Tag: بارش

  • کراچی: ‘رات میں تیز بارش ہوگی، شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں’

    کراچی: ‘رات میں تیز بارش ہوگی، شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں’

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کراچی میں رات میں تیز بارش ہوگی، شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سمندر میں ہوا کے کم دباؤ اور ممکنہ طوفان کے سلسلے میں محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ سمندر میں ہوا کا کم دباؤ مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے، اور ہوا کا یہ کم دباؤ 18 سے 20 گھنٹوں میں طوفان بن سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کا رخ کراچی کی جانب ہے، اور یہ شہر قائد سے 240 کلو میٹر دور ہے، یہ دباؤ کراچی کے قریب سے گزرتا ہوا بلوچستان کی جانب جائے گا۔

    کراچی: تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گر گیا

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ لو پریشر کے قریب آتے ہی کراچی میں تیز آندھی چلے گی، اور رات کے وقت تیز بارش ہوگی، اس لیے احتیاطاً شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    واضح رہے کہ آج کراچی کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش برسی تھی، جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث مختلف مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کے واقعات رونما ہوئے، گلستا ن جوہر میں تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گرا، رکشے میں کئی افراد سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔

  • کراچی: تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گر گیا

    کراچی: تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گر گیا

    کراچی: شہر قائد میں بارش سے قبل تیز ہوائیں شروع ہوتے ہی حادثات رونما ہونے لگے، راشد منہاس روڈ پر تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے 2 کھمبےگر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستا ن جوہر میں تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گیا، رکشے میں کئی افراد سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا دوسرا پول بھی کس بھی وقت گر سکتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ کھمبے شاپنگ مال کی پارکنگ سے سڑک پر گرے، جن میں سے ایک سڑک پر موجود رکشے پر گرا، جس کے باعث رکشے کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں سوار افراد محفوظ رہے۔

    بجلی کے کھمبے سڑک پر گرنے کے باعث ٹریفک کی روانی میں شدید خلل آگیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو سڑک کی دوسری طرف سے چلایا جا رہا ہے۔

    ادھر کراچی کے ایک اور علاقے فیڈل بی ایریا بلاک 15 میں ایک درخت تاروں کے اوپر گر گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو شکایت کی جا چکی ہے، تاہم ابھی تک ٹیم نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ کراچی کے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری میں طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، حفاظتی بچاؤ کرتے ہوئے ماہی گیروں نے کشتیاں لنگر انداز کر دی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش بھی شروع ہو گئی ہے، جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں سائٹ ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے اور سرجانی شامل ہیں۔

  • کراچی: ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن اور سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، موسمیات کا نیا الرٹ جاری

    کراچی: ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن اور سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، موسمیات کا نیا الرٹ جاری

    کراچی: محکمہ موسمیات نے نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن اور سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ممکنہ سمندری طوفان سے متعلق نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ہوا کا کم دباؤ بھارتی شہر گجرات کے جنوب میں موجود ہے، اور یہ کل تک بحیرۂ عرب پہنچ جائے گا۔

    موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرۂ عرب پہنچنے پر امکان ہے کہ ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے، سازگار ماحولیاتی صورت حال کی وجہ سے امکان ہے کہ یہ ڈپریشن شدت اختیار کرتے ہوئے سمندری طوفان میں تبدیل ہو جائے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے نتیجے میں 30 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور دیگر اضلاع میں شدید اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جب کہ کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور دادو میں اربن فلڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔

    بارش برسانے والا طاقتور سسٹم داخل ، کراچی ڈوبنے کا خدشہ

    موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سمندری طغیانی کے باعث ماہی گیر 30 ستمبر سے 3 اکتوبر تک کھلے سمندر میں جانے سے اجتناب برتیں، اور تمام متعلقہ ادارے اس حوالے سے ہائی الرٹ رہیں۔

    پی ڈی ایم اے الرٹ

    ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بھی بارشوں کی تباہ کاریوں سے بچنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے مراسلے میں کہا ہے کہ متعلقہ ادارے اپنے وسائل تیار رکھیں اور سڑکوں پر مشینری اور عملے کے ساتھ موجود رہیں، جن علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، وہاں پیشگی انتظامات کیے جائیں، اور انسانی جان اور املاک کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

  • کراچی میں شدید بارشیں، خطرے کی گھنٹی بج گئی

    کراچی میں شدید بارشیں، خطرے کی گھنٹی بج گئی

    کراچی: محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج سے 2 اکتوبر تک کراچی میں بارشیں ہوں گی جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش پچھلے سسٹم کی باقیات تھی، آنے والا سسٹم آج سے بارش برسا سکتا ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آج سے 2 اکتوبر تک بارشوں سے کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گلاب نامی طوفان بھارت کو ہٹ کر چکا ہے، لوئر سندھ اور بلوچستان میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔ گلاب کے اثرات سندھ کی ساحلی پٹی پر ہوں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے صدر میں مائیکرو کلاؤڈ برسٹ ہوا تھا جس کے نتیجے میں شدید بارشیں ہوئیں اور حد نگاہ کچھ دیر کے لیے صفر ریکارڈ کی گئی تھی۔

    صدر سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی۔

  • خلیج بنگال میں بننے والے گلاب نامی طوفان سے کراچی پر کیا اثر پڑے گا؟

    خلیج بنگال میں بننے والے گلاب نامی طوفان سے کراچی پر کیا اثر پڑے گا؟

    کراچی: خلیجِ بنگال میں بننے والے طوفان ’گلاب‘ سے کراچی میں بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث آج شام تک سائیکلون ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

