Tag: بارش

  • سعودی عرب: اسکول کیوں بند ہیں؟

    سعودی عرب: اسکول کیوں بند ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر آج سوموار کے روز اسکول بند رہیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ، مکہ اور طائف سمیت آج متعدد سعودی شہروں میں اسکول بند ہیں جبکہ وزارت تعلیم نے آن لائن تدریس کا اعلان کر رکھا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ متعدد شہروں میں موسم غیر یقینی ہے اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    وزارت تعلیم نے ذیلی دفاتر کو اپنے ماحول کے حساب سے فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا ہے، اس بنا پر جدہ، مکہ، طائف اور دیگر متعدد شہروں میں اسکول بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ طائف، باحہ، عسیر، جازان اور نجران تک پھیل سکتا ہے، مغربی ریجن میں الجموم، بحرہ، الکامل، ام حبلین، حدہ اور قرب و جوار میں بھی بارش کا قوی امکان ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، موسم خوشگوار

    کراچی : شہر قائد میں تیز ہوائیں چل پڑیں، مختلف علاقوں سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

    کراچی کے مختلف علاقوں ملیر، گڈاپ اور کاٹھور اطراف کے مضافات میں بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ گلشن اقبال اور آس پاس کے علاقوں میں تیز بارش ہورہی ہے۔

    شہرکے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی چمکنے لگی، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گڈاپ میں ہلکی بوندا باندی ہورہی ہے، بلدیہ ٹاؤن، حب چوکی اور اطراف میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے، لاہور پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 21 مارچ سے مضبوط مغربی لہر کا پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، مغربی لہر 22 مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گی، 21سے 24 مارچ کے دوران لاہور، اسلام آباد، مری، راولپنڈی بارش کا امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور انفرسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، تاہم مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

  • بلوچستان میں بارش اور سیلاب: ہلاکتوں پر بلاول بھٹو کا اظہار افسوس

    بلوچستان میں بارش اور سیلاب: ہلاکتوں پر بلاول بھٹو کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی اطلاعات باعث صدمہ ہیں، متعلقہ حکام بارش و سیلاب کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بلوچستان میں بارش اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آواران، ژوب سمیت مختلف علاقوں میں جانوں کے زیاں کی اطلاعات باعث صدمہ ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، متعلقہ حکام بارش و سیلاب کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں  بارش کے ساتھ  ژالہ باری

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار کردیا جبکہ مختلف علاقوں موسم ابرآلود ہے اور بعض مقامات پر مطلع صاف ہے۔

    گلشن اقبال ،گلستان جوہر ، صفورہ ،ملیر،ماڈل کالونی نارتھ کراچی،منگھو پیر،قصبہ،نیا ناظم آبا،بلدیہ ، سرجانی اور سچل میں برکھا نے رنگ جمادیا جبکہ نیوکراچی، سرجانی، ناگن اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔

    بارش کے دوران کہیں کہیں ژالہ باری نے بھی شہریوں کو حیران کردیا، گرتے اولوں کوشہریوں نے ہاتھ میں اٹھا کر حقیقت کا یقین کیا اور خوش ہوتے رہے، ملیر کھوکھرا پار،سعود آبادمیں ژالہ باری ہوئی۔

    مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اورژالہ باری سےبجلی کی فراہمی میں معطل ہوگئی ہے، کے الیکٹرک کے 75 فیڈرز سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔

    خیال رہے لاہور،شیخوپورہ،گجرات اورسرگودھاسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں رات گئےبار ش و ژالہ باری سےجل تھل ایک ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے 19 مارچ تک برکھا برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔

  • کراچی میں کل اور پرسوں بارش کی پیشگوئی

    کراچی میں کل اور پرسوں بارش کی پیشگوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں کل اور پرسوں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شہر کا مطلع صاف اور تیز دھوپ رہنے کی توقع ہے، تاہم جمعرات کو شہر کے شمال/شمال مشرقی (مضافاتی علاقوں) میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ شہر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج بلوچستان میں داخل ہوگا۔

    سسٹم کے زیر اثر جامشورو، حیدر آباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، میرپور خاص، سانگھڑ، عمر کوٹ، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، گھوٹکی، سکھر، بدین میں آج کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

    صوبے کے اکثر اضلاع میں 17 سے 20 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے، اور بیش تر مقامات پر گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

  • ملبے تلے دبی پیاسی شامی لڑکی پر بارش برسنے لگی

    ملبے تلے دبی پیاسی شامی لڑکی پر بارش برسنے لگی

    حلب: شام اور ترکی میں آنے والے بھیانک زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے لوگوں کی دلوں پر رقت طاری کرنے والی کہانیاں ابھر ابھر کر سامنے آ رہی ہیں۔

    تین دن بعد شام میں ایک عمارت کے ملبے میں دبی لڑکی کو جب باہر نکالا گیا تو لڑکی نے بھی ایسی ہی ایک کہانی سنائی جسے سن کر آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔

    شامی لڑکی جنا رنو نے بتایا کہ ملبے میں پھنسے رہنے کے دوران اگر بارش نہ ہوتی تو وہ پیاس سے مر جاتی، جنا رنو نے کہا ’’زلزلے کے وقت میں اپنی امی، بہن اور اس کے دو بچوں کے ساتھ بہن کے گھر میں تھی کہ اچانک چھت گر گئی اور میں بے ہوش ہو گئی، خوش قسمتی سے چھت میرے اوپر نہیں گری تھی۔‘‘

