Tag: بارش

  • وزیر اعظم کا بارشوں سے نقصانات پر افسوس، اہم ہدایات جاری

    وزیر اعظم کا بارشوں سے نقصانات پر افسوس، اہم ہدایات جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بارشوں سے نقصانات پر افسوس کیا ہے، اور متاثرین سے یک جہتی کا اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھار اور طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا مجھے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر دکھ ہے، انھوں نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ کراچی اور سندھ میں عوام، صوبائی حکومت اور اداروں کی معاونت کی جائے، اور کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

    تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    شہباز شریف کا کہنا تھا عوام کے تحفظ اور مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عوام کے تحفظ اور نقصانات سے بچاؤ کی بھرپور کوشش کی جائے۔

    انھوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز سے اشتراک عمل کی بھی ہدایت کی ہے، اور کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور مدد کی جائے، اور خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

    بلوچستان میں طوفانی بارشیں، 62 افراد جاں بحق

    وزیر اعظم نے متاثرہ عوام کے لیے عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، انھوں نے ہنگامی طبی امداد اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے طبی ٹیموں کو متحرک کرنے پر زور دیا، اور کہا پانی کی نکاسی کے لیے مشینری اور عملہ متعلقہ مقامات پر جلد پہنچایا جائے۔

    ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے بتایا کہ ان کی ابھی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات ہوئی، کراچی میں طوفانی بارش سے نقصانات پر انھیں بہت دکھ ہے، انھوں نے لکھا میں پر اعتماد ہوں حکومت سندھ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں معمولات زندگی بحال کر دے گی، نیز وزیر اعلیٰ سندھ کو ہر ممکن تعاون کی پیش کش بھی کی ہے۔

  • تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    کراچی: رات سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارش نے بیش تر کراچی کو ڈبو دیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر سونے چلی گئی ہے اور شہری راہ تکتے رہ گئے، ضلع جنوبی میں سیلاب کے مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں، بعض علاقوں کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری ہے، شہر کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر غائب ہو گئی ہے، 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق جب کہ دو افراد ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا اور دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    شہر میں سیوریج کا نظام بیٹھ گیا ہے، شاہراہوں پر آلائشیں تیر رہی ہیں، سندھ حکومت کے نکاسئ آب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، انڈر پاسز پانی سے بھر چکے ہیں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، جگہ جگہ گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

    سپر ہائی وے اور کورنگی کاز وے زیر آب آ چکا، ایم نائن کے ایک ٹریک پر دو طرفہ ٹریفک چل رہی ہے، سندھ اسمبلی کے اطراف ندی کا منظر ہے جب صدر کی سڑکیں گھٹنوں گھٹنوں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، این آئی سی وی ڈی میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔

    نظر یار محمدگوٹھ، عباس ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے نقل مکانی کر لی ہے، قائد آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث مکینوں کی نقل مکانی کرنی پڑی۔

    کراچی میں دنبہ گوٹھ کے مقام پر 2 افراد ریلے میں بہہ گئے، ایک کو بچا لیا گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے، گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے دو افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، شناخت آصف اور حسن کے نام سے ہوئی ہے، کورنگی بلال کالونی میں بھی ایک شخص کرنٹ لگنے سے چل بسا۔

    ایم نائن موٹر وے کراچی سے حیدر آباد جانے والا راستہ ٹھڈو ڈیم اوور فلو ہونے کے باعث بند ہو گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ اور عملہ سیکریٹری فنانس سید شجاعت حسین سمیت دیگر افسران امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موسلا دھار بارش کے باعث سب میرین انڈر پاس بند کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ انڈر پاس میں پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو بوٹ بسن کی طرف سے بولیورڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

    کے پی ٹی اندر پاس، تین تلوار، دو تلوار کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے، انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو پل کے اوپر سے چلایا جا رہا ہے۔

