Tag: بارش

  • کراچی: موٹر سائیکل سوار بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ کر لاپتا

    کراچی: موٹر سائیکل سوار بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ کر لاپتا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 مخدوم شاہ کالونی میں ایک موٹر سائیکل سوار تیز بارش کے پانی کے بہاؤ میں بہہ کر لا پتا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک موٹر سائیکل سوار نالے میں گر گیا، پانی کے تیز بہاؤ کے باعث موٹر سائیکل سوار لاپتا ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

    اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت شہری کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    ادھر کراچی میں ناگن چورنگی پاور ہاؤس، یو پی موڑ پر نالہ ابل پڑا ہے اور سڑک زیر آب آ گئی ہے، ناگن چورنگی سے پاور ہاؤس تک سڑک زیر آب آنے سے ٹریفک بھی معطل ہو گئی ہے۔ بارش کے بعد سرجانی ٹاؤن بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    سرجانی نالہ اوور فلو ہونے سے سڑکیں اور نالہ ایک لیول پر آ گیا، پانی بھر جانے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، برساتی پانی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جگہ جگہ گاڑیاں بند ہو گئی ہیں۔

    بارش سے سبزی منڈی میں بھی تباہ کاری ہوئی ہے، بارش کے پانی سے سبزی منڈی کی ٹوٹی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، پانی سے سبزی منڈی کچرے اور کیچڑ کا مرکز بن کر تعفن زدہ ہو گئی سے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ سر اٹھا چکا ہے، ہول سیل فروٹ، سبزی منڈی میں لاکھوں روپے کا مال بارش کی نذر ہو چکا ہے، منڈی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچا۔

    دوسری طرف صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی مختلف علاقوں کے دورے پر نکل چکے ہیں، صوبائی وزرا نے بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، ناصر شاہ نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل کمشنرز اور افسران نکاسی آب کے لیے سڑکوں پر رہیں۔

    خیال رہے کہ مون سون کے تیسرے اسپیل میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلستاں جوہر یونی ورسٹی روڈ پر 78.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، سرجانی ٹاؤن میں 68.4 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 57.6 ملی میٹر، صدر میں 51، کیماڑی میں 48.5، نارتھ کراچی میں 47.3 ملی میٹر، فیصل بیس پر 43 ملی میٹر، ناظم آباد میں 27.5 ملی میٹر، کلفٹن میں 21.4، پی اے ایف مسرور 18، جب کہ لانڈھی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • کراچی: بارش میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    کراچی: بارش میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے بارش میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں کاموں کی نگرانی کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں ، ٹریفک پولیس،کے الیکٹرک سے رابطہ رکھیں،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

    افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ بارش کا پانی تیزی سے نکالا جائے ،نشیبی علاقوں میں شہریوں کی مدد پر توجہ دی جائے۔

    دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے بارش کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برساتی پانی کی نکاسی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام انڈر پاسز پر نظر رکھی جائے، سٹی وارڈنز کو مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہری بجلی کے کھمبو ں اور تنصیبات سے دور رہیں۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    واضح رہے کہ کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کا آغاز گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے ذریعے ہوگیا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

  • بارش میں ٹریفک روانی ممکن بنانے والے اہلکاروں کے لیے انعام کا اعلان

    بارش میں ٹریفک روانی ممکن بنانے والے اہلکاروں کے لیے انعام کا اعلان

    کراچی: آئی جی سندھ نے کراچی میں بارش کے دوران ٹریفک روانی ممکن بنانے والے اہلکاروں کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے کراچی میں بارش میں ٹریفک کی روانی کو ممکن بنانے والے اہلکاروں کو 50،50 ہزار نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

    آئی جی سندھ نے سیکشن آفیسر فیروز آباد، میٹھادر کی خدمات کو سراہا، شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران جوانوں کی کارکردگی لائق ستائش ہے۔

    کراچی بارش، فرض شناس ٹریفک پولیس اہلکار نے شہریوں کے دل جیت لیے

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی بارش کے دوران فرض شناس ٹریفک پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی کرتے نظر آئے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔

    کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد صورت حال خوفناک ہوتی جارہی ہے، سڑکیں زیر آب آنے کے بعد بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ کرنٹ لگنے سے پولیس اہلکار سمیت دو شہری جاں بحق ہوگئے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دن بھر رہنے والی شدید حبس اورگرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    کراچی کے علاقےشارع فیصل،صدر،کلفٹن، ڈیفنس،محمود آباد اور اطراف میں ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 29 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، آندھی چلنے سے بعض علاقوں میں درخت گر گئے جبکہ فیڈر ٹرپ کر جانے سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

