کراچی میں دوسرے روز بھی بارش جم کر برسی جس کے بعد کے الیکٹرک کے 2200 میں سے 1400فیڈرز بند ہوگئے، متعدد علاقوں میں 24 گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں حالیہ بارش کے بعد بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کرگیا، منگل کو ہونے والی بارش کے بعد سے شہر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے۔
نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور گلستانِ جوہر بلاک 9 میں 34 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی بند جبکہ نانک واڑہ، یوسف گوٹھ، رامسوامی میں 22گھنٹے سے بجلی تعطل کا شکار ہے۔
اس کے علاوہ سعودآباد، خدا کی بستی،ابراہیم حیدری، شانتی نگر، اسٹیڈیم روڈ پر 28 گھنٹے سے اور کیماڑی، اعظم بستی اور دیگرعلاقوں میں بھی بجلی بند ہونے سے عوام شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ بجلی کی طویل بندش پر شہریوں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا اور وہ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔
مختلف علاقوں میں علاقہ مکینوں نے احتجاجاً سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی۔ کے الیکٹرک صارفین کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے بیشتر علاقے 36 گھنٹے سے بجلی سے محروم ہیں، گھروں میں پانی تک نہیں ہے، بچوں اور بزرگوں کو شدید اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