    قائد آباد کے مقام پر ملیر ندی میں سکھن نالے کی جانب سے سیلابی ریلے کے پیش نظر یار محمد گوٹھ، عباس ٹاؤن و ملحقہ آبادیوں کے مکین اپنے گھروں سے نقل مکانی کر کے ملیر بند پر چڑھ گئے ہیں، مکینوں میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔

    سول سوسائٹی اور ریسکیو اداروں نے نقل مکانی کرنے والوں کو گورنمنٹ اسکول میں شفٹ کر دیا، دیگر افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، رینجر ڈی ایم سی اور دیگر ریسکیو ادراے عوام کو محفوظ مقام پر پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • کراچی: بارش میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ٹریفک پولیس آگے آگئی

    کراچی: بارش میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ٹریفک پولیس آگے آگئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بارش میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے نمبر جاری کردیا گیا، راستے میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا ٹائر پنکچر ہونے، خراب ہونے یا پیٹرول ختم ہونے کی صورت میں ٹریفک پولیس مدد کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے احسن قدم اٹھایا ہے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بیچ راستے میں اگر گاڑی یا موٹر سائیکل کا پیٹرول ختم ہوجائے تو 1915 پر کال کریں، گاڑی یا موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈالوا دیا جائے گا۔

    گاڑی یا موٹر سائیکل خراب یا پنکچر ہونے کی صورت میں 1915 پر کال کرنے کا کہا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ خراب موٹر سائیکل یا گاڑی مکینک تک پہنچائی جائے گی۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی یا موٹر سائیکل کا پنکچر ٹائر تبدیل کرنے میں بھی مدد کی جائے گی۔

  • ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    اسلام آباد / کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، کراچی میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مون سون کے موجودہ اسپیل میں توسیع کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ 24 سے 48 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، ہفتے کے آخر تک اس میں مزید شدت آسکتی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 7 جولائی تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں 50 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، 9 جولائی تک یہ سسٹم فعال ہے۔ اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلق اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔

  • کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟

    کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال سے آنے والا مون سون سسٹم سندھ میں موجود ہے، کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہےگا، گزشتہ روزسب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جب کہ دن میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، ابھی 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور دن میں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

  • سہ پہر سے رات دیر تک بارش ہوگی، موسمیات کی کراچی کے لیے نئی پیش گوئی

    سہ پہر سے رات دیر تک بارش ہوگی، موسمیات کی کراچی کے لیے نئی پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سہ پہر سے رات دیر تک بارش کی نئی پیش گوئی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا موسم آج پیر کی صبح کو جزوی طور پر ابر آلود ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم اس وقت بھی سندھ میں موجود ہے، تاہم بارش برسانے والا نظام کمزور ہو چکا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے بیش تر علاقوں میں آج سہ پہر گرج چمک کے ساتھ تیز اور معتدل بارش متوقع ہے، شہر میں آج ، کل اور پرسوں تیز بارش ہو سکتی ہے، موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کا اسپیل رات دیر تک جاری رہے گا۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ، اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔

    کراچی میں دس منٹ کی بارش میں کیا ہوا؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں تمام تر پیش گوئیوں کے بر عکس صرف دس منٹ کی بارش ہوئی تھی، جس نے شہریوں کو مزید پریشان کر دیا تھا، ذرا دیر کی بارش سے بھی کے الیکٹرک کا کمزور ٹرانسمیشن سسٹم شدید طور پر متاثر ہو گیا اور بیش تر علاقے بجلی سے کئی گھنٹوں کے لیے محروم ہو گئے۔

  • کراچی میں دس منٹ کی بارش میں کیا ہوا؟

    کراچی میں دس منٹ کی بارش میں کیا ہوا؟

    کراچی: شہر قائد میں تمام تر پیش گوئیوں کے بر عکس صرف دس منٹ کی بارش برسی، اس نے بھی شہریوں کو مزید پریشان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل میں گزشتہ روز صرف دس منٹ تک تیز بارش برسی، تاہم اس میں بھی کے الیکٹرک کا کمزور ٹرانسمیشن سسٹم شدید طور پر متاثر ہو گیا۔

