Tag: بارش سے تباہی

  • کراچی میں بارش سے تباہی، ‘ہمیں حالات سے سبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے’

    کراچی میں بارش سے تباہی، ‘ہمیں حالات سے سبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے’

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کراچی میں بارش سے تباہی پر کہا کہ ہمیں حالات سے سبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ یہ ہے آج بارش ختم ہوتی ہے چنددنوں میں حالات معمول پرآجاتے ہیں ، ہم سب کچھ بھول کر زندگی گزارنا شروع کر دیں گے، اگلے سال پھر بارشیں ہوں گی،معمولات زندگی میں تعطل آئےگا ، پھرشوراٹھے گا، ہمیں حالات سےسبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے۔

    یاد رہے وفاقی وزیرفوادچوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی بارشوں نےمضبوط مقامی حکومتوں کےنظام کی اہمیت کو اجاگر کیا ، 22کروڑ کی آبادی کے ملک کو1935 کے نظام کے تحت نہیں چلایا جا سکتا، ایک اہل آرگنائزیشنل نیٹ ورک ہونا چاہئے جو مقامی ضرورتوں کو سمجھتا ہو۔

    انھوں نے کہا تھا کہ روایتی انتظامیہ،وزرائےاعلیٰ اوسط درجےکےہوں انتظامی امورنہیں چلا سکتے، آج شہری سہولتیں نہیں، پولیس نظام تباہ ، تعلیم وصحت تسلی بخش نہیں ، صوبائی حکومتوں کی نااہلی پر سیاسی جماعتوں کوسوچنے کی ضرورت ہے۔

  • بارش سے تباہی ،وزیراعظم کا کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کے حوالے سے بڑا اعلان

    بارش سے تباہی ،وزیراعظم کا کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کے حوالے سے بڑا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بارش سےکراچی کےعوام کو درپیش تکالیف کااحساس ہے، وفاقی اورصوبائی حکومت مل کرکراچی کے 3بڑے مسائل کے حل پرکام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کوبارش سےکراچی کےعوام درپیش تکالیف کااحساس ہے، وفاقی اورصوبائی حکومت مل کرکراچی کے3بڑےمسائل کےحل پرکام کریں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں ایک مثبت پیش رفت سامنےآئی ہے، نالوں کی صفائی کے ساتھ تجاوزات کو مکمل ہٹایا جارہا ہے، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ نکاسی آب کا بھی مستقل حل نکالیں گے جبکہ کراچی کےعوام کوپینے کے پانی کی فراہمی کےاہم مسئلے کا حل نکالیں گے۔

    گذشتہ روز قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ کراچی میں تباہی، درپیش مسائل کےحل میں وفاق ہرممکن تعاون کرے گا، تمام وفاقی اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، ریلیف سرگرمیوں میں صوبائی حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کریں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے طویل المدتی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے، آئندہ چند روز میں کراچی جا کر خود حالات کا جائزہ لیں گے۔

  • راولپنڈی میں بارش سے تباہی، نقل مکانی شروع

    راولپنڈی میں بارش سے تباہی، نقل مکانی شروع

    راولپنڈی: اسلام آباد میں گذشتہ اٹھارہ گھنٹے سے جاری بارش نے تباہی مچا دی ہے اور لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

    راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح17 فٹ بلند ہوگئی۔ سیلابی صورتحال سےنمٹنےکیلئےفوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    راولپنڈی اسلام آباد اور گرد ونواح میں شدید بارش نے تباہی پھیلا دی ، کہیں سڑکیں بہ گئیں تو کہیں چھتیں گر گئیں، پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت بھی ٹپکنے لگی اور بے نظیر ایئرپورٹ پر بھی پانی سے جل تھل ایک ہونے لگا ۔

    نالہ لئی گوالمنڈی میں پانی کی سطح اٹھارہ فٹ تک پہنچنے کے بعد خطرے کی گھنٹیاں بجا دی گئیں، سڑکیں ندی نالوں کے مناظر پیش کر رہی ہیں، دیہات میں کچے مکانات اور چھتیں گرنے سے کئی افراد کے جاں بحق ہونےکی اطلاعات بھی ملی ہیں، نشیبی علاقوں سے عوام نے نقل مکانی شروع کردی ۔

    اسلام آباد کے سیکٹر آئی فورٹین کی مرکزی شاہراہ کا ایک حصہ بارش کے پانی سے بہہ گیا، راولپنڈی میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

     محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دو سو بارہ اور راولپنڈی میں دو سو پچپن ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