Tag: بارش اور برفباری

  • ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے جبکہ مختلف مقامات پر 35 گھر تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش اور برفباری سے نقصانات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کردی۔ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 35 گھر تباہ ہوئے، 72 گھنٹے میں صرف بلوچستان میں 20 اموات اور 23 افراد زخمی ہوئے۔ خیبر پختونخواہ میں 3 افراد زخمی اور 5 گھر تباہ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 55 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔ سورنگن گاؤں میں 19 افراد برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے 10 افراد تاحال لا پتہ ہیں جبکہ 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ برف میں پھنسے افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ آزاد کشمیر میں برفباری سے 30 گھر بھی تباہ ہوئے۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کوئٹہ سے خانوزئی جانے والے 300 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، چاغی اور مند میں پھنسے لوگوں کو 2 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ چکوٹی کے مقام پر 49.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، موسم خوشگوار

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، موسم خوشگوار

    لاہور / کوئٹہ / فیصل آباد : ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری نے موسم بہار کا حسن دوبالا کردیا. پہاڑوں پر برفباری، مختلف شہروں میں ہلکی اور کہیں تیز برستی برکھا ٹھنڈی ہواؤں نے بہار کے حسن کو مزید نکھار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش اور برفباری نے موسم کا لطف دوبالا کردیا،مری میں آسمان سے برستے روئی کے نرم گالوں نے وادی کو حسین اور نظاروں کو خواب ناک بنا دیا ہے۔

    دلکش موسم سیاحوں کے من کو گدگدانے لگا ہے۔ کوئٹہ اورچمن میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے اور موسم بہار کو مہکا دیا، لاہورمیں بادل پہلے گرجےاور پھر خوب برسے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

    اسلام آباد اورفیصل آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جھنگ ،پنڈی بھٹیاں،شیخوپورہ، قصور، مرید کے میں بوندوں نے موسم سہانا کردیا۔

    موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب میں تو بارش ہوگی لیکن سندھ اوربلوچستان میں موسم خشک رہے گا۔

  • بلوچستان میں بارش اور برفباری، موسم مزید سرد ہوگیا

    بلوچستان میں بارش اور برفباری، موسم مزید سرد ہوگیا

    کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا، بارش کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا، نالے مین گاڑی گرنے سے ایک شخص صوبائی حکومت نے شہریوں کو غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان، مری اورکشمیر کے پہاڑی علاقوں پر برفباری جاری ہے، بلوچستان میں بادل ٹوٹ کر برسنے لگے۔ کوئٹہ میں موسلادھار بارش پانچ گھنٹے سے جاری ہے۔ چمن میں برستے بادل بھی رکنے کو تیار نہیں، سات گھنٹے سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔

    ژوب ،قلات ،نوشکی اور چاغی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ژوب، قلات نوشکی اور چاغی میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ چمن میں موسلادھار بارش رکنے پر تیار نہیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    برساتی نالے میں گاڑٰی بہہ جانے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، خوجک ٹاپ ،خواجہ عمران اور توبہ اچکزئی میں بارش کے بعد برفباری پھر سے شروع ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، کشمیر، گلگت میں بارش کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ سمیت پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    کوئٹہ : آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آئندہ 24 گھنٹے میں بلوچستان کے اکثرمقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف شہروں کوئٹہ ،ژوب اور قلات میں پہاڑوں پربرفباری ہو گی جبکہ منگل اوربدھ کو سندھ میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گلگت اور فاٹا میں بھی بیشتر مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    بدھ اور جمعرات کو کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثرمقامات پربارش کا امکان ہے۔

    فاٹا، خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، سرگودھا میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