Tag: بارشیں

  • میئر کے ساتھ کراچی کی صورت حال بہتر کرنے کی کوشش کریں گے: علی زیدی

    میئر کے ساتھ کراچی کی صورت حال بہتر کرنے کی کوشش کریں گے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر کے شانہ بشانہ کراچی کی صورت حال بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے مون سون کی بارشوں کے بعد کراچی کی بگڑی حالت سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارش ہوئی مگر 38 برساتی نالے بند تھے، میئر کراچی سے مل کر حالات ٹھیک کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ قیوم آباد، یونی ورسٹی روڈ، اورنگی ٹاؤن اور سولجر بازار میں سیلاب آیا ہوا ہے، کراچی اس ملک کی شہ رگ ہے، یہ چلے گا تو ملک چلے گا، اس لیے کراچی کو بے یار و مدد گار نہیں چھوڑا جا سکتا۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ میئر کراچی 3 سال سے صوبائی حکومت سے وسائل مانگ رہے ہیں، پانی، سیورج اور گلیوں کی صفائی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، سندھ کی حکومت ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  میئر کراچی وسیم اختر کا کراچی کی صورت حال پر علی زیدی کو خط

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، سندھ حکومت کی غفلت کی وجہ سے کراچی کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، نالے بند ہیں، کچرا سمندر میں جاتا ہے، ساڑھے 5 سو ملین گیلن گٹر کا پانی روزانہ سمندر میں پھینکا جاتا ہے اور سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 11 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، میئر کراچی کا بول بول کر گلہ خشک ہو گیا وسائل دیں، محمود آباد میں بھی ہم اپنی مدد آپ کے تحت کچرا اٹھواتے تھے، بارش کی تباہی سے پورا کراچی متاثر ہوا ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد ساری ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، صرف گھومنے سے گٹر صاف نہیں ہوتے، پہلے سے پلان کرنا ہوتا ہے۔

  • مزید بارش ہوئی تو سنبھالنا ناممکن ہو جائے گا، میئر کراچی کی مدد کے لیے وفاق سے اپیل

    مزید بارش ہوئی تو سنبھالنا ناممکن ہو جائے گا، میئر کراچی کی مدد کے لیے وفاق سے اپیل

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے وفاق سے مدد مانگ لی، کہا ہے شہر قائد میں مزید بارش ہوئی تو ہمارے لیے سنبھالنا نا ممکن ہو جائے گا، وفاقی حکومت ہماری مدد کو آگے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے بحری امور کے وزیر علی زیدی کو خط لکھ کر اپنی پریشانیوں کا اظہار کیا اور وفاق سے بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مدد طلب کی۔

    وسیم اختر نے وفاقی وزیر کو خط میں لکھا کہ جو ادارے شہری حکومت کے پاس ہونے چاہیے تھے وہ سندھ حکومت کے پاس ہیں۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ایک طرف ادارے شہری حکومت کے پاس نہیں ہیں، دوسری طرف سندھ حکومت بری طرح نا کام ہو گئی ہے، سندھ حکومت خود کام کر رہی ہے اور نہ ہمیں کرنے دے رہی ہے۔

    انھوں نے خط میں اپیل کی کہ وفاقی حکومت آگے آئے اور کراچی کی شہری حکومت کی مدد کرے، بارش مزید ہوئی تو ہمارے لہے سنبھالنا نا ممکن ہو جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اختیارات کی جنگ نے کراچی کو ڈبو دیا، بجلی 12 سے 15 گھنٹے سے غائب

    میئر کراچی وسیم اختر نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ ہماری مدد کو آگے آئیں۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی ایمرجنسی کی صورت حال میں ہے، مشنری دی جائے تاکہ لوگوں کو ریسکیو کیا جا سکے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں اختیارات کے تنازع کے باعث عوام کے لیے مسائل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اداروں کا اختیار نہیں، جب کہ سندھ حکومت کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی۔

    دوسری طرف سندھ لوکل باڈی ایکٹ کے تحت اختیارات کی اس جنگ نے کراچی کو بارش کے پانی میں ڈبو دیا ہے، صوبائی وزرا اور بلدیاتی نمایندے نمایشی دوروں پر نکلتے ہیں، کچھ کرتے نہیں، حکومتی مشینری غائب ہے، پانی کھینچنے والے پائپ بھی ناکارہ ہو گئے، شہر کی اہم شاہ راہوں سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ بھی غائب ہے۔

