز سے 23 صوبوں میں سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    چین کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے سڑکوں کی ہنگامی مرمت کی مد میں تقریباً 540 ملین یوآن مقامی حکام کو دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    چین کی وزارت آبی وسائل کے مطابق ملک میں شدید بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ یکم جولائی کو شروع ہوا جس سے ملک کے شمال اور جنوب میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔

    پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال

    لاہور: فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال جاری کی ہے۔

    دریائے چناب خانکی بیراج پر پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، قادرآباد بیراج پر پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ہے، دونوں مقامات پر انتہائی خطرناک اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے لیے فلڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    دریائے چناب ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 91 ہزار کیوسک ہے، اسے بھی اونچے درجے کا سیلاب بتایا گیا ہے اور عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    دنیا میں ہر 4 میں سے ایک فرد گندا پانی پینے پر مجبور ہے، ڈبلیو ایچ او کا انکشاف

    دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، شاہدرہ میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق راوی کے سائفر پوائنٹس پر بہاؤ ایک لاکھ 60 سے، 70 ہزار کیوسک کے درمیان ہے، اسے بھی اونچے درجے کا سیلاب قرار دے کر فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

  • کراچی بارشوں میں کیوں ڈوب جاتا ہے؟ ماہرین نے اصل وجہ بتادی

    کراچی بارشوں میں کیوں ڈوب جاتا ہے؟ ماہرین نے اصل وجہ بتادی

    کراچی : ماہرین نے کراچی شہر کے معمولی بارشوں میں ڈوب جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ماہرین کا کہنا ہے شہر میں نکاسی آب کا بوسیدہ نظام اس اربن فلڈنگ کا سبب بنتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب اب سالانہ حقیقت بنتے جا رہے ہیں اور ایک واضح پیٹرن سامنے آ رہا ہے کہ مون سون کا ہر موسم تباہی لاتا ہے، اس صورتحال میں ماہرین بارہا قومی سطح پر ماحولیاتی فیکٹرز کو مدنظر رکھتے ہوئے فلڈ فورکاسٹنگ اور بچاؤ کی جامع حکمت عملی پر زور دیتے رہے ہیں۔

    پنجاب ، خیبر پختونخواہ کی طرح شہر قائد میں مون سون کی معمولی بارشوں میں اربن فلڈنگ اب ایک معمول کا حصہ ہے، مون سون کے حالیہ اسپیل میں صرف ایک دن کی تباہ کن بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا، بارش اور حکومتی لاپرواہی سے کراچی ڈوب گیا اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے یہ قدرتی آفت نہیں بلکہ انسانی غفلت کا نتیجہ ہے، شہر میں نکاسی آب کا بوسیدہ نظام اس اربن فلڈنگ کا سبب بنتا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 15 ہوگئی

    کراچی میں 540 برساتی نالے ہیں یہ تمام نالے بنیادی طور پر نکاسی آب کیلے بنائے گئے تھے تاہم وقت کے گزرنے کے ساتھ نہ صرف ان پر قبضہ ہوتا گیا بلکہ بد قسمتی سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے شہر میں برساتی گزرگاہوں کو سیوریج کے نالوں میں تبدیل کردیا۔

    مختلف محکما جاتی رپورٹ کے مطابق کراچی کےجملہ 540 نالوں میں 27 نالوں پر 80 فیصد تک تجاوزات قائم ہیں جبکہ کراچی کی 70 فی صد آبادی کچی بستیوں میں رہتی ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق شہر میں کچّی آبادیوں کی تعداد میں سالانہ دس فی صد اور مجموعی آبادی میں پانچ فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔

    ماہرین نے رائے دی ہے کہ کہ کراچی کو مستقبل میں کسی بڑے سانحے سے بچانے کے لئے سیوریج اور نکاسی کے نظام کی مکمل اوور ہالنگ ناگزیر ہے، ورنہ شہری آئندہ بھی اسی اذیت ناک منظر کو سہنے پر مجبور رہیں گے۔

  • بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بادل پھٹنے، لینڈ سلائڈنگ، سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایسے میں محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی میں 16 اگست سے 20 اگست تک بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے سات دنوں کے اندر اتر پردیش، اتراکھنڈ، مہاراشٹر، گوا، کونکن، کرناٹک، تلنگانہ، پنجاب، ہریانہ، مدھیہ پردیش، تمل ناڈو، کیرالہ، ساحلی آندھرا پردیش، رائل سیما، ہماچل پردیش، بہار، مغربی بنگال، اوڈیشہ، سکم چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اروناچل پردیش، تریپورہ، ناگالینڈ، میزورم اور میگھالیہ میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    بھارت کے محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے چار دن کے لئے آرینج اور یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران تیز بارش، آندھی طوفان اور بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔

    اس کے علاوہ کونکن، گوا میں 16 اور 18 اگست کے دوران الگ الگ مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اس دوران مدھیہ پردیش میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اگلے سات دنوں میں مہاراشٹر میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے جبکہ 16 سے 19 اگست کے درمیان مشرقی راجستھان اور اتراکھنڈ میں الگ الگ مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق 19 اگست کو جھارکھنڈ، 16 اور 17 سے 21 اگست کے دوران اوڈیشہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ میں کچھ مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں کئی جگہوں پر گرج چمک اور بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔

    سات دنوں کے دوران ساحلی کرناٹک اور تلنگانہ میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ کیرالہ اور ماہے، ساحلی آندھرا پردیش اور ینم میں کچھ مقامات پر تیز بارش ہوسکتی ہے۔

    سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ، کونسے علاقے متاثر ہوں گے ؟

    19 اگست تک جنوبی جنزیرہ نما ہندوستان میں تیز رفتار ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اگلے پانچ دنوں کے دوران رائل سیما، تمل ناڈو اور تلنگانہ میں گرج چمک اور بجلی کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

  • امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید بارشیں، فلائٹ آپریشن متاثر

    امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید بارشیں، فلائٹ آپریشن متاثر

    امریکا کی ریاست وسکونسن میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، وسکونسن میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، گاڑیاں ڈوب چکی ہیں اور ہزاروں گھر بجلی سے محرومی کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کی نیشنل ویدر سروس نے کنساس، آئیووا، نیبراسکا، مسوری، الینوائے اور وسکونسن کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    میکسیکو سٹی میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، خراب موسم کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق بینیٹو جواریز ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 3 گھنٹوں کے لیے معطل رہا۔

    امریکی نیشنل ویدر سروس کا بتانا ہے کہ ہفتے سے شروع ہونے والی بارش پیر تک جاری رہ سکتی ہے۔

    دوسری جانب سے بھارت کے حیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے حیدرآباد کے ایل بی نگر علاقے میں طوفانی بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب زومایٹو کا فوڈ ڈیلیوری بوائے سید فرحان کھلے نالے میں گر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹی کے آر کمان کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث نالہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی تھی۔

    گڈانی کے سمندر کا پانی اچانک گلابی ہونے کی اصل حقیقت سامنے آگئی

    فوڈ ڈیلیوری سید فرحان، جو سنتوش نگر کا رہائشی ہے اور گزشتہ 6 سالوں سے ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کر رہا ہے، ایک کسٹمر کو پارسل پہنچانے کے دوران نالے میں گر کر حادثے کا شکار ہوگیا۔

    اس حادثے میں اس کا موبائل فون پانی میں بہہ گیا اور نئی بائیک جس کی وہ ماہانہ قسطیں ادا کررہا تھا خراب ہو گئی اور نالے میں پھنس گئی۔

  • اگلے ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی

    اگلے ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی

    اسلام آباد (4 اگست 2025): پاکستان کے مختلف علاقوں آئندہ ہفتے کے لیے پھر گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفانوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں ان دنوں شدید مون سون کی لپیٹ میں ہیں۔ کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں مکانات گرنے اور دیگر حادثات کے نتیجے میں اب تک 150 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفانوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے گلیشیئر پھٹنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے لیے برفانی جھیل کے پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے

     

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے برفانی علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس لیے سیاحوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ علاقوں کا سفر محدود کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/flooding-threat-in-rivers-across-the-country-from-tomorrow/

  • ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل، کہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی؟

    ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل، کہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی؟

    اسلام آباد(4 اگست 2025): ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے جمعرات تک موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چھ اگست کو بلوچستان میں بھی تیزبارش کا امکان ہے، راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔

    محکمہ موسمیات نے پنجاب کے 20 سے زائد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کی لہر برقرار رہے گی۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیالکوٹ، نارووال، میرپور آزاد کشمیر میں بھی تیز اور ہلکی بارش ہوئی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، اسکردو اور گلگت میں شدید بارشوں کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، بارش کا نیا سلسلہ پہلے سے موجود سیلابی صورت حال مزید سنگین بنا سکتا ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

  • بھارت کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری

    بھارت کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے، کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹر، آسام سمیت کئی ریاستوں موسلا دھار بارشیں ہوئیں، ایسے میں محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی میں کچھ دنوں تک آسمان میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ جبکہ اگلے کچھ دنوں تک ہمالیائی مغربی بنگال اور میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ اتر پردیش، ہریانہ اور پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جموں کشمیرو لداخ میں تیز ہواؤں اور گرج-چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ہماچل پردیش، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی درمیانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ یکم جون تک ان ریاستوں میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ گجرات، مراٹھواڑہ اور گوا میں بھی درمیانی بارش ہو سکتی ہے جبکہ کیرالہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مئی کے آخر میں موسم اس کے بالکل برعکس تھا، 31 مئی کو بھی اتر پردیش کے تقریباً 50 ضلعوں میں بارش ہوسکتی ہے، 31 مئی اور 1 جون کو بادل چھائے رہیں گے۔ کئی جگہوں پر 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کئی ضلعوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہوسکتی ہے، ویشالی، پٹنہ، سیوان، چھپرہ، بھوجپور اور بکسر کے علاوہ کئی ضلعوں میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب نائیجیریا میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مکانات تباہ، مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    وسطی نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور کم از کم 115 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    بھارت: مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل، نظام زندگی درہم برہم

