Tag: بارش

  • دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، پانی کا بحران جلد ختم ہوجائے گا

    دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، پانی کا بحران جلد ختم ہوجائے گا

    اسلام آباد: ملک بھر میں ہونے والی بارشوں سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا جس سے آبی قلت کا شکار صوبوں میں پانی کا بحران ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا کہنا تھا کہ حالیہ بارش سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، صوبہ سندھ میں پانی کا بحران چند دن میں ختم ہوجائے گا۔

    ذرائع ارسا کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 1 لاکھ 16 ہزار کیوسک ہوگئی، ڈیم میں چند دن قبل پانی کا بہاؤ 65 سے 70 ہزار کیوسک تھا۔

    ارسا کے مطابق تربیلا ڈیم سے پانی کا ریلا آئندہ ہفتے گڈو بیراج میں داخل ہوگا۔

    چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 27 ہزار کیوسک ہوگئی، منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 33 ہزار 400 اور اخراج 25 ہزار 500 کیوسک ہے۔

    ارسا کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 33 ہزار 600 اور اخراج 23 ہزار 700 کیوسک ہے۔

  • بحیرۂ عرب سے ہوائیں، آج رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا

    بحیرۂ عرب سے ہوائیں، آج رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا

    کراچی: بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں آج بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج شام یا رات سے مزید پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں 22 جون تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی ہے۔

    جمعرات سے منگل کے دوران راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب میں بارش کا امکان ہے، جب کہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی 16 سے 21 جون کے دوران بارش کی پیش گوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش سے راولپنڈی، لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    آج شام، رات سے 23 جون تک کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے، پری مون سون بارشوں سے حالیہ گرمی کی لہر میں کمی آ سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب و خیبر پختون خوا، اور گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج بارش کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔

    محکمہ موسمیات نے پشاور، ایبٹ آباد اور چترال میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، لاہور، اٹک، جہلم اور مری میں بھی گرج چمک کے ساتھ مینہ برسنے کا امکان ہے، مظفر آباد، سری نگر، گلگت اور ہنزہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں ، محکمہ موسمیات کی بارش کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

    کراچی والے تیار ہوجائیں ، محکمہ موسمیات کی بارش کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہ کراچی میں 27 سے 28 جون کو بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں آج دن اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے تاہم موسم گرم ، مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ، نمی کا تناسب78فیصد جبکہ جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 15 سے 25 نارٹیکل مائل ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ ملک میں پری مون سون بارشوں کا ایک اور سسلسلہ سولہ جون کو داخل ہوگا، کراچی سمیت بالائی سندھ میں بھی ستائیس سے اٹھائیس جون کو بارش کا امکان ہے۔

    سردار سرفرازکا کہنا ہے اسلام آباد، لاہور فیصل آباد سمیت پنجاب میں بادل برسیں گے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا،شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کاامکان ہے، بارش کا سلسسلہ تین روزتک جاری رہے گا۔

    چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ پنجاب اوربلوچستان کےمختلف اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش متوقع ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی گرمی کی لہر برقرار رہے گی تاہم شام کے اوقات میں خضدار، قلات، بارکھان، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں انتظامات یقینی بنائے جائیں، حفاظتی انتظامات اور امدادی ساز و سامان کی دستیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب، نالوں اور آبی گزر گاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

  • سعودی عرب: عید الفطر کے دنوں میں بارش کا امکان

    سعودی عرب: عید الفطر کے دنوں میں بارش کا امکان

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں عید الفطر کے دنوں میں بارش کا امکان ہے، قومی مرکز برائے موسمیات نے سیلاب کی وارننگ بھی دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل کا کہنا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں عید الفطر اور اس کے بعد تک بارش کا ماحول جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت کے جنوبی اور جنوب مغربی بالائی مقامات پر عید الفطر کے ابتدائی ایام میں بارش کا امکان ہے۔

    اس سے قبل موسمیات کے قومی مرکز نے عسیر، باحہ، نجران، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، ریاض، الشرقیہ، حائل، الجوف اور حدود شمالیہ ریجنز میں بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ موسلا دھار بارشں سے سیلاب بھی آسکتا ہے۔

    پیر کو نجران ریجن میں بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات ہیں، اس سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔ بارش کے بعد علاقے میں سیلاب کی صورتحال ہے۔

    باحہ ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، طائف میونسپلٹی نے بارش کے بعد پمپوں کی مدد سے سڑکوں سے پانی بھی صاف کروایا ہے۔

  • کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

    کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

    کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر ایک پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی، دوسری طرف بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صبح شروع ہونے والی ہلکی بارش رات میں تیز بارش میں بدل گئی ہے، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، تیسر ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔

