Tag: بارشیں

  • آج رات سے بارشوں، تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

    آج رات سے بارشوں، تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے کے پی میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے مطابق بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں سےگرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، نیز سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے جانے والے سیاح ان دنوں میں دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    ڈی جی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے، اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے گرمی میں شدت میں کمی آ جائے گی۔

  • بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان

    بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے کے پی میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو ممکنہ طور پر ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات میں جمعے اور ہفتے کو بارش اور برف باری کا امکان ہے، بالائی خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں اور برف باری کے پیش نظر اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ بالائی علاقوں میں مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے، بارشوں اور برف باری سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، اس لیے سیاحوں کو موسمی صورت حال سے با خبر رکھا جائے، سیاح بھی دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • بارشیں ختم ہوگئیں مگر سندھ کے لوگ تاحال ڈوبے ہوئے ہیں،خرم شیر زمان

    بارشیں ختم ہوگئیں مگر سندھ کے لوگ تاحال ڈوبے ہوئے ہیں،خرم شیر زمان

    کراچی : تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ہم سندھ کے عوام کو روٹی کپڑا مکان خود بنانے کا اہل بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ بارشیں ختم ہوگئیں مگر سندھ کے لوگ تاحال ڈوبے ہوئے ہیں،سندھ حکومت کا ریلیف آپریشن کرونا کی طرح رات کو جاری ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بلاول نے دوروں میں لوگوں کی امداد کی بجائے بلدیاتی الیکشن کا چورن بیچا،فرزند زرداری اپنے والد کی داستان کرپشن بھی سندھ کے عوام کو بتائیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جس لیڈر کی ہر چیز جعلی ہو وہ دوسروں پر تنقید نہیں کرتے،فرزند زرداری بدین سے کھپرو تک جائیں، این ڈی ایم اے کے ٹینٹ اور نجی تنظیم کے دستر خوان نظر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کےعوام کوروٹی کپڑا مکان خود بنانے کا اہل بنائیں گے،سندھ کے باشعور عوام کو امداد کی بجائے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے،روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے،لوگوں کو سہولتیں ملیں گی۔

  • ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے فلڈز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انھیں چیئرمین این ڈی ایم اے، میٹرلوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، انھوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختون خواہ میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو مزید بہتر اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر حکمت عملی تشکیل دے سکیں۔

    میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ حالیہ مون سون کے نتیجے میں اس سال ملک کے اکثر حصوں اور خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں ماضی کی نسبت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، دریاؤں کی صورت حال کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس وقت تمام دریاؤں میں درمیانے درجے کا بہاؤ ہے۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے تمام ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کی بدولت پانی کی دستیابی کی صورت حال تسلی بخش رہے گی۔

    متعلقہ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ قوی امید ہے کہ مون سون کا دورانیہ وسط ستمبر تک رہے گا، تاہم مزید سیلابی صورت حال کے پیدا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔

  • کراچی اور اندرون سندھ میں بارشیں، آج بھی دو ٹرینیں منسوخ

    کراچی اور اندرون سندھ میں بارشیں، آج بھی دو ٹرینیں منسوخ

    کراچی: شہر قائد اور اندرون سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کی وجہ سے 3 ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اور اندرون سندھ میں بارشوں کے باعث 2 ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں۔ڈی سی او ریلوے نے بتایا کہ
    لاہور سے کراچی جانے والی قراقرام ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس منسوخ کی گئیں۔

    ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے کا کہنا ہے کہ منسوخ ٹرینوں کے مسافروں کو دیگر گاڑیوں میں ایڈجسٹ کیا جائےگا،جو مسافر نہ جانا چاہیں انہیں رقم واپس کی جائے گی۔

    سندھ میں حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے 3 ٹرینیں منسوخ

    اس سے قبل گزشتہ روز شہر قائد اور اندرون سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کی وجہ سے 3 ٹرینیں منسوخ کی گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی سے حیدرآباد کے درمیان ٹریک کا کچھ حصہ بارش کے پانی میں بہہ گیا تھا ٹریک متاثر ہونے سے اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس بلاک کر کے ٹرین آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔

    عوامی ایکسپریس کو کراچی سے جانے سے روک دیا گیا تھا اور فرید ایکسپریس کو بولہاری کے مقام پر روک دیا گیا تھا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈوب کر 10 افراد جاں بحق

