Tag: بارش

  • پختونخواہ میں بارشیں: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشیں: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ رات سے جاری بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کچھ گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ رات سے جاری بارشوں پر رپورٹ جاری کردی۔ بارشوں سے مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لوئر دیر میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 1 زخمی ہوا۔ مانسہرہ میں دیوار گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مانسہرہ اور تورغر میں بھی 1، 1 گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخواہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • کراچی: بارش اور بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد پانی کا بھی بحران

    کراچی: بارش اور بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد پانی کا بھی بحران

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے شہر میں پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تمام 21 واٹر پمپس نے کام چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دھابیجی میں واٹر بورڈ کی تنصیبات پر بجلی کے بریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو 3 روز سے پانی کی فراہمی معطل ہے۔

    واٹر بورڈ کے مطابق پانی فراہم کرنے والے 21 پمپ رک گئے ہیں، شہر کو روز 177 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق کراچی کو پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت درکار ہے، ٹیمیں 72 انچ کی لائن کے مرمتی کام میں مصرف ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دھابیجی میں 21 واٹر پمپ کراچی کو پانی فراہم کرتے ہیں، پمپنگ اسٹیشن پر 10 سے 12 جولائی تک 4 بریک ڈاؤن ہوچکے ہیں۔ بریک ڈاؤن سے کراچی کو پانی دینے والی 72 انچ قطر کی 3 پائپ لائنز پھٹ گئیں۔

  • کراچی میں 15 جولائی سے بارشوں کی نوید

    کراچی میں 15 جولائی سے بارشوں کی نوید

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، 15 جولائی سے مون سون سیزن کی بارشیں متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 20 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    دن میں ہوا 25 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی، 15 جولائی سے مون سون سیزن کی بارشیں متوقع ہیں۔

  • کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان

    کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان

    کراچی: سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ شروع، صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مطلع ابر آلود رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ دن میں درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری رہے گا۔

    دوسری جانب سندھ کے دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا آغاز ہوچکا ہے، شکار پور اور گرد و نواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہورہی ہے، خیر پور میں بھی مٹی کے طوفان کے بعد تیز بارش ہورہی ہے۔

    نوشہرو فیروز میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سکھر میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔

  • دنیا کا وہ ملک جہاں مچھلیوں کی بارش ہوتی ہے

    دنیا کا وہ ملک جہاں مچھلیوں کی بارش ہوتی ہے

    دنیا عجائبات کا گھر ہے، یہاں ایسے ایسے مظاہر رونما ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

    وسطی امریکی ملک ہونڈروس میں سال میں ایک سے دو بار مچھلیوں کی بارش ہوتی ہے۔

    دراصل وہاں سمندروں میں بڑے بڑے طوفان آتے ہیں، واٹر سائیکلون جب سمندر کا پانی بھاپ بنا کر اٹھاتا ہے تو کئی دفعہ شدت کی وجہ سے چھوٹی مچھلیاں بھی اوپر اٹھ جاتی ہیں جو بعد میں بارش کی صورت برستی ہیں۔

    دنیا میں الفریڈ نامی ایک شخص ایسا بھی ہے جو اپنی آنکھ سے باجا بجایا کرتا تھا، دراصل انسانی آنکھ میں موجود ننھا سا ڈکٹ جہاں سے آنسو نکلتے ہیں، بعض اوقات ہوا بھی نکال سکتا ہے، اسی ہوا کے ذریعے مذکورہ شخص باجا بجایا کرتا تھا۔

    اسی طرح ترکی کا ایک شہری آنکھ سے پانی کی پھوار 10 فٹ دور تک پھینک سکتا تھا۔

    ایسے ہی امریکا میں ایک اور شخص ناک سے دودھ پی کر اسے آنکھ سے کئی فٹ دور نکال کر پھینک سکتا تھا۔

  • کچّی مٹی کے مہکنے کا سبب کیا ہے؟ جانیے

    کچّی مٹی کے مہکنے کا سبب کیا ہے؟ جانیے

    محسن بھوپالی کے کئی اشعار کو ضربُ المثل کا درجہ حاصل ہے، وہ اردو کے نام وَر اور نہایت معتبر شاعر ہیں‌ جن کی ایک مشہور غزل کا پیشِ نظر شعر آپ کے ذہن کے کسی گوشے میں‌ بھی محفوظ ہو گا۔

    روک سکو تو پہلی بارش کی بوندوں کو تم روکو
    کچّی مٹی تو مہکے گی، ہے مٹی کی مجبوری

    ممکن ہے کہ آپ نے یہ شعر نہ سنا ہو، لیکن اُس مہک سے ضرور واقف ہوں گے جو خاصے عرصے بعد ہونے والی بارش میں زمین کے وجود سے اٹھتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ سوندھی سوندھی خوش بُو ہر آنگن اور میدان کی کچّی مٹی میں بے تابی سے برکھا رُت کا انتظار کررہی تھی۔ اس مہک کو سائنسی زبان میں Petrichor (پیٹریکور) کہتے ہیں۔

    کئی عطر ساز کمپنیوں نے بھی اس قسم کی خوش بُو تیّار کی ہے جو بازار میں عام دست یاب ہیں۔