  • کراچی میں بارش: شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی

    کراچی میں بارش: شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی

    کراچی: شہر قائد میں دو دن سے موسلا دھار بارش برسنے کے بعد شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کل سے کراچی میں مون سون کی پہلی بارشوں نے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا کر دی ہے، دوسری طرف شہری اور صوبائی حکومت ایک دوسرے پر الزامات کے سوا کچھ نہیں کر رہی۔

    تھدو ڈیم اوور فلو ہو گیا ہے، سیلابی ریلہ سپر ہائی وے ایم نائن تک جا پہنچا ہے، ہائی وے کا ایک ٹریک بند ہو چکا، ملحقہ علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، ادھر پانی منگھوپیر کے گوٹھوں میں بھی داخل ہو چکا ہے، رسول بخش گوٹھ کے سو سے زاید مکین پھنس گئے ہیں، جنھیں محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔

    دوسری طرف کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں۔

    طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بھر گئے اور پانی آبادیوں میں داخل ہو رہا ہے۔ ملیر ندی بھی اوور فلو ہوگئی ہے اور ملیر ندی کا پانی کورنگی کازوے پر آگیا۔

    پانی آجانے کی وجہ سے کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے، شہر کو ملانے والی اہم شاہراہ پانی میں ڈوب جانے سے راستہ منقطع ہوگیا ہے۔

    لٹھ ڈیم سے بھی سیلابی ریلا آبادی کی طرف بڑھنے لگا، پاک فوج کے جوان لوگوں کو نکالنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔

    شہر کے وسط میں بھی پاک فوج کی 4 ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، پاک فوج کی ٹیمیں سپر ہائی وے، لانڈھی، کورنگی اور صدر میں ریسکیو میں مصروف ہیں۔

  • بھارت کی آبی دہشت گردی جاری، ایک بار پھر اضافی پانی چھوڑ دیا

    بھارت کی آبی دہشت گردی جاری، ایک بار پھر اضافی پانی چھوڑ دیا

    لاہور: بھارت اپنی آبی دہشت گردی سے باز نہیں آیا، ایک بار پھر اضافی پانی چھوڑ دیا جس کے باعث نالہ ڈیک میں طغیانی آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریاؤں میں اضافی پانی چھوڑے جانے سے نالہ ڈیک میں طغیانی آ گئی ہے، 24 گھنٹے میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے۔

    دریائے چناب، نالہ پلکھو اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    ادھر وزیر آباد کے قریب دھونکل مائنر کا بند ٹوٹنے سے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے، دریاؤں میں کہیں اونچے کہیں درمیانے درجے کا سیلاب آ گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    خیال رہے کہ ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے تباہی جاری ہے، مختلف واقعات میں مزید 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ملک بھر میں مزید بارشوں کے نظر سیلابوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    کشمیر، خیبر پختون خوا، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں مزید سیلابوں کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہوا ہے، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

  • خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں تباہ کاریوں کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بونیر اور مانسہرہ میں ایک ایک اور شانگلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں 5 سالہ بچہ برساتی نالے میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسلا دھار بارش کے باعث مختلف واقعات میں 18 افراد بھی زخمی ہوئے جن میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 5 مکانات اور ایک اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 2 مکان اور دو اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چترال میں بھی تیز بارش اور سیلابی صورت حال سے نقصانات کا اندیشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ، شیشیکوہ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

  • نکاسی آب کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے، عثمان بزدار

    نکاسی آب کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نکاسی آب ہونے تک افسران فیلڈز میں موجود رہیں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے حکام اقدامات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پانی کی جلد نکاسی کے لیے وضع ایس او پیز پر عمل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نکاسی آب ہونے تک افسران فیلڈز میں موجود رہیں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے حکام مؤثر اقدامات کریں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح اسلام آباد میں 30 ڈگری، لاہور میں 29، کراچی میں 30، کوئٹہ، گلگت اور مظفرآباد میں 21 اور مری میں 18 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے تین روز تک مزید بارش کا امکان ہے۔

  • کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مشرق سے ہوا 18 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ مون سون بارش کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، ڈی جی خان ڈویژن اورکشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارشوں سے فیصل آباد، راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔

    واضح رہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔

  • اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش برسی، ادھر مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور طوفان آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف ملک میں بجٹ کا شور برپا ہے، دوسری طرف کئی علاقوں میں موسلا دار بارشیں اور آندھیاں شروع ہو گئی ہیں۔

    ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن کے بیش تر علاقوں میں شدید آندھی اور طوفان آیا، ٹرپنگ فالٹ اور سیفٹی کے پیش نظر 130 سے زائد فیڈرز کو بجلی سپلائی روک دی گئی ہے۔