    سبق ویب سائٹ کے مطابق لڑکی نے بتایا ’’میں ملبے میں پھنسی ہوئی تھی، جب ہوش آیا تو سمجھی کہ شاید ہماری چھت گر گئی ہے مگر بعد میں اندازہ ہوا ہے کہ پوری عمارت گرگئی ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’ملبے کے نیچے میں چیختی رہی مگر کوئی سننے والا نہیں تھا، نچلی منزل والے جو لوگ تھے ان کی بھی آوازیں آ رہی تھیں، رات کے وقت شدید سردی ہوتی تھی جس کی وجہ سے ہاتھ پیر سن ہو جاتے تھے۔‘‘

    جنا رنو نے کہا ’’مجھے شدید پیاس لگی ہوئی تھی ، میں نے سوچا کہ زلزلے کی وجہ سے نہیں مری مگر پیاس سے مر جاؤں گی، لیکن پھر اچانک بارش شروع ہو گئی، جس کے قطرے مجھ پر گرے اور میں نے بارش کا پانی پیا۔‘‘

    لڑکی کا کہنا تھا کہ تیسرے دن امدادی کارکنوں نے ملبے ہٹانے کا کام شروع کیا، کھدائی کے دوران اتنی زور سے آواز آتی کہ اسے کان پھٹتے محسوس ہوتے، جنا رنو نے کہا ’’امدادی کارکنوں نے کھدائی کرتے ہوئے میرے عین سر کے اوپر کی جگہ پر سوراخ بنایا اور مجھے روشنی نظر آئی۔‘‘

    لڑکی کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں اس کے سبھی گھر والے جاں بحق ہو چکے ہیں، اور وہ اکیلی رہ گئی ہیں۔

  • سعودی عرب: مزید بارشوں کا امکان

    سعودی عرب: مزید بارشوں کا امکان

    ریاض: سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے بعد اگلے ہفتے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی، بارشوں کا نیا سلسلہ 4 دن تک جاری رہے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان عقیل العقیل کا کہنا ہے کہ مملکت میں آئندہ ہفتے سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کے شروع میں ریاض، الشرقیہ، القصیم، عسیر، باحہ، جازان اور مکہ مکرمہ ریجن کے جنوبی ساحلی مقامات پر بارش کا آغاز ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سوموار سے جمعرات تک ریاض، مشرقی ریجن، حائل، مکہ اور مدینہ منورہ تک اس کا سلسلہ پھیل جائے گا اور تمام علاقے بارش کی زد میں ہوں گے۔

  • ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں میں بارش کے امکان کی وجہ سے منگل کے روز اسکول بند رہیں گے، محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کردیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض، مدینہ منورہ، ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر میں منگل 3 جنوری کو اسکول بند رہیں گے، طیبہ یونیورسٹی اور اس کی تمام شاخیں بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تدریس آن لائن ہوگی۔

    ریاض محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ منگل کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز سے رپورٹ کے مطابق منگل کو ریاض میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، مدینہ منورہ محکمہ تعلیم نے بھی بیان میں کہا ہے کہ منگل کو بارش کے امکان کی وجہ سے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن تدریس ہوگی۔

    طیبہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو مدینہ منورہ کے یونیورسٹی کیمپس نیز ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر کی یونیورسٹی شاخوں میں تعلیم آن لائن ہوگی۔

    امیرہ نورہ یونیورسٹی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، کنگ سعود یونیورسٹی اور کنگ عبد العزیز یونیورسٹی میں بھی آن لائن تدریس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان: سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

    بلوچستان: سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں رواں سال بارشوں اور سیلاب سے 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے، سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا جبکہ 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کا سروے مکمل کر لیا، رواں سال بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے صوبے میں 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے، نصیر آباد میں سب سے زیادہ 94 ہزار 578 مکانات کو نقصان پہنچا۔

    سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا، 2 لاکھ 92 ہزار 526 مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔

    بارشوں اور سیلاب سے 103 ڈیمز شدید متاثر ہوئے، 2 ہزار 221 کلو میٹر قومی، بین الصوبائی اور لنک شاہراہیں بہہ گئیں، قومی شاہراہوں پر قائم 25 پل بھی ٹوٹ گئے۔ سیلاب کی زد میں آ کر ہرک کے مقام پر ایک ریلوے پل بھی بہہ گیا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 10 لاکھ سے زائد لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے جاں بحق 336 افراد کے لواحقین میں چیک تقسیم کیے گئے۔

  • رواں موسم میں بے حد کم بارشوں کی پیشگوئی

    رواں موسم میں بے حد کم بارشوں کی پیشگوئی

    اسلام آباد: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اس سیزن میں کم بارشیں ہوں گی، فروری تک ملک میں بہت کم بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ فروری تک ملک میں بہت کم بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اس سیزن میں کم بارشیں ہوں گی، دسمبر سے فروری تک درجہ حرارت معمول کے مطابق ہی رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آخری ہفتے یا جنوری میں کچھ علاقوں میں شدید سردی کی لہر آسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں اس وقت سردی کی لہر جاری ہے تاہم میدانی علاقوں میں سردی کی شدت کم ہے۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں اور سردی کی ہلکی سی لہر جاری ہے۔