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈوب کر 10 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ڈوب کر 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں کے بعد مختلف واقعات میں دس شہریوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں سڑک پر گڑھے سے ڈوبی ہوئی لاش نکالی گئی، کورنگی کراسنگ اور ہاکس بے میں بھی ڈوب کر 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    کراچی کے علاقے تیموریہ میں نالے سے ڈوبی ہوئی لاش نکالی گئی، پنجاب چورنگی کے قریب انڈر پاس میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، پولو گراؤنڈ کے قریب سے ڈوبی ہوئی 14 سالہ لڑکے کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، گلشن اقبال مدینہ بلیسنگ، رفیق شہید روڈ کے قریب سے 2 لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔

    منظور کالونی میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش نکال لی گئی، جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    ادھر قیوم آباد میں موٹر سائیکل سوار شہری کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔

    یاد رہے کہ کل رات 9 بجے کراچی کے علاقے تھانہ سچل تھانے کی حدود میں 3 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے تھے جن کی تلاش تاحال جاری ہے، ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدو زئی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈوبنے والے افراد میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں، علاقے کا ایک شخص ڈوبنے والے باپ بیٹے کو بچانے گیا تو وہ بھی ڈوب گیا تھا۔

  • پوری امید ہے وزیر اعظم سندھ حکومت کی مدد کریں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    پوری امید ہے وزیر اعظم سندھ حکومت کی مدد کریں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انھیں پوری امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس مشکل وقت میں سندھ حکومت کی مدد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد آج کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں کام کرانے کے لیے وفاقی حکومت کی مدد لینا ہوگی، پوری امید ہے وزیر اعظم عمران خان سندھ حکومت کی مدد کریں گے۔

    انھوں نے کہا ’امید کرتے ہیں جیسے 2010 کے فلڈ میں مدد کی گئی تھی وفاق پھر ویسی مدد کرے گا، سندھ میں بارشوں سے نقصانات نیشنل ڈیزاسٹر ہے، کراچی میں نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں، پھر وفاق سے مدد کی درخواست کریں گے، وفاقی حکومت جب مددکی بات کرتی ہے تو اس پر ویسے ہی عمل کرے جیسے آصف زرداری کرتے تھے۔‘

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ تمام کمشنرز کو صورت حال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر کے وزیر اعظم کو فراہم کی جائے گی، انھوں نے بھی کہا ہے کہ وفاق بھرپور مدد کرے گا۔

    وزیراعظم کا آئندہ چند روز میں کراچی جا کر خود حالات کا جائزہ لینے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے، اکثر یہ سنتا ہوں کہ حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی، انتظامیہ کے لوگ گراؤنڈ پر تو موجود ہیں، اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا، ریسکیو کے کاموں میں آرمی اور نیوی نے ہماری بھرپور مدد کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا چیئرمین این ڈی ایم اے سے کل بات ہوئی انھوں نے ٹینٹس کی فراہمی کا کہا، میں نے انھیں بتایا کہ کراچی میں ٹینٹس کام نہیں آتیں، ہمارے پاس پوری فہرست ہے متاثرین کو مختلف اسکولوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا نالوں پر انکروچمنٹ جیسے مسائل کو حل کرنا ہے، سڑکوں کا بھی مسئلہ ہے، اوپر سے روڈ اچھی نظر آتی ہیں لیکن اندر کھوکھلے ہوتے ہیں، یاد ہے ناظم آباد کی سڑکیں چوڑی ہوتی تھیں آج تنگ ہیں، کراچی کی سڑکیں بہتر کریں گے، کچرے سے متعلق مسائل حل کریں گے، کراچی شہر کو اندر سے کھوکھلا کر دیا گیا ہے، نالوں سے انکروچمنٹ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • بارشوں سے ٹرینوں کا شیڈول متاثر، مسافر پریشان

    بارشوں سے ٹرینوں کا شیڈول متاثر، مسافر پریشان

    لاہور: ملک بھر میں شدید بارشوں کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، مختلف ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث ریلوے سسٹم پر مسافر ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    کراچی اور کوئٹہ آنے والی ٹرینیں 1 سے 13 گھنٹے،کراچی سے آنے والی شالیمار ایکسپریس 13 گھنٹے،علامہ اقبال ایکسپریس اور ملت ایکسپریس 12،12  گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق کراچی ایکسپریس اور تیزگام ایکسپریس 11 گھنٹے،گرین لائن ایکسپریس 10 گھنٹے ،عوام ایکسپریس 8 گھنٹے،رحمان بابا ،سرسید اور فرید ایکسپریس بھی 8،8گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں‌۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ شاہ حسین ایکسپریس7 گھنٹے،پاکستان ،خیبر میل ایکسپریس 6،6 گھنٹے اور کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس ایک گھنٹہ 40 منٹ  تاخیر کا شکار ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

