Tag: بارشوں کا موسم

  • بارشوں کے موسم میں جلد کی حفاظت کیسے کریں؟

    بارشوں کے موسم میں جلد کی حفاظت کیسے کریں؟

    بارش میں نہانے کا خیال بہت سہانا ہوتا ہے، لیکن یاد رہے کہ بارشوں کے موسم میں ہوا میں نمی زیادہ ہوتی ہے اور یہ موسم بیکٹیریا کا باعث بنتا ہے، اس لیے جلد کا خیال اہم ہو جاتا ہے۔

    بارشوں کے موسم میں بلیک ہیڈز وغیرہ کا بھی زیادہ مسئلہ ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایکنی کی پریشانی بھی ان ہی دنوں میں زیادہ نظر آتی ہے۔

    مندرجہ ذیل طریقوں سے جلد کی حفاظت کی جا سکتی ہے:

    چہرے کی اسکربنگ:

    اس موسم میں جلد کی اچھی اور تفصیلی صفائی کی ضرورت پڑتی ہے، جیسا کہ کلینزنگ اور اسکربنگ وغیرہ، چناں چہ ہفتے میں ایک بار اگر اسکربنگ کی جائے تو چہرہ چمک اٹھے گا۔

    وٹامن سی سیرم:

    وٹامن سی جلد اور چہرے کی حفاظت اور خوب صورتی کے لیے بہت ضروری ہے، اس لیے وٹامن سی سپلیمنٹس کا استعمال اور چہرے کی دل کشی کے لیے وٹامن سی سیرم کا استعمال معمول بنا لیں۔ اس سے آپ کی جلد فریش اور تروتازہ ہو جائے گی۔

    سن بلاک:

    سن بلاک سورج کی خطرناک الٹرا وائلٹ شعاعوں کو آپ کی جلد تک پہنچنے سے روکتا ہے، اس لیے باہر نکلتے ہوئے اس کا استعمال ضرور کریں، یہ گھر میں بھی چولھے کی تپش سے بھی بچاتا ہے۔

    میک اپ کم سے کم:

    ایسے موسم میں میک اپ کا استعمال کم سے کم کریں، اگر آپ ہاؤس وائف ہیں تو کوشش کریں کہ میک اپ نہ کریں صرف گھر سے نکلتے ہوئے ہلکا پھلکا میک اپ کر لیں، ورکنگ وومن ہیں تو بھی بہت لائٹ میک اپ کریں، اور ہیوی بیس استعمال نہ کریں۔

    ہیوی بیس بنانے سے چہرے کے مسام بالکل بند ہو جاتے ہیں، ان تک ہوا نہیں پہنچ پاتی، اور اس طرح یہ ایکنی اور پمپلز کا سبب بنتی ہے۔

    الکحل فری ٹونر:

    آپ کے چہرے کی جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے اس پر الکحل فری اسکن ٹونر کا استعمال ضرور کریں، یہ جلد کے پی ایچ لیول کو برقرار رکھتا ہے، اور چہرے کو مناسب اور صحت مند نمی بخشتا ہے۔

    ملتانی مٹی کا ماسک:

    چہرے کی خوب صورتی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ چہرے کو اضافی تیل نکلنے سے بچایا جائے، یہ تیل چہرے پر مٹی، دھول اور گندگی کو چپکا دیتا ہے، جس کی وجہ سے ایکنی، پمپلز وغیرہ ہو جاتے ہیں، رنگت بھی ماند پڑ جاتی ہے۔ اس کے لیے چہرے پر ملتانی مٹی کا ماسک یا مڈ ماسک لگائیں۔

  • ترقی پذیر ممالک میں تیز بارش کیا غضب ڈھاتی ہے(تصاویر)

    ترقی پذیر ممالک میں تیز بارش کیا غضب ڈھاتی ہے(تصاویر)

    دنیا کے پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ کسی منصوبہ بندی کے بغیر آباد کاری اور تعمیرات ہیں جہاں ناگہانی آفات یا حادثات کی صورت میں بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہوتا ہے۔ اسی طرح شہری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی غفلت اور کوتاہیاں، منصوبہ بندی کا فقدان ان ممالک میں تیز اور مسلسل بارشوں کی صورت میں بھی بڑی تباہی کا باعث بنتا ہے۔

    پاکستان میں بارشوں کی وجہ سے کچّی آبادیاں اور چھوٹے شہر ہی نہیں‌ بلکہ کراچی جیسے شہر میں‌ بھی مختلف علاقے اور سڑکیں ڈوب چکی ہیں اور ابھی مزید بارش کی پیش گوئی ہے۔

    ہم جو تصاویر آپ کے سامنے پیش کررہے ہیں، ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہمارے پڑوسی اور خطّے کے دیگر ممالک میں مختلف برسوں کے دوران بارشوں نے لوگوں کو کن مشکلات سے دوچار کیا تھا۔

    انڈونیشیا میں برسات کا ایک منظر

     

    افغانستان کے شہر کابل میں سڑک پر پھنسی ہوئی کار

     

    طوفانی بارش کے بعد میانمار کی ایک شاہ راہ پر پریشان حال شہری

     

    بارش میں‌ ڈوبی ہوئی نیپال کی ایک سڑک

     

    فلپائن کے شہری اپنی موٹر گاڑیوں کے انجنوں کی آزمائش پر مجبور ہوگئے

     

    ممبئی کے باسی بارش کے پانی سے گزر رہے ہیں

     

    سری لنکا کی ایک کشادہ سڑک جو زیرِ آب آچکی ہے