    خرد حیاتیات کے ماہرین کے مطابق مٹّی میں کئی جراثیم موجود ہوتے ہیں‌ اور جب کوئی گیلی مٹّی کو سونگھتا ہے تو دراصل اُس مالیکیول کو سونگھ رہا ہوتا ہے جسے سائنس جیوسمن کے نام سے شناخت کرتی ہے جب کہ اس مالیکیول کو جنم دینے والے جرثومے کا نام اسٹریپٹو مائسیز ہے۔

    یہ مالیکیول اُس وقت ہوا میں منتشر ہوجاتا ہے، جب بارش کے قطرے مٹّی سے ٹکراتے ہیں اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب کچّی مٹی مہکنے لگتی ہے۔

  • بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کی بہتری کے لیے کے الیکٹرک کا نیا منصوبہ

    بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کی بہتری کے لیے کے الیکٹرک کا نیا منصوبہ

    کراچی: شہر قائد کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کی جانب سے مون سون بارشوں کے باعث پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو لاحق خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

    منصوبے کے تحت کراچی شہر کے مختلف مقامات میں ایریل بنڈلڈ کیبلنگ کی تنصیب، سب اسٹیشنز کی سطح میں بہتری اور دیگر تکنیکی کام سر انجام دیے جارہے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے منصوبے کے تحت 9 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی تاہم پہلے مرحلے میں سسٹم میں بہتری کے حوالے سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    پروجیکٹ کی شروعات میں کورنگی انڈسٹریل ایریا، ڈیفنس فیز 8، خیابان اقبال اور قاسم کے مختلف مقامات پر کام شروع کردیا گیا ہے جس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

  • خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری: 2 خواتین زخمی، گھروں کو بھی نقصان

    خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری: 2 خواتین زخمی، گھروں کو بھی نقصان

    پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری سے 2 خواتین زخمی ہوئیں، جبکہ 2 گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارش و برفباری سے 2 خواتین زخمی ہوئیں، دونوں خواتین مٹہ کے علاقے بھر مٹہ میں دیوارگرنے سے زخمی ہوئیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری سے 2 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، برفباری سے بند سڑکیں کھولنے کے اقدامات جاری ہیں۔

    دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا کہنا ہے کہ برفباری سے بند شاہراہ کاغان کو آمد و رفت کے لیے بحال کردیا گیا ہے۔

    ڈی سی کے مطابق ناران، شاہراہ کاغان سکی کناری کے مقام پر پھنسے سیاحوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، برف باری سے 6 کوسٹر اور 16 چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور بارشیں جاری ہیں، کوئٹہ، قلات اور دیر میں درجہ حرارت منفی 1 سے بھی نیچے جا چکا ہے۔

  • سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رواں برس ہونے والی بارشوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت رواں سال بارشوں کے نقصانات پر اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس بارشوں میں 17 سو 52 دیہات ڈوب گئے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ بارشوں میں 22 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے، 1.49 ملین ایکڑ فصلیں اور 29 لاکھ گھر تباہ ہوئے، گھر گرنے کے سبب 12 لاکھ 90 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق بارشوں میں 149 افراد جاں بحق اور 103 زخمی ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے سوشل پروٹیکشن کے تحت متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    اجلاس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غریب اور متاثر شدہ لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے متاثرین کا ڈیٹا ایک بار پھر ویریفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ فرد کا شناختی کارڈ دیکھ کر رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔

  • کرونا کے حملے کم ہوئے تو بارشوں کاسامنا کر رہےہیں،وزیراعلیٰ سندھ

    کرونا کے حملے کم ہوئے تو بارشوں کاسامنا کر رہےہیں،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کرونا وائرس کے حملے کم ہوئے تو بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے سندھ میں سیلاب کی تباہ کاری سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا کے حملے کم ہوئے تو بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں،کرونا نے ملک بالخصوص سندھ میں بیروزگاری اور غربت میں اضافہ کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مدد کے منصوبہ بنا رہے تھے کہ بارشوں کی تباہیاں آگئیں، ہم نے کرونا کے لیے بھی اہم اقدامات کیے،شہر بند ہوگئے، میرپورخاص، عمرکوٹ،سانگھڑ اور بدین میں خیمہ بستی قائم کی گئیں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا،بحالی کے لیے سندھ میں اربوں کی ضرورت ہے، کراچی سمیت 20 اضلاع میں بحالی کےکام کی ضرورت ہے،وفاقی حکومت سے 4 لاکھ خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ دینے کی درخواست کی۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں بارشوں کے باعث حادثات میں 137 افراد انتقال کرگئے،صرف کراچی میں 64 لوگ جاں بحق ہوئے،سندھ میں 11 لاکھ ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 15 ہزار233 دیہات شدید متاثر ہوئے،77 ہزار 342 گھرگرگئے،بارشوں کے باعث صوبے میں مویشی بھی بڑی تعداد میں مرگئے، ایسے خاندانوں کی بحالی کے لیے مویشی بھی دینے ہوں گے۔