Tag: بارش

  • سعودی عرب میں موسلا دھار بارشیں: دفاتر کے ملازمین کے لیے اہم ہدایت

    سعودی عرب میں موسلا دھار بارشیں: دفاتر کے ملازمین کے لیے اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر متعلقہ وزارت نے دفاتر اور ملازمین کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں اور اداروں کے مالکان خراب موسمی حالات کے پیش نظر اپنے ملازمین کو ان کی سلامتی کے لیے دفاتر میں حاضری سے استثنیٰ دے سکتے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ کمپنیوں اور اداروں کو یہ بھی اختیار ہے کہ اپنے ملازمین کو آن لائن ڈیوٹی کا پابند بنا دیں۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ آجر کارکنان کی غیر حاضری یا تاخیر کے حوالے سے ان کے ساتھ معاوضے کا معاملہ بھی طے کر سکتے ہیں۔

    وزارت افرادی قوت نے یہ وضاحتی بیان سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری اس پیش گوئی کے بعد دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مملکت کے بعض علاقوں میں جمعرات تک موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔

  • سعودی عرب: موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

    سعودی عرب: موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اتوار سے جمعرات کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس حوالے سے شہری دفاع کے محکمے نے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کردی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق موسمیات کے سعودی قومی مرکز کا کہنا ہے کہ اتوار سے جمعرات تک مملکت کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے، تیز ہوا اور گرد و غبار کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

    موسم کی ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے قومی مرکز کا مزید کہنا ہے کہ قصیم ، مشرقی ریجن اور شمالی حدود کے علاقوں میں بارش کا آغاز بروز پیر 5 دسمبر سے ہوگا جس کا سلسلہ جمعرات تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    متوقع بارش کا سلسلہ مشرقی ریجن اور ریاض کے بعض علاقوں تک پھیلے گا، اس دوران کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کے ساتھ تیز ہوا بھی چلنے کی توقع ہے جس کا سلسلہ عسیر، جازان، الباحہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقوں تک پھیلے گا۔

    قومی مرکز کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ممکنہ بارش رواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گی۔

    دوسری جانب شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ممکنہ بارش کے پیش نظر ہائی ویز پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    بارش کے دوران شاہراہوں پر سفر کا آغاز کرنے سے قبل گاڑی کے وائپرز کو چیک کرلیں تاکہ بارش کے دوران سفر میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں بارش کے دوران سیلابی پانی کی گزر گاہوں کوعبور نہ کریں اور نشیبی مقامات پر قیام کرنے گریز کریں۔

  • سعودی عرب: صحرا سمندر میں بدل گیا

    سعودی عرب: صحرا سمندر میں بدل گیا

    ریاض: سعودی عرب کے صحرا حائل میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے بعد صحرا سمندر کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔

    قاع الاجفر کے صحرائی علاقے میں تا حد نگاہ پانی جمع ہے جسے دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ شاید ساحل سمندر کی سیر کر رہے ہیں۔

    سعودی فوٹو گرافر محمد عثمان الطویل نے صحرا میں سمندر کے مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کر کے سیر و سیاحت اور تفریح کا شوق رکھنے والوں کو کہا ہے کہ وہ ضرور اس علاقے کی سیر کریں۔

    دوسری طرف محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ حائل سمیت مشرقی ریجن، شمالی حدود اور الجوف و مدینہ منورہ کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ، باحہ، عسیر اور جازان میں مطلع ابر آلود ہوگا جس کے باعث درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے۔

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں کل اور پیر کو ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں بھی اتوار اور پیرکو ہلکی بارش متوقع ہے، دادو، شہید بے نظیرآباد، قمبر، شہداد کوٹ اور سکھر میں بارش ہوسکتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے آج سے پیر تک پنجاب کے شمالی اورجنوبی علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 23 فیصد اور 18 کلو میٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    سوات کے پہاڑوں نے سیف چادر اوڑھ لی ہے اور شانگلہ میں پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں جبکہ بادلوں کی آنکھ مچولی نے درجہ حرارت بھی گرا دیا ہے۔

  • بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بعض علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 29 سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن اور گرد و نواح میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی ہورہی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں آج رات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں طویل خشک سالی کے بعد بارش ہوگئی۔

    مینگورہ، کالام، مالم جبہ اور مرغزار میں بھی بارشیں جاری ہیں جس سے موسم مزید سرد ہوگیا، مالم جبہ اور کالام میں برفباری کا بھی امکان ہے جس کے بعد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

