Tag: بارش

  • محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کر دی

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کر دی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج تیسرے روز بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہےگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال نہیں ہوسکیں،ہوا میں نمی کا تناسب77 فیصد ہے۔شہر قائد میں آج مطلع ابرآلود رہےگا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد بھی ندی نالے ابل پڑے تھے، سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، بلدیہ ٹاؤن سمیت مضافاتی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔

    نارتھ کراچی ناگن فلائی اوور سے پاور ہاؤس چورنگی جانے والی سڑکوں پر بارش کا پانی تا حال جمع ہے، برساتی پانی کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، بارش کے پانی کے سبب متعدد گاڑیاں خراب ہو کر بند ہوگئیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبے بھر میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب جبکہ شہر قائد میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • مون سون کے چھٹے اسپیل میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    مون سون کے چھٹے اسپیل میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    کراچی: مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوسرے روز اب تک کہاں کتنی بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی شہر میں آج سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ گلشن حدید میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 16.5 ملی میٹر، صدر میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی میں 9.6 ملی میٹر، کیماڑی میں 8 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی میں بارش ، پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ ریسکیو کے کاموں میں مصروف

    پی اے ایف فیصل بیس میں 5 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 3 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 2.4 ملی میٹر، مسرور بیس 2 ملی میٹر، یونی ورسٹی روڈ اور جوہر میں 1.4 ملی میٹر، جب کہ ناظم اباد میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد شہر میں حکام کے دعوؤں کے برعکس ایک بار پھر سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی تھی، مختلف علاقوں میں نالے ابل پڑے تھے اور گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا تھا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی تھیں، جس سے کراچی کے شہری ایک بار شدید تکلیف میں آ گئے۔

  • ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل روک دیا گیا

    ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل روک دیا گیا

    ساؤتھمپٹن: انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے رک گیا ہے۔

    انگلینڈ کی ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنا چکی ہے اور کریز پر زیک کرولی اور جاز بٹلر موجود ہیں دونوں کے درمیان 200 سے زائد زنر کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔

    میزبان ٹیم کے کھلاڑی زیک کرولی ڈبل سنچری جبکہ جاز بٹلر اپنی سنچری کے قریب ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

    خیال رہے کہ زیک کرولی کی شان دار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے تھے۔

    واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

  • بارش میں سندھ سالڈ ویسٹ کے دفتر کی چھت گر گئی، واقعے کے وقت میٹنگ جاری تھی

    بارش میں سندھ سالڈ ویسٹ کے دفتر کی چھت گر گئی، واقعے کے وقت میٹنگ جاری تھی

    کراچی: بارش کی تباہ کاریوں سے سرکاری دفاتر بھی محفوظ نہ رہے، کچرا اٹھانے کے لیے ذمے دار ادارہ سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کا دفتر بھی بارش کی نذر ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے باعث سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ ضلع جنوبی کے دفتر کی چھت اور سیلنگ گر پڑی۔

    چھت کا حصہ گرنے سے دفتر میں پڑے لیپ ٹاپ، قیمتی سامان، کرسیوں اور فرنیچر کو نقصان پہنچا ہے، انتظامیہ اس واقعے میں جانی نقصان سے بال بال بچی، چھت گرنے کے وقت دفتر میں میٹنگ جاری تھی۔

    انتظامیہ سندھ سالڈ ویسٹ کا کہنا ہے کہ موسم اچھا تھا اس لیے بورڈ کی میٹنگ کمرے میں کرنے کی بجائے لان میں ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    انتظامیہ کے مطابق اگر میٹنگ لان کی بجائے کمرے میں ہوتی تو جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش سے شہریوں کے لیے رات گزارنا بھی مشکل ہو گیا تھا، گھروں میں بارش کا پانی ہونے کے باعث شہری رات بھر پریشان رہے، بفرزون سیکٹر 15 کے مکینوں نے بے یار و مددگار رات گزاری، شہریوں کا کہنا تھا کہ نکاسئ آب کے لیے انتظامیہ کا کوئی بندہ نہیں آیا۔

    بفرزون میں گھروں کے باہر اور اندر پانی جمع رہا، رات بھر شہری آرام کرنے کی بجائے اپنا سامان اور گھروں سے پانی نکالتے رہے، گھروں میں پانی داخل ہونے کے باعث مکینوں کو مالی نقصان کا بھی سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ وزرا مین شاہراہوں کا دورہ کر کے چلتے بنے تھے، گلیوں میں شہری گھروں سے باہر نکلنے سے قاصر ہو چکے ہیں، اور معمولات زندگی مفلوج ہو گئے۔