  • آندھی کے بعد کی صورت حال، عثمان بزدار بغیر پروٹوکول لاہور میں نکل آئے

    آندھی کے بعد کی صورت حال، عثمان بزدار بغیر پروٹوکول لاہور میں نکل آئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، اس دوران انھوں نے بارش اور آندھی سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار لاہور میں آندھی کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے شہر میں بغیر پروٹول کے نکل آئے، انھوں نے پانی کی نکاسی کے انتظامات پر اظہار اطمینان جب کہ بعض مقامات پر پانی کھڑا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے جیل روڈ، گلبرگ، کینال و مال روڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا، اور واسا، انتظامی افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی، عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے دوروں سے حقیقی معنوں میں صورت حال کا علم ہوتا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کے لیے مون سون سیزن میں بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون منظور ہونے سے حقیقی تبدیلی کا خواب پورا ہوگا، وزیراعظم

    خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا ہے، صوبے میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو چکا ہے، لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، راولپنڈی اور پشاور میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

    رات گئے سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، جھنگ، بھکر، منچن آباد اور حویلی لکھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، شیخو پورہ میں بارش ہوئی، فیصل آباد میں طوفانی بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق اور باپ زخمی ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مردان، چارسدہ، بنوں، ڈی آئی خان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    لاہور میں بادلوں نے لیسکو کے فیڈرز کی بھی چھٹی کرا دی، کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، راولپنڈی میں بھی تیز بارش کے بعد بجلی بند ہو گئی۔

  • کراچی میں آج کرنٹ لگنے سے 6 افراد چل بسے

    کراچی میں آج کرنٹ لگنے سے 6 افراد چل بسے

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی مسلم ٹاؤن میں گھر میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا، ناگن چورنگی کے قریب کرنٹ لگنے سے 30 سالہ شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    کارساز روڈ پر بجلی کے تار سے کرنٹ لگنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، ماڈل کالونی کے ایک مکان میں کام کے دوران کرنٹ لگنے ایک شخص چل بسا۔ہجرت کالونی اور کریم آباد میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں حالیہ بارشوں کا اسپیل آج ختم ہوجائے گا کیونکہ کل سے مون سون ہواؤں کا رخ پنجاب کی طرف ہوجائے گا۔

    کراچی میں آج صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، صدر، شاہراہ قائدین، بہادرآباد، شاہ فیصل،گلستان جوہر اور سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

    بارش کے ساتھ کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں تین روز میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • بارش ہوتے ہی مٹی سے سوندھی سوندھی خوشبو کیوں اٹھنے لگتی ہے؟

    بارش ہوتے ہی مٹی سے سوندھی سوندھی خوشبو کیوں اٹھنے لگتی ہے؟

    بارشوں کے موسم میں پہلی بوند پڑتے ہی ماحول مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے جو ہر شخص کو مسحور کردیتا ہے، یہ خوشبو بارش کے آغاز سے قبل بھی آتی ہے جو بارش کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں بارشوں میں مٹی سے یہ خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارش کے موسم میں فضا میں پھیل جانے والی یہ سوندھی خوشبو جسے پیٹریکور کہا جاتا ہے، ایک بیکٹریا کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جسے ایکٹی نوموسیٹس کہا جاتا ہے۔

    یہ بیکٹریا اس وقت مٹی میں نمو پاتا ہے جب اسے نمی اور حرارت ملتی ہے۔ جب زمین کی مٹی خشک ہوتی ہے تب یہ غیر فعال ہوتے ہیں اور اس وقت انہیں اسپورز کہا جاتا ہے۔

    بارشوں کے موسم میں ان کی ہلکی جسامت کی وجہ سے ہوا اور بارش کا پانی انہیں باآسانی فضا میں اچھال دیتا ہے۔ اس کے بعد یہ پوری فضا میں پھیل جاتے ہیں اور نم ہوا کی وجہ سے ان کی میٹھی خوشبو ہمیں بھی محسوس ہوتی ہے۔

    یہ عمل چونکہ بارشوں میں ہی انجام پاتا ہے لہٰذا اس وقت اس خوشبو کو ہم بارش سے منسوب کرتے ہیں۔

    اب یقیناً آپ کو علم ہوگیا ہوگا کہ بارشوں کی یہ مخصوص خوشبو دراصل مٹی سے نہیں اٹھتی بلکہ بیکٹریا کی وجہ سے پھیلتی ہے۔