    شہر میں تیز بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 400 فیڈرز ٹرپ کر گئے، اور مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی، تیز ہوا کی وجہ سے کے الیکٹرک کے بیش تر مقامات پر کمزور اوور ہیڈ تار ٹوٹ کر گر گئے۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے پیغام جاری کیا کہ شہر کے بیش تر علاقوں میں بارشوں اور تیز ہوا کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، اور اس وقت شہر کو 1650 سے زائد فیڈرز سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

    بارش سے جو علاقے بجلی سے محروم ہوئے، ان میں ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، پہاڑ گنج، اورنگی، قصبہ کالونی، لانڈھی، بلدیہ، اتحاد ٹاؤن، گلشن ظہور، لائنز ایریا، گلشن معمار، کورنگی، نصرت بھٹو کالونی، شاہنواز بھٹو کالونی شامل ہیں۔

    سرجانی، تیسر ٹاؤن، لیاقت آباد، موسیٰ کالونی، غیب آباد، روئداد نگر، پاپوش نگر، ناظم آباد، اورنگ آباد، منگھوپیر، اسکیم 33، ملیر، ماڈل کالونی، ڈی ایچ اے، پنجاب کالونی، پی ای سی ایچ ایس، اختر کالونی، منظور کالونی، عزیز آباد، ثمن آباد، ایف بی ایریا، رزاق آباد، اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید، ناگوری سوسائٹی سپر ہائی وے، احسن آباد، گارڈن، جمشید روڈ، پاپوش، شاہ فیصل، کھوکھرا پار اور قائد آباد میں بھی بجلی غائب ہو گئی۔

  • کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش

    کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش

    کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے کئی شہروں میں فضا ابر آلود ہونے اور ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی، جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

    لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت مری، گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی، لاہور میں مطلع ابر آلود ہونے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، راولپنڈی اسلام آباد کے گرد و نواح میں بھی بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج بھی شہر میں بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ کل رات سے شہر میں تیز بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، دن میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا اور ہوائیں 38 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت سے سسٹم آج رات پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جب کہ سندھ میں کل سے یہ سسٹم فعال ہو جائے گا، جو کراچی میں بھی اثر انداز ہوگا، جس سے کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان اور اربن فلڈ کا خدشہ ہے۔

    یہ سسٹم 3 جولائی کو تھرپارکر، اندرون سندھ تیز بارش کا سبب بنے گا، جب کہ کراچی میں بارش کا ہیوی اسپیل 3 جولائی کی صبح شروع ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں بارش کا امکان

    کراچی میں بارش کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تیز بارش برسانے والا سسٹم جولائی کے پہلے ہفتے میں داخل ہوگا، کل بھی منگل کے روز ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر میں کل منگل کے روز ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارش برسانے والا سسٹم جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں داخل ہوگا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    دن میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ دن میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

  • کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟

    کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کراچی سے نکل گیا ہے، اس لیے آج جمعرات کو شہر میں بارش کا کوئی امکان موجود نہیں۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 28 جون کو شہر میں تیز بارش متوقع ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، دن میں درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کی پیشگوئیوں کے برعکس کراچی میں اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو گئی تھی۔

    کراچی میں اچانک بارش، محکمہ موسمیات کی غلط پیشگوئیاں

    ڈی جی میٹ سردار سرفراز نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی میں موسم کی صورت حال اچانک تبدیل ہو گئی تھی، بارش برسانے والے سسٹم کا زیادہ تر حصہ اپر سندھ سے آگے نکل گیا تھا، لیکن جو اچانک بارش ہوئی وہ لسبیلہ کی طرف سیلز بننے سے ہوئی۔

    انھوں نے بتایا کہ منگل سے صورت حال تبدیل تھی، کہ کراچی میں بارش نہیں ہوگی، لیکن بدھ کو دوپہر سے لسبیلہ اور سونمیانی سائیڈ پر سیلز بننا شروع ہوئے، اور گرمی کی وجہ سے ان سیلز کو سپورٹ ملی، جس کی وجہ سے اچانک بارش ہو گئی۔