  • کراچی بارش: رین ایمرجنسی کا دعویٰ بارش کے پانی میں ڈوب گیا

    کراچی بارش: رین ایمرجنسی کا دعویٰ بارش کے پانی میں ڈوب گیا

    کراچی: شہر قائد میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، بارش میں رین ایمرجنسی کا دعویٰ بھی ڈوب گیا، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پھر کچھ دیر کی بارش کے بعد نارتھ ناظم آباد میں اربن فلڈنگ کی صورت حال دیکھی گئی ہے، شادمان، نیو کراچی، سخی حسن اور کے ڈی اے پانی میں ڈوب گئے، گجر نالہ ایک بار پھر بپھر گیا، شادمان نالہ بھی چوک ہونے کے باعث اوور فلو ہونے پر اطراف کی شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، نکاسی کے لیے کوئی مشینری اور عملہ نہیں پہنچا۔

    سخی حسن قبرستان جانے والا روڈ، شادمان دو نمبر، کے ڈی اے فلیٹس کے اطراف کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کی آمد و رفت منقطع ہو گئی، کئی شہریوں کی گاڑیاں پانی میں خراب ہو گئیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر نوائے وقت کے دفتر سے لے کر گرومندر تک ٹریفک کی روانی میں خلل آ گیا ہے، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ سے ناتھا خان، سہراب گوٹھ سے ایدھی سینٹر جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی میں خلل ہے، ایم ٹی خان روڈ سے جناح برج تک ٹریفک جام ہو گیا، کورنگی میں بروکس چورنگی اور گیٹس چورنگی پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    بارش میں گجر نالہ ایک بار پھر بپھر گیا ہے، نالے میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے اطراف کی گلیوں اور سڑکوں میں نالے کا پانی جمع ہونے لگا ہے۔

    ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث کئی شاہراہوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو چکا ہے، ناظم آباد میں گھروں کے باہر پانی موجود ہے، شہریوں کی گاڑیاں بھی بند ہو گئیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث بچوں نے گندے پانی کو سوئمنگ پول بنا لیا۔

    خیال رہے کہ پی ڈی ایم اے نے دو دن قبل الرٹ جاری کیا تھا، تاہم اس سلسلے میں محکمہ بلدیات اور سندھ حکومت کے دعوے دھرے رہ گئے، مشینری اور عملہ سڑکوں سے غائب ہے، اور بارش ایک بار پھر شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے۔

    اس وقت کراچی کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، ناگن چورنگی ایک بار پھر جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی، فٹ پاتھ اور سڑک ایک لیول پر آ گئے ہیں، پانی جمع ہونے سے ناگن چورنگی نالے کا پانی بھی اوور فلو ہو گیا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لانڈھی، بن قاسم ٹاؤن، ملیر، شاہ لطیف ٹاؤن، دھابیجی ،گلشن حدید ،ایف بی ایریا، سائٹ ایریا، ناظم آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں سمیت بلوچستان میں مون سون کے مضبوط اسپیل کی پیش گوئی کی ہے جو آج سے پیر تک رہے گا۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی

    خیال رہے کہ کراچی میں رواں ماہ کے آغاز میں 6 سے 9 اگست تک کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بڑے پیمانے پر بارشیں ہوئی تھیں جس سے کراچی کے کچھ علاقوں اور حیدرآباد میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی تھی

    صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی تھی اور مون سون کے چوتھے اسپیل میں کراچی میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس کراچی سمیت سندھ میں اوسطاً 20 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے جبکہ گزشتہ برس بھی خلاف توقع زائد بارشیں ہوئی تھیں۔

  • پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں13 افراد جاں بحق

    پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں13 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی،مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف واقعات میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے،حادثے میں زخمی 3 افراد کو سروسز اسپتال اور 4 کو میو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    شیخوپورہ میں مریدکے روڈ پر ملیاں کلاں گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    صوبہ پنجاب کے شہر پھالیہ میں محلہ امیر میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے میں دب کر ماں اور 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔حادثے میں جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 8 سال کے درمیان ہیں۔

    چکوال میں کلر کہار کے علاقے بھال میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چھتیں گرنے کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثات کی رپورٹ طلب کر لی۔

    دوسری جانب بارش کے باعث ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو الرٹ کر دیا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک رہیں، صورت حال کا جائزہ لیں۔

