لاڑکانہ : بلوچستان سے سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہونے کے باعث کاچھو کے درجنوں دیہات زیر آب آگئے اور سڑکیں ڈوب جانے سے متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے بارشوں کا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوگیا، سیلابی ریلے سے کاچھو کے درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔
متعدد رابطہ سڑکیں ڈوب جانے سے متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، علاقہ مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے ، بیشتر افراد نے کھیر تھر پہاڑی سلسلے میں پناہ لے لی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانی میں پھنسے لوگوں کے لئے ریسکیو آپریشن شروع نہ کیا جاسکا جبکہ سیلابی ریلے سے شہروں کو محفوظ رکھنے والے ایف پی بچاؤ بند کی حالت بھی خستہ ہے۔
مٹیاری، سجاول، دادو ، خیر پور اور عمرکوٹ میں بھی سیلابی صورتحال ہے، سیکڑوں دیہات زیر آب ہیں اور لوگ گھروں میں محصور جبکہ کچے مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔
مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں طغیانی سے کچے میں آباد کئی خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے اور لوگ کھلے آسمان تلے بےیارومددگار پڑے ہیں۔