Tag: بارش

  • کیا آج بارش ہوگی؟

    کیا آج بارش ہوگی؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل موسمیات کی جانب سے 7 اور 8 جولائی کو بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، جب کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جا رہی ہے، ہوا شمال مغرب کی سمت سے چل رہی ہے، اور نمی کا تناسب 77 فی صد ہے۔

  • کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، رین ایمرجنسی نافذ

    کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، رین ایمرجنسی نافذ

    کراچی:  شہر قائد آج سے 9 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

     کراچی کا موسم آج جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کہیں گرج چمک اور کہیں آندھی کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ 9 جولائی تک جاری رہے گا، کراچی میں گزشتہ شام گڈاپ ٹاون، سپرہائی وے، نوری آباد،کاٹھور اور گلستان جوہر سمیت کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

    شہر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

  • لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی، آج بھی بارش کا امکان

    لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی، آج بھی بارش کا امکان

    لاہور: پنجاب میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، تاہم آج  بھی لاہور میں بارش کا امکان ہے۔

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بدھ کی علی الصبح سے ہونے والی ریکارڈ موسلا دھار بارش نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لکشمی چوک پر سب سے زیادہ 236 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    بارش کے بعد پورا شہر بارش کے پانی میں دوب گیا، 200 سے زائد ملی لیٹر ہونے والی بارش نے ہر طرف تباہی مچائی ہوئی ہے، تاہم اس تباہی کے بعد مین شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیا۔

    شہر کے اکثر نشیبی علاقوں میں پانی اب بھی موجود ہے جس سے  رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس بارش میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 7 افراد جان سے گئے جس میں ایک 11 سالہ بچہ بھی شامل ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے  آج بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بارش کا یہ سلسلہ پرسوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • پری مون سون کا سلسلہ شروع، کراچی میں رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

    پری مون سون کا سلسلہ شروع، کراچی میں رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

    پری مون سون بارشوں کا سلسلہ سندھ تک پھیل گیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے  مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں درمیانے درجے کی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، رات گئے  ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کے ڈی اے چورنگی میں بارش ہوئی۔

    گلستان جوہر، بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، صدر، گلشن اقبال اور ملیر سمیت کراچی کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    اس کے علاوہ سندھ کے مختلف شہر حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، میرپورخاص، بدین، گولاڑچی اور ٹنڈوباگو میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔

  • بیپر جوائے سندھ کے مختلف علاقوں میں جاتے جاتے بارش برسا گیا

    بیپر جوائے سندھ کے مختلف علاقوں میں جاتے جاتے بارش برسا گیا

    بیپر جوائے سندھ کے مختلف علاقوں میں جاتے جاتے بارش برسا گیا، محکمہ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ بھر میں بارشوں کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

     تھرپارکر کی ساحلی پٹی سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے مٹھی سول اسپتال کے اطراف بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

     ٹھٹہ بدین، سجاول اور کیٹی بندر میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، سندھ کے ماہی گیروں کو آج بھی سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اب تک سب سے زیادہ بارش سب سےزیادہ ننگر پارکر میں 269 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیپلو میں 175 ملی میٹر ، بدین میں 24.2، مٹھی میں 196 اور اسلام کورٹ میں 143 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق کالائی میں 80، چھا چھرو میں 44، چھور میں 28.5 ڈالہی میں 25، حیدر آباد سٹی میں 10، ٹھٹھہ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سب سےکم حیدرآباد ایئرپورٹ پر4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • طوفان بیپر جوائے: بھارت کی 9 ریاستوں میں ہائی الرٹ، گجرات میں بارش کا سلسلہ شروع

    طوفان بیپر جوائے: بھارت کی 9 ریاستوں میں ہائی الرٹ، گجرات میں بارش کا سلسلہ شروع

    گجرات: بھارت میں بھی طوفان بیپر جوائے کی شدت برقرار ہے، آئی ایم ڈی نے 9 ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا جبکہ گجرات میں طوفان کے باعث بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ گوا، راجستھان، مہاراشٹرا،گجرات سمیت 9 ریاستوں میں انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیاگیا ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے طوفان کل ریاست گجرات کے ضلع کچھ سے ٹکرائے گا، اس طوفان سے ممبئی اورپاکستان کے ساحلی علاقے متاثر ہوں گے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے باعث ریاست گجرات کے مختلف ضلع پور بندر اور دوارکا میں جم کر بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سےکئی علاقے زیرآب آگئے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق گجرات میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، 70 سے زیادہ ٹرین منسوخ کردی گئی، بندگاہ پر تمام آپریشنز معطل کردی گئی جبکہ کچھ کا علاقہ پوری طرح خالی کرالیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق طوفان سے کم نقصان ہو اس کے لیے حکومت، فوج اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے تقریباً 47 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھارتی حکام کا کہنا ہے شیلٹرز ہوم میں لوگوں کیلئے سہولیات یقینی بنا رہے ہیں، اس کے علاوہ ممبئی بھی طوفان کی زد میں ہے،  طوفان کے باعث ساحل پر اونچی لہریں اُٹھ رہی ہیں، جس کے بعد حکام نے لوگوں کی آمد پر پابندی لگادی ہے۔

  • پشاور میں طوفانی بارشوں سے تباہی، گھروں کی چھتیں منہدم

    پشاور میں طوفانی بارشوں سے تباہی، گھروں کی چھتیں منہدم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارشوں سے متعدد گھروں کی چھت منہدم ہوگئی، جبکہ چترال میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، تیز بارش سے متعدد گھروں کی چھتیں منہدم ہوگئیں۔

    ریسکیو 1122 اور چترال لیویز کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

    بارش سے چترال گول میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے جبکہ چترال شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، چترال میں گندم کی فصل اور باغات بھی تباہ ہوگئے۔

    خیال رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ صوبے میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے اب تک 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

  • پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    لاہور: صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارش سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، پنجاب میں مجموعی طور پر 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں 3 بچیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، مختلف حادثات میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث دیوار گرنے سے 2 جانور بھی ہلاک ہوئے۔

  • کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سمندری طوفان کے سبب طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیشن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی۔

    شہر میں عدالتی احکامات کے باوجود نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، نیو کراچی، شیر شاہ، کورنگی اور پاک کالونی سمیت بیشتر نالوں پر تجاوزات قائم ہیں۔

    نیو کراچی، سائٹ ایریا اور اورنگی ٹاؤن میں چھوٹے نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں۔ بارشوں کی صورت میں نالے اوور فلو ہو جانے کے باعث مختلف علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں بپر جوائے تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے نتیے میں کراچی میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    کراچی میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

  • وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری

    وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری

    کراچی: این ڈی ایم اے کی جانب سے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش اور ممکنہ ہنگامی صورت حال کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی۔

    پیش گوئی کے مطابق متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، مزید برآں، اتھارٹی کی جانب سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفانی سیلاب، اور بارش کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں پانی کے ریلوں کے حوالے سے ممکنہ خطرات کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں، پودوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    اتھارٹی نے پہاڑی علاقوں سمیت خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے، شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین رپورٹس سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ممکنہ نقصان کو کم کرنے کے لیے صوبائی حکام کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔

    این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال کی صورت میں شہری فوری مدد کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