    سیلاب بدھ کی رات سے جمعرات کی صبح تک ہونے والی موسلادھار بارشوں کے سبب آیا، جس نے ریاست نائیجر کے کنارے واقع شہر موکوا اور آس پاس کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔

  • نائیجیریا میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 100 سے زائد ہلاک

    نائیجیریا میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 100 سے زائد ہلاک

    نائیجیریا میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، مکانات تباہ، مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور کم از کم 115 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    سیلاب بدھ کی رات سے جمعرات کی صبح تک ہونے والی موسلادھار بارشوں کے سبب آیا، جس نے ریاست نائیجر کے کنارے واقع شہر موکوا اور آس پاس کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔

    نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک 115 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں،مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے کیونکہ کافی افراد دریا کی نذر ہوچکے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق مرنے والوں کی کچھ لاشیں تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے نکالی گئیں، امدادی ٹیموں کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مقامی رہائشی بھی ملبے میں اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے نظر آئے جبکہ سیلابی پانی اب بھی کئی علاقوں میں موجود ہے۔

    اس سے قبل بھارت کے شہر ممبئی میں مون سون کے طوفانی اسپیل نے تباہی مچا دی، 107 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، قبل از وقت بارشوں سے ممبئی میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 135ملی میٹر کی برسات نے میٹرو لائن کا حشرنشر کردیا، بارش کا پانی میٹرو اسٹیشن میں بھی داخل ہوگیا جس کے باعث ٹرین سروس روک دی گئی، وزیراعظم مودی نے اس کا17 دن پہلے ہی افتتاح کیا تھا۔

    شدید بارشوں سے دیگر ریلوے ٹریک بھی تالاب بن گئے، سڑکوں پر سیلاب آگیا، شہریوں کی جان پر بن آئی، نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    ماحولیاتی تبدیلی سے 4 ارب لوگوں کیلیے شدید گرمی کا ایک مہینہ بڑھ گیا

    بھارت کے محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے، جس میں بادل چھائے رہنے، گرج چمک، بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئندہ 4 گھنٹوں میں ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، سندھو درگ، رتناگری، ستارا، کولہا پور اور ناسک میں شدید بارش متوقع ہے۔

  • تیز آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری

    تیز آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری

    اسلام آباد : پی ڈی ایم اے پنجاب نے آندھی اوربارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس میں ملک بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد اور نواحی علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش اور ٹھنڈی ہواوں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    لاہورمیں گلبرگ،مال روڈ، سمن آباد، اچھرہ اور دہگرعلاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، پسرور،ناروا ل اورگردونواح میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

    خیبرپختونخوا کے علاقوں ملاکنڈ اور لوئر دیر میں بھی بارش سے درجہ حرارت کم ہوگیا جبکہ ضلع مہمند کے مختلف علاقوں میں موسلا دھاربارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

    موسم کی خبریں

    محکمہ موسمیات نے آج سے بارہ مئی تک ملک بھرمیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی، مغربی لہر بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گی۔

    موسم کا حال بتانے والوں ملک کے وسطی، جنوبی حصوں میں بارش برسانے والی ہوائیں چلنےکی توقع ہے، جس کے باعث اسلام آباد، پشاورسمیت بیشترعلاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اج پارہ اڑتیس ڈگری سنٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

  • بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی

    بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی

    پشاور : خیبرپختونخوا میں میں آج شام سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی، یہ سلسلہ 20 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں میں آج شام سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی، بارشوں کا سلسلہ 20 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد ،ہری پور،ملاکنڈ،بونیر،باجوڑ، مہمند، وزیرستان، خیبر،اورکزئی اورکرم میں بارشوں کاسلسلہ 20 اپریل تک جاری رہے گا۔

    پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہیں۔

    بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردی ، جس میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کیلئے مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    مراسلے میں کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں سیاحوں،آبادی کو احتیاتی تدابیر اپنانے کے پیغامات پہنچائے جائیں اور سیاح سفر سے قبل پی ڈی ایم اےکی ہیلپ لائن پررابطہ کریں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بارشوں میں بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز سےدوررہیں، کسی بھی ناخوشگوارواقعےکی اطلاع فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

    دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقوں میں 18 اپریل تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