    پنڈوریاں، جاپان روڈ، خیابان سرسید، چکلالہ، فقیر آباد، پیر ودھائی کو بجلی متاثر ہو گئی ہے، ترجمان آئیسکو نے کہا کہ عملہ طوفان رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دے گا۔

    ادھر مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور طوفان آیا، وادیٔ کاغان اور ناران میں ژالہ باری اور بارش ہوئی۔

    چلاس میں دیامر کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے،جب کہ ہلکی ہلکی برف باری بھی ہو رہی ہے، دیامر میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا۔

    شاہراہ قراقرم اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رو نما ہوئے، تودے گرنے کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے، شاہراہ قراقرم مرتضیٰ آباد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے جزوی بلاک ہو گئی ہے۔

    چلاس میں بٹو گاہ اور تھک پاور ہاؤسز کی بندش سے کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔

  • پنجاب حکومت بارشوں سے متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرے گی

    پنجاب حکومت بارشوں سے متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرے گی

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون برائے مذہبی امورسید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں و ژالہ باری سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا سروے کیا جارہاہے اوراس ضمن میں حکومت نے بورڈ آف ریونیو اورپی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔،

    تفصیلات کے مطابق کاشت کاروں سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سروے کی رپورٹ آنے کے بعد کسانوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے اور کاشتکاروں کے نقصانات کے ازالے کےلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

    کاشتکاروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کسان کے مفاد کونقصان نہیں پہنچنے دے گی،حکومت کاشتکاروں کےساتھ مکمل ہمدردی رکھتی ہے اور مشکل وقت میں کاشتکاروں کےساتھ کھڑے ہیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو ان کی محنت کاپورا معاوضہ ملے گا۔ خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں سے گندم کا دانہ دانہ خیدا جائے گا۔گندم خریداری کیلئے رواں سال سے 130 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاشتکار کی سہولت کیلئے گندم خریداری کا ٹارگٹ بڑھانا پڑا تو بڑھائیں گے۔ نئے پاکستان میں ں کاشتکار سر اٹھا کر جئے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گندم خریداری مہم کےلئے بھی بہترین انتظامات کیے ہیں اورپنجاب حکومت کے ان اقدامات سے کاشتکارکے مفادات کوتحفظ ملے گا۔

  • جڑواں شہروں میں تیز آندھی، بارش سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص جاں بحق، پروازیں منسوخ

    جڑواں شہروں میں تیز آندھی، بارش سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص جاں بحق، پروازیں منسوخ

    اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں آندھی، طوفان اور تیز بارش سے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، اسلام آباد میں درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جس سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا، پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

    اسلام آباد میں آندھی کی وجہ سے آئی جی کی ہدایت پر پولیس کی امدادی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ٹیمیں مختلف مقامات پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں، راولپنڈی میں آندھی اور بارش کے پیش نظر پولیس، واسا اور ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا۔

    آندھی، طوفان اور تیز بارش سے اسلام آباد میں درخت سڑکوں پر گر گئے جس کی وجہ سے آبپارہ، آئی 8، جی 8 اور سرینا کے قریب سڑکیں بلاک ہو گئیں، راول جھیل کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے ضلع بھر میں پولیس کی امدادی ٹیمیں متحرک کر دیں، اسلام آباد پولیس ضلع بھر میں مختلف جگہوں پر امدادی کاموں میں مصروف ہے۔

    دوسری طرف خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول مثاثر ہو گیا ہے، پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کی 8 پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔

    تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے کی اسلام آباد سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 653، پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 309، اور ابوظبی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 231 شامل ہیں۔

    جب کہ منسوخ ہونے والی پروزاوں میں نجی ایئر لائن کی اسلام آباد تا کراچی دو طرفہ پروازیں پی اے 204 اور 205، نجی ایئر لائن کی اسلام آباد تا جدہ کی دو طرفہ پروازیں ایس وی 887 اور 886، اور دبئی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 211 شامل ہیں۔

    ادھر ترجمان آئیسکو نے کہا ہے کہ آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں شدید بارش اور طوفان کے باعث بجلی فراہم کرنے والے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، درخت، سائن بورڈز گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

    آئیسکو کا کہنا ہے کہ ان کا عملہ الرٹ ہے، بارش رکنے پر بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

    یہاں مانسہرہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، آندھی سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، درخت اور سائن بورڈز گر گئے، گندم کی فصل بھی تباہ ہو گئی، جب کہ گھروں کی چھتیں اڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ طوفانی بارش کے باعث شہر سمیت مختلف مقامات پر بجلی معطل ہو گئی ہے۔