    منگھوپیر، گولیمار، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، بفرزون، سرجانی، اورنگی، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے۔

    موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 208 ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

    شہر میں تیز بارش کے باوجود سندھ ترمیمی بلدیاتی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا بدستور جاری ہے، جسے ایک ہفتہ ہو چکا ہے، خواتین بھی اس میں شرکت کر چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے کارکنوں سے گفتگو میں کہا بارش رحمت ہے اسے انجوائے کریں، ہم کراچی کے مظلوم شہریوں کے حق کے لیے نکلے ہیں، اپنے عزم کو توانا رکھیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کل تیز بارش کا امکان ہے، بالائی وسطی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    ادھر چمن کوژک ٹاپ پر برف باری ہو رہی ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث سیکڑوں مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، ڈپٹی کمشنر کے مطابق پی ڈی ایم اے کی مشینری شاہراہ کھولنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں بھی برفباری جاری ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

  • بلوچستان کے 17 شہروں میں 445 ملی میٹر بارش ریکارڈ

    بلوچستان کے 17 شہروں میں 445 ملی میٹر بارش ریکارڈ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے، بارشوں سے صوبے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے 17 شہروں میں 24 گھنٹے کے دوران بارشوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے، 17 شہروں میں 445 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح 8 بجے تک پسنی میں سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گوادر میں 64، اوماڑہ میں 60، خضدار میں 42، پنجگور میں 29، جیوانی میں 27 اور تربت میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لسبیلہ اور پشین میں 21، 21، کوئٹہ میں 18، قلات میں 18، زیارت میں 9، مسلم باغ میں 8 جبکہ بارکھان اور کوہلو میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح سبی میں 3 اور لورالائی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے کہ موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال ہے جس کے باعث سیاح اور مقامی آبادی شدید مشکلات میں پھنس گئے، گزشتہ روز مختلف علاقوں میں پھنسے سیاحوں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    کوسٹل ہائی وے پسنی، سور بندر، نگور اور جیوانی میں ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا اور اس دوران خوراک ‏کے ساتھ رہائش بھی فراہم کی گئی۔

  • امریکا میں مچھلیوں کی بارش ہونے لگی

    امریکا میں مچھلیوں کی بارش ہونے لگی

    امریکی ریاست ٹیکسس میں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہونے لگی جس نے شہریوں کو حیران کردیا، لوگوں نے اسے سال 2021 کا آخری وار قرار دیا۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں اس وقت مقامی افراد حیران و پریشان رہ گئے جب بارش کے ساتھ آسمان سے مچھلیاں بھی برسنے لگیں۔

    بے شمار مقامی افراد نے سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر پوسٹ کیں جن میں بے حس و حرکت مچھلیاں دکھائی دے رہی ہیں۔

    یہ ایک غیر معمولی واقعہ ضرور ہے لیکن ایسا ہوتا ہے۔

    دراصل جب سمندر کا پانی بخارات بن کر ہوا میں اڑتا ہے، اس وقت اگر تیز ہوا چل رہی ہو یا طوفانی صورتحال ہو تو کئی چھوٹے سمندری جاندار جیسے مینڈک، کیکڑے یا چھوٹی مچھلیاں بھی اوپر اٹھ جاتی ہیں جو بعد میں بارش کے ساتھ زمین پر برستی ہیں۔

    ایک شخص نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ بارش کے ساتھ کچھ گرنے کی آواز پر وہ سمجھا کہ اولے گر رہے ہیں لیکن جب اس نے باہر جا کر دیکھا تو آسمان سے مچھلیاں گر رہی تھیں۔

  • لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش

    لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہر میں تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آج جاری رہنے کا امکان ہے۔

    ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ نے شہر میں بارش کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر ادارے متحرک رہیں، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب یقینی بنائی جائے۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی رات گئے تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم کی خنکی میں اضافہ ہوگیا۔

  • کراچی: آج بھی طوفانی بارش اور آندھی کا امکان

    کراچی: آج بھی طوفانی بارش اور آندھی کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور زیریں سندھ میں آج اور کل طوفانی بارشیں متوقع ہیں، اس دوران 70 تا 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن شدت اختیار کر کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، 6 گھنٹے میں ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان کی شکل اختیارکرے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن اس وقت کراچی سے 160 کلو میٹر دور ہے، ممکنہ سمندری طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی کی جانب ہے۔

    طوفان کے پیش نظر کراچی اور زیریں سندھ میں آج اور کل طوفانی بارشیں متوقع ہیں، اس دوران 70 تا 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ روز اور رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، بارش اور اربن فلڈ کے خطرے کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