  • کراچی: بارش کے بعد منہدم 4 منزلہ عمارت نے اپنی جگہ چھوڑ دی تھی

    کراچی: بارش کے بعد منہدم 4 منزلہ عمارت نے اپنی جگہ چھوڑ دی تھی

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات لیاقت آباد کے علاقے میں واقع 4 منزلہ ایک عمارت منہدم ہو گئی، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، معلوم ہوا ہے کہ عمارت نے بارش کے بعد اپنی جگہ چھوڑ دی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب عمارت گر گئی، بارش کے بعد عمارت اپنی جگہ چھوڑ چکی تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    مخدوش ہونے پر عمارت کل صبح ہی خالی کرا لی گئی تھی اور اس کے اطراف کو سیل کر دیا گیا تھا، منہدم ہونے والی عمارت 60 گز پر بنائی گئی تھی، جب کہ اس میں 5 بھائی رہائش پذیر تھے۔

    عمارت زمین بوس ہونے سے اطراف کی 2 عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، متاثرہ افراد نے شکایت کی ہے کہ کوئی ان کی مدد کے لیے نہیں پہنچا ہے، جو جمع پونجی تھی تباہ ہو گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری، مولوی عثمان پارک کے قریب ایک رہائشی عمارت کا چھجہ گر گیا تھا، اس حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے سِول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ چھجہ گرنے سے عمارت میں لوگ پھنس گئے تھے جنھیں بہ حفاظت نکالا گیا، متاثرہ عمارت میں 8 سے زائد خاندان رہائش پذیر ہیں۔

  • کراچی میں بارش کے بعد بھی 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری

    کراچی میں بارش کے بعد بھی 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد بھی 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بارش کے بعد بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں کے ای کی جانب سے 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی بندش پر مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیا گیا۔

    سرجانی ٹاؤن، ملیر، نصرت بھٹو کالونی، گلشن معمار میں بجلی معطل ہے، لانڈھی، گزری، بلدیہ، لیاری، کیماڑی، کھارادر، صدر میں بجلی غائب ہے، ریلوے کالونی، اختر کالونی، کشمیر کالونی، منظور کالونی، گڈاپ میں بھی بجلی نہیں ہے۔

    کلفٹن، ڈیفنس کے کئی علاقوں میں بھی گزشتہ روز سے بجلی بند ہے، ماڑی پور، گلزار ہجری، گلشن اقبال، گلستان جوہر ٹو کے علاقے بجلی سے محروم ہیں، مدراس سوسائٹی اسکیم 33، لیاقت آباد، ایف بی ایریا کے کئی علاقوں میں بجلی بند ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث بزرگ شہریوں، مریضوں اور بچوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔

    قاتل الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کر کے رہیں گے: اراکین اسمبلی

    شہریوں کا ایسی صورت حال میں کہنا ہے کہ بجلی معطل ہونے کی شکایات سننے والا کوئی نہیں لیکن بل وقت پر کیسے آ جاتے ہیں۔ ادھر بیش تر علاقوں میں گزشتہ روز سے ٹوٹے تاروں کی تاحال مرمت نہ ہوئی ہے، گزشتہ روز ابراہیم حیدری میں پولز سمیت گرنے والی پی ایم ٹی بھی نہیں بدلی گئی، جس سے ابراہیم حیدری اور ملحقہ علاقوں میں 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    طوفانی ہوا سے ایک پی ایم ٹی ٹوٹ کر نیچے کھڑی گاڑی پر گر پڑی ہے

    تاہم ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے لیے کام جاری ہے، بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری طرف چیف میٹرلوجست سردار سرفراز نے مزید بارشوں سے متعلق کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مون سون سسٹم شہر کے جنوب مشرق میں موجود ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رین ایمرجنسی سے متعلق محکموں سے گزارش ہے کہ بجلی کی تنصیبات کے گرد کھڑے پانی کی فوری نکاسی کی جائے، ان تمام علاقوں میں جہاں پانی کھڑا ہے، وہاں رہنے والے صارفین سے گزارش ہے کہ وہ انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

  • کراچی: بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

    کراچی: بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

    کراچی:صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مون سون کی پہلی بارش ریکارڈ کی گئی، مختلف حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے.بارش کے بعد شہر کےمختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی ہے۔

    شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد اور اورنگی ٹاؤن میں گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ ابراہیم حیدری میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں دیوار گرنے سے 3 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف بیس فیصل میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ناظم آباد میں 22 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ میں 10 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور میں 12 ملی میٹر، جناح ٹرمینل مییں 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئیمحکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پی اے ایف بیس فیصل میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کلفٹ میں 6 ملی میٹر، لاندھی میں 3.1 ملی میٹر، سرجانی میں 1.2 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 10.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ٕ