    بابو سر ٹاپ کو شدید برف باری کے باعث گزشتہ مہینے ہی بند کیا جاچکا ہے، بابو سر ٹاپ اب اگلے برس مارچ میں کھلے گا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں درجہ حرارت 21 سینٹی گریڈ ہے۔

  • سیلاب سے پاکستانی معیشت کو کتنے ارب ڈالرز کا نقصان ہوا؟

    سیلاب سے پاکستانی معیشت کو کتنے ارب ڈالرز کا نقصان ہوا؟

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک نے سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 40 ارب ڈالرز کے نقصانات کا تخمینہ لگایا ہے، گھروں، بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور فصلوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کا تخمینہ کہیں زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عالمی بینک نے سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 40 ارب ڈالر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے مزید 90 لاکھ لوگ غربت میں چلے جائے گے، ہم عالمی دنیا سے اپیل کر چکے ہیں کہ نقصانات کا تخمینہ کہیں زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گھروں، بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور فصلوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کا تخمینہ کہیں زیادہ ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ 18 ہفتوں سے قیمتی زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں اب صحت کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے۔ ڈینگی اور ملیریا کے ساتھ دیگر وبائی امراض بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے سیلاب زدگان کو اپنے علاقوں میں واپس بھیجنے کے ساتھ ان کی بحالی پر کام کرنا ہے، 7.9 ملین بے گھر لوگوں کی بحالی کے لیے ہمیں وسائل درکار ہیں۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو اس انسانی بحران کے وقت سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے آگے آنا چاہیئے۔

  • بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات کا سلسلہ جاری

    بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات کا سلسلہ جاری

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 325 افراد جاں بحق اور 2 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزید 35 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرہ گھروں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار ہوگئی، سیلاب سے 75 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔

    بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 325 ہوگئی، سیلابی صورتحال سے 5 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے بلوچستان میں مجموعی طور پر 103 ڈیمز متاثر ہوئے، 9 لاکھ ایکڑ زرعی رقبے کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ زرعی مقاصد کے لیے استعمال 4 ہزار سے زائد سولر پلیٹس اور ٹیوب ویلز کو بھی نقصان ہوا۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟

    بلوچستان میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل سامنے آگئی، 3 سو سے زائد اموات اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بلوچستان میں اموات اور تباہ کاریوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔

    پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 322 ہوگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب سے 5 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں، صوبے میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 85 ہزار گھر متاثر ہوئے۔ 65 ہزار گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 1 لاکھ 20 ہزار گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے بلوچستان میں مجموعی طور پر 103 ڈیمز متاثر ہوئے، 9 لاکھ ایکڑ کے زرعی رقبے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    بارشوں میں 2 ہزار 198 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئیں جبکہ مختلف مقامات پر 22 پل ٹوٹ چکے ہیں۔

  • بھارت: درجنوں کاریں ڈوبنے کی ویڈیوز وائرل

    بھارت: درجنوں کاریں ڈوبنے کی ویڈیوز وائرل

    فیروزآباد: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر فیروزآباد میں شدید بارشوں کے بعد ایک مقام پر سیلابی پانی میں درجنوں کاریں ڈوبنے کی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پورے اترپردیش میں موسلا دھار بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے، جب کہ فیروز آباد میں درجنوں کاریں ڈوب گئیں، اور کئی علاقوں میں دیواریں گرنے سے ہلاکتیں ہوئیں۔

    سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں اتر پردیش کے فیروز آباد میں بڑی تعداد میں کاریں سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔

    ڈوبنے والی کاروں کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ایک گیراج میں کھڑی تھیں۔

    واضح رہے کہ فیروز آباد میں بدھ سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے غیر محفوظ گھروں میں رہنے والے لوگوں سے کہیں اور پناہ لینے کی اپیل کی ہے۔

    اتر پردیش کے اس ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش کے بعد دیواریں گرنے کے الگ الگ واقعات میں 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

  • بلوچستان میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    بلوچستان میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے صوبہ بلوچستان میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا، زیارت میں اس وقت درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع خضدار، لسبیلہ اور آواران میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے کم درجہ حرارت زیارت میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، قلات میں 10 اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 15 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    بارکھان اور ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، خضدار میں 20، پنجگور میں 21، لسبیلہ اور دالبندین میں 23، نوکنڈی میں 24 اور تربت میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