  • کراچی میں بارشوں سے تباہی کا حال ”ففٹی ففٹی” کی پرانی ویڈیو وائرل

    کراچی میں بارشوں سے تباہی کا حال ”ففٹی ففٹی” کی پرانی ویڈیو وائرل

    کراچی: شہر قائد میں بارشوں سے ہونے والی تباہی کا حال آج سے تیس سال پہلے پی ٹی وی کے پروگرام ”ففٹی ففٹی” میں بتا دیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن صوبائی دارالحکومت کراچی میں حکومت کی بے حسی اور بد انتظامی کے باعث بارش نے تباہی مچا دی ہے،بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، نظام زندگی مفلوج ہونے سے لوگ مسائل سے دوچار ہیں۔

    کیا کراچی میں تیس سال پہلے بھی بارشوں کے بعد یہی حال ہوتا تھا؟ پی ٹی وی کے مقبول ترین پروگرام ”ففٹی ففٹی” کی مزاحیہ خبروں میں بھی کراچی کا احوال کچھ اسی طرح پیش کیا گیا تھا۔

    1980 کی دہائی میں پاکستان کے قومی چینل پی ٹی وی سے پیش کیے جانے والا مزاحیہ پروگرام ففٹی ففٹی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں شوق سے دیکھا جاتا تھا اور اس کے پسند کرنے والوں میں صرف عوام ہی نہیں بلکہ اس وقت کے حکمران بھی اسے شوق سے دیکھتے تھے۔

    مزاحیہ پروگرام ففٹی ففٹی میں نامور اداکار ماجد جہانگیر،اسماعیل تارا،زیبا شہناز،اشرف خان،لطیف کپاڈیا اور اس وقت کے دیگر سینئر اداکاروں نے اس پروگرام میں اپنے فن سے لوگوں کو خوب محظوظ کیا۔

    کراچی میں مون سون بارشوں کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    واضح رہے کہ شہر قائد میں اگست کے مہینے کے دوران مون سون بارشوں کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگست کے مہینے میں مون سون بارشوں کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل فیصل بیس میں سب سے زیادہ بارش 1984 میں 298.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ اگست میں اب تک فیصل بیس میں 345 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • کراچی کے لیے بڑی خوش خبری، حب ڈیم میں ڈیڑھ سال کا پانی ذخیرہ

    کراچی کے لیے بڑی خوش خبری، حب ڈیم میں ڈیڑھ سال کا پانی ذخیرہ

    کراچی: شہر قائد کے باسیوں کے لیے قدرت کی جانب سے خوش خبری ہے کہ حب ڈیم میں آئندہ ڈیڑھ سال تک کے لیے پانی ذخیرہ ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حالیہ بارشوں میں حب ڈیم میں 20 ماہ کا پانی کا ذخیرہ ہو گیا ہے، اس سلسلے میں ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح 328 فٹ تک بلند ہو گئی ہے، جب کہ ڈیم میں مزید پانی کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق ڈیم میں پانی ذخیرہ ہونے سے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

    ذرایع واٹر بورڈ نے بتایا کہ حب ڈیم کا اسپل وے کھلنے میں 11 فٹ پانی کی کمی رہ گئی ہے، شام تک اسپل وے بھرنے کے بعد 10 کروڑ گیلن پانی حاصل کیا جا سکے گا۔

    گزشتہ دنوں میں پانی کی بلند ہوتی ہوئی سطح

    پانی کی فراہم سے متعلق واٹر بورڈ کا مؤقف ہے کہ ڈیم میں پانی کی آمد کے دوران مکمل فراہمئ آب تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہے، ڈیم میں پانی کی آمد بند ہونے پر 100 ایم جی ڈی یومیہ فراہمی شروع ہو سکے گی۔

    دادو میں سیلاب کی تباہی، وزیر اعلیٰ ضلعی انتظامیہ پر برہم ہو گئے

    واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران کراچی میں مون سون کا چوتھا اسپیل شہریوں کے لیے امتحان بن گیا ہے، بارش کے بعد ملیر ندی میں طغیانی آ گئی، کورنگی کاز وے سے پانی کا بڑا ریلہ گزرنا شروع ہوا جس کے باعث کاز وے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، تین روز میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 5 بچوں سمیت 21 افراد جان سے گئے۔

    اندرون سندھ میں بھی موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچائی، ضلع دادو میں 50 سے زائد دیہات زیر آب آئے، جس سے ہزاروں لوگ سیلابی پانی میں محصور ہیں، ریسکیو ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