    ڈپٹی کمشنر لاہور نے واسا، ایل ڈبلیو ایم سی عملے کو نشینی علاقوں سے فوری نکاسی کی ہدایت کر دی۔

  • نیلے صاف آسمان پر بجلی کڑکنے کی خوفناک ویڈیو

    نیلے صاف آسمان پر بجلی کڑکنے کی خوفناک ویڈیو

    امریکا میں بغیر کسی طوفان یا برسات کے زوردار آسمانی بجلی گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، صارفین نے اسے خوفزدہ کردینے والی ویڈیو قرار دیا ہے۔

    آسمانی بجلی کڑکنے کی توقع عموماً بارش یا طوفان کے وقت کی جاتی ہے اور بالکل صاف مطلع ہوتے ہوئے بجلی کڑکنا انوکھی بات معلوم ہوتی ہے، تاہم ایسا انوکھا واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا۔

    ایک ڈیش کیم میں ریکارڈ ویڈیو میں نہایت صاف شفاف چمکتا ہوا آسمان دکھائی دے رہا ہے اور طوفان یا بارش کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔ اچانک زوردار آواز کے ساتھ آسمانی بجلی کڑکتی ہے اور قریب موجود پام کے درخت پر گرتی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے اور صارفین نے اسے خوفزدہ کردینے والی ویڈیو قرار دیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق صاف آسمان پر بجلی کڑکنے کا عمل کبھی کبھار ہوتا ہے اور اسے بلیو بولٹ کہا جاتا ہے، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب کچھ دور کسی مقام پر طوفان موجود ہو تو بجلی کا کرنٹ دور دور تک پہنچتا ہے۔

    صاف آسمان پر بجلی چمکنے کی یہ ویڈیو پہلی نہیں ہے، اس سے قبل ایک سیاح والٹ ڈزنی ورلڈ میں ایسی ہی بجلی گرنے کو اپنے کیمرے میں ریکارڈ کر چکا ہے جس کی آواز قریبی علاقوں تک سنی گئی۔

    مزید پڑھیں: طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا جائے تو کیا ہوتا ہے؟

  • سندھ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    سندھ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    کراچی: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کردی، بارشوں کے دوران 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سکھر میں 132 ایکڑ پر کھڑی فصل کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 اگست سے اب تک ہونے والی بارشوں سے سندھ میں نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق کراچی جنوبی اور کورنگی میں 3، 3 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ضلع غربی اور ملیر میں 1، 1 بچہ جاں بحق ہوا، ضلع خیرپور اور نوشہرو فیروز میں بھی 1، 1 ہلاکت ہوئی۔

    پی ڈی ایم کے مطابق جامشورو میں 3، کراچی میں 2، اور شہید بے نظیر آباد میں بارشوں کے دوران 1 شخص زخمی ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملیر اور نوشہرو فیروز میں 1، 1 گھر کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ نوشہرو فیروز میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سکھر میں 132 ایکڑ پر فصل کو نقصان پہنچا۔

    ادھر صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر سوئپنگ کو لگاتار جاری رکھا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کا مستقل دورہ کریں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اضلاع کا بلدیاتی عملہ مزید بارشوں سے قبل نکاسی انتظامات کو یقینی بنائے، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔

  • کشتی نہ ملی تو گدا ہی سہی، بھارتی نوجوانوں کی ویڈیو وائرل

    کشتی نہ ملی تو گدا ہی سہی، بھارتی نوجوانوں کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں شدید بارشوں نے شہر کا حشر نشر کردیا، ایسے حالات میں بھی شہر کے لوگ ہنسی مذاق سے باز نہ آئے اور عجیب و غریب حرکتیں کرتے پائے گئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانی سے بھری ہوئی ایک سڑک پر جہاں لوگ مشکل سے آ جارہے ہیں، وہیں دو نوجوان ایک گدے پر آرام سے لیٹے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ گدا پانی میں تیر رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو 4 ہزار سے زائد لائکس موصول ہوئے۔

    ٹویٹر صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے، کسی نے اسے ممبئی اسٹائل قرار دیا، تو کوئی اسے دیکھ کر فلم ٹائیٹینک کے جیک اور روز کو یاد کرنے لگا۔

    خیال رہے کہ ممبئی میں بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، ممبئی کے جنوبی علاقے کولابا میں 24 گھنٹوں کے دوران 331 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بارش کے باعث ٹرین، بس سروس، دفاتر اور دیگر ضروری سروسز بند کردی گئیں، بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں 5 روز کے دوران مون سون کی 64 فیصد بارش ہوئی۔