Tag: بارش

  • بارشوں سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ

    بارشوں سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، طوفانی بارشوں کے باعث ملک کے کئی حصوں میں سیلاب کی صورتحال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، تربیلا ڈیم پر پانی کی آمد میں 81 ہزار کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    آب پاشی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج پر 19 ہزار کیوسک، سکھر بیراج پر 28 ہزار کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تربیلا پر پانی کی آمد 2 لاکھ 89 ہزار 700، اخراج 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک، کالا باغ پر پانی کی آمد 1 لاکھ 37 ہزار 865، اخراج 1 لاکھ 30 ہزار 365 کیوسک اور چشمہ پر پانی کی آمد 2 لاکھ 33 ہزار 463، اخراج 2 لاکھ 19 ہزار 875 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    تونسہ پر پانی کی آمد 2 لاکھ 39 ہزار 678، اخراج 2 لاکھ 21 ہزار 378 کیوسک، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 364، اخراج 1 لاکھ 73 ہزار 292 کیوسک اور سکھر بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 56 ہزار 345، اخراج 1 لاکھ 29 ہزار 175 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

  • کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آج شام میں یا رات میں تیز بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی شہر میں مطلع مکمل اور جزوی ابر آلود رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ دن میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، شہر میں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جب کہ دن میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

    موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آج بھی کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیش تر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز بارش متوقع ہے۔

    آج صبح سے لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں آئندہ 3 روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    دوسری طرف کوہلو سمیت مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے کوہلو کے پکنک پوائنٹس اور ڈیمز کے اطراف دفعہ 144 نافد کر دی ہے۔

  • خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا، پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    محکمہ زراعت سندھ کی ریسرچ ٹیمز سروے کرنے کے لیے ضلع خیر پور پہنچ گئیں، افسران سروے کر کے رپورٹ مشیر زراعت منظور وسان کے حوالے کریں گے۔

    منظور وسان کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد خیر پور کے کاشت کاروں کی مدد کی جائے گی، خیر پور میں کھجور کے باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے، حکومت سندھ ازالہ کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، خیرپور کو کھجور کی پیداوار کے حوالے سے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

    پاکستان میں تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ پر کھجور کے باغات موجود ہیں جن میں سے ایک لاکھ ایکڑ پر صرف خیر پور میں موجود ہیں۔

  • کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت دیگر شہروں میں ایک سے 2 روز میں تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، آج سے 18 جولائی تک کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں 15 یا 16 جولائی کو تیز آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، موسلا دھار بارش سے کراچی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، ٹنڈو الہٰ یار، سانگھڑ، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ اور جام شورو میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، میر پور خاص، عمر کوٹ، جامشورو، نواب شاہ، سکھر اور جیکب آباد میں شدید بارش کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم دباؤ کے باعث سمندر کی موجیں ماہی گیروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

  • کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کی ابتر حالت مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بارش نے پھر سندھ میں زرداری اور اس کے خاندان کی کرپٹ حکمرانی کو بے نقاب کردیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی رقم جعلی اکاؤنٹس میں گئی اور دبئی میں جائیدادوں کے لیے سرمایہ کاری میں لگی، برائی کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔

  • مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبائی و وفاقی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات سے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی پر الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں اقدامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔
    ت
    وزیر اعظم نے صوبائی اداروں کو معاونت فراہم کرنے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو شاباشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعاون، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت ہے۔

    انہوں نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے تحفظ کے لیے خدمات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عید تعطیلات میں عوامی خدمت کے شاندار جذبے کا مظاہرہ کرنے پر پولیس، میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمہ دار ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔

  • بارشوں سے کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو بھی نقصان

    بارشوں سے کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو بھی نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارشوں سے ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا ہے، بارشوں سے سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) میں کہا گیا ہے کہ بارش سے ایئرپورٹ کے رن وے 25 آر کی لائٹیں خراب ہوئی ہیں۔

    نوٹم کے مطابق لائٹس بارشوں کے دوران شارٹ سرکٹ کی وجہ سےخراب ہوئیں۔

    تاحال رن وے 25 آر کی لائٹس کی خرابی دور نہ کی جا سکی، بارش سے پسنجر بورڈنگ برج کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    سی اے اے نے تمام ایئر لائنز کو نوٹم کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔

  • بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، طوفانی بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری

    بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، طوفانی بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری

    کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے، طوفانی بارشوں اور سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کوئٹہ، قلات، خضدار، آواران، تربت، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لسبیلہ، چمن، کوہلو و دیگر اضلاع میں شدید بارشوں کے بعد ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔

    کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں 4 ہزار 165 خیمے، 2500 کمبل، 743 سولر لائٹس اور خوراک و دیگرامدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

    تیراکی پر پابندی عائد

    دوسری جانب حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے، ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں کے قریب پکنک منانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    مزید بارشیں متوقع

    صوبائی محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، کوئٹہ، خضدار، قلات، لسبیلہ، پنجگور، آواران، خاران اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

  • طوفانی بارشیں اور سیلاب: کراچی تا خیبر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف

    طوفانی بارشیں اور سیلاب: کراچی تا خیبر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف

    کراچی / پشاور / کوئٹہ: ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے خیبر تک فوجی افسران و جوان طوفانی بارشوں میں ریلیف اور ریسکیو مشن پر مامور ہیں، پاک فوج کی جانب سے تمام کور ہیڈ کوارٹرز کو فوری ہدایات جاری کی گئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔

    ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے اور زیر آب علاقوں کو کلیئر کرنے کے لیے فوج کو انتظامیہ کی بھرپور مدد کی ہدایت کی گئی تھی۔

    کراچی میں پاک فوج کی 388 ڈی واٹرنگ ٹیمز مصروف عمل ہیں، پاک فوج، رینجرز سندھ، ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی ٹیمیں انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں راولپنڈی کور مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

    صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں ٹانک اور صوابی میں فلیش فلڈنگ کی صورتحال ہے، پشاورکور نے روڈ شندور چترال کو ٹریفک کے بہاؤ کے لیے کھولنے میں انتظامیہ کی مدد کی۔

    صوبہ بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں 400 افراد کو سیلابی پانی سے ریسکیو کیا گیا، کوئٹہ کور نے ہر ضلع میں ایک رابطہ افسر مقرر کیا ہے۔ رابطہ افسر پی ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ کے ساتھ آپریشن میں مصروف عمل ہے۔

    قراقرم ہائی وے، جگلوٹ اسکردو روڈ اور بابوسر شاہرائیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک تھیں جنہیں ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے نے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے، ایف سی این اے ٹروپس ضلع غذر میں سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔

  • ایم کیو ایم اور کراچی چیمبر کا وزیر اعظم سے ایمرجنسی کی درخواست

    ایم کیو ایم اور کراچی چیمبر کا وزیر اعظم سے ایمرجنسی کی درخواست

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور کراچی چیمبر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کراچی میں ایمرجنسی کی درخواست کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان سے ایمرجنسی لگانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈوب گیا، جس شہر کے ٹیکس پر ملک کا بجٹ بنتا ہے وہ ڈوب رہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ کراچی میں ایمرجنسی نافذ کر کے ریسکیو عمل شروع کرائیں، غیر مقامی وزرا اور سیاسی ایڈمنسٹریٹر نے شہر کو لاڑکانہ سے بھی بدتر بنا دیا ہے، شہر ڈوب رہا ہے اور اندرون سندھ سے منتخب وزرا آبائی علاقوں میں عید منا رہے ہیں۔

    صدر کراچی چیمبر ادریس میمن نے وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور وزیر اعظم شہر کا دورہ کرنے آئیں، پاکستان کا معاشی حب کسمپرسی کی حالت میں ہے۔

    انھوں نے کہا ملک کے لیے ٹیکس اور زرمبادلہ کمانے والے شہر کا کوئی والی وارث نہیں ہے، یہ احساس محرومی ختم کیا جائے، اور کراچی کو وفاق کے حوالے کر کے اس کی از سرنو تعمیر کی جائے۔

    وزیر اعظم کا بارشوں سے نقصانات پر افسوس، اہم ہدایات جاری

    انھوں نے سوال اٹھایا کہ شہر کے ترقیاتی کاموں کے لیے کیوں وفاقی حکومت نے بجٹ میں کچھ نہیں رکھا؟ کراچی کے لیے مختص 11 سو ارب روپے کون خرچ کر رہا ہے، ہمیں تو خبر نہیں، حکومت کوئی بھی ہو شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کرتی ہے۔

    ادریس میمن کا کہنا تھا کہ شہر کب تک اس حال میں 54 فی صد برآمدی زرمبادلہ کمائے گا، کب تک کراچی اس حال میں 70 فی صد ٹیکس آمدنی کمائے گا، کراچی کی تباہی کا معاوضہ دیا جائے اور ٹیکسوں میں چھوٹ دی جائے۔