    محکمۂ موسمیات نے خلیجِ بنگال میں بننے والے ٹراپیکل سائیکلون کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو اس طوفان سے خطرہ نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وسطی خلیجِ بنگال میں ہوا کا شدید کم دباؤ ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو رہا ہے، یہ ڈیپ ڈپریشن کراچی سے 2 ہزار 425 کلو میٹر فاصلے پر ہے، اس لیے سمندری طوفان سے کراچی کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔

    ترجمان کے مطابق آج شام تک سائیکلونک طوفان بن سکتا ہے، سائیکلون کا رخ مغرب میں بھارت کی جانب ہے، کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی ہے۔

    موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی سمیت جنوبی پاکستان میں بارشوں کا امکان ہے، اس سائیکلون کا نام گلاب رکھا گیا ہے، اور یہ نام پاکستان کا تجویز کردہ ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ عام طور پر ستمبر میں بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال میں سائیکلون نہیں بنتے، اور سائیکلون اکتوبر اور نومبر میں بنتے ہیں۔

  • کراچی میں بارش کے ایک اور سسٹم کا الرٹ جاری

    کراچی میں بارش کے ایک اور سسٹم کا الرٹ جاری

    کراچی: شہر قائد میں بارش کے ایک اور سسٹم کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ کراچی میں 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس دوران تیز اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے، اور طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

    صوبے کے محکمہ موسمیات نے میرپورخاص، بدین، تھر پارکر، ٹھٹھہ، شہید بے نظیر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، اور مٹھی کے علاوہ حیدر آباد میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ قلات، خضدار اور لسبیلہ میں 28 ستمبر سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے موجودہ سسٹم کے تحت مزید بارشیں بھی ہوں گی، موسلادھار بارش کے باعث کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

    اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

  • بھارت میں شدید بارشوں سے ہولناک تباہی

    بھارت میں شدید بارشوں سے ہولناک تباہی

    نئی دہلی: بھارت میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی ریاستوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، مکانات اور گاڑیاں ڈوب چکے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ بھی ہورہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسہ جاری ہے جس سے گجرات کے میدانوں سے لے کر ہما چل پردیش اور اترا کھنڈ کے پہاڑوں تک ہولناک تباہی ہوئی ہے۔

    ریاست گجرات میں سڑکوں پر سیلاب کا منظر ہے، گھر اور گاڑیاں سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اتراکھنڈ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں راستے اور شاہراہیں بند ہو چکی ہیں۔

    گجرات میں بارش سے سب سے زیادہ تباہی سوراشٹر کے علاقہ میں ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پورے علاقہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ گجرات کے نئے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے بھی ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    اترا کھنڈ کے بھی بیشتر علاقے شدید بارش سے متاثر ہیں، ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ شدید بارشوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں بھی پریشانی کا سامنا ہے۔

    پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں بھی لینڈ سلائیڈنگ زوروں پر ہے، کنور میں پہاڑ سے نیشنل ہائی وے پر بڑی چٹانیں ٹوٹ کر آگری ہیں۔ اس کے بعد کنور اور اسپیتی کے لئے ٹریفک بند کردیا گیا۔ سڑکوں پر ملبہ آجانے کی وجہ سے متعدد سڑکیں بھی بند ہیں۔

  • لاہور: مختلف علاقوں میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

    لاہور: مختلف علاقوں میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 10 سے 13 ستمبر کے دوران موسلا دھار بارشیں ہوئیں، سب سے زیادہ بارش شاہدرہ میں 368 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شاہدرہ میں سب سے زیادہ 368 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کا سلسلہ 10 ستمبر سے 13 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ لکشمی چوک میں مجموعی طور پر 359 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی، اندرون شہر میں مجموعی طور پر 272 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے تاج پورہ کے علاقے میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں، شہر میں سیلابی صورتحال

    نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں، شہر میں سیلابی صورتحال

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں جس کے بعد شہر میں جل تھل ایک ہوگیا، دہلی میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور مزید بارشوں کا امکان بھی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں، یکم ستمبر سے 11 ستمبر کی دوپہر تک دہلی میں 380 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے گزشتہ 77 سال کا ریکارڈ توڑ گیا۔

    بھارت میں 121 سال پہلے ایسی بارش ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ سنہ 1944 میں بھی تباہ کن بارشیں ہوئی تھیں۔

    شہر میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، دہلی ائیر پورٹ پر طیارے تیرتے ہوئے دیکھے گئے اور ایک جگہ بس پانی میں پھنسنے کی وجہ سے مسافروں کو بڑی مشکل کے بعد ریسکیو کیا جا سکا۔

    بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہلی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، گھروں کے باہر اور سڑکوں پر موجود گاڑیاں بھی پانی میں تیرتی ہوئی دکھائی دیں۔

    ایئرپورٹ پر سیلابی صورتحال کی وجہ کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

  • کراچی میں آج  بارش کی پیشگوئی

    کراچی میں آج بارش کی پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں ہلکی اوردرمیانہ درجہ کی بارش کی پیش گوئی کردی ہے تاہم موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ شام اور رات میں ہلکی اوردرمیانہ درجہ کی بارش کاامکان ہے ،24گھنٹےکے دوران مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر کا زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 34 سے36 ڈگری سینٹی گریڈرہنےکاامکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے جبکہ مغرب سے 9 سے 18 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مون سون کے تیسرے اسپیل میں تیز بارشوں کے امکانات کم ہوگئے ہیں ، جس کے بعد کہیں ہلکی تو کہیں درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں، تاہم تیز بارش کے امکانات واضح نہیں ۔

    ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں شام سے بادل برسنا شروع ہوسکتے ہیں، مون سون سسٹم کا اثر زیادہ تر مشرقی سندھ کے علاقوں پر رہے